دھابیجی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کو پانی کی اشد ضرورت ہے، نئے پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی (ملین گیلن روزانہ) پانی کراچی کو مہیا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، سندھ میں حکومت عملی طور پر کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کراچی کو پانی کی اشد ضرورت ہے، اس پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی پانی کراچی کو مہیا ہوگا۔ کراچی میں فلائی اوور اور انڈر پاسز کی کامیابی کے بعد پمپنگ اسٹیشن مکمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 1.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے، پمپ ہاؤس میں 4 نئے پمپس نصب کیے گئے ہیں۔ ہر پمپ کی گنجائش 25 ایم جی ڈی ہے۔ اس طرح شہر کو 100 ایم جی ڈی پانی زیادہ ملے گا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سنہ 1959 میں تعمیر پرانے پمپنگ اسٹیشن ابھی تک کام کر رہے تھے، پرانے پمپنگ اسٹیشنز کی گنجائش میں کافی حد تک کمی آچکی تھی۔ حب کینال کی امپرومنٹ سے 30 فیصد پانی کے لائن لاسز ختم ہوجائیں گے۔ منصوبہ کراچی کے ضلع وسطی میں پانی کی کمی پورا کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کے 4 منصوبہ آپ سب کو معلوم ہے کوشش ہے وہ بھی ختم کریں، کوشش ہے کہ کے 4 اور حب کا منصوبہ جلدی مکمل کرلیا جائے۔ منصوبے کے لیے مشینری جرمنی سے منگوائی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کی مد میں 6 ارب روپے واٹر بورڈ کو اضافی دیے، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان و دیگر شہروں کی سڑکیں تیار ہیں، افتتاح ابھی نہیں ہوا۔ کچھ لوگوں کو افتتاح کرنے کا بہت شوق ہے میں انہیں دعوت دیتا ہوں۔ ایسے افتتاح بھی دیکھے ہیں جہاں تختیاں بھی گر جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری کوشش کریں گے سندھ کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں، سندھ کے عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی سے ہیں۔