Tag: پنجاب کرونا وائرس

  • لاہور میں کرونا وائرس سے ایک اور شخص جاں بحق

    لاہور میں کرونا وائرس سے ایک اور شخص جاں بحق

    لاہور: کرونا وائرس سے جناح اسپتال لاہور میں ایک اور شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں ایک اور کرونا وائرس کا مریض جاں بحق ہو گیا ہے، مغل پورہ کے رہایشی 44 سال کے شخص کو 4 روز قبل کوارنٹین سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔

    ایم ایس جناح اسپتال کا کہنا تھا کہ متاثرہ مریض کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا، مریض میں کرونا کی شدید علامات تھیں اور وہ مختلف بیماریوں کا شکار تھا۔

    محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے، جب کہ پنجاب بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 78 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2108 ہو گئی۔

    ترجمان کے مطابق 695 مریضوں کا تعلق زائرین سینٹرز سے ہے، 744 رائے ونڈ سے منسلک افراد ہیں، 58 قیدیوں میں تصدیق ہوئی، جب کہ 744 عام شہری ہیں، اب تک جن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ زائرین کی تفصیل کے مطابق ڈی جی خان میں 220 زائرین، ملتان میں 457 زائرین، فیصل آباد میں 18 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں کا کہنا تھا کہ آج 3 سال کی بچی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد چشتیاں میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہو گئی، 3 خواتین سمیت 5 افراد کو قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھکر کے اسٹنٹ کمشنر کے مطابق آج 11 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جنھیں ڈی ایچ کیو اسپتال بھجوا دیا گیا ہے، قرنطینہ کیے گئے 34 افراد کو ٹیسٹ منفی آنے پر گھر بھیج دیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر پسرور عامر شہزاد کے مطابق شہر میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے، ایران سے آنے والے 53 زائرین میں سے 18 میں کرونا کی تصدیق ہو گئی ہے، 29 زائرین کی رپورٹ نیگٹو ہے جب کہ 6 کی رپورٹ آنا باقی ہے، خیال رہے کہ ایران سے آئے زائرئن ملتان قرنطینہ سے کلیئر ہو کر پسرور پہنچے تھے۔

  • پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا کے علاج کی تیاریاں مکمل

    پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا کے علاج کی تیاریاں مکمل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں اکیس نجی اسپتالوں میں کرونا سے متعلق تیاریاں مکمل کر لی گئیں، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے کرونا کے علاج کے لیے ہونے والے انتظامات کا خصوصی جائزہ بھی لیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق لاہور کے 13، فیصل آباد اور ملتان میں 2،2، گوجرانوالہ میں 3 نجی اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں، راولپنڈی کے ایک اسپتال میں آئسولیشن وارڈ اور آئی سی یو قائم کیا گیا۔

    کورونا سے پاکستان میں 50 اموات، مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز

    ان اسپتالوں میں کرونا مریضوں کے لیے 322 بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی سہولت مہیا کی گئی ہے، 16 نجی اسپتالوں میں کرونا مریضوں سے متعلق رپورٹنگ نظام بھی فعال کرا دیا گیا، ترجمان ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا تھا کہ نجی اسپتال محکمہ صحت کو ڈیش بورڈ کی رسائی دیں گے اور معلومات فراہمی کے پابند ہوں گے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3277 تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 397 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 1493، سندھ میں 881 کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختون خوا میں 405، بلوچستان سے 191 کیسز، اسلام آباد 82، آزاد کشمیر 15، گلگت بلتستان میں 210 کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، ملک میں کیسز کی تعداد 892 ہو گئی

    پنجاب میں کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، ملک میں کیسز کی تعداد 892 ہو گئی

    لاہور: پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نئے اور مہلک کرونا وائرس COVID 19 کا پہلا مریض دم توڑ گیا، پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 7 ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، 57 سالہ شہری افراسیاب لاہور کے میو اسپتال میں زیر علاج تھا۔

    انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرونا وائرس کے باعث ملک میں مشکل وقت چل رہا ہے، لوگ اگر اپنے گھروں میں رہیں تو اس مشکل سے لڑا جا سکتا ہے۔

    دریں اثنا، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 892 ہو چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے کیسز میں 89 کیسز کا اضافہ ہوا۔ وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 63 فی صد مرد اور 37 فی صد خواتین ہیں، متاثرہ 78 فی صد مریضوں کی ٹریول ہسٹری میں ایران شامل ہے۔

    معاون خصوصی کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 399، پنجاب میں 249، بلوچستان میں 110، کے پی میں 38 اور گلگت میں 80 کیسز رپورٹ ہوئے، اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں کرونا وائرس سے ایک شخص بیمار ہوا۔ لاہور کیمپ جیل کے قیدی میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، پاکستان میں کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 6 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  • پنجاب: کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 5 ارب روپے مختص

    پنجاب: کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 5 ارب روپے مختص

    لاہور: پنجاب حکومت نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 5 ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پانچ ارب روپے مختص کر دیے، اس سے قبل صوبائی حکومت نے 23 کروڑ 60 لاکھ کی رقم مختص کی تھی۔

    اطلاعات کے مطابق 27 فروری کو کرونا وائرس کے سلسلے میں مختص کی جانے والی معمولی رقم کا بھی مکمل استعمال نہیں کیا گیا تھا جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ناپسندیدگی کا اظہار کر دیا تھا۔

    پنجاب حکومت نے حفاظتی سامان کے حصول کے لیے این ڈی ایم اے کو 50 کروڑ روپے جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 29 کیسز کی تصدیق

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ماسک اور سینیٹائزر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کر دیا ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاتفریق ایکشن لیا جائے گا، عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو ماسک اور سینیٹائزر کی مقررہ قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے تشخیصی کٹس جلد منگوانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ آج کرونا کے سلسلے میں قائم کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کو رات 7 یا 8 بجے بند کرنے کی تجویز بھی دی گئی، جس پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ کمیٹیوں کو جائزہ لے کر حتمی سفارشات دینے کی ہدایت کی۔

    اجلاس میں گھروں میں بھی شادی کی تقریبات بند کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔