Tag: پلازما تھراپی

  • پلازما فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

    پلازما فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

    کراچی: وزارت صحت نے پلازما کی فروخت کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پلازما کے لیے کسی بھی ڈونر کو پیسے دینا حکومتی اور ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے پلازما تھراپی کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ وفاقی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پلازما تھراپی کرونا وائرس انفیکشن کا علاج نہیں ہے اور ابھی صرف تجرباتی مراحل میں ہے۔

    وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پلازما کے لیے کسی بھی ڈونر کو پیسے دینا حکومتی اور ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز کے خلاف ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر پلازمہ اکٹھا کرنے اور بیچنے والوں کے خلاف خود بھی کاروائی کریں گے اور صوبائی ہیلتھ کیئر کمیشنز کو بھی کہیں گے۔

    نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ ہم بھی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پلازما تھراپی تجرباتی طریقہ علاج ہے، ابھی اس کے رزلٹس ملے جلے ہیں۔

    ڈاکٹر طاہر کا کہنا ہے کہ ہمیں اتوار کے روز پلازمہ فراہم کرنے کے لیے 800 کالز آئیں کیونکہ ڈاکٹر اس کو کامیاب طریقہ علاج بتا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلازما کی خرید و فروخت اور غیر قانونی کاروبار کا نوٹس لیا جائے۔

  • پلازما تھراپی نے حیران کن نتائج دینا شروع کر دیے

    پلازما تھراپی نے حیران کن نتائج دینا شروع کر دیے

    حیدرآباد: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کی شروع کردہ پلازما تھراپی نے حیران کن نتائج دینا شروع کر دیے ہیں، حیدر آباد میں ایک اور مریض کو پلازما لگا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے مریض میں کامیاب پلازما تھراپی کے بعد حیدرآباد سول اسپتال میں 64 سالہ ایک خاتون مریضہ کو پلازما لگا دیا گیا۔

    کراچی کے جناح اسپتال میں پلازما تھراپی کے ذریعے کرونا وائرس کا ایک مریض صحت یاب ہو گیا تھا، جس کے بعد سول اسپتال حیدرآباد میں بھی اس کا تجربہ کیا گیا ہے، اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ 6 مئی کو نوشہرو فیروز سے لائی گئی مریضہ کو پلازما لگایا گیا، جس کے بعد مریضہ کی حالت بہتر ہوئی ہے۔

    پلازما تھراپی ، کرونا کے مریضوں کیلئے حوصلہ افزا خبر

    سول اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس میں مبتلا خاتون کی صحت کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، بلڈ پریشر، نبض کی رفتار اور خون میں آکسیجن کی مقدار کی چیکنگ جاری ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل 53 سالہ مریض کی کامیاب پلازمہ تھراپی کی گئی تھی، ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ پلازما تھراپی سے 86 فی صد کامیابی مل گئی ہے۔

    پلازما تھراپی پیسیو ایمونائزیشن کا طریقہ کار ہے، جس میں کرونا کے مریض کو دوسرے لیکن صحت یاب کرونا مریض کے خون سے نکالا گیا پلازمہ لگایا جاتا ہے، کرونا کے مریضوں میں اس کا استعمال چین نے 20 جنوری کو شروع کیا تھا جس کے کامیاب نتائج سامنے آئے تھے۔ اب این آئی بی ڈی نے پاکستان میں بھی اس کا استعمال شروع کر دیا ہے۔