Tag: پل ٹوٹ گیا

  • سعودی عرب: ٹرالر کی ٹکر سے پل ٹوٹ گیا

    سعودی عرب: ٹرالر کی ٹکر سے پل ٹوٹ گیا

    سعودی عرب کے شہر طائف میں ٹرالر کے ہائیڈرالک سسٹم میں پیدا ہونے والی فنی خرابی حادثے کا باعث بن گئی۔ ٹرالر کا لوڈنگ کیبن کھل کر پیدل چلنے والوں کے بنے پل سے ٹکرا گیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ٹرالر کا لوڈنگ کیبن لکڑی کے پل سے ٹکرایا جس سے پل کا بڑا حصہ ٹوٹ کر گر گیا، حادثہ جس وقت پیش آیا پل کے اوپر کوئی نہیں تھا۔

    بلدیہ طائف کے مطابق حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا صرف پل اور ٹرالر کا نقصان ہوا ہے جس کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

    ٹریفک پولیس نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی سڑک کوعام ٹریفک کے لیے بند کرکے گاڑیوں کے لیے متبادل راستے کا انتظام کردیا تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں جدہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

    جدہ پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کو ریکارڈ وقت میں گرفتار کرلیا ہے۔ اس حوالے سے سیکیورٹی فورس نے تفصیلات اور ویڈیو اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں۔

    گرفتار ہونے شخص کی شہریت کو جدہ پولیس نے ظاہر نہیں کیا ہے تاہم کہا گیا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرکے اسے تمام شواہد کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے گا۔

    سعودی عرب میں ساڑھے 4 ہزار سال قدیم گاؤں دریافت

    جدہ پولیس کا کہنا ہے کہ ہراساں کرنے، چھیڑ خانی اور اسی طرح کے دیگر کیسز میں گرفتار کیے جانے والوں کے بارے میں تمام تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا جاتا رہے گا۔

  • برازیل میں گاڑیوں کے گزرتے وقت پل اچانک ٹوٹ گیا

    برازیل میں گاڑیوں کے گزرتے وقت پل اچانک ٹوٹ گیا

    امیزوناس: برازیل میں گاڑیوں کے گزرتے وقت ایک اچانک پل منہدم ہو گیا، جس سے 3 ہلاک، جب کہ درجن سے زائد لا پتا ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے ایمیزون میں گاڑیوں کے گزرتے وقت پل گر گیا، کم از کم تین ہلاک اور زیادہ سے زیادہ 15 لاپتا ہو گئے ہیں، پل کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس میں پہلے سے شگاف پڑ گیا تھا۔

    فائر فائٹرز اور مقامی میڈیا نے بتایا کہ شمالی برازیل کی ریاست ایمیزوناس میں ایک پل گرنے کے واقعے کی تصدیق ہو گئی ہے، ایمیزوناس فائر ڈپارٹمنٹ نے بدھ کے روز کہا کہ صوبائی دارالحکومت ماناؤس سے تقریباً 100 کلومیٹر جنوب میں واقع قصبے کیریرو میں ایک کنکریٹ کا پل گر گیا ہے، اور ایک درجن سے زیادہ لوگوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

    حکام کے مطابق جس وقت پُل گرا اس وقت کچھ گاڑیاں پل کو عبور کر رہی تھیں، جس سے 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ پل کا مرکزی حصہ گہرے بھورے پانی میں پڑا ہے جس میں کچھ گاڑیاں، بشمول ایک سفید ٹرک، دریا میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

  • مردان میں زیر تعمیر پل ٹوٹنے کا سخت نوٹس، ناقص مٹیریل کے استعمال کی انکوائری کی جائے گی

    مردان میں زیر تعمیر پل ٹوٹنے کا سخت نوٹس، ناقص مٹیریل کے استعمال کی انکوائری کی جائے گی

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے مردان میں زیر تعمیر پل ٹوٹنے کا سخت نوٹس لے لیا، ناقص مٹیریل کے استعمال کی انکوائری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مردان صوابی روڈ منصوبے پر زیر تعمیر پل ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا، اور پراونشل انسپکشن ٹیم سے معاملے کی تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا۔

    معاملے پر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے چیف سیکریٹری کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انسپیکشن ٹیم 15 دنوں میں انکوائری رپورٹ پیش کرے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا زیر تعمیر پل ٹوٹنے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر کے رپورٹ دی جائے، پل کی تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص مٹیریل کے استعمال کی انکوائری کی جائے، تعمیراتی منصوبوں میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ناقص مٹیریل کا استعمال ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ صوابی مردان روڈ زیر تعمیر پل پر ابھی انسان نے پاؤں بھی نہیں رکھا تھا کہ گر گیا، 42 کلو میٹر طویل صوابی مردان ڈبل روڈ 10 ارب روپے سے بن رہا ہے، پرانا پُل تاحال کھڑا ہے جب کہ نیا پُل زمین بوس ہو گیا۔

    خیال رہے کہ ضلع صوابی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر تعلیم شہرام ترکئی کا آبائی علاقہ ہے، جہاں مردان صوابی روڈ کو دو رویہ کرنے کے لیے پرانے پل کے ساتھ نئے پل کے بیم ڈالے گئے تھے۔

  • شانگلہ: ایک ماہ میں دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں گر گیا

    شانگلہ: ایک ماہ میں دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں گر گیا

    شانگلہ: خیبر پختون خوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع شانگلہ میں ایک ماہ کے دوران دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں جا گرا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شانگلہ کے پی کے میں یونین کونسل رانیال کا واحد رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے، پل ٹوٹنے سے ایک گاڑی بھی دریا میں گر گئی، تاہم اس کے ڈرائیور کو بچا لیا گیا۔

    پل ٹوٹنے سے 50 ہزار آبادی کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا ہے۔ نیوز رپورٹس کے مطابق لکڑی کا پرانا اور بوسیدہ پل گاڑی کا وزن برداشت نہ کر سکا تھا اور ٹوٹ گیا، یہ پل اس سے پہلے بھی ٹوٹ چکا ہے۔

    ادھر 2 مئی کو شانگلہ چکیسر کے یو سی سرکول کے علاقے ولیج کونسل جٹکول کو تورغر سے ملانے والا واحد ذریعہ، دریائے سندھ پر تعمیر پُل رات کو آنے والے طوفان کی وجہ سے ٹوٹ گیا تھا جس سے 10 ہزار کی آبادی رکھنے والا ولیج کونسل جٹکول کا زمینی رابطہ مکمل منقطع ہو گیا تھا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حادثے سے 2 ماہ قبل ایک سروے کے دوران اس پل کو مکمل ناکارہ قرار دے کر نئے سرے سے بنانے کی سفارش کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ ویلج کونسل رانیال کا واحد پُل گزشتہ برس بھی رمضان المبارک کی آمد سے قبل ایک بار پھر بھاری گاڑی کا لوڈ برداشت نہ کرتے ہوئے ٹوٹ گیا تھا۔