Tag: پنجاب اسمبلی

  • لاہور: کسانوں کا اپنے حقوق کیلئے پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا

    لاہور: کسانوں کا اپنے حقوق کیلئے پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا

    لاہور : پنجاب اسمبلی کے سامنے کسانوں نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے پھردھرنا دے دیا۔ جماعت اسلامی کے رہنما بھی دھرنے میں شریک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کا مال روڈ احتجاج روڈ بن گیا، کسان برادری اپنا حق منوانے کیلیےدوبارہ  دھرنا دے کر بیٹھ گئی، پنجاب اسمبلی کے سامنے بیٹھے احتجاجی کسانوں کے ساتھ جماعت اسلامی کے رہنما بھی نکل آئے، دھرنے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ زرعی مصنوعات پر جی ایس ٹی ختم کیا جائے تمام ٹیوب ویلز کی بجلی پر فلیٹ ریٹ مقرر کیا جائے۔

    کسانوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے ٹیوب ویل کے بجلی کے نرخ بھی کم کئے جائیں، حکومت بیرون ملک سے ان اشیاء کی درآمد کرواتی ہے جس سے کسانوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔

    اس کے علاوہ کسانوں نے حکومت سے بلاسود قرض کی فراہمی اور سابقہ قرضوں پر سود معاف کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

    اس سے قبل : اپنے مطالبات کے حق میں کسانوں کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا

    مظاہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضلع بہاول نگر میں زرعی کالج اور یونیورسٹی قائم کی جائے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے مہینے میں بھی کسان برادری نے اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا تھا۔

    احتجاج کے دوران مشتعل کسانوں نے آلو کی کھیپ کو آگ لگا دی تھی۔ ،اُن کا کہنا تھا کہ فصلوں کی کاشت مہنگی پڑتی ہے جبکہ منافع مڈل مین کمالیتا ہے۔

     

  • ڈورے مون کارٹون پر پابندی کا مطالبہ

    ڈورے مون کارٹون پر پابندی کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں مشہور جاپانی کارٹون ڈورے مون پر پابندی عائد کرنے کے لیے قرارداد جمع کروادی۔

    یہ اپنی نوعیت کی منفرد قرارداد ہے جس میں کسی کارٹون پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رکن ملک تیمور مسعود نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا ڈورے مون جیسے فضول کارٹون بند کروائے یا ان کا وقت مقرر کرے۔

    qarardad

    قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس کارٹون سے بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ بچے اپنا زیادہ تر وقت تعلیم کے بجائے کارٹون پر ضائع کر رہے ہیں۔ لہٰذا پنجاب حکومت اس طرف فوری توجہ دے۔

    قرارداد پر بحث کے لیے باقاعدہ وقت مانگا گیا ہے اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ وفاق کو ان کارٹونز کی بندش کے لیے سفارشات پیش کرے۔

    اس مطالبہ کے ساتھ ہی ٹوئٹر پر لوگوں نے مختلف تاثرات کا اظہار شروع کردیا۔

    واضح رہے کہ ڈورے مون جاپانی کارٹون سیریز ہے جسے ہندی زبان میں ڈب کر کے مختلف پاکستانی چینلز پر پیش کیا جاتا ہے۔ ڈورے مون کارٹون میں دکھائے جانے والے مختلف کردار نوبیتا، جیان، سوزوکا، سنیو وغیرہ بچوں کے پسندیدہ کردار ہیں۔

  • پنجاب اسمبلی: بھارتی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرار داد جمع

    پنجاب اسمبلی: بھارتی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرار داد جمع

    لاہور: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی گئی جس میں کشمیر کے مظالم پر احتجاجاً بھارتی سفیر کو ملک بدر کرنے اور وفاقی حکومت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    Resolution submitted in Punjab Assembly to… by arynews

    قرار داد پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی فائزہ ملک نے جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 40 کشمیریوں کی شہادت،1500 افراد کے زخمی ہونے اور 92افراد کے نابینا ہونے کے معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے بھارتی سفیر کوملک بدر کیا جائے۔

    فائزہ ملک نے قرار داد میں مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات ناکافی ہیں، حکومت مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کرے۔ مزید ازاں  قرارداد میں شہید اور زخمی باشندوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اظہار افسوس بھی کیا گیا۔

  • پنجاب اسمبلی میں فنانس بل منظور،اپوزیشن کا احتجاج

    پنجاب اسمبلی میں فنانس بل منظور،اپوزیشن کا احتجاج

    لاہور ( الفت مغل): اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے فنانس بل 2016,17منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا۔

    اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ نئے ٹیکس واپس لیے جائیں، پلاٹوں پر ٹیکس سے عام آدمی براہ راست متاثر ہو گا اور لوگ اپنی چھت کی خواہش سے محروم رہیں گے۔

    اپوزیشن رکن میاں اسلم اقبال نے بل پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت اپنے غیر ضروری اخراجات کم کرے رکشا اور چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکس کے بجائے بڑی اور لگژ ری گاڑیوں پر ٹیکس لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ،عوام کے ٹیکسوں سے جاتی امرا رائے ونڈ کے لیے بلٹ پروف سیکیورٹی دیواریں بنائی جا رہی ہیں۔

    وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے اپوزیشن کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے چیمبر آف کامرس کی مشاورت سے ٹیکس نیٹ کو بہتر بنایا ہے،رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ یک مشت یا اقساط میں ٹیکس جمع کرا سکیں گے۔

    صوبائی وزیر خزانہ نے کہاکہ غریب لوگوں کی توجہ صرف روٹی پر ہے ،غریب لوگ پراپرٹی کا کام نہیں کرتے، پانچ مرلے تک کے پلاٹ مالکان دو سال میں گھر کی تعمیر کا آغاز کردیں گے تو ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ لوگ اپنا سر مایہ پراپرٹی میں لگا رہے ہیں اس کے بجائے اگر وہ انڈسٹریز لگائیں گے تو روز گار بڑھے گا۔

    اپوزیشن کی تنقید اور مخالفت کے باوجود اکثریت کی بنیاد پر حکومت نے فنانس بل 2016,17 پنجاب اسمبلی سے منظور کرا لیا۔

    اجلاس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے مقامی حکومتوں کا چوتھا ترمیمی بل پیش کیا جس کے مطابق شہری سہولیات کی حامل دیہی یونین کونسلز کو بھی پراپرٹی ٹیکس لگانے کا اختیار دے دیا گیا۔

    اپوزیشن نے اس بل کی بھی مخالفت کی تاہم پنجاب اسمبلی نے بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ اسپیکر نے منگل کی صبح دس بجے تک اجلاس ملتوی کر دیا۔

  • طورخم سرحد پرفائرنگ، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

    طورخم سرحد پرفائرنگ، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

    پنجاب اسمبلی میں طور خم بارڈر پر افغان سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے خلاف مذمتی قرار داد جمع کرادی گئی۔

    قرارداد میں کہاگیا ہے کہ ایوان افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کوخطے میں امن اور سلامتی کے خلاف سازش قرار دیتا ہے، ایوان شہید پاک افواج کے میجر جواد علی کی قربانی پر ان کو سلام پیش کرتا ہے۔

    قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملہ افغانستان کے ساتھ اٹھایا جائے اور عالمی فورم پر بھی افغانستان کے عزائم کو بے نقاب کیا جائے۔

     

  • لاہور: آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے دھرنا ختم کردیا

    لاہور: آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے دھرنا ختم کردیا

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے سامنےحکومت سےکامیاب مذاکرات کے بعد آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے دھرنا ختم کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چیئرنگ کراس پر کلرکس ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات کے حق میں پندرہ گھنٹوں تک جاری رہنے والا احتجاجی دھر نا حکومتی ٹیم کے ساتھ مزاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔

    ایپکا کاچھ رکنی وفد پنجاب کلرکس ایسوسی ایشن کے صدر کی سربراہی میں رات گئے ایڈیشنل چیف سیکٹری سے مزکرات کے لیے ڈی سی او کیمپ آفس پہنچاجہاں ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے مزاکرات میں طے پایاکہ آج صبح گیارہ بجے سیکٹریایٹ میں دوبارہ ملاقات ہوگی.

    ایپکا پنجاب کے صدر حاجی ارشاد کا کہنا ہے سیکرٹریٹ میں ہمارے سامنے مطالبات کی سمری تیار کی جائے گی.

    یاد رہے گذشتہ روز حکومت پنجاب کے بجٹ کو اپوزیشن نے مسترد کرتے ہوئے بجٹ کو ظالمانہ اور ناانصافی پر مبنی قرار دیا تھا جبکہ ایپکا ملازمین نے پنجاب اسمبلی کے سامنے اپنے حقوق کے لیے شدید گرمی میں احتجاجی دھرنادیا اور بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے مال روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا.

  • خواجہ آصف کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

    خواجہ آصف کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

    لاہور : تحریک انصاف کی رکن سعدیہ سہیل نے خواجہ آصف کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد جمع کروادی۔

    تفصیلات کے مطابق ایوانِ بالا میں خواجہ آصف کے شیری مزاری کے بیان پنجاب کی رکن اسمبلی نے مذمتی قرار داد موقف اختیار کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کا رویہ غیر جانب دارانہ تھا۔

    ایاز صادق کو ایسے نازیبا الفاظ کی ادائیگی پر خواجہ آصف کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے تھی مگر انہوں نے ایسا نہ کر کے اپنی جانب داری کا ثبوت دیا ہے۔  قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف قوم کے سامنے آکر معافی مانگیں اور آئندہ ایسی غلطی نہ دہرانے کا وعدہ کریں۔

    قبل ازیں شیریں مزاری کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریکِ استحقاق جمعر کرواتے ہوئے اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے خواجہ آصف کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اسمبلی اجلاس کے دوران مجھ پر ذاتی حملے کیے گئے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں‘‘۔ خواجہ آصف نے معافی نہ مانگ کر اپنی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔

    مزید پڑھیں :   نازیبا کلمات پر خواجہ آصف کی معذرت، اپوزیشن کا احتجاجاً واک آؤٹ

    دوسری جانب تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے خواجہ آصف کے ریمارکس کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سیاست میں اس طرح کے ریمارکس کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
  • لاہور:اساتذہ اورایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مذاکرات کامیاب

    لاہور:اساتذہ اورایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مذاکرات کامیاب

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے سامنے اساتذہ اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مذاکرات کامیاب ہوگئے،اساتذہ نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا،محکمہ تعلیم نے اسکولوں کی نجکاری وقتی طور پر روک دی.

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسبلی کے باہر چار روز سے جاری اساتذہ کا دھرنا کامیاب مذاکرات کے باعث ختم کردیاگیا،محکمہ تعلیم نےچار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس میں دو نمائندے اساتذہ کے ہوں گے۔

    اساتذہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ایڈیشنل سیکرٹری اسکولز رانا اختر نے شرکاء کو مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی،اساتذہ کے ساتھ مذاکرات میں ایڈیشنل سیکرٹری جنرل رانا حسن اختر اور دیگر افسران نے شامل تھے.

    یاد رہے کہ گذشتہ چار روز سے صوبے کے پانچ ہزار اسکولوں کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے کرنےاوراسکولوں کی نجکاری کےخلاف مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اساتذہ پنجاب اسمبلی کے سامنے سراپا احتجاج تھے.

    احتجاج کرنے والےاساتذہ کا کہنا تھا کہ اسکول این جی اوز کے حوالے نہ کیے جائیں ورنہ بچوں کا مستقبل اور ان کی ملازمتیں خطرے میں پڑ جائیں گی.

    اساتذہ کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب حکومت کی ہٹ دھرمی اور آمرانہ رویہ تبدیل نہ ہوا تو رمضان المبارک میں دھرنا جاری رہےگا،اور عید کے بعد پنجاب بھر کے اساتذہ حکومت ہٹاؤ مہم کا آغاز کریں گے.

    واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈپٹی سیکرٹری اسکول ایجوکیشن آصف مجید کا کہنا تھا کہ کچھ غلط فہمیاں ہیں اسکولوں کی نجکاری نہیں کی جارہی ہے.

  • پنجاب اسمبلی کے باہر اساتذہ کا احتجاج تیسرے روز جاری

    پنجاب اسمبلی کے باہر اساتذہ کا احتجاج تیسرے روز جاری

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے باہر اساتذہ کا سخت گرمی میں احتجاجی دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے،کسی حکومتی شخصیت نے مذاکرات کےلیے رابطہ نہیں کیا،اساتذہ کا کہنا ہے کہ وہ رمضان میں بھی احتجاج جاری رکھیں گے.

    تفصیلات کے مطابق صوبے کے پانچ ہزار اسکولوں کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے کرنے اور اسکولوں کی نجکاری کےخلاف مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اساتذہ پنجاب اسمبلی کے سامنے تیسرے روز بھی سراپا احتجاج ہیں.

    پنجاب اسمبلی کے سامنے بیٹھے اساتذہ کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے دھرنا جاری رہےگا.

    اساتذہ کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب حکومت کی ہٹ دھرمی اور آمرانہ رویہ تبدیل نہ ہوا تو رمضان المبارک میں دھرنا جاری رہے گا،اور عید کے بعد پنجاب بھر کے اساتذہ حکومت ہٹاؤ مہم کا آغاز کریں گے.

    احتجاجی اساتذہ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو ڈر ہے کہ قوم کے بچے پڑھ لکھ گئے اور انہیں شعور آ گیا تو وہ ایسے حکمرانوں کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے.

  • ینگ نرسز ایوسی ایشن کی پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنے کی دھمکی

    ینگ نرسز ایوسی ایشن کی پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنے کی دھمکی

    لاہور: ینگ نرسز ایوسی ایشن نے اپنے مطالبات منظور نہ ہونے پر پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کی دھمکی دے دی،

    تفصیلات کے مطابق ینگ نرسز ایوسی ایشن کے عہدیداران نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو سروس اسٹریکچر سمیت تمام مسائل حل کرنے کے لیے چار روز کی مہلت دے دی۔

    ایسوسی ایشن کے صدر کا کہناتھا کہ میل نرسنگ اسٹاف کو کئی سالوں سے مسائل کا سامنا ہے جن کی طرف توجہ مبذول کرانے کے باجود حکومت پنجاب حل کرنے میں دلچسپی  نہیں لے رہی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر چار روز میں حکومتِ پنجاب نے اسٹاف کے رہائش، ہاسٹل اور سروس اسٹریکچرکے مسائل کو حل نہ کیا تو پیر سے پنجاب اسملبی کے باہر مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں :  کسانوں کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا، 1 کسان جاں بحق

     واضح رہے گزشتہ دنوں پنجاب اسمبلی کے باہر پنجاب بھر سے آئے کسانوں نے بھی اشیاء کی درآمد، ٹیوب ویل کی بجلی کے نرخوں میں اضافے اور فصلوں کی جائز قیمتیں مقرر نہ کیے جانے کے خلاف مظاہرہ کیا تھا، جس میں ایک کسان شدید گرمی کے باعث حرکت قلب بند ہونے سے جاں بحق ہوگیا تھا تاہم مطالبات تسلیم ہونے کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا تھا۔

    قبل ازیں پنجاب ٹیچرز یونین نے بھی تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف کفن پوش دھرنا دیا تھا جو دو روز بعد مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی پر ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔