اسلام آباد: معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پناہ گاہوں کا مذاق اڑانے والوں کوغریبوں کےدرد کا احساس نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نادان سیاسی دوست پناہ گاہوں کے پروگرام کا مذاق اڑا رہے ہیں، ایسے نادان سیاسی دوستوں کو غریب کے دکھ کا احساس نہیں ہوسکتا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ سونےکے چمچے منہ میں لے کر پیدا ہونے والوں کو غریب کا احساس نہیں، ووٹ کوعزت دو کے نعرے لگانے والے بیرون ملک ہوٹلوں میں نظرآ رہے ہیں، عمران خان ایسےلوگوں کے دیے زخموں پر مرہم رکھنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پناہ گاہیں ریاست مدینہ کی فلاحی سوچ کی عکاس ہیں، پناہ گاہوں کا مذاق اڑانے والوں کو غریبوں کے درد کا احساس نہیں ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ریاست مدینہ کی طرف پیشقدمی جاری رکھیں گے، وزیراعظم عمران خان پاکستان میں مسیحا کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے جاتی امرا میں محل بنا لیےتھے، ایسے ہی لوگوں نے اپنے لیے شریف میڈیکل سٹی بنا لیا تھا، حرکتیں دیکھیں اپنے ہی بنائے اسپتالوں میں علاج نہیں کرایا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وعدہ کیا تھا سول سرونٹ ایکٹ میں بھی جزا سزا کا نظام لائیں گے، سول سرونٹ ایکٹ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں وزیراعظم نے وعدہ پورا کر دیا، عوام کو ریلیف کے راستے میں روڑے اٹکانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔