لاہور : پنجاب میں حکومت سازی کے لئے مسلم لیگ ن کی نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ن لیگ کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کیلئے ن لیگ کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج جاتی امرا میں ہوگا، اجلاس کی صدارت مسلم لیگ ن کی نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کریں گی۔
اجلاس میں پنجاب سے نو منتخب ن لیگی ارکان اسمبلی شرکت کریں گے، جس میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔
اجلاس میں حکومت سازی، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب پر مشاورت ہوگی، نومنتخب لیگی ارکان پنجاب اسمبلی کو بھی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
گذشتہ روز نامزدوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہداخترزمان اورآئی جی پنجاب نے ملاقات کی تھی اور مریم نواز کو صوبے کی انتظامی وامن کی صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔