Tag: پنجاب میں بارش

  • بلوچستان میں بارش نے پھر تباہی مچا دی، پنجاب میں بارش سے مکانات منہدم

    بلوچستان میں بارش نے پھر تباہی مچا دی، پنجاب میں بارش سے مکانات منہدم

    کوئٹہ/لاہور: بلوچستان اور پنجاب میں بارشوں نے پھر تباہی مچا دی، بلوچستان کے 17 اضلاع میں سیلابی صورت حال ہے، جب کہ پنجاب میں بھی کئی علاقے سیلاب کی زد پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے کئی اضلاع میں سیلابی صورت حال ہے، اوتھل ندی میں 2 گاڑیاں بہہ گئیں، جن میں سوار مسافروں کو بچا لیا گیا، ریلا متبادل راستے کو بھی بہا لے گیا ہے۔

    کوئٹہ اور کراچی کے درمیان ٹریفک معطل ہو گئی ہے، جھل مگسی کے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب ہیں، ڈیرہ بگٹی میں موسلادھار بارش سے کچے مکانات گر گئے ہیں، سبی میں سیلابی ریلا سڑکیں بہا لے گیا۔

    سبی میں 20 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، نصیرآباد میں کئی لوگ سیلاب میں اب بھی پھنسے ہوئے ہیں، کوہلو میں بارش سے مزید درجنوں کچے مکانات منہدم ہو گئے، جن میں 2 افراد جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت 5 زخمی ہو گئے، قلات کے ندی نالے بھی بپھر گئے ہیں جن سے کچے مکانوں کو نقصان پہنچا۔

    اندرون سندھ بارشوں سے زندگی کا پہیہ جام، دادو میں طوفانی بارش کے خاتمے کے لیے اذانیں

    پنجاب میں بارش سے مکانات گرنے کے بے تحاشا واقعات رونما ہوئے ہیں، بہاولنگر میں مکان کی چھت گرنے سے 3 خواتین جاں بحق ہوئیں، خان پور میں ایک شخص جاں بحق، اور بھکر میں 11 افراد زخمی ہوئے۔

    جنوبی پنجاب میں بھی بارشوں سے تباہی مچ گئی ہے، تونسہ کے درجنوں دیہات ڈوب چکے، روجھان کے کوہی نالے میں طغیانی سے بند ٹوٹ گیا، جس سے متعدد بستیاں زیر آب آ گئیں، بھکر میں انڈر پاس بھر گیا، سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔

    بلوچستان اور پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں، فوج کے دستے ڈی جی خان،ر اجن پور، نصیر آباد، لسبیلہ میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، متاثرہ آبادی اور ان کے سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

  • پنجاب میں بارشوں سےتباہی،10 ہلاک،100سے زائد زخمی

    پنجاب میں بارشوں سےتباہی،10 ہلاک،100سے زائد زخمی

    لاہور: پنجاب بھر میں ہونیوالی موسلا دھار طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں دس افراد زندگی سے محروم جبکہ سو سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف شہروں میں بارشوں کے بعد نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ کئی شہروں میں سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں پانی جمع ہو گیا۔ پنجاب بھر میں موسلا دھار طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔

    لاہور رائیونڈ روڈ پرگودام کی چھت گرنےسےتین افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنےوالوں میں حنیف مسیح ،سنیل مسیح اور ندیم شامل ہیں، جبکہ ایک زخمی مرتضی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ لاہورگرین ٹاؤن میں مکان کی چھت گرنےسے سات افراد زخمی ہوئے۔

    جھنگ میں بارش کے باعث دیواریں اورچھتیں گرنے سےپانچ افراد جان کی بازی ہار بیٹھے۔ تین خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوئے۔ بہاولپور میں بارشوں کےباعث حادثات میں دوسنیٹری ورکرہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔

    بائی پاس کے قریب بارش سےکار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ تین افراد شدید زخمی ہوگئے، ڈیزرٹ کینال میں اوور فلو کی وجہ سے شگاف پڑگئے۔

    رنگ پور میں سڑکیں اورگلیاں تالاب کامنظر پیش کرنےلگیں، رات گئے ہونیوالی بارش اور آندھی سےکئی گھروں کی دیواریں گر گئیں۔ دنیا پور میں گلیوں اوربازاروں میں گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہوگیا۔ شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔

    ڈی جی خان میں چھتیں گرنےسے تیئس افراد زخمی ہوئے۔ راجن پورمیں کوہ سلیمان پر بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس سےنشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ میاں چنوں میں بارش کےدوران دیوارگرنے سے تین خواتین سمیت چارافراد زخمی ہوگئے۔

    اس کے علاوہ نارووال، صادق آباد، چشتیاں، جہانیاں، سیالکوٹ اور دوسرے شہروں میں بھی سڑکیں اورگلیاں ندی نالے کا منظر پیش کررہی ہیں۔