Tag: پنجاب اسمبلی

  • وزیراعظم اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پربرہم

    وزیراعظم اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پربرہم

    اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہمارے پاس عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے وسائل نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین اسمبلی، وزراء خصوصاً وزیراعلیٰ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کافیصلہ سخت مایوس کن ہے، پاکستان خوشحال ہوجائےتوشاید یہ قابلِ فہم ہومگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی وسائل دستیاب نہیں،یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا ، جس کے مطابق اراکین اسمبلی کوماہانہ ایک لاکھ 95 ہزارتنخواہ ملےگی۔

    مزید پڑھیں : پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور

    قرارداد کے مطابق اراکین اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 80 ہزارروپےکردی گئی جبکہ ہاؤس رینٹ کی مدمیں 50 ہزارروپےملیں گے اور صوبائی وزرا2 لاکھ75 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لیں گے

    اسپیکرپنجاب اسمبلی ہر ماہ 2 لاکھ 60ہزارروپے ، ڈپٹی اسپیکر2لاکھ45ہزارروپے اور وزیراعلیٰ پنجاب4لاکھ 25 ہزارروپےتنخواہ ماہانہ لیں گے۔

    خیال رہے وزیر اعظم عمران خان کی سیلری سلپ پہلی بارمنظرعام پرآ گئی ہے، جس کے مطابق عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوتے ہوئے وزرا سے بھی کم تنخواہ وصول کرر ہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو ہرماہ ایک لاکھ چھیانوے ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے۔

    مزید پڑھیں :  عمران خان بطور وزیراعظم کتنی تنخواہ لیتے ہیں؟ تفصیلات منظرعام پر آگئی

    عمران خان کی بنیادی تنخواہ ایک لاکھ سات ہزار دو سو اسی روپے ہے، وزیراعظم کو مہمانداری الاؤنس کی مد میں پچاس ہزاراورایڈہاک ریلف الاؤنس کےاکیس ہزارچارسو چھپن روپےملتے ہیں۔

    وزیراعظم کے مقابلے میں وفاقی وزرا کی تنخواہ ڈھائی لاکھ روپے کے قریب ، وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری کی تنخواہ بھی عمران خان سے زیادہ ہے جبکہ چیف جسٹس اور صدر پاکستان کی تنخواہ بھی چھ سے آٹھ لاکھ روپے ہے۔

  • خواتین کے عالمی دن کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے منسوب کرنے کی قرارداد جمع

    خواتین کے عالمی دن کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے منسوب کرنے کی قرارداد جمع

    لاہور : خواتین کے عالمی دن کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے منسوب کرنے کی قرارداد جمع کرادی گئی ، جس میں کہا گیا 8 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے صبرو استقلال  اور عظمت کو سلام کرتے ہوئے انہی کے نام سے منسوب کیا جائے اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی جائے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں خواتین کے عالمی دن کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے منسوب کرنے کی قرارداد جمع کرا دی گئی ، قرارداد تحریک انصاف کی رکن سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ عالمی یوم خواتین بین الاقوامی طور پر 8 مارچ کو منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کی اہمیت سےدنیا کو آگاہ کرنا ہے، خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کے لیے ترغیب دینا، عام لوگوں میں شعور پیدا کرنا ہے۔

    قرارداد میں مزید کہا گیا اس دن کا مقصد بچیوں اور خواتین کو تشدد سے کیسے بچنا اور بچانا ہے، دنیا بھر میں خواتین کی خوشحالی، فلاح اور بہبود کے لئے اقوام عالم میں بہت کام ہو رہا ہے اور اس کی وجہ سے خواتین کی ثقافتی، سماجی اورسیاسی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔

    جمع کرائی گئی قرارداد کے مطابق دنیا 8 مارچ کی اہمیت کو تو سمجھتی ہے لیکن ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور ان کے اہل خانہ کے دکھ اور تکلیف کو سمجھنے سے قاصر ہے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی 2003 سے آج تک امریکی فوجیوں کے ناقابل بیان بیہمانہ ظلم ، بربریت اور تشدد برداشت کر رہی ہیں لیکن ان کی رہائی کے لئے کوئی بھی تدبیر کارگر نہیں ہو سکی۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا 8 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے صبرواستقلال اور عظمت کو سلام کرتے ہوئے انہی کے نام سے منسوب کیا جائے اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی جائے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں کردار ادا کرے۔

    خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور


    دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، قرارداد نون لیگ کی حنا پرویز بٹ نے پیش کی تھی ، جس میں دنیا بھر کی خواتین کو اپنے حقوق کیلئے جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ خواتین کے حقوق اور ان کے جائز مقام کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔

    قرارداد کے ذریعے پنجاب اسمبلی کی خواتین ارکان پر مشتمل پارلیمانی گروپ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

  • پنجاب اسمبلی کا ریکارڈ، ایک ہی دن میں پانچ اہم بل منظور

    پنجاب اسمبلی کا ریکارڈ، ایک ہی دن میں پانچ اہم بل منظور

    لاہور:  پنجاب اسمبلی نے قانون سازی کے میدان میں‌ نئی مثال قائم کر دی، پانچ بل منظور کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ارکان نے آج ایک مصروف دن گزارا، اسمبلی نے ایک ہی دن میں 5 بل پاس کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا.

    پنجاب اسمبلی کے آج کے اجلاس میں  اسکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب 2018 کا بل منظورکرلیا گیا.

    ترمیمی بل ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی 2018 بھی منظور کر لیا گیا، ساتھ ہی ترمیمی بل ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی 2018 اور مسودہ پنجاب اسمبلی آف دی پنجاب سیکریٹریٹ ایمپلائز  بل بھی منظورکیے گئے.

    پنجاب اسمبلی میں مسودہ قانون ترمیمی بابت پروڈکشن آڈربھی منظورکرلیا گیا، یوں مجموعی طور پر  پانچ بل منظور کیے گئے، بھارتی طیارے مار گرانے پر افواج پاکستا ن کوخراج تحسین کی قرارداد بھی منظور کی گئی.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی بھارت کوایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش

    یاد رہے کہ آج پاک فضائیہ کے شیر دل جوانوں نے  پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی جہازوں کو تباہ کردیا تھا، کارروائی میں‌ ایک بھارتی پائلٹ ابھے نندن زندہ گرفتار ہوا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے آج سہ پہر  اہم پریس کانفرنس کی، بعد ازاں  وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کوایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش کی اور کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلےکاحل نہیں، بیٹھ کربات چیت سےمسائل حل کرنے چاہییں، جارحیت کی توجواب دینا ہماری مجبوری ہوگی۔

  • ق لیگ کے باؤرضوان نے صوبائی وزیرکی حیثیت سے حلف اٹھالیا

    ق لیگ کے باؤرضوان نے صوبائی وزیرکی حیثیت سے حلف اٹھالیا

    لاہور: سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 128 سے منتخب ہونے والے مسلم لیگ ق کے رکن پنجاب اسمبلی باؤ رضوان نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں گورنرہاؤس میں آج صبح دس بجے نئے وزیر کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نئے وزیر باؤ رضوان سے حلف لیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ سمیت دیگر رہنماؤں نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔

    ق لیگ کو ایک اور وزارت مل گئی، محمد رضوان کل حلف اٹھائیں گے

    خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ق لیگ کے رہنما مونس الہٰی نے ملاقات کی تھی جس میں ق لیگ کو صوبہ پنجاب میں مزید ایک وزارت دینے پر اتفاق ہوا تھا۔

    چوہدری محمد سرور اور مونس الہیٰ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ق لیگ کے ناراض وزیر حافظ عمار کا بھی استعفیٰ واپس لینے کا فیصلہ ہوا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 18 جنوری کو مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وزیر معدنیات پنجاب عمار یاسر نے پارٹی قیادت کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا تھا۔

    عمار یاسر کا کہنا تھا کہ میری وزارت اور کام میں بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، میں نے وزارت کا منصب ملک وقوم کی خدمت کے لیے قبول کیا تھا۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے پاس پنجاب میں اسپیکرشپ اور 3 وزارتیں ہوگئیں اور ق لیگ کا پنجاب میں ایک پارلیمانی سیکرٹری بھی بن گیا۔

  • ساہیوال واقعہ: ذیشان داعش کے عبد الرحمان گروپ کا سہولت کار تھا، اِن کیمرا بریفنگ

    ساہیوال واقعہ: ذیشان داعش کے عبد الرحمان گروپ کا سہولت کار تھا، اِن کیمرا بریفنگ

    لاہور: سانحہ ساہیوال پر لاہور میں ان کیمرا بریفنگ ہوئی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے ارکان پنجاب اسمبلی کو واقعہ سے متعلق حقائق سے آگاہ کیا۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ یہ آپریشن ذوالفقار کا تسلسل ہے، ذیشان جاوید داعش کے عبد الرحمان گروپ کا سہولت کار تھا۔

    [bs-quote quote=”اسی گروپ نے ریٹائرڈ بریگیڈیئر طاہر مسعود اور علی حیدر گیلانی کو بھی اغوا کیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    انھوں نے بتایا کہ عبد الحفیظ نائب امیر، عثمان ہارون، کاشف چھوٹو، رضوان اکرم سمیت دیگر گروپ کا حصہ تھے، دہشت گرد گروپ غیر ملکی شہری اور سابق چیف جسٹس کے بھتیجے کے اغوا اور قتل میں ملوث تھا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ اسی گروپ نے ریٹائرڈ بریگیڈیئر طاہر مسعود اور علی حیدر گیلانی کو بھی اغوا کیا۔

    دوسری طرف حمزہ شہباز نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشیل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا ملزمان کو اسی جگہ سزائے موت دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    یہ بھی ملاحظہ کریں:  لاہور: سانحہ ساہیوال پرپنجاب اسمبلی کا ان کیمرا اجلاس آج ہوگا

    خیال رہے کہ یہ پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں طویل عرصے بعد ان کیمرا اجلاس کا انعقاد تھا جس میں اراکین کو سانحہ ساہیوال پر بریفنگ دی گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران سانحہ ساہیوال پر اپوزیشن اراکین نے شدید ہنگامہ آرائی کی تھی اور جے آئی ٹی کی رپورٹ زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • پنجاب حکومت کا بڑا قدم، گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا بل منظور

    پنجاب حکومت کا بڑا قدم، گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا بل منظور

    لاہور: پنجاب اسمبلی نے صوبے میں گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بل منظور کر لیا، ملازمین کو نوکر کی بجائے گھریلو ورکر کہا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مسودہ قانون گھریلو ملازمین پنجاب 2018 کا بل پنجاب اسمبلی میں منظور ہو گیا ہے، گھروں میں کام کرنے والوں کو نوکر کی بجائے گھریلو ورکر کہا جائے گا۔

    [bs-quote quote=”گھروں میں کام کرنے والوں کو نوکر کی بجائے گھریلو ورکر کہا جائے گا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    بل کے مطابق گھریلو ورکر کی رضا مندی کے بغیر کوئی اضافی کام نہیں لیا جائے گا، اور اس کے کوائف لیبر انسپکٹر کو فراہم کیے جائیں گے۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ گھریلو ورکر رکھنے کے لیے تحریری معاہدہ ضروری ہوگا جو لیبر انسپکٹر کو فراہم کیا جائے گا، معاہدے کی پاس داری نہ کرنے پر 5 سے 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

    بل کے مطابق گھریلو ورکر سے 48 گھنٹے فی ہفتہ سے زائد کام نہیں لیا جائے گا، 8 گھنٹے سے زائد کام پر اوور ٹائم دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  میں بھی بچپن میں چائلڈ لیبر کا شکار رہا ،وفاقی وزیرشیخ رشید

    گھریلو ملازم کی ہفتہ وار ایک تعطیل لازم ہوگی، بل کے مطابق گھریلو ملازم کو سالانہ 8 چھٹیاں دی جائیں گی، تنخواہ سمیت ایک سال میں 10 یوم کی تہواری تعطیلات دینا لازم ہوگا، گھریلو ملازمین کی بہتر رہائش گاہ مالک کے ذمے ہوگی۔

    بل کے مطابق 15 سال سے کم عمر کے بچے کو ملازم رکھنے پر بھی جرمانہ ہوگا، چائلڈ لیبر کے مرتکب مالک کو ایک ماہ تک قید کی سزا ہوگی۔

  • پنجاب اسمبلی : رنگ گورا کرنے والی کریموں کیخلاف پی ٹی آئی ایم پی اے کی تحریک التواء

    پنجاب اسمبلی : رنگ گورا کرنے والی کریموں کیخلاف پی ٹی آئی ایم پی اے کی تحریک التواء

    لاہور : تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں میک اپ کے سامان میں خطرناک کیمیکلز کے استعمال کے خلاف تحریک التواء جمع کرادی، رنگ گورا کرنے والی کریمیں کینسر کا باعث بن سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابقتحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید نے میک اپ کے سامان میں خطرناک کیمیکل اورمرکری کے استعمال کے خلاف تحریک التوا جمع کرادی۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ہر کمپنی رنگ گورا کرنے، کیل جھائیاں دور کرنے کے دعوے کرکے لوگوں کے چہرے خراب کر رہی ہے، جعلی کاسمیٹکس سے کینسر اور جلدی امراض بڑھ رہے ہیں، اس طرح کے کئی شیمپو، کریمیں اور میک اپ کے سامان کے پندرہ ہزار سے زائد برانڈ ٹیسٹ کے بغیر مارکیٹ میں آجاتے ہیں۔

    جعلی کریموں کے استعمال سے خواتین کی جلد جھلسنے کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا، کیمیکل سے خراب جلد دوبارہ ٹھیک بھی نہیں ہوتی، اس سے عوام میں سخت پریشانی، خوف اور اضطراب پایاجاتا ہے۔

  • مہمند ڈیم کی تعمیر: نجی کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے خلاف اسمبلی میں قرار داد پیش

    مہمند ڈیم کی تعمیر: نجی کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے خلاف اسمبلی میں قرار داد پیش

    لاہور : اپوزیشن جماعتوں نے پنجاب اسمبلی میں مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ رزاق داؤد کی کمپنی کو دینے کے خلاف قرار داد پیش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مہمند ڈیم کی تعمیر کےلیے دئیے گئے ٹھیکے کے خلاف مسلم لیگ نواز کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔

    قرار داد کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مہمند ڈیم کا ٹھیکہ رزاق داؤد کی کمپنی کو دے کرمیرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں، حکومتی مشیر کو ڈیم کی تعمیر کے لئے 309 ارب کا ٹھیکہ ملنا تشویشناک ہے۔

    قرار داد میں حنا پرویز بٹ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص کمپنی کو ٹھیکے سے نوازنے کے لئے دوسری کمپنیوں کی پیشکش کو مسترد کیا۔

    قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ دوسری کمپنیوں کی ڈس کوالیفکیشن کے بعد دوبارہ بولی ضروری نہیں تھی؟ صرف ایک بولی کے بعد ہی مخصوص کمپنی کو ٹھیکہ دینا کھلی خلاف ورزی ہے۔

    خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے مہمنڈ ڈیم کی تعمیر کے لیے دو کمپنیوں کو ٹھیکا دینے کے کنٹریکٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ کنٹریکٹ شفاف طریقے سے نہیں دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : اپوزیشن جماعتوں کی مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ پرتنقید، فیصل واوڈا کا جواب

    یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ کی منسوخی کا مطالبہ مسترد کر دیا تھا۔

    وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ منسوخی کا مطالبہ کرنے والے عناصر سازش کر رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر آبی وسائل کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈیموں کے خلاف سازش ہو رہی ہے، ایسے عناصر ڈیموں کو متنازع بنا کر ملکی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں۔

  • وزیراعظم نے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی

    وزیراعظم نے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی

    لاہور: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی، نئے بلدیاتی نظام کے تحت تحصیل وسٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ قائم ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان صوبہ پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی، صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری کی تصدیق کردی۔

    وزارت قانون نے نئے بلدیاتی نظام کے قانونی مسودہ کی تیاری پرکام شروع کردیا ہے جسے جلد پنجاب کابینہ اور پھر صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    نئے بلدیاتی نظام کے تحت تحصیل اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹس قائم کی جائیں گی اور شہری علاقوں میں ٹاؤن کونسل، دیہی علاقوں میں ڈسٹرکٹ کونسل ختم کی جائیں گی۔

    پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے تحت دیہی علاقوں میں ولیج کونسل اورشہری علاقوں میں نیبرہڈ کونسل قائم ہوں گی۔

    نئے بلدیاتی نظام کے تحت تحصیل اور سٹی ڈسٹرکٹ حکومتوں میں میئرز کے انتخابات براہ راست جماعتی بنیادوں پرہوں گے تاہم حکومت پنجاب ولیج کونسل اور نیبرہڈ کونسل کے انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پرکرانے کی خواہشمند ہے۔

    بلدیاتی ادارے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واسا، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی (پی ایچ اے) بلدیاتی حکومتوں کے ماتحت ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت نہیں ہوگی، ذرائع حکومت پنجاب کے مطابق نیبر ہڈ کونسل اور ولیج کونسل 6،6 ارکان پرمشتمل ہوگی جن کے سربراہان کو چیئرمن کہا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کونسلز کے تین ارکان کو براہ راست منتخب کرنے اور تین اسپیشل سیٹیں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • شہبازشریف کی وجہ سے پنجاب میں صحت اورتعلیم کا شعبہ تنزلی کا شکارہوا، پرویز الہیٰ

    شہبازشریف کی وجہ سے پنجاب میں صحت اورتعلیم کا شعبہ تنزلی کا شکارہوا، پرویز الہیٰ

    لاہور: اسپیکرپنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی سے متعلق بھی تحقیقات ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکرپنجاب اسمبلی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی پنجاب اسمبلی میں توڑپھوڑکا جائزہ لے گی۔

    پرویز الہیٰ نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے منصوبوں کی تحقیقات کرا رہے ہیں، منصوبوں میں بدعنوانیوں کے انکشافات ہورہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپیکراسمبلی کیلئےہونےوالےاجلاس میں بھی ہنگامہ آرائی کی گئی، وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران بھی ن لیگ نے ہنگامہ آرائی کی۔

    اسپیکرپنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے کہا کہ ایوان کے تقدس کوبرقراررکھنا میرے فرائض میں شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک بچہ ضدی ہے تواس بچے کوضد کرلینے دیں، اس بچے کے ساتھ جوکھڑے ہیں انہیں بچے کو سمجھانا چاہیے۔

    پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہبازشریف کی وجہ سے پنجاب میں صحت اورتعلیم کا شعبہ تنزلی کا شکار ہوا۔

    پنجاب اسمبلی میں جعلی اسپیکر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے‘ حمزہ شہباز

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں جعلی اسپیکر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کی ہمیں ابھی کوئی جلدی نہیں، ان کی حکومت چلنے دیں تاکہ ان کی اصلیت عوام کے سامنے آئے۔