Tag: پنجاب میں کرونا وائرس

  • مشترکہ حکمت عملی، آل پارٹیز وڈیو لنک کانفرنس آج ہوگی

    مشترکہ حکمت عملی، آل پارٹیز وڈیو لنک کانفرنس آج ہوگی

    لاہور: آج لاہور میں کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے سلسلے میں پیپلز پارٹی پنجاب کے زیر اہتمام اے پی سی منعقد ہو گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کی آل پارٹیز وڈیو لنک کانفرنس آج دوپہر 2 بجے قمر زمان کائرہ کی زیر صدارت ہوگی، اے پی سی میں حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔

    کرونا سے نمٹنے اور بے روزگار محنت کشوں کا مسئلہ کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل ہے، پنجاب میں کرونا لاک ڈاؤن کی کامیابی کے لیے تجاویز بھی مرتب کی جائیں گی، آٹے اور دیگر اشیا کی قلت اور مہنگائی بھی کانفرنس میں زیر بحث آئیں گے۔

    کرونا وائرس: سندھ میں کیسز کی تعداد 627، پنجاب میں 658 ہو گئی

    قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا سے جنگ صرف باہمی اشتراک اور اتفاق رائے سے ممکن ہے، پنجاب کی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی کوشش کی جائے گی، قوم کو تقسیم کرنے کی بجائے باہمی اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے، حکومت کو ریلیف کے لیے تجاویز دی جائیں گی اور کرونا سے لڑنے کی مہم میں حکومتی غلطیوں کی نشان دہی کی جائے گی، اے پی سی میں پنجاب کی تمام سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما حسن مرتضیٰ نے اس سلسلے میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کو فون کرتے ہوئے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی جسے انھوں نے قبول کر لیا تھا، حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ نے مشاورت سے مشترکہ حکمت عملی بنائے جانے پر اتفاق کیا۔ انھوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی اور ن لیگ بھی دعوت قبول کر چکے ہیں، حکمران جماعت تحریک انصاف کو بھی اے پی سی کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

    ادھر آج اپوزیشن رہنما شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کمیٹی اجلاس بلا کر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاؤن ہوگا یا نہیں؟

  • پنجاب میں کرونا وائرس ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے وینٹی لیٹرز کی شدید قلت

    پنجاب میں کرونا وائرس ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے وینٹی لیٹرز کی شدید قلت

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے وینٹی لیٹرز کی شدید قلت سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں وینٹی لیٹرز کی قلت کا مسئلہ سامنے آ گیا ہے، دوسری طرف صوبے میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ کیا جا چکا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پنجاب کے اسپتالوں میں 10 کروڑ کی آبادی کے لیے صرف 882 وینٹی لیٹرز ہیں، پنجاب کی آبادی کے لحاظ سے 1 لاکھ 13 ہزار لوگوں کے لیے صرف 1 وینٹی لیٹر موجود ہے، لاہور کے 6 بڑے اسپتالوں میں صرف 406 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔

     میو اسپتال میں کورونا وائرس کا مشتبہ مریض دم توڑ گیا

    پی ایم ڈی سی رولز کے مطابق ٹیچنگ اسپتالوں میں 5 ہزار وینٹی لیٹرز ہونے چاہئیں، دوسری طرف گنگا رام اسپتال میں 27، چلڈرن اسپتال میں صرف 99 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں، میو اسپتال میں 82، جناح اسپتال میں بھی صرف 78 وینٹی لیٹرز موجود ہیں، سروسز اسپتال میں 72 ، اور جنرل اسپتال میں 48 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔

    پنجاب آنے والے 5 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ پنجاب کابینہ نے صوبے میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کی منظوری دے دی ہے، ایک لاکھ لوگوں کے لیے ایک ہفتے کے اندر علاج کی سہولت گاہ قائم کی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو ضروری سامان کے لیے 24 کروڑ کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے مزید 10 ہزار کٹس بھی منگوائی جا رہی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر اپنا ہیلی کاپٹر بھی محکمہ صحت کے حوالے کر چکے ہیں، ہیلی کاپٹر کو مریضوں کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ادھر آج ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس میں پنجاب میں 6 کیسز کی تصدیق بھی کر دی ہے۔