لاہور : صنعتی فضلے کے زہریلے پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کی فصلیں تلف کردی گئیں، پنجاب کے کئی شہروں میں سیوریج کے پانی سے سبزیاں اگائی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کی صحت خراب کرنے والے کھیت اجاڑ دیئے گئے، مضر صحت اشیاء کو جڑ سے ختم کرنے کی پالیسی کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 673 ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلوں کو ہل چلا کر ضائع کردیا۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں گدھے کے گوشت ، مضر صحت دودھ اور جعلی کولڈ ڈرنکس کی فروخت کیخلاف کامیاب کارروائی کے بعد پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے مضافاتی علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے سیوریج کے پانی سے کھڑی سبزی کی فصلوں پر ٹریکٹر چلوادیئے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ان زمینوں پر سبزیاں صنعتی فضلے کے زہریلے پانی سے اگائی گئی تھیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایسے کھیتوں کو ریڈ زون میں رکھ لیا ہے جن کے خلاف کارروائی آئندہ بھی ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں پینے کا پانی زہریلا ہوگیا، عالمی ادارہ صحت
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی مضر صحت سبزیاں منڈی پہنچنے سے پہلے یہاں کارروائی کرے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔