Tag: پنجاب اسمبلی

  • نہال ہاشمی کے بیان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور

    نہال ہاشمی کے بیان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کے پاک فوج کے خلاف بیان پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کے پاک فوج کے خلاف بیان پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور کرلی گئی ہے، قرارداد میں بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، قرارداد پی ٹی آئی کے چوہدری ظہیر الدین نے پیش کی۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان نہال ہاشمی کے فوج کے خلاف بیان کی مذمت کرتا ہے، نہال ہاشمی نے ن لیگی کی قیادت کی ترجمان کی کوششش کی، ان کے بیان سے پوری قوم کی دل آزادی ہوئی۔

    قرارداد کے مطابق نہال ہاشمی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے، ایک رکن اسمبلی کی جانب سے قرارداد میں طبی معائنے کی تجویز بھی دی گئی تاہم اسپیکر پنجاب اسمبلی نے طبی معائنے کی تجویز قرارداد میں شامل نہیں کی۔

    واضح رہے کہ نہال ہاشمی کے بیان پر پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا تھا کہ نہال ہاشمی کو ایسی متنازع گفتگو کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ہوتے ہوئے کسی میں جرأت نہیں کہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھے، کیا ماضی کی جنگیں نہال ہاشمی نے لڑی تھیں، پاک فوج کی قربانیوں کی پوری دنیا معترف ہے۔

    مزید پڑھیں: نہال ہاشمی کی ہرزہ سرائی، رانا ثنا اللہ نے اظہارِ لاتعلقی کردیا

    خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی پر سزا بھگتنے کے باوجود بھی باز نہ آئے اور انہوں نے پاک فوج کے خلاف بھی ہرزہ سرائی کی تھی۔

  • حمزہ شہباز ابا جی کا غم پنجاب اسمبلی میں نہ منائیں، فیاض الحسن چوہان

    حمزہ شہباز ابا جی کا غم پنجاب اسمبلی میں نہ منائیں، فیاض الحسن چوہان

    لاہور : وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے اخبارات نے نواز شریف اور شہباز شریف کو کرپٹ کہا ہے، حمزہ شہباز اسمبلی ہال میں آئیں، ابا جی کا غم پنجاب اسمبلی میں نہ منائیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز ایک مرتبہ پھر پاکستانی قوم کو دھوکہ دے گئے، 16 اکتوبر کو پنجاب اسمبلی میں ن لیگ نے غنڈہ گردی کی، سب نے دیکھا کس طرح سیکرٹری اسمبلی کو زخمی کیا گیا۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اسپیکر پرویز الہی کے مائیک کو کنٹرول کرنے کی بھی کوشش کی، پنجاب اسمبلی میں 6ممبران پرپابندی لگائی گئی، ن لیگ دورمیں پنجاب اسمبلی ارکان پرپابندی لگ چکی ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی ہمارامان ہیں، ہمارے ووٹوں سےمنتخب ہوئےعزت دینی پڑے گی، حیرت ہے حمزہ شہباز کہہ رہے ہیں کہ پہلے ایسا نہیں ہوا، آپ کریں تو رام لیلا دوسرا کرے تو کریکٹر ڈھیلا۔

    فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بجٹ پر بحث کا آغاز اپوزیشن لیڈر کی تقریر سے ہونا چاہیئے تھا لیکن آج بھی اپوزیشن نےپنجاب اسمبلی میں قانون کی دھجیاں اڑائیں اور حمزہ شہباز نے عوام کی نمائندگی کو جوتی کی نوک پر رکھا ہے۔

    مزید پڑھیں : ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کریں گے، فیاض الحسن چوہان

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے اخبارات نے نواز شریف اور شہباز شریف کو کرپٹ کہا ہے، حمزہ شہباز اسمبلی ہال میں آئیں، ابا جی کا غم پنجاب اسمبلی میں نہ منائیں۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے وہ بجٹ پیش کیا ہے جس میں الفاظ کی ہیرا پھیری نہیں ہے، کسی کشمیری سےمتعلق پلس یامائنس استعمال نہیں کیا، گھر کے حالات ٹھیک نہیں، صوبے کے حالات ٹھیک کرنے میں چھ مہینے لگ سکتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حبیب جالب کی بیوہ کا وظیفہ شہباز شریف کی حکومت نے تین یا چار سال پہلے بند کیا تھا، اگر حبیب جالب کی بیٹی درخواست دیں گی تو ان کا وظیفہ بحال کر دیا جائے گا۔

    فیاض الحسن چوہان نے کہا سب سے بڑاکرپٹ نوازشریف ہے، حمزہ شہباز کےمنہ پریہ الزامات اچھےنہیں لگتے۔

  • ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کریں گے، فیاض الحسن چوہان

    ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کریں گے، فیاض الحسن چوہان

    لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب اور ملک لوٹنے والوں کا احتساب کرنا ہے، ن لیگ کے ارکان نے آج اسمبلی میں غنڈہ گردی کی، جو آج پنجاب اسمبلی میں ہوا اس سے پہلے تاریخ میں کبھی نہیں ہوا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کے ارکان نے سیکریٹری اسمبلی کی ٹیبل کو توڑنے کی کوشش کی، مسلم لیگ ن کے ارکان کی غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہیں ان کا چہرہ سب کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن نے ایوان میں اپنے بجرو وصال کا ورد کیا، ن لیگ والوں نے سیکریٹری اسمبلی پر حملے کی کوشش کی، اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اپنا رویہ درست کریں، خواتین کے حوالے سے غیرمہذب بات سے اجتناب کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ارکان شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسرے کے گھروں پر پتھر نہ ماریں بلکہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کا حساب دیا جائے۔

    مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے آٹھ ماہ کا بجٹ پیش کردیا، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن نے شدید ہنگامی آرائی کی، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے جیسے ہی بجٹ تقریر کا آغاز کیا تو اپوزیشن ارکان نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔

    مسلم لیگ ن کے ارکان اسپیکر کے ڈائس کے سامنے پہنچ گئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے بجٹ ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں، اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اسمبلی کے باہر بھی احتجاج جاری رکھا۔

  • پنجاب حکومت نے آٹھ ماہ کا بجٹ پیش کردیا، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

    پنجاب حکومت نے آٹھ ماہ کا بجٹ پیش کردیا، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

    لاہور: پنجاب حکومت نے 20 کھرب 10 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا، اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں وزیر خزانہ مخدوم ہاشم نے پنجاب حکومت کا آٹھ ماہ کا 20 کھرب 10 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا، ان کی تقریر شروع ہوتے ہوئے اپوزیشن ارکان نشستوں سے کھڑے ہوئے اور ایوان بجٹ نامنظور کے نعروں سے گونج اُٹھا۔

    اپوزیشن ارکان نے شہباز شریف کی گرفتاری پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور وزیر خزانہ کی ڈائس کا گھیراؤ کرلیا، اپوزیشن ارکان وزیر خزانہ کی تقریر کے دوران مسلسل نعرے لگاتے رہے۔

    وزیر خزانہ نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ محصولات کی مد میں 1652 ارب روپے کا تخمینہ رکھا گیا ہے، وفاق سے پنجاب کو 1275 ارب روپ کی آمدن متوقع ہے جبکہ صوبائی محصولات کا تخمینہ 376 ارب روپے کا ہے۔

    وزیر خزانہ کے مطابق ٹیکسز کی مد میں 276 ارب روپے کی وصولی کا امکان ہے، نان ٹیکس محصولات کی مد میں 100 ارب روپے کی توقع ہے، 2018-19 میں اخراجات کا تخمینہ 1264 روپے ہے۔

    مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا بجٹ اجلاس، ترقیاتی پروگرام اور مقامی حکومتوں کے لیے 29 ارب 30 کروڑ مختص

    بجٹ اجلاس میں تنخواہوں کی مد میں 313، پنشن کے لیے 207 ارب روپے رکھے گئے ہیں، بجٹ میں مقامی حکومتوں کے لیے 438 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ سروس ڈیلیوری کے اخراجات 305 ارب روپے ہوں گے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 238 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

  • رانا مشہود کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت بھی خطرے میں

    رانا مشہود کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت بھی خطرے میں

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کو متنازعہ بیان دینا مہنگا پڑگیا۔ پارٹی رکنیت معطل ہونے کے بعد اب اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کی قرارداد بھی پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق متنازعہ بیان پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کی وضاحتیں کام نہ آئیں۔ رانا مشہود کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کے لیے قرارداد جمع کروا دی گئی۔

    قرارداد تحریک انصاف کی رکن مسرت جمشید چیمہ نے جمع کروائی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ رانا مشہود کا بیان سراسر جھوٹ اور خود فریبی پر مبنی ہے جسے ان کی جماعت نے بھی تسلیم نہیں کیا۔

    قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ رانا مشہود احمد کے خلاف پاکستان کے معتبر ادارے سے متعلق بیان پر تادیبی کارروائی کی جائے اور ان کی اسمبلی رکنیت کو معطل کیا جائے۔

    خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ہمارے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں، معاملات ٹھیک کروانے میں شہباز شریف نے اہم کردار ادا کیا، اسٹیبشلمنٹ کو شہباز شریف کے وزیر اعظم نہ بننے کا افسوس ہے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے رانا مشہود کے متنازع بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی تھی۔

    بعد ازاں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رانا مشہود کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بیان بے بنیاد اور افسوسناک ہے، ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ملکی استحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔

  • نوازشریف کیخلاف باتیں کرنیوالوں کا دنیا میں مذاق بن رہا ہے،حمزہ شہباز

    نوازشریف کیخلاف باتیں کرنیوالوں کا دنیا میں مذاق بن رہا ہے،حمزہ شہباز

    لاہور : پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں جعلی حکومت خود ایکسپوز ہوجائے، ڈیل کی باتیں غلط ہیں ہم فرینڈلی اپوزیشن نہیں کریں گے، نوازشریف کیخلاف باتیں کرنیوالوں کا دنیا میں مذاق بن رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن اقتدار کیلئے سیاست نہیں کررہی، جھوٹ کیوں بولا جاتا ہے، کنٹینر پر چڑھ کر بڑے بڑے دعوے کرنا آسان ہوتا ہے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بھینسوں کی نیلامی کےعلاوہ اس حکومت نےکیاکیاہے؟ چاہتے ہیں جعلی حکومت خود ایکسپوز ہوجائے، عمران خان نے 300ڈیم بنانے کا وعدہ کیا۔

    رانا مشہود کے بیان پر ن لیگی رہنما نے کہا رانامشہود کے بیان پرن لیگ نے اپنا موقف دےدیا، ڈیل کی باتیں غلط ہیں ہم فرینڈلی اپوزیشن نہیں کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جمعہ جمعہ 8دن ہوئےہیں ابھی گھوڑا بھی ہے اور میدان بھی ہے، نوازشریف کیخلاف باتیں کرنیوالوں کا دنیا میں مذاق بن رہا ہے۔

    پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا دو دن پہلےجس کام سےیہ انکارکرتےہیں دودن بعدوہ کرلیتےہیں، ملتان،راولپنڈی میں میٹروبن گئی،پشاورمیں آج بھی دھول اڑرہی ہے۔

    حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن مسلم لیگ ن کے لئےکوئی نئی بات نہیں ہمیں فرینڈلی اپوزیشن کے طعنے ملتے تھے، باتوں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، میٹروبس کاطعنہ دینےوالےبس منصونہ نہیں بناسکے۔

    مزید پڑھیں : یوٹرن حکومت آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کی تیاری کررہی ہے: حمزہ شہباز

    دو روز قبل حمزہ شہباز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوٹرن حکومت آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کی تیاری کررہی ہے،عمران خان کہتے تھے ایسی ٹیم لاؤں گا قوم حیران ہوجائے گی، عمران خان قبضہ گروپ کو سینئر وزیر بنا کر واقعی حیران کر دیا۔

    حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ہر دور میں نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہے، 14 اکتوبر کو شاہدخاقان کو کامیاب کرانا ہے، ن لیگ دھاندلی سے پردہ اٹھا کر ہی دم لے گی۔

  • اسلامیہ،ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی کے شعبے کلثوم نوازسے منسوب کیے جائیں، تعزیتی قرارداد میں مطالبہ

    اسلامیہ،ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی کے شعبے کلثوم نوازسے منسوب کیے جائیں، تعزیتی قرارداد میں مطالبہ

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں سابق وزیراعظم نواز کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیتی قرارداد جمع کرائی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسلامیہ،ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی کے شعبے کلثوم نواز سے منسوب کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پرپنجاب اسمبلی میں تعزیتی قرارداد جمع کرادی، قرارداد مسلم لیگ ن کی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان جمہوریت پسند اوردلیر خاتون سیاستدان سےمحروم ہو گیا، کلثوم نواز نے جمہوریت کی سر بلندی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی ، ایوان خاتون اول رہنے والی کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

    تعزیتی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلامیہ،ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی کے شعبے کلثوم نواز سے منسوب کیے جائیں۔

    مزید پڑھیں : بیگم کلثوم نوازانتقال کرگئیں

    یاد رہے گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز برطانیہ میں طویل عرصے تک زیرِ علاج رہنے کے بعد لندن میں انتقال کرگئیں تھیں ، وہ طویل عرصے سے گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔

    بیگم کلثوم نواز کی میت کو غسل دے دیا گیا، نواز شریف کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز والدہ کا آخری دیدار لندن میں ہی کریں گے جبکہ شہبازشریف بیگم کلثوم نوازکی میت پاکستان لانےکے لئے لندن روانہ ہوگئے ہیں، وہ شہبازشریف میت لے کر جمعہ کو وطن واپس آئیں گے۔

    جس کے بعد مرحومہ کلثوم نواز کو جاتی امرا میں میاں شریف کی قبر کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    خیال رہے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا، جس کے بعد سے وہ جاتی امرا میں موجود ہے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے ۔

  • ضمنی انتخابات: راجن پور سے پی ٹی آئی امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

    ضمنی انتخابات: راجن پور سے پی ٹی آئی امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

    راجن پور: ضمنی انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار اویس دریشک بلا مقابلہ رکن منتخب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں پہلے امیدوار کی کام یابی کی اطلاع آ گئی ہے، پی ٹی آئی کے امیدوار اویس دریشک بغیر کسی مقابلے کے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔

    اویس دریشک حلقہ پی پی 296 راجن پور سے کام یاب ہوئے، وہ طارق دریشک کے بھائی ہیں جو اس حلقے سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔

    طارق دریشک عام انتخابات 2018 میں سیٹ جیتنے کے بعد پچھلے ماہ اگست کے آغاز میں برین ہیمرج کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔

    پی ٹی آئی کے امیدوار طارق دریشک کے انتقال کے باعث حلقہ پی پی 296 کی نشست خالی ہو گئی تھی جس پر ان کے بھائی اویس دریشک کو پارٹی کی طرف سے ٹکٹ دیا گیا۔

    خیال رہے کہ حلقہ پی پی 296 سے پانچ امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم بعد میں دیگر چار امیدوار اویس دریشک کے حق میں دست بردار ہوگئے۔


    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب کابینہ کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کرے، وزیراعظم


    ریٹرننگ افسر محمد جاوید کا کہنا تھا کہ دست بردار ہونے والے امیدواروں نے الیکشن کمیشن آفس میں اپنے بیانِ حلفی بھی جمع کرائے، جس کے بعد پی ٹی آئی امیدوار کو کام یاب قرار دے دیا گیا۔

    بلامقابلہ ایم پی اے منتخب ہونے والے اویس دریشک کی کام یابی کا نوٹی فکیشن جلد الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دیا جائے گا۔

  • صدارتی انتخاب: الیکشن کمیشن نے سامان پنجاب اسمبلی پہنچا دیا

    صدارتی انتخاب: الیکشن کمیشن نے سامان پنجاب اسمبلی پہنچا دیا

    لاہور: صدارتی انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی میں تیاریاں شروع ہوگئیں، الیکشن کمیشن نے انتخابی سامان پنجاب اسمبلی میں پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخاب میں پنجاب اسمبلی کے 355 ارکان حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، الیکشن کمیشن کی جانب سے ضروری انتخابی سامان اسمبلی میں پہنچا دیا گیا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں 5 اعشاریہ 7 کے تناسب سے ایک ووٹ تصور ہوگا، خیال رہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے چار امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کیے جا چکے ہیں۔

    توقع ہے کہ حکومتی اتحاد کو پنجاب اسمبلی میں 35 جب کہ مسلم لیگ (ن) کو 30 ووٹ ملیں گے، حکومتی اتحاد کی جانب سے کراچی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما عارف علوی کو نامزد کیا گیا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  کاغذات نامزدگی منظور، عارف علوی، اعتزاز احسن اور مولانا فضل الرحمٰن مدمقابل


    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی، پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن اور بقیہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمٰن کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ صدارتی امیدوار 4 ستمبر کو صدر کے انتخاب میں مد مقابل ہوں گے، 12 میں سے صرف 4 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کیے گئے، چوتھے صدارتی امیدوار امیر مقام ہیں جو بہ طور متبادل امیدوار کھڑے ہیں۔