Tag: پمز

  • پمز اسپتال کے جدید ترین آپریشن تھیٹرز سے متعلق اہم معلومات

    پمز اسپتال کے جدید ترین آپریشن تھیٹرز سے متعلق اہم معلومات

    اسلام آباد: پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) نے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، پمز ’ماڈیولر آپریشن تھیٹرز‘ کا حامل ملک کا پہلا سرکاری اسپتال بن گیا۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق پمز میں اپنی نوعیت کے جدید ترین آپریشن تھیٹرز کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے، اسپتال میں 7 ماڈیولر آپریشن تھیٹرز تیار کیے گئے ہیں، ماڈیولر او ٹیز منصوبہ سربراہ پمز پروفیسر عمران سکندر کی زیر نگرانی مکمل ہوا۔

    یہ ماڈیولر او ٹیز جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہیں، اس منصوبے پر 1 ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، وزیر اعظم رواں ہفتے پمز ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کا افتتاح کریں گے، انھیں یورپین طرز پر تیار کیا گیا ہے اور یہ آپریشن تھیٹرز جرمنی سے درآمد کیے گئے ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ماڈیولر آپریشن تھیٹر ایک سے دوسری جگہ منتقل کیے جا سکتے ہیں، اس میں سٹیریلائزر یونٹ کی سہولت دستیاب ہے، تین پری آپریٹ رومز اور 6 پوسٹ آپریٹ ریکوری رومز ماڈیولر آپریشن تھیٹر کا حصہ ہیں، بلڈ، ڈرگ اینڈ یوٹیلیٹی اسٹورز بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

    پمز آپریشن تھیٹر پمز آپریشن تھیٹر

    ذرائع کے مطابق میل، فی میل چینجنگ، اسکرب روم، ویٹنگ ایریا بھی ان ماڈیولر او ٹیز کا حصہ ہیں، ماڈیولر آپریشن تھیٹرز جراثیم سے دیرپا حفاظتی اور آٹومیٹک خصوصیات کے حامل ہیں، ان میں آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ اور مانیٹرنگ ممکن ہوگی، اسکرینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔

    پمز

    پمز اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈیولر آپریشن تھیٹر میں بجلی بندش پر بیک اپ بیٹریز استعمال کی جا سکیں گی، یہ الٹرا سونک کلینر، پیکنگ، اور کنٹنگ آلات سے لیس ہیں، ان میں میڈیکل گیسز ٹمپریچر کنٹرول نظام کے ساتھ ساتھ سرجری میں مددگار جدید ترین وائرلیس کیمرے نصب ہیں۔

    312 ایکس زوم کیمرے سے دوران سرجری اندرونی اعضا کی مانیٹرنگ ہوگی، آپریشن تھیٹر سے ملحق کونٹیکٹ سینسر ڈسپنسر قائم کیے گئے ہیں، اور ساتھ ہی آٹومیٹک سرجیکل اسکرب ڈس انفیکشن اسٹیشنز بھی قائم ہیں۔

  • پمز اسپتال کے طبی فضلے کی فروخت، رپورٹ میں اہم انکشاف

    پمز اسپتال کے طبی فضلے کی فروخت، رپورٹ میں اہم انکشاف

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز اسپتال کے طبی فضلے کی فروخت کے انکشاف کے بعد قائم کی جانے والی انکوائری کمیٹی نے رپورٹ تیار کرلی۔

    اس معاملے پر وزیراعظم نے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی تھی جس میں معاملے کے حقائق، ذمہ داریوں کے تعین اور مستقبل میں کچرے کو ٹھکانے لگانے میں خامیوں سے بچنے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔

    پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ وزارت صحت کو ارسال کی جائے گی۔

    پروفیسر ایس ایچ وقار کی سربراہی میں 3رکنی انکوائری کمیٹی نے طبی فضلے کی فروخت کی تحقیقات کیں، کمیٹی کی رپورٹ سفارشات پر مشتمل ہے، رپورٹ پر حتمی کارروائی وزارت صحت کرے گی۔

    پمز اسپتال ذرائع کے مطابق تحقیقات میں کمپنی معاہدے کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی ہے، کمیٹی کی فضلہ ٹھکانے لگانے والی کمپنی کے معاہدے پر نظرثانی کی سفارش کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال میں طبی فضلہ ٹھکانے لگانے کا ٹھیکہ نجی کمپنی کے پاس ہے جو اسپتال کے انسینیریٹرز کو مکمل فعال رکھنے میں ناکام رہی۔

    مزید پڑھیں : پمز اسپتال کے طبی فضلے کی فروخت کا انکشاف

    ذرائع کے مطابق سربراہ پمز نے خفیہ اطلاع پر فضلے کی فروخت کی تحقیقات کرائیں، ٓکمیٹی کی تحقیقات میں طبی فضلے کی فروخت ثابت ہوگئی ہے۔

  • شہباز گل کو مزید زیر علاج رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج ہوگا

    شہباز گل کو مزید زیر علاج رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج ہوگا

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو مزید زیر علاج رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ پمز کے ڈاکٹرز نے شہباز گل کو طبی معائنے کے بعد آج صبح تک کارڈیک سینٹر میں زیر علاج رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ پر ڈاکٹرز کی مشاورت جاری ہے، اس وقت ان کی مجموعی طور پر صحت تسلی بخش ہے، اور انھیں بدستور لو فلو آکسیجن دی جا رہی ہے، شہباز گل کے کچھ ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں، جن میں کرونا رپورٹ بھی شامل ہے۔

    شہبازگل کو سانس لینے میں دشواری، اسپتال منتقل

    میڈیکل بورڈ آج صبح شہباز گل کا دوبارہ معائنہ کرے گا، اور پھر میڈیکل رپورٹ پولیس کے حوالے کی جائے گی، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر شجیع، ڈاکٹر عاطف میڈیکل بورڈ کا حصہ ہیں۔

    شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ آج سیشن عدالت کے ڈیوٹی مجسٹریٹ راجہ فرخ علی خان نے طلب کر رکھی ہے، اڈیالہ جیل سے واپس آنے کے بعد تفتیشی افسر کو ملزم شہباز گل کا جلد میڈیکل کروانے کا حکم دیا گیا تھا، تفتیشی افسر میڈیکل رپورٹ آج صبح عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔

    گزشتہ رات ڈاکٹرز کی تجویز پر شہباز گل کی ای سی جی ٹیسٹ کیا گیا تھا، اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کی ای سی جی مکمل طور پر نارمل نہیں ہے، شہباز گل کو طویل عرصہ سے سانس کا عارضہ لاحق ہے۔

  • نومولود میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی

    نومولود میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی

    اسلام آباد: پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج نومولود میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پمز میں زیر علاج نومولود میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کرونا سے متاثر اس بچے کی پیدائش گزشتہ ہفتے ہوئی تھی۔

    پمز ذرائع کا کہنا ہے کہ بچے کی پیدائش سے پہلے ماں کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا، نومولود کو کرونا وائرس ماں سے منتقل ہوا۔ اس وقت بچہ چلڈرن اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے، اور اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وبا نے تیسری لہر کے دوران تشویش ناک صورت اختیار کر لی ہے، اور 10 سال تک کے 5497 بچے کرونا مثبت ہو چکے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 11 تا 20 سال عمر کے 5 ہزار 186، 21 تا 30 سال عمر کے 11 ہزار 148 افراد میں کرونا کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    دنیا کی پہلی بچی کی پیدائش جس پر کرونا بے اثر ہے

    وفاقی دارلحکومت میں 31 تا 45 سال کے 15 ہزار 993 افراد، 46 تا 60 سال کے 10 ہزار 796 افراد، 61 تا 80 سال کے 5 ہزار 738 اور 81 سال سے زائد عمر کے 525 افراد کرونا پازیٹو ہوئے ہیں۔

    اسلام آباد میں مثبت کرونا کیسز کی شرح ریکارڈ سطح 15.9 فی صد پر پہنچ چکی ہے۔

  • پمز اسپتال کے 2 ڈاکٹرز میں کرونا وائرس کی تصدیق

    پمز اسپتال کے 2 ڈاکٹرز میں کرونا وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: طبی عملے پر بھی کرونا وائرس کے وار جاری ہیں، پمز اسپتال کے 2 ڈاکٹرز میں بھی کو وِڈ نائنٹین کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد کے دو ڈاکٹرز میں بھی کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں، پمز ذرایع کا کہنا ہے کہ کرونا کی تصدیق پر متاثرہ ڈاکٹرز کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔

    دو ڈاکٹرز میں کرونا کی تصدیق پر پمز اسپتال اسلام آباد کے دیگر ڈاکٹرز کے ٹیسٹ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں بھی ایک ٹرینی میڈیکل آفیسر میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، پی ڈی اے کے مطابق ڈاکٹر واجد علی کو حیات آباد اسپتال میں آئسولیٹ کیا گیا، ڈاکٹر واجد کا کہنا تھا کہ وہ صحت یابی کے بعد پھر فرنٹ لائن پر لڑیں گے۔

    جاں بحق ہیلتھ ورکرز کو شہید کے برابر امدادی پیکیج دینے کا اعلان

    گزشتہ روز ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس کے ایک اور ڈاکٹر میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، ادارے کے میڈیکل ڈائریکٹر احسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایوب میڈیکل کمپلیکس میں کرونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

    کراچی اور راولپنڈی میں میڈیکل آفیسرز کرونا وائرس سے متاثر

    ادھر کوئٹہ میں ایم ایس فاطمہ جناح اسپتال سمیت 29 ڈاکٹر کرونا کا شکار ہو چکے ہیں، گزشتہ روز ینگ ڈاکٹرز نے متاثرہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر ورکرز کی فہرست جاری کی تھی، جس کے مطابق 5 ہیلتھ کیئر ورکرز بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، جب کہ سینئر فارماسسٹس سِول اسپتال کرونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ خیال رہے کہ ملک میں کرونا سے تاحال 3 ہیلتھ پروفیشنلز جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 25 اپریل کو 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 26 ڈاکٹروں اور 5 نرسوں میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی تھی۔

  • آصف زرداری کا پمز کارڈیک سینٹر کے وی آئی پی روم میں علاج جاری

    آصف زرداری کا پمز کارڈیک سینٹر کے وی آئی پی روم میں علاج جاری

    اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری کا پمز کارڈیک سینٹر کے وی آئی پی روم میں علاج جاری ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے خون اور پیشاب کے تمام ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹرز کی تجویز پر آصف علی زرداری کو علاج کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے خون اور پیشاب کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

    سابق صدر کے بلڈ اور یورین ٹیسٹس کی رپورٹس رات تک موصول ہوں گی، ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آصف زرداری کی گردن اور کمر کا ایم آر آئی کیا گیا ہے، سینے کا ایکسرے بھی کیا گیا۔

    اسپتال ذرایع نے بتایا کہ آصف زرداری کو گردن اور کمر کے مہروں میں شدید تکلیف ہے، سابق صدر کو ہاتھ، پیر سن ہونے کی شکایت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

    میڈیکل بورڈ نے کل سے سابق صدر کی فزیوتھراپی شروع کرانے کا فیصلہ کیا ہے، آصف زرداری کو اس دوران ٹی وی، صوفہ، اے سی، اسٹڈی ٹیبل کی سہولیات بھی دی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، شیری رحمان نے کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے لیکن انھیں اسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا ہے۔

    دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد بغیر کسی جرم جیل میں قید ہیں، ڈاکٹرز نے ان کو اسپتال منتقل کرنے کی ایڈوائس دی ہے لیکن حکومت ڈاکٹرز کی اسپتال منتقل کرنے کی ہدایات کو نہیں مان رہی۔

  • وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا بھیس بدل کر پمز اسپتال کا دورہ

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا بھیس بدل کر پمز اسپتال کا دورہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھیس بدل کر پمز اسپتال کا دورہ کیا، ان کا کہنا ہے کہ مریضوں کی باتیں سن کر انہیں دلی تکلیف ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز اسپتال کا دورہ کیا۔ معاون خصوصی نے بھیس بدل کر اسپتال کا دورہ کیا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پمز اسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا ہے، کافی شعبوں میں مریضوں سے علاج کی معلومات لی ہیں۔ مریضوں کی باتیں سن کر دلی تکلیف ہوئی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ پمز اسپتال میں بہتری کے لیے کافی کام کرنے کی ضرورت ہے، انتظامیہ و ڈاکٹرز دستیاب وسائل میں ہر ممکن خیال رکھ رہے ہیں۔ پمز اسپتال کی او پی ڈی سروسز کی توسیع سمیت عملے کی کمی دور کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال کی ایمرجنسی کے حالات متاثر کن نہیں ہیں، آنے والے کچھ ماہ میں پمز میں بہتری کی امید ہے۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا نے اپریل میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

    ترجمان وزارت قومی صحت کے مطابق ڈاکٹر ظفر اللہ کی تعیناتی صحت کے شعبے میں حکومت کے وژن اور اہداف کے حصول کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ عالمی صحت کے حلقوں نے بھی ان کی تعیناتی خوش آئند قرار دی تھی۔