Tag: پنجاب اسمبلی
-
الطاف حسین پرویز مشرف کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں،میاں محمود الرشید
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ الطاف حسین جو زبان استعمال کررہے ہیں، کوئی محب وطن ایسا نہیں کہہ سکتا، وہ اسطرح کی باتیں کرکے پرویز مشرف کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔
لاہور میں مجسٹریٹ کے جرمانے کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہونے والے مزدور کے اہلخانہ سے تعزیت کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے بیان کی پوری پنجاب اسمبلی مذمت کرے گی، الطاف حسین کو اُس وقت مسائل کیوں یاد نہیں آئے جب وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ حکومت کے مزے لوٹ رہے تھے۔
آج سندھ ون اور سندھ ٹو کیوں یاد آرہا ہے، ایسے حالات میں اس طرح کی باتیں پاکستان کونقصان پہچانے کی سازش ہے، میاں محمود الرشید نے کہا کہ شہباز شریف صرف میڈیا پر ڈرامے کرنا جانتا ہے ، وہ غریب عوام کےلیے کچھ نہیں کرسکتا، آج تک غربت اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کےلیے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔
شہباز شریف اور انکی ٹیم رزق حلال کمانے والوں کے گلے پر چھری پھیر رہی ہے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالا جاتا، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایک پالک فروش کو پانچ ہزار جرمانہ کیا گیا۔ اسے دل کا دورہ پڑا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
خیبر پختون خواہ میں پنجاب سے بہتر حالات ہیں، آئندہ چھ ماہ میں لوگ کے پی کے میں انقلاب محسوس کرینگے، ہیلی کاپٹر پر گھومنے والے مہنگائی کنٹرول نہیں کرسکتے انہیں صرف ہوائی سیر سپاٹوں کا شوق ہے۔
-
الطاف حسین کے بیان پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد ِمذمت جمع
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف نے سندھ میں وسائل کی تقسیم کے حوالےسے الطاف حسین کے بیان کے خلاف قرارداد مذمت جمع کرادی، مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے قرارداد کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد ِحزبِ اختلاف میاں محمود الرشید نے اپنے قرار داد میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے حیدر آباد میں اپنے خطاب کے دوران ملک توڑنے کی بات کی ہے جو قابل مذمت ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کے بیانات ملکی سلامتی کے خلاف ہیں اور وہ ان کی مذمت کرتے ہیں، قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ الطاف حسین کے ملک توڑنے کے بیانات کا نوٹس لیا جائے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ انکی جماعت پنجاب اسمبلی میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان پر جمع کرائی جانے والی قرار داد کی حمایت نہیں کرے گی۔