لاہور: مہنگائی کے ہاتھوں پاکستان کے عوام مسلسل پس رہے ہیں اور آٹے، چاول جیسی ضروری اجناس کی قمیتوں میں بھی تواتر کے ساتھ اضافہ جاری ہے، پنجاب میں گندم کی قیمت میں اضافے کے بعد 40 کلو آٹے کی قیمت 4700 روپے ہو گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں گندم کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور اوپن مارکیٹ میں 40 کلو آٹے کی قیمت بڑھ کر 4700 روپے تک پہنچ چکی ہے، فلور ملز مالکان نے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔
صوبے کی مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2800 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 75 روپے مہنگا ہونے کے بعد 1450 روپے کا ہو گیا۔
واضح رہے کہ ادارہ شماریات نے کچھ دنوں قبل آٹے کی قیمتوں کے اعداد وشمار جاری کیے تھے جس کے مطابق ملکی تاریخ میں آٹے کی قیمت ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئی ہے، شہرِ قائد کے باسی سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں اور وہ ایک کلو آٹا145 سے 155 روپے کے درمیان میں خرید رہے ہیں۔