Tag: پنجاب

  • پنجاب سے کالعدم تنظیم کے 5 اہم دہشت گرد گرفتار

    پنجاب سے کالعدم تنظیم کے 5 اہم دہشت گرد گرفتار

    لاہور : سی ٹی ڈی پنجاب نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے بارودی مواد اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نےدہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر مختلف علاقوں گجرانوالہ اور ڈیرہ غازی خاں میں کارروائی کی، کارروائی خفیہ اطلاعات پر کی گئی۔

    سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 اہم دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں عبدالمقیت ، عابد وحید ، گل زمان ، رمضان اور اکرام شامل ہیں۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضہ سے بارودی مواد ، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان، اسلحہ برآمد ہوا، کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی گرفتاری 33 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران ممکن ہوئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے 420 کومبنگ آپریشن میں 66 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا، دہشت گردی میں ملوث شرپسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

  • لاہور میں 30 سال پرانی انڈہ چنے کی دکان

    لاہور میں 30 سال پرانی انڈہ چنے کی دکان

    لاہور : زندہ دلان لاہور کی صبح غذائیت سے بھرپور ناشتے سے نہ ہو ایسا ہو نہیں سکتا اس کے لیے وہ کوئی سمجھوتہ بھی نہیں کرتے۔

    ان کی اسی خوش خوراکی کی وجہ سے لاہور میں مختلف پکوانوں کی دکانوں کا کاروبار دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرتا ہے، ان میں سے ایک دکان انڈہ چنے فروخت کرنے والے کی بھی ہے۔

    لاہور کے علاقے چاہ میراں میں ایک قدیم دکان پر گزشتہ 30 سال سے مزیدار انڈہ چنے کی ڈش تیار جا رہی ہے جہاں صبح صبح لوگ جوق درجوق ناشتہ کرنے آتے ہیں۔

     لاہور میں انڈہ چنے کی یہ قدیم دکان  لاہوریوں کی پسندیدہ جگہ ہے جس کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ اس دکان میں ملنے والے انڈے چنے کی ڈش گزشتہ 30 سال سے  ذائقہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اسی لیے اس دکان پر لوگ قطاروں میں لگ کر ناشتہ کرتے ہیں۔

    دکان کی بالائی منزل پر چنے پکائے جاتے ہیں جو پکنے کے بعد 12 فٹ لمبے اور 4 انچ چوڑے پائپ کے ذریعے نچلی منزل پر دیگچے میں آتے ہیں اور وہیں سے گاہکوں کو ان میز یا پیک کرکے پیش کیے جاتے ہیں۔

    اہلیان لاہور کا کہنا ہے کہ معیاری مصالحوں کی بدولت اس ڈش کا ذائقہ نہایت منفرد ہے۔ اس حوالے سے دکان مالک کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب دکان شروع کی تب روزانہ 3 کلو چنے فروخت ہوتے تھے، اب یہ مقدار 250 کلو تک جا پہنچی ہے اور اتوار کے روز مزید بڑھ کر 500 کلو ہوجاتی ہے۔

  • ورلڈ بینک کا پنجاب کے لیے 200 ملین ڈالر قرضے کا فیصلہ

    ورلڈ بینک کا پنجاب کے لیے 200 ملین ڈالر قرضے کا فیصلہ

    لاہور: ورلڈ بینک نے پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 200 ملین ڈالر کا آسان قرضہ دینے کا اعلان کیا ہے، پنجاب کے 10 اضلاع میں ایئر اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی بینک پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 200 ملین ڈالر کا آسان قرضہ دے گا۔

    اجلاس میں پنجاب کے 10 اضلاع میں ایئر اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور، شیخو پورہ، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں سسٹم نصب ہوں گے، صوبے میں 30 مقامات پر ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگائے جائیں گے جبکہ 15 مقامات پر واٹر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور میں 25 الیکٹرک بسوں سے ماحول دوست پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ہوگا، ماحولیاتی بہتری کے لیے پلاسٹک کو کنٹرول کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 6 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گرین فنانسنگ اسٹریٹجی تشکیل دی جارہی ہے، ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے آلات کی انسپکشن بھی شامل کی جائے گی۔ گرین انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت 6 انڈسٹریز کو آسان قرضے دیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے عوام میں ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • بہو کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو عدالت نے سزا سنا دی

    بہو کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو عدالت نے سزا سنا دی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بہو کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے شخص کو 10 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں عدالت نے زیادتی کے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنا دی۔

    مجرم میر زمان کے خلاف بہو نے 9 فروری 2020 میں مقدمہ درج کروایا تھا۔

    عدالت نے میر زمان کو 10 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے قائد آباد میں 7 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے 4 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔

    بچی کے والد کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش ایک خالی پلاٹ سے برآمد ہوئی تھی، اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد اس سے زیادتی کی تصدیق ہوئی۔

    قائد آباد پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، سرچ آپریشن کے دوران 4 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

  • ٹریفک حادثات کی روک تھام اور آلودگی میں کمی کے لیے پنجاب میں اہم اقدامات

    ٹریفک حادثات کی روک تھام اور آلودگی میں کمی کے لیے پنجاب میں اہم اقدامات

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے صوبائی ٹاسک فورس برائے روڈ سیفٹی تشکیل دے دی گئی، آلودگی میں کمی کے لیے الیکٹرک گاڑیوں، رکشوں اور بائیکس کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے صوبائی ٹاسک فورس برائے روڈ سیفٹی تشکیل دے دی، ٹاسک فورس کے سربراہ صوبائی وزیر راجہ بشارت ہوں گے۔

    اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی، ٹاسک فورس کی تجاویز کی روشنی میں ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

    بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل رکشے کی جگہ الیکٹرک منی کارٹ متعارف کروانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ صوبے میں آلودگی میں کمی کے لیے ماحول دوست الیکٹرک بائیک کو فروغ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب میں الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ موٹر سائیکل رکشے کو بھی مرحلہ وار گالف کارٹ گاڑی میں تبدیل کردیا جائے گا۔

  • ملتان ایئرپورٹ پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف

    ملتان ایئرپورٹ پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے ایئرپورٹ پر رقم لے کر بھرتیاں کروانے کا انکشاف ہوا ہے، ملزم نے سی اے اے میں مستقل ملازمت کے نام پر دھوکا دہی بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف ہوا ہے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ الیکٹریکل مکینکل شعبے کے انچارج مجاہد پرویز نے ڈیڑھ لاکھ روپے لے کر محمد علی نامی شخص کو عارضی ملازمت دلائی، ملزم مجاہد پرویز اپنے اور دوست کے گھر کا بجلی کا کام مفت بھی کرواتا رہا۔

    ملزم نے سی اے اے میں مستقل ملازمت کے نام پر دھوکا دہی بھی کی۔

    مقدمے میں ملتان ایئرپورٹ کے مینیجر مبارک شاہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر (ہیومن ریسورسز) ایچ آر ہیڈ کوارٹرز خرم عدنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے مقدمہ نمبر 186/2022 درج کر کے تحقیقات شروع کردی۔

  • جدید پبلک ٹرانسپورٹ، مضافات میں زیادہ سہولتیں: لاہور ماسٹر پلان 2050 منظور

    جدید پبلک ٹرانسپورٹ، مضافات میں زیادہ سہولتیں: لاہور ماسٹر پلان 2050 منظور

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کی منظوری دے دی گئی، لاہور میں آبادی کا دباؤ کم کرنے کے لیے مضافات میں رہنے والوں کو شہر کے برابر سہولتیں دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ لاہور کے ماسٹر پلان 2050 کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور ماسٹر پلان 2050 کے تحت بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا، لاہور میں آبادی کا دباؤ کم کرنے کے لیے مضافات میں رہنے والوں کو شہر کے برابر سہولتیں دی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ بفرزون قائم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، مواصلاتی رابطے بہتر بنانے کے لیے انٹر چینج اور فلائی اوور تعمیر کیے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مزید زرعی زمین ایکوائر کرنے کے بجائے ملٹی سٹوری بلڈنگ کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔

  • کس شہر میں آٹا سب سے مہنگا فروخت ہورہا ہے؟

    کس شہر میں آٹا سب سے مہنگا فروخت ہورہا ہے؟

    اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات نے آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

    ادارہ شماریات کے مطابق فیصل آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار 333 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے، پنجاب کے دیگر تمام بڑے شہروں میں آٹے کا تھیلا 1 ہزار 295 روپے تک ہے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار 200 تک میں فروخت ہورہا ہے، خیبر پختونخوا میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 21 سو روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔

    کوئٹہ میں آٹے کا تھیلا 2 ہزار 140، پشاور اور بنوں میں 2 ہزار 100 روپے تک کا دستیاب ہے۔

  • پنجاب میں احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری

    پنجاب میں احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری

    لاہور: احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ نے 100 ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دے دی ہے، 80 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب کابینہ نے 100 ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ پروگرام سے 80 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے اور آٹے، دال، گھی یا پکانے کے تیل پر 40 فیصد تک رعایت ہوگی۔ آج سے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، جو گھرانے اس پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں اس کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے رجسٹریشن کروائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کریانہ دکاندار اس کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے رجسٹریشن کروائیں، جو دکاندار پہلے سے پروگرام میں شامل تھے ان کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔ دکانداروں کو ہر سبسڈی سیل پر 8 فیصد کمیشن اور ہر سہہ ماہی میں قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دیے جائیں گے۔

    ڈاکٹر ثانیہ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں جو گھرانے احساس راشن رعایت سے مستفید ہونا چاہتے ہیں وہ کیو آر کوڈ کے علاوہ 8123 پر گھر کے کسی ایک فرد کا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر یا پنجاب خدمت مراکز سے رجوع کر کے بھی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جو گھرانے پہلے سے پروگرام میں رجسٹر تھے وہ اہل ہوں گے مگر ان کو دوبارہ رجسٹر ہونا ہوگا۔

  • بچے اغوا کرنے کے شبہے میں شہریوں نے 2 خواتین کو پکڑ لیا

    بچے اغوا کرنے کے شبہے میں شہریوں نے 2 خواتین کو پکڑ لیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر نارووال میں شہریوں کے مبینہ اغوا سے لوگ خوفزدہ ہیں، شہریوں نے دو خواتین کو اغوا کار سمجھ کر پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر میں بچوں کے مبینہ اغوا کا خوف پھیلا ہوا ہے، مختلف واقعات میں شہریوں نے 2 خواتین کو پکڑ لیا۔

    شہریوں نے خواتین کو مبینہ طور پر اغوا کار سمجھ لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین اغوا کار نہیں، مانگنے والی ہیں، خواتین کو تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں بچوں کے اغوا کے واقعات پیش آرہے ہیں جس سے لوگ پریشان ہیں۔