فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف کے پلان سی پر آج سے عملدرآمد شروع ہورہا ہے، جس میں سب سے پہلے فیصل آباد کو بند کیا جائے گا تو انتظامیہ نے بھی احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
کپتان کی جانب سے پلان سی کے اعلان پر پی ٹی آئی کے کارکن آج فیصل آباد بند کرنے کے لیے پرعزم ہیں، جو ایک روز قبل ہی گھنٹہ گھر چوک پہنچ گئے تھے۔ تحریک انصاف کے احتجاج کو ناکام بنانے کی کوششوں میں ن لیگ کے کارکن بھی مصروف ہیں۔
فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے پلان ڈی کے مطابق شہر بھر کو بند کیا جائیگا، شہر کی خاص شاہراہیں بلاک کردی جائیں گی، تجارتی مزاکزاور دیگر اسکول و دفاتر کو بھی بند کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ جس کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
سی پی او سہیل تاجک کے مطابق مختلف مقامات پر چار ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ توڑ پھوڑ یا تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انتظامیہ نے سرکاری اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے سو فیصد حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
گزشتہ روز فیصل آباد میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں میں تصادم سے گھنٹہ گھر چوک میدان جنگ بن گیا، دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ڈنڈوں اورپتھروں کا آزادانہ استعمال کیا اور ایک دوسرے پر انڈے اور ٹماٹر بھی پھینکے۔
ادھر ڈی سی او نے گھنٹہ گھر چوک پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے تو پی ٹی آئی کو پی ایم سی چوک سرگودھا روڈ پر دھرنا سے بھی روک دیا ہے۔ ان تمام اقدامات کے باوجود پی ٹی آئی کے قیادت اور کارکنان شہر بند کرکے احتجاج کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے آج فیصل آباد بند کرنے کے اعلان کے پیش نظر تحریک انصاف کے کارکن قافلوں کی شکل میں روانہ ہو رہے ہیں اور پولیس نے کریک ڈاون شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس رات بھر کارکنوں کے گھروں میں چھاپے مارتی رہی۔ اس صوتحال کے بیش نظر زیادہ تر کارکنوں نے صبح نکلنے کے بجائے رات سے ہی فیصل آباد کے قریبی علاقوں میں پناہ لے لی تھی تا کہ با آسانی فیصل آباد پہنچا جا سکے۔
سنی اتحاد کونسل نےفیصل آباد میں تحریک انصاف کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا، حامد رضا کہتے نواز حکومت نے تاجربرادری سے زبردستی دکانیں کھلوائیں تو پھر حالات کی ذمے دار بھی وہی ہوگی۔
فیصل آباد کے وکلا، تاجر، صنعتکار اور اساتذہ نے تحریک انصاف کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز، پاور لوم ایسوسی ایشن، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور مختلف تاجر تنظیموں نے عمران خان کے پلان سی کے تحت فیصل آباد بند کرنے کی حمایت کردی ہے۔
تاجر رہنما ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد انتظامیہ نےجنرل بس اسٹینڈ میں قائم تین ٹرانسپورٹرز کے دفاتر اور پٹرول پمپ سیل کر دیئے۔ ٹرانسپورٹرز کے احتجاج پر دفاتر اور پٹرول پمپس کو کھولنا پڑا، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے بھی فیصل آباد کے تمام نجی اسکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔