Tag: پنجاب حکومت

  • چالیس منٹ لیٹ آنے والا ٹیچر غیر حاضر تصور ہوگا،محکمہ تعلیم پنجاب

    چالیس منٹ لیٹ آنے والا ٹیچر غیر حاضر تصور ہوگا،محکمہ تعلیم پنجاب

    فیصل آباد: محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولوں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا جس میں چالیس منٹ تاخیر سے آنے والا ٹیچر غیر حاضر تصور ہوگا۔

    تفصیلات کےمطابق محکمہ تعیم پنجاب نےسرکاری اسکولز کی مانیٹرنگ کرنے والے اہلکاروں کےلیے نیاہدایت نامہ جاری کردیا جس میں مانیٹرنگ ایویلیوایشن اسسٹنٹس اسکول ٹائمنگ کے دوران پہلے تیس منٹ میں اور آخری تیس منٹ میں سکول وزٹ نہیں کریں گے۔

    پنجاب حکومت نے نئے ایس او پیز جاری کر دیے جبکہ ایس ڈی او ایجوکیشن کو تمام اسکولز کی ٹائمنگ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    مانیٹرنگ اسسٹنٹ کو دوران اسکول دورہ اساتذہ اور ٹیچر حاضری بھی چیک کرنے،اسکول کونسل رجسٹر، نان سیلری بجٹ اور فروغ تعلیم فنڈ سمیت دیگر ریکارڈ کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    نئے ایس او پیز کے مطابق مانیٹرنگ اہلکار فری کتابوں کی تقسیم کا بھی جائزہ لیں گے اور بغیر یونیفارم بچوں کی نشاندہی کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مانیٹرنگ اسسٹنٹس کو وزٹ فارم کی تصویر بنا کر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

  • پنجاب کی 63 کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد

    پنجاب کی 63 کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد

    لاہور: پنجاب حکومت نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے 63 کالعدم تنظیموں پر پابندی عائد کردی۔ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں کالعدم تنظیموں کی فہرست ضلعی ایڈمنسٹریٹرز کو ارسال کردی ہے تاکہ پابندی کا عملی نفاذ ممکن ہوسکے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 63 کالعدم تنظیمیں عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع نہیں کرسکیں گی، حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ کالعدم تنظیمیں کسی بھی صورت عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی مجاز نہیں ہیں۔

    کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے خواہش مند تنظیمیں ڈی سی اوز کو درخواستیں دیں گی جس کے بعد ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی اپنے اجلاس میں تنظیموں کو بتائے گئے خاص مقامات سے کھالیں جمع کرنے کی اجازت دے گی۔

    اس بات کی خاص طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

    دریں اثناء منہاج القرآن فاؤنڈیشن پر فی الحال کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے مگر حکومت پنجاب ڈی سی اوز کو زبانی طورپرپابندی لگانے کا کہہ سکتی ہے۔

    ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیاں مختلف اضلاع میں مہناج القرآن فاؤنڈیشن کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت سے روک سکتی ہیں۔

    سندھ حکومت نے تنبیہہ کی ہے کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی پابندی عائد کررکھی ہے۔

  • اورنج لائن منصوبہ: عدالتی فیصلے کے خلاف حکومتی اپیل کا ڈرافٹ تیار

    اورنج لائن منصوبہ: عدالتی فیصلے کے خلاف حکومتی اپیل کا ڈرافٹ تیار

    لاہور: اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی اپیل کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا جسے منظوری کے لیے وزیراعلی پنجاب کو بھجوا دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ حارث نے اپیل تیار کر لی ہے جو وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ میں دائر کردی جائے گی۔ اپیل کے مطابق پنجاب حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے حاصل کی گئی اراضی کے لیے تمام قواعد و ضوابط پورے کیے گئے،پی سی ون، پی سی ٹو اور پی سی تھری بھی قانون کے مطابق ہی تیار کیے گئے۔

    اپیل میں‌ کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں پی سی ون، پی سی ٹو اور پی سی تھری مسترد قرار دینے کی وجوہات بیان نہیں کیں، پنجاب حکومت کے مطابق عدالت عالیہ کے فیصلے کی وجہ سے چائنیز بینک نے قرضے کی اقساط روک لی ہیں جس کی وجہ سے قرضہ بڑھ رہا ہے اور قرضے کی اقساط بھی واپس کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں،لاہور ہائی کورٹ کے اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق فیصلے میں ابہام پائے جاتے ہیں۔

    مزید کہا گیا ہے کہ پالیسی معاملات میں عدالتیں مداخلت نہیں کر سکتیں، اورنج لائن ٹرین وسیع تر منصوبہ مفاد عام کا منصوبہ ہے،اورنج لائن ٹرین منصوبہ، مستقبل کے میگا پراجیکٹس کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے، میگا پراجیکٹ، مستقبل کے بڑے منصوبوں کے بارے میں ترجیحات طے کرے گا, اپیل میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

  • لاپتا بچوں کی بازیابی کے لیے پنجاب حکومت کی ویب سائٹ قائم

    لاپتا بچوں کی بازیابی کے لیے پنجاب حکومت کی ویب سائٹ قائم

    لاہور: سپریم کورٹ کے حکم پر لاپتا بچوں کی بازیابی کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ویب سائٹ بنا دی۔ ویب سائٹ پر گمشدہ اور بازیاب بچوں کی تفصیلات شائع کر دی گئی ہیں۔

    web-post-1

    پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے لاپتا اور گمشدہ بچوں کی تفصیلات پر مبنی ویب سائٹ متعارف کرا دی ہے۔ویب سائٹ پرچائلڈ پروٹیکشن بیورو ،یتیم خانوں،ایدھی ہوم اور ایس او ایس ویلج میں موجود لاپتا بچوں اور گم ہونے والے بچوں کی تمام تر تفصیلات بھی شائع کی گئی ہیں۔

    web-post-2

    سپریم کورٹ کے حکم پر متعارف کرائی جانے والی ویب سائٹ پر اس وقت 40 بچیوں اور 126 لاپتا اور بازیاب بچوں کی تفصیلات موجود ہیں۔

    سپریم کورٹ کے حکم پر قائم لاپتا بچوں کی کمیٹی کے مطابق ویب سائٹ بنانے کا مقصد بچوں کی بازیابی اور ان کی گھروں تک محفوظ واپسی کو یقینی بنانا ہے کیونکہ بچوں کی بازیابی کے لیے پولیس روایتی سستی کا مظاہرہ کر رہی تھی تاہم اب پولیس کی کارکردگی کو مانیٹر کر کے پولیس کو تکنیکی معاونت فراہم کی جا رہی۔

  • پنجاب: 310 بچے تاحال لاپتا، حکومت کیا کررہی ہے؟ سپریم کورٹ برہم

    پنجاب: 310 بچے تاحال لاپتا، حکومت کیا کررہی ہے؟ سپریم کورٹ برہم

    لاہور: سپریم کورٹ نے بچوں کے اغوا کے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر بچوں کے اغوا کے متعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں تو اس کا مقصد کیا ہے اوران لوگوں کے خلاف کیا کارروائی کی جارہی ہے۔

    170 بچے بازیاب کرالیے،310 لاپتا ہیں، ایڈووکیٹ جنرل

    سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سینئر جج جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پنجاب میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں پر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔  عدالتی حکم پر قائم کمیٹی کے سربراہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ جتنی شکایات موصول ہوئیں ان کے مطابق 310 بچے ابھی تک لاپتا ہیں تاہم 170 بچوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

    دیگر اداروں کو معاونت کا حکم دیا جائے، کمیٹی

    کمیٹی نے عدالت کو بتایا کہ رپورٹ پولیس کی جانب سے بھجوائے گئے اعداد وشمار کی بدولت بنائی گئی ہے تاہم دیگر اداروں کو کمیٹی کی معاونت کا حکم دیا جائے تاکہ مصدقہ اعداد وشمار مل سکیں۔

    اغوا کی افواہیں زیادہ کیسز کم ہیں،ایڈیشنل آئی جی

    ایڈیشنل آئی جی اور ڈی پی او اوکاڑہ سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ آئی جی پنجاب نے اس معاملے کی انکوائری کے لیے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاہم اغوا کے متعلق افواہیں زیادہ پھیلائی جا رہی ہیں زیادہ تر بچے گھروں سے بھاگ جاتے ہیں یا گم ہوجاتے ہیں جن کے والدین اغوا کا مقدمہ درج کروا دیتے ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ حساس معاملہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

    اعضا نکالنے والا کوئی گروہ سامنے نہیں آیا، ایڈووکیٹ جنرل

    ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ بچوں کے اعضا نکالنے والا کوئی گروہ سامنے نہیں آیا جس پر عدالت نےریمارکس دیے کہ بچوں کے اغوا کے حوالے سے خوف کم کیا جائےاور بتایا جائے کہ افواہیں پھیلانے والوں کا مقصد کیا ہے۔ عاصمہ جہانگیر نے بیان دیا کہ یہ بات غلط ہے کہ بچوں کو اغوا کرنے والے گینگ موجود نہیں پولیس کی اپنی رپورٹ میں بچوں کو اغوا کرنے والے گینگز کی موجودگی کا اقرار کیا گیا ہے۔

    تیرہ سال سے کم عمر بچوں کے اعضا کی پیوند کاری نہیں ہوتی، جامعہ کنگ ایڈورڈ

    انھوں نے عدالت کو بتایا کہ بچوں سے منشیات فروشی اور گداگری کروانے گروہ موجود ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی نے بیان دیا کہ تیرہ سال سے کم عمر بچوں کے اعضا کی پیوند کاری نہیں ہوتی تیرہ سال کے بعد بچوں کے اعضا کی پیوند کاری ہوتی ہے مگر اس کے لیے بھی حکومت سے باقاعدہ اجازت لی جاتی ہے اور اس کے لیے اسپتال مخصوص ہیں۔

    کمیٹی کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ عدالت نے مغوی بچے کے والد سینئر سول جج یوسف ہارون کی درخواست کو کیس سے الگ کرتے ہوئے اس کی اِن کیمرا سماعت کے احکامات بھی جاری کیے۔

  • اورنج لائن منصوبہ، پنجاب حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی

    اورنج لائن منصوبہ، پنجاب حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی

    لاہور : وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے اورنج لائن منصوبے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کیخلاف پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے رائے ونڈ میں فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن منصوبے پرعدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ فیصلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا کیونکہ یہ عوامی مفاد کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے منصوبے کو عوامی مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یومیہ تین لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

    مزید پڑھیں : اورنج لائن منصوبہ: لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارتوں کے قریب تعمیرات سے روک دیا

    واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارات متاثر ہونے کی وجہ سے ان سے 200 فٹ دور تعمیرات روکنے کا حکم دیا تھا جس کی وجہ سے اس منصوبے کو شالامار باغ اور چوبرجی کے نزدیک روک دیا گیا ہے۔

    عدالت نے محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام این او سی کالعدم قرار دے دیئے، عدالت نے منصوبے سے ہونے والی ممکنہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف دائر تمام درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔

     

  • پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ، عملے کو طالبان نے پکڑ لیا

    پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ، عملے کو طالبان نے پکڑ لیا

    اسلام آباد: پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے سبب افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ کرگیا جہاں طالبان نے ہیلی کاپٹر میں موجود سات افراد کو یرغمال بنالیااور ہیلی کاپٹر نذر آتش کردیا۔

    اطلاعات کے مطابق پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 جمعرات کی صبح 8بج کر 45منٹ پر پشاور سے ازبکستان جانے کے لیے روانہ ہوا تھا راستے میں افغانستان کے اوپر سے گزرتے ہوئے فنی خرابی کے سبب اسے ہنگامی طور پر افغان صوبے لوگر میں لینڈ کرنا پڑا، پائلٹ اور عملے سمیت ساتوں افراد ہنگامی لینڈنگ میں محفوظ رہےلیکن وہاں اترنے پر علاقے میں موجود طالبان کے کارندوں نے انہیں پکڑلیا۔

    اطلاعات ہیں کہ طالبان نے ساتوں افراد کو یرغمال بنا کر ہیلی کاپٹر کو نذر آتش کردیا، ہیلی کاپٹر پنجاب حکومت کی ملکیت ہے اور مرمت کے لیے ازبکستان جارہا تھا۔

    فوری طور پر طالبان کی جانب سے تاوان یا کوئی اور مطالبہ سامنے نہیں آسکا، ہیلی کاپٹر کی بازیابی اور کے لیے حکومت، پاک فوج اور دفتر خارجہ کی جانب سے نیٹو اور افغان حکام سے رابطوں کے ذریعے ان افراد کی بازیابی کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔یرغمال بنائے گئے تمام افراد پاکستانی اور سویلین ہیں تاہم ایک فرد روسی ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ ہیلی کاپٹر کی مرمت کا شیڈول طے تھا اور وہ مرمت کے لیے ہی ازبکستان جارہا تھا کہ یہ واقعہ پیش آگیا۔

    logar-post - Copy

    ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی فہرست اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی جس کے مطابق عملے میں ایک پائلٹ، کو پائلٹ اور اسسٹنٹ پائلٹ شامل ہیں ان کے نام ریٹائرڈ کرنل صفدر، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل شفیق، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل ناصر، ریٹائرڈ حوالدر کوثر، ریٹائرڈ میجر صفد ، سویلین شہری دائود اور روسی ہوا باز سرگئی سیواس تیانوف ہیں۔

    صوبہ لوگر کے گورنر نے ہیلی کاپٹر کے متی کے علاقے میں گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہیلی کاپٹر گرتے ہی آگ کی لپیٹ میں آگیا، اس میں سوار افراد مقامی طالبان کے قبضے میں ہیں۔افغان آرمی نے بھی ہیلی کاپٹر کے گرنے کی تصدیق کردی۔افغان میڈیاکے مطابق طالبان نے ہیلی کاپٹر کو آگ لگادی۔

    اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر 11 برس قبل ازبکستان سے خریدا گیا تھا جس کی مرمت کی مد میں حکومت پنجاب نے 24 کروڑ روپے منظور کیے ،افغانستان سے ہیلی کاپٹر گزرنے کی باقاعدہ اجازت لی گئی تھی جسے ازبکستان کے شہر بخارا پہنچنا تھا،ہیلی کاپٹر کا ٹیل نمبر اے پی بی جی ایف جو برف اور سمندر میں بھی لینڈ کرسکتا ہے

    یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بیک ڈور چینل کے ذریعے طالبان سے رابطے کیے جارہے ہیں کیوں کہ جہاں ہیلی کاپٹر  اترا ہے وہ علاقہ طالبان کے زیر انتظام ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے پر تمام متعلقہ وفاقی اداروں سے رابطے میں ہوں۔

  • پنجاب میں‌ غیر قانونی افغان بازاروں کی بندش، مساجد سے افغان پیش امام ہٹانے کا حکم

    پنجاب میں‌ غیر قانونی افغان بازاروں کی بندش، مساجد سے افغان پیش امام ہٹانے کا حکم

    لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں قائم تمام غیر قانونی افغان مارکیٹیں بند کرنے اور مساجد سے افغان پیش امام ہٹانے کا حکم جاری کردیا ساتھ ہی افغان باشندوں کو مقامی تھانے میں رجسٹرڈ ہونے کی ہدایات بھی جاری کردیں۔

    Govt decides to remove Afghan bazaar by arynews

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے احکامات کے بعد پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی آگئی اور انہیں وطن واپس بھیجنے کے لیے موثر اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

    حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں قائم تمام غیر قانونی افغان بازار فوری طور پر بند کرنے، ،مالک مکان کو افغان کرایہ داروں کے کوائف جمع کرانے اور رجسٹریشن چھ ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کےمراسلے میں کہا گیا ہے کہ افغان باشندوں کی رجسٹریشن 6 ماہ میں مکمل کی جائے، افغان باشندوں کو مقامی تھانوں میں رجسٹر کیا جائے، تمام مالک مکان اپنے افغان کرایہ داروں کی تفصیلات مقامی تھانوں میں لازمی جمع کرائیں۔

    مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام مساجد سے افغان پیش امام بھی ہٹا دیئے جائیں، محکمہ ایکسائز اور ٹریفک پولیس غیر قانونی افغان ٹرانسپورٹ اور ڈرائیورز کے کاغذات اور لائسنس چیک کرے۔

  • جہلم میں میاں شہبازشریف پل بننے سے پہلے زمین بوس ہوگیا

    جہلم میں میاں شہبازشریف پل بننے سے پہلے زمین بوس ہوگیا

    جہلم: میاں شہبازشریف پل بننے سے پہلے زمین بوس ہو گیا،تینتیس کروڑ لاگت کی تعمیر سے بننے والے پل کا سنگ بنیاد 2014 میں رکھاگیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر جہلم میں نالاگھاہن پر زیر تعمیر میاں شہباز شریف پل گرگیا.

    میاں شہباز شریف پل کا سنگ بنیاد 2014 میں پنجاب حکومت کے صوبائی وزیر اسلم سیٹھی نے رکھا تھا.

    صوبائی حکومت کی جانب سے جہلم شہر میں بننے والے میاں شہباز شریف پل کی تعمیر کا تخمینہ 33 کروڑ روپے لگایا گیا تھا،لیکن صرف دوسال میں ہی یہ پل زمین بوس ہوگیا.

  • لاہور : 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں ڈی ایس پی کی ضمانت منظور

    لاہور : 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں ڈی ایس پی کی ضمانت منظور

    لاہور: مقامی عدالت نے 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں ڈی ایس پی عمران بابر کی ضمانت منظور کرلی،عدالت نے رہائی کا حکم دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی عمران بابرجمیل کو 5 مئی کو 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار کرکے سات روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا،جبکہ عمران بابر کا کہنا تھا اس کے خلاف سازش کی گئی ہے.

    جمعرات کے روز عمران بابر عدالت میں پیش ہوا، اس کا کہنا تھا کہ اس کے لڑکی کے خاندان کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں، لہذا عدالت ضمانت کی درخواست قبول کر کے رہائی کاحکم دے.

    عدالت نے عمران بابر کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے پر رہائی کا حکم دے دیا.

    یاد رہے عمران جمیل بابر کو آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا نے 20 فروری کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دیا تھا، گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا تھا.