Tag: پناہ گاہ

  • وزیر اعظم نے پناہ گاہوں کی نئے طرز پر تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعظم نے پناہ گاہوں کی نئے طرز پر تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کی نئے طرز پر تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پناہ گاہ کے مکین معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے والے شہری بن سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کی نئے طرز پر تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سافٹ لانچنگ کی تقریب وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی۔ وزیر اعظم نے نئی تعمیر ہونے والی پناہ گاہوں کے ماڈل کی رونمائی بھی کر دی۔

    وزیر اعظم نے پناہ گاہوں میں معیاری خوراک اور خدمات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور متعلقہ محکموں کو پناہ گاہوں پر احساس خدمات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    انہوں نے پناہ گاہوں میں ہنر مندی کی تربیت فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہ کے مکین معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے والے شہری بن سکیں گے۔

    نئے ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر اور سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا، پناہ گاہوں کے ذریعے مزدوروں کو موسمی سختیوں سے بچایا جائے گا۔

    پناہ گاہوں کی نئی تعمیرات میں ون ونڈو احساس مراکز بھی قائم ہوں گے۔ مزدوروں اور پسماندہ طبقے کو سماجی بہبود کے پروگراموں سے استفادے کے قابل بنایا جائے گا۔

  • پناہ گاہوں کے انفراسٹرکچر اور سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا: ثانیہ نشتر

    پناہ گاہوں کے انفراسٹرکچر اور سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا: ثانیہ نشتر

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آج پناہ گاہوں کی از سر نو تعمیر کے نئے منصوبے کا افتتاح کریں گے، نئے ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر اور سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے انسداد غربت ثانیہ نشتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آج پناہ گاہوں کی از سر نو تعمیر کے نئے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

    ثانیہ نشٹر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ریاست مدینہ کے تصور کے عین مطابق پناہ گاہوں میں دیہاڑی دار افراد کو موسم کی سختیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مفت قیام و طعام کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان سہولیات میں اب مزید بہتری لائی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں 4 ماڈل پناہ گاہیں تعمیر ہوں گی۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ نئے ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر اور سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا، پناہ گاہوں کی نئی تعمیرات میں ون ونڈو احساس مراکز بھی قائم ہوں گے۔

  • حکومت کا اہم قدم، وزیر اعظم کی ہدایت پر پہلی پروٹو ٹائپ پناہ گاہ مکمل

    حکومت کا اہم قدم، وزیر اعظم کی ہدایت پر پہلی پروٹو ٹائپ پناہ گاہ مکمل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پہلا پروٹو ٹائپ شیلٹر مکمل ہو گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آج ترلائی میں ڈماڈل پناہ گاہ کا دورہ کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر پہلی پروٹو ٹائپ پناہ گاہ قائم کر لی گئی، یہ پناہ گاہ ترلائی اسلام آباد کے علاقے ڈماڈل میں واقع ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج ترلائی اسلام آباد میں ڈماڈل پناہ گاہ کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم کو پناہ گاہ کے انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ترلائی میں پہلا پروٹو ٹائپ شیلٹر ہوم ایک ماہ سے بھی کم وقت میں تیار کیا گیا ہے۔

    رواں ماہ 3 ستمبر کو معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے ترلائی اسلام آباد میں واقع پناہ گاہ کا دورہ کیا تھا، انھوں نے پناہ گاہ میں تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ لیا، ان کا کہنا تھا یہ سارا کام احساس کی چھتری تلے پاکستان بیت المال کی زیر نگرانی کیا گیا ہے تاکہ مزدوروں کو با وقار انداز میں بہترین کھانا اور رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    وزیراعظم کی اسلام آباد کی پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہیں بنانے کی ہدایت

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم نے اسلام آباد کی پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہیں بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماڈل پناہ گاہوں کا دائرہ کار دوسرے صوبوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی بے گھر افراد اور مزدوروں کو پناہ گاہوں میں معیاری سہولیات فراہم کی جائیں، پناہ گاہوں میں عملے کی تربیت اور سہولیات کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے۔

  • وزیر اعظم کا احساس پروگرام موجودہ حکومت کا سب سے بڑا پروگرام بن گیا

    وزیر اعظم کا احساس پروگرام موجودہ حکومت کا سب سے بڑا پروگرام بن گیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم کا احساس پروگرام موجودہ حکومت کا سب سے بڑا پروگرام بن گیا، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ پناہ گاہوں سے لاکھوں لوگ مستفید ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے احساس کی وجہ سے آج تقریباً 200 پناہ گاہیں ہیں، کتنے حکمران آئے اپنے لیے عالیشان 5، 5 کیمپ آفسز بنائے، سڑک پر پڑے شہریوں کی طرف کسی نے توجہ نہیں دی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بے گھر افراد کو ریاست کا مہمان بنایا، ہر بڑے شہر میں موجود پناہ گاہوں سے محنت کش مستفید ہو رہے ہیں۔ علاج اور نوکری کے لیے آئے شہری بھی مستفید ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی پناہ گاہوں میں اب تک 11 لاکھ 72 ہزار 654 شہریوں کو سہولت ملی، پختونخواہ میں پناہ گاہوں سے 3 لاکھ 51 ہزار 518 شہری مستفید ہوئے۔ پنجاب کی پناہ گاہوں سے 12 لاکھ 10 ہزار 734 لوگوں کو سہولت ملی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ ریاست نے محنت کشوں کو مہمان بنایا، محنت کشوں کو عزت سے کھانا بھی دیا جاتا ہے۔ رحم، انصاف اور احساس، فلاحی ریاست کی بنیاد اور عمران خان کا عزم ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمران اور موجودہ وزیر اعظم میں یہی فرق ہے، ماضی کے حکمران اپنے لیے محلات بناتے رہے، عمران خان کمزور طبقے کو اوپر اٹھا رہے ہیں۔

  • صوبہ پنجاب کے ایک اور شہر میں پناہ گاہ قائم

    صوبہ پنجاب کے ایک اور شہر میں پناہ گاہ قائم

    ننکانہ صاحب: صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں پناہ گاہ کا افتتاح کردیا گیا، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ مریضوں اور لواحقین کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا، 2 منزلہ شیلٹر ہوم میں 100 افراد کے رہنے کی گنجائش ہے۔

    اس موقع پر اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں پناہ گاہ صدقہ جاریہ ہے، مریضوں اور لواحقین کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کو ماڈل ضلع بنائیں گے، بھرپور صفائی مہم چلائی جائے گی۔ غلہ اورسبزی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ اور محرم الحرام میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، محرم الحرام میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔

    کچھ عرصے قبل وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پناہ گاہوں سے مستفید افراد کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمٰن کو ٹاسک سونپا تھا۔

    فوکل پرسن نسیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ڈیٹ ابیس سے پتہ چل سکے گا کہ کن اضلاع میں غربت کی شرح زیادہ ہے، پہلی بار ریاست غریب طبقے کی ذمہ داری لے رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آئندہ سال مزید 1 ہزار پناہ گاہیں بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے، پاکستان کو انصاف پسند اور فلاحی ریاست بنانا وزیر اعظم کا وژن ہے۔

  • سخت سردی میں سڑکوں پر سونے والوں کو ریاست نے گلے لگایا ہے: مراد سعید

    سخت سردی میں سڑکوں پر سونے والوں کو ریاست نے گلے لگایا ہے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ بیماروں کی ذمہ داری ریاست پاکستان نے اٹھائی ہے، سخت سردی میں سڑکوں پر سونے والوں کو ریاست نے گلے لگایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معاشی لحاظ سے 2019 مشکل سال تھا، پختونخواہ میں صحت انصاف کارڈ کا آغاز 2015 میں ہوا تھا، صحت کارڈ سے 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک مفت علاج کروایا جا سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں 543 خاندانوں کو صحت کارڈ مارچ تک مل جائے گا، قومی شناختی کارڈ کا حامل شخص صحت کارڈ سے علاج کروا سکتا ہے، کوئی بیمار ہوگا تو اس کی ذمہ داری ریاست پاکستان نے اٹھائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں تک صحت کی سہولتیں پہنچانا حکومت کا فرض ہے، حکومت نے پورے پاکستان کے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے سبسڈی دی ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے 6 ارب کی سبسڈی دی گئی ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ 15 لاکھ سے زائد لوگ اس وقت شیلٹر ہاؤس سے مستفید ہو چکے ہیں، سخت سردی میں ریاست نے سڑکوں پر سونے والوں کو گلے لگایا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت مواصلات کی بڑی کامیابی سامنے آئی تھی، وزارت مواصلات کے ریونیو میں 24 ارب 42 کروڑ کا اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق بڑے منصوبوں میں خرد برد کے 11 ارب 90 کروڑ روپے وزارت کو وصول ہوگئے۔

    وزارت میں سادگی مہم کے ذریعے 23 کروڑ 78 لاکھ روپے کی بچت بھی کی گئی۔ ادارے نے قومی خزانے پر انحصار کے بجائے اپنے بزنس پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جبکہ پاکستان کے سب سے بڑے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبے کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب میں بے سہارا افراد کے لیے عارضی پناہ گاہیں قائم

    وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب میں بے سہارا افراد کے لیے عارضی پناہ گاہیں قائم

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر بے سہارا افراد کے لیے پنجاب کے 36 اضلاع میں 92 عارضی پناہ گاہیں قائم کردی گئیں جن میں 15 سو سے زائد بے گھر افراد کو منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر بے سہارا افراد کے لیے اقدامات کرتے ہوئے پنجاب کے 36 اضلاع میں 92 عارضی پناہ گاہیں قائم کردی گئیں۔

    92 عارضی پناہ گاہوں میں 17 سو افراد کو منتقل کیا جا چکا ہے جنہیں کھانے پینے کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ بہاولپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں 8 پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں جن میں 241 افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔

    ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے 4 اضلاع میں 5 پناہ گاہیں قائم کی ہیں، ان پناہ گاہوں میں 60 افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔ فیصل آباد ڈویژن کے 4 اضلاع میں قائم کی جانے والی 16 پناہ گاہوں میں 563 افراد اور گوجرانوالہ ڈویژن کے 6 اضلاع میں قائم کی جانے والی 10 پناہ گاہوں میں 108 افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔

    اسی طرح لاہور ڈویژن کے 4 اضلاع میں 11 پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں جن میں 157 افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔ ملتان ڈویژن کے 4 اضلاع کی 8 پناہ گاہوں میں 280 اور راولپنڈی ڈویژن کے 4 اضلاع کی 5 پناہ گاہوں میں 127 افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔

    ساہیوال ڈویژن کے 3 اضلاع میں 5 پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں جن میں 64 افراد کو رکھا گیا ہے جبکہ سرگودھا ڈویژن کے 4 اضلاع میں 24 پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں جن میں 100 افراد کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز ہدایت کی تھی کہ شدید سردی میں کوئی بھی شخص بغیر شیلٹر کے نہ رہے۔ پنجاب اور پختونخواہ کے وزرائے اعلیٰ اس بات کو یقینی بنائیں۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ جو افراد پناہ گاہوں میں نہیں انتظامیہ ان کو کھانا اور عارضی پناہ گاہیں فراہم کرے۔

  • چھت اور کھانا فراہم کر کے ریاست اپنی ذمے داری پوری کر رہی ہے، عثمان بزدار

    چھت اور کھانا فراہم کر کے ریاست اپنی ذمے داری پوری کر رہی ہے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ چھت اور کھانا فراہم کرکے ریاست اپنی ذمے داری پوری کر رہی ہے، پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کی نگرانی خود کر رہا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تونسہ میں پناہ گاہ کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ یہ نیکی کا کام ہے،اس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پناہ گاہ کا منصوبہ بے گھر افراد کے لیے نعمت کے مترادف ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر پناہ گاہ کا دائرہ پورے پنجاب تک بڑھائیں گے، بے گھرافراد کو شدید سردی میں کھلے آسمان تلے نہیں سونا پڑے گا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ چھت اور کھانا فراہم کرکے ریاست اپنی ذمےداری پوری کر رہی ہے، معاشرے کے پسے افراد کے لیے صلہ رحمی کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔

    یاد رہے کہ رواں سال 23 مئی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ریلوے اسٹیشن کے نزدیک مسافروں کے لیے بنائی گئی مستقل پناہ گاہ کا افتتاح کیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت نے کھلے آسمان تلے سونے والے افراد کو چھت دی ہے یہ احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔

  • سخت سردی میں چار دن سے ٹھٹھرتی ماں بیٹی پناگاہ منتقل

    سخت سردی میں چار دن سے ٹھٹھرتی ماں بیٹی پناگاہ منتقل

    اسلام آباد: 4 دن سے سخت سردی میں ٹھٹھرتی لاوارث خاتون اور اس کی بچی کو مدد مل گئی، ضلعی انتظامیہ نے پناہ گاہ منتقل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایک شہری کی درخواست پر حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے لاوارث ماں بیٹی کو پناہ گاہ منتقل کر دیا۔

    خاتون اپنی بیٹی کے ساتھ ایک پارک میں کھلے آسمان تلے کئی دنوں سے بھوکی پیاسی سو رہی تھی۔

    چوہدری ذو القرنین نامی ایک شہری نے ٹویٹر پر خاتون کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بے آسرا ماں اپنی بچی کے ساتھ بے نظیر پارک میں گزشتہ چار دن سے رہ رہی ہے۔

    شہری نے یہ ٹویٹ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی علی اعوان کو ٹیگ کی، بعد ازاں علی اعوان کی ہدایت پر خاتون کو پارک سے پناہ گاہ میں منتقل کر دیا گیا۔

    علی اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے اطلاع دی کہ خاتون اور بچے کو اسلام آباد پناہ گاہ منتقل کر دیا گیا ہے، کوئی بھی معاشرہ انسانیت اور ہم دردی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔

    دریں اثنا خاتون اور اس کی بچی کو  پناہ گاہ میں الگ کمرہ، گرم بستر اور کھانا فراہم کر دیا گیا ہے، ان کی مکمل دیکھ بھال، طبی معائنہ اور رہائش کا بندو بست ہوگا۔

    علی اعوان کا کہنا تھا کہ مذکورہ خاتون کو اس کے شوہر نے طلاق دے دی تھی، اور خاندان نے بھی ذمہ داری اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔

  • جرمن سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچ گئے، حکومتی اقدامات کی تعریف

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچ گئے، حکومتی اقدامات کی تعریف

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچ گئے، حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کے شوقین اور پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کرانے میں پیش پیش رہنے والے جرمن سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچے اور بے گھر افراد کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مارٹن کوبلر نے بے گھر افراد کے ساتھ کھانا کھانے کی تصاویر شیئر کی۔

    مارٹن کوبلر نے کہا کہ اسلام آباد میں پناہ گاہ دیکھنے گیا، یہاں کے اسٹاف کا کام قابل تعریف ہے لیکن ایسے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر دکھ ہوا جو کھانا خرید نہیں سکتے ہیں۔

    جرمن سفیر نے کہا کہ کچھ بے گھر افراد کے ساتھ آلو انڈہ کھایا اور ان کی ہلا دینے والی کہانیاں سنیں، انہوں نے سوال کیا کہ ایک شخص 400 روپے دیہاڑی سے 6 سے 8 لوگوں کے خاندان کی کفالت کرسکتا ہے؟

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں پشاور، لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں بے گھر افراد کے لیے شیلٹر ہومز بنایے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بے گھرافراد کوشیلٹرہوم کی تعمیر تک کھانا اورٹینٹ فراہم کیا جائے‘ وزیراعظم

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ فٹ پاتھ پر سونے والوں کو ٹینٹ اور کھانا فراہم کیا جائے۔

    میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شیلٹرہوم آسمان تلے رات بسر کرنے والے افراد کے لیے بنایا جا رہا ہے، یہ اقدام فلاحی ریاست کی جانب سے پہلا قدم ہے جو اٹھایا گیا۔