گورنر سدھ کامران ٹیسوری نے لیاری بغدادی میں 6 منزلہ عمارت گرنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے آج لیاری بغدادی کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر متاثرین نے اپنی حالت زار سے متعلق گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر کامران ٹیسوری نے سانحہ لیاری میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 80 گز کے پلاٹ دینے کا اعلان کرنے کے ساتھ متاثرین کو راشن اور روزگار کے لیے رکشے دلانے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ جن سے گھر خالی کرائے جا رہے ہیں۔ وہ بھی اپنی رجسٹریشن کرائیں۔ جن لوگوں کو بلڈنگوں سے نکالا ہے انکے لیے بات کروں گا، دیکھتا ہوں کیا ہوسکتا ہے۔
کامران ٹیسوری کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے سانحہ لیاری پر کمیٹی بنائی ہے، جو اچھی بات ہے۔ لیکن فوری ریلیف کے لیے سندھ حکومت متاثرین کو 6 ماہ کا کرایہ اور گھر لے کر بھی دے۔
گورنر سندھ نے متاثرین کی دلجوئی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ میرے دروازے آپ لوگوں کے لیے کھلے ہیں، جب چاہیں آ جائیں۔ اس کے علاوہ متاثرین کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے، جس پر مجھ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لیاری بغدادی میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہوئے تھے۔
کراچی، لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن مکمل، 27 لاشیں نکال لی گئیں
اس سانحے کے متاثرین میں جمعہ خان نامی ایک بدنصیب شخص بھی ہے جس نے اپنے پورے خاندان کو کھو دیا ہے۔
https://urdu.arynews.tv/lyari-incident-jumma-khan-loses-entire-family/