Tag: پنجاب کی خبریں

  • اثاثہ جات کیس: شہباز شریف 5 جولائی کو نیب میں مطلوبہ دستاویزات سمیت طلب

    اثاثہ جات کیس: شہباز شریف 5 جولائی کو نیب میں مطلوبہ دستاویزات سمیت طلب

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو 5 جولائی کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ذرایع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف کو اثاثہ جات کیس میں پانچ جولائی کو طلب کر لیا گیا ہے، شہباز شریف کو مطلوبہ دستاویزات ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    اس سے قبل نیب صاف پانی اور آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں بھی شہباز شریف کو طلب کر چکا ہے۔

    خیال رہے کہ شہباز شریف اور ان کے صاحب زادوں حمزہ اور سلمان کے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اہم پیش رفت ہو چکی ہے، زیر حراست ملزم شاہد شفیق کے انکشافات پر مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کمپنی کرپشن کیس، شہباز شریف آج نیب میں پیش ہوں گے

    ملزم پر شریف فیملی کے لیے مبینہ منی لانڈرنگ کا الزام ہے، موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزمان کروڑوں روپے شریف فیملی کے اکاؤنٹس میں منتقل کرتے رہے۔

    پچھلی بار نیب نے شریف فیملی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کے پورے خاندان کو بیان کے لیے طلب کیا تھا۔

    لیگی صدر کو نیب لاہور نے 13 مئی کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن کیس میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی، لیکن شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے تھے۔

  • اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    اسلام آباد: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے ریل حادثات کی وجہ اضافی ریل گاڑیوں کو قرار دے دیا، کہا اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریل سیکورٹی کی تمام ایس او پیز پر کمپرومائز کیا ہے، صدر کو خوش کرنے کے لیے انھوں نےدھابیجی ایکسپریس چلائی۔

    سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ن لیگ دور میں ریلوے کے ایندھن کا ذخیرہ 20 روز کا تھا، موجودہ حکومت میں ریلوے کے ایندھن کا ذخیرہ 3 دن رہ گیا ہے۔

    سعد رفیق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریل کرایوں میں اضافے کی بھی شدید مذمت کی، کہا تبدیلی سرکار نے ریلوے کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا، ن لیگ نے ریلوے ریونیو کو 50 ارب تک پہنچایا تھا، ریلوے کا سالانہ ترقیاتی بجٹ بھی 40 ارب تک پہنچایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  شیخ رشید کو وزارت ملنے کے بعد ریل حادثات بڑھ گئے: اپوزیشن، استعفے کا مطالبہ

    انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریلوے کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 16 ارب رکھے ہیں، جب کہ اس بجٹ میں ریلوے کے خسارے کا تخمینہ بھی 39 ارب لگایا گیا۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے آنے کے ساتھ ہی ریل کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، دو روز قبل ریل کرایوں میں دوبارہ 7 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    متعلقہ خبر:  سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو سالانہ 100 ارب روپے بجٹ درکار ہے، باقی اداروں کی طرح پاکستان ریلوے کو بھی تباہ کر دیا گیا، تبدیلی سرکار منتخب کرانے والے تبدیلی کے مزے لے رہے ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے پر بھی حکومت قوم سے جھوٹ بول رہی ہے، ایم ایل ون پر چین سے معاہدہ نہیں محض ایم او یو ہوا۔

  • فرشتہ قتل کیس: پولیس نے بلائنڈ کیس حل کر لیا، مرکزی ملزم نثار گرفتار

    فرشتہ قتل کیس: پولیس نے بلائنڈ کیس حل کر لیا، مرکزی ملزم نثار گرفتار

    اسلام آباد: ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد وقار الدین سید نے کہا ہے کہ فرشتہ قتل کیس کے مرکزی ملزم نثار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشن وقارالدین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے دن رات محنت کر کے فرشتہ قتل کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ڈی آئی جی آپریشن نے بتایا کہ کیس کے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں کیوں کہ یہ ایک اندھا کیس تھا۔

    وقار الدین سید کا کہنا تھا کہ ملزم نثار کے خلاف 2 بچیوں سے زیادتی کی کوشش کے مقدمات درج ہیں، اہل علاقہ نے بھی ملزم کے خلاف گواہی دی۔

    ڈی آئی جی آپریشن نے کہا کہ قصور میں زینب کا کیس ہوا، یہ بھی اسی طرح کا ہائی پروفائل کیس تھا، لیکن یہ بلائنڈ کیس تھا، کوئی ڈی این اے ثبوت موجود نہیں تھا۔

    انھوں نے کہا کہ فرانزک کے مطابق بچی سے زیادتی سامنے نہیں آئی ہے، ایک شخص کا پتا چلا جو بچی کو تنگ کرتا تھا، پھر ٹیکنیکل طریقے سے اس شخص کا خاکہ تیار کیا گیا۔

    واضح رہے ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی فرشتہ نامی 10 سالہ بچی کو پچھلے ماہ اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ والدین نے درج کروانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے بد ترین غفلت کا مظاہرہ کیا، بعد ازاں ملزمان نے فرشتہ کی لاش قریبی جنگل میں پھینک دی تھی۔

    اس کیس میں اسپتال انتظامیہ نے بھی پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ ساڑھے 6 بجے کے بعد وقت ختم ہو جاتا ہے۔ کیس میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    آئی جی نے غفلت برتنے پر تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ایس ایچ او کو معطل کیا، وزیر اعظم نے نوٹس لیا، ڈی ایس پی عابد کو معطل کیا گیا، جوڈیشل انکوائری کے لیے کمیشن قایم کیا گیا، وزیر اعظم کو پیش کردہ انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا کہ فرشتہ کے والدین سے پولیس افسران نے تھانے کی صفائی کروائی۔

    رپورٹ کے مطابق فرشتہ کے والد نے پہلی بار 15 مئی کو گم شدگی کی رپورٹ دی، کیس کی باضابطہ ایف آئی آر 19 مئی کو درج کی گئی، بچی کی میت 20 مئی کو برآمد ہوئی۔

  • چینی کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہیں ہونے دیں گے: مشیر تجارت

    چینی کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہیں ہونے دیں گے: مشیر تجارت

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چینی کی طلب اور سپلائی کی مجموعی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں چینی کی قیمتوں سمیت شوگر انڈسٹری کے لیے طویل مدتی پالیسی پر تبادلۂ خیال کیا گیا، رزاق داؤد نے کہا کہ طویل مدتی پالیسی لانے کا مقصد مسائل کا مستقل حل ہے۔

    مشیر تجارت نے کہا کہ ملک میں چینی کے اسٹاک کی موجودہ صورتِ حال تسلی بخش ہے، چینی کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہیں ہونے دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  رواں سیزن میں پنجاب میں 133 ارب روپے کا گنا خریدا گیا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    عبد الرزاق داؤد نے ایف بی آر اور کین کمشنرز کو ہدایت کی کہ چینی کے ذخیرے کا جائزہ لیا جائے، اور ایف بی آر اور کین کمشنرز ایک ہفتے میں رپورٹس جمع کرائیں۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ چینی برآمدات کے لیے اسٹیٹ بینک نے 5 لاکھ میٹرک ٹن کوٹہ منظور کر لیا ہے۔ انھوں نے اجلاس میں یہ ہدایت بھی کی کہ شوگر انڈسٹری کے لیے طویل مدتی پالیسی کے لیے سفارشات جمع کرائی جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  چینی کی قیمت میں بلا جواز اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا: عثمان بزدار

    یاد رہے کہ تین ماہ قبل وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹویٹر پر بتایا تھا کہ رواں سیزن میں پنجاب میں 133 ارب روپے کا گنا خریدا گیا اور صوبے میں گنے کے کاشت کاروں کو 113 ارب روپے ادا کیے گئے۔

    دو ماہ قبل عثمان بزدار نے واضح پیغام دیا تھا کہ عوام کو زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے، اس لیے چینی کی قیمت میں بلا جواز اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت چینی کی قیمت میں استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

  • صادق آباد کے 320 کلو وزنی شخص کو لاہور منتقل کر دیا گیا

    صادق آباد کے 320 کلو وزنی شخص کو لاہور منتقل کر دیا گیا

    لاہور: صادق آباد کے 320 کلو وزنی شخص نور الحسن کو لاہور منتقل کر دیا گیا، نور الحسن کو پاک فوج کی جانب سے ایئر ایمبولینس کی مدد فراہم کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق موٹاپے کے شکار شخص کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے، نور الحسن کا وزن تین سو بیس کے جی ہے، لاہور منتقلی کے لیے انھیں پاک فوج نے ایئر ایمبولینس فراہم کی۔

    نور الحسن کا موٹاپا کم کرنے کے لیے نجی اسپتال میں سرجری کی جائے گی، انھوں نے ایک ویڈیو میں آرمی چیف سے اپیل کی تھی کہ انھیں ایئر ایمبولینس کی مدد فراہم کی جائے، جس پر پاک فوج کے سربراہ نے ہدایت جاری کر دی تھی۔

    نور الحسن کو گھر سے ایک ٹرک میں ڈال کر لے جایا گیا، بعد ازاں آرمی ہیلی کاپٹر میں انھیں لاہور منتقل کر دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف کی 320 کلو وزنی شہری کی مدد کے لیے ہدایت

    قبل ازیں نور الحسن کو ہیلی کاپٹر میں بٹھانے کے لیے ریسکیو 1122 سے مدد لی گئی، ریسکیو 1122 نے کرین کی مدد سے نور الحسن کو ایئر ایمبولیس میں سوار کیا۔

    ڈاکٹر معاذ الحسن لاہور میں نور الحسن کا موٹاپا کم کرنے کے لیے سرجری کریں گے۔

    واضح رہے کہ نور الحسن انتہائی زیادہ وزن کی وجہ سے حرکت کرنے سے قاصر ہیں، اور وہ دس سال سے بستر پر پڑے ہوئے ہیں، انھیں عام ایمبولینس پر منتقل نہیں کیا جا سکتا تھا۔

  • پاکستان کو اب ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ نہیں کیا جا سکتا: گورنر پنجاب

    پاکستان کو اب ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ نہیں کیا جا سکتا: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو اب ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ نہیں کیا جا سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں اب پاکستان کو بلیک لسٹ کرنا ممکن نہیں ہے۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ ایسا وزیر اعظم عمران خان کی بہترین سفارتی مہارت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

    گورنر پنجاب نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ ملایشیا نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کا سہرا وزیر اعظم کی مثالی سفارت کاری کے سر ہے۔

    چوہدری سرور نے مزید کہا کہ ملایشیا کا ساتھ ہمارے دشمنوں کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت ایف اے ٹی ایف کے تکنیکی فورم کو سیاست زدہ کر رہا ہے: دفتر خارجہ

    واضح رہے کہ پاکستان کو گزشتہ برس جون میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں اس وقت شامل کیا گیا تھا جب پاکستان اس عالمی ادارے کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق مطمئن نہ کر سکا تھا۔

    اس سے قبل پاکستان 2012 تا 2015 تک گرے لسٹ کا حصہ رہ چکا ہے۔

    گزشتہ سال پیرس میں منعقدہ اجلاس میں امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں نے پاکستان کا نام واچ لسٹ میں شامل کرنے کی قرارداد پیش کی تھی۔

  • وزیر اعظم ہاؤس کا بجٹ 58 کروڑ 60 لاکھ سے 1 ارب 90 لاکھ تک پہنچ گیا: حمزہ شہباز

    وزیر اعظم ہاؤس کا بجٹ 58 کروڑ 60 لاکھ سے 1 ارب 90 لاکھ تک پہنچ گیا: حمزہ شہباز

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کا بجٹ 58 کروڑ 60 لاکھ تھا، آج یہ بجٹ ایک ارب 90 لاکھ روپے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈالر اب مزید اوپر جائے گا، ڈالر 157 کو چھو رہا ہے، پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں یہ نہیں ہوا۔

    مسلم لیگ ن کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ آج معیشت کا جو حال ہے آپ سب دیکھ رہے ہیں، معاشی حالات کا حل نکالنے کی بہ جائے الزامات لگائے جا رہے ہیں، ایک دوسرے کے خلاف باتوں سے یہ ملک مضبوط نہیں ہوگا۔

    حمزہ شہباز نے مزید کہا ’میں ایک ایک معزز ممبر کو اپنی تشویش سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں، یہ باتیں تھیں کہ آئی ایم ایف کا قرضہ نہیں لیں گے خود کشی کر لیں گے۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  قومی اسمبلی:‌ شہباز شریف کی تقریر کے دوران شدید نعرے بازی، اجلاس ملتوی

    انھوں نے کہا ایک وفاقی وزیر نے کہا سی پیک کو دوبارہ دیکھیں گے، ایک اور وفاقی وزیر نے کہا منصوبوں میں کرپشن ہے، سازش کے تحت سی پیک کو بد نام کیا جا رہا ہے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے بجٹ میں دگنا اضافہ ہو گیا ہے، پہلے اٹھاون کروڑ تھا، اب ایک ارب تک پہنچ گیا ہے، ہیلی کاپٹر کے استعمال میں بھی 14 کروڑ 90 لاکھ اضافی خرچ ہوئے۔

  • پنجاب کے بجٹ میں پولیس کے لیے115 ارب روپے سے زائد رقم مختص

    پنجاب کے بجٹ میں پولیس کے لیے115 ارب روپے سے زائد رقم مختص

    لاہور: پنجاب کے بجٹ میں پنجاب پولیس کے لیے 115 ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے،گزشتہ سال پنجاب پولیس کا بجٹ 112 ارب روپے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال پنجاب پولیس کے لیے صوبائی بجٹ میں 3 ارب اضافی مختص کیے گئے ہیں، پولیس کا بجٹ 115 ارب سے زائد رکھا گیا ہے۔

    پنجاب پولیس نے رواں مالی سال میں 129 ارب روپے مانگے تھے، لیکن بجٹ میں صرف تین ارب کا اضافہ کیا گیا، رواں مالی سال میں محکمہ جیل خانہ جات کا بجٹ ساڑھے 10 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔

    پنجاب بجٹ 2019: بجٹ کی تفصیلات یہاں ملاحظہ کریں

    محکمہ جیل خانہ جات کو ڈیڑھ ارب روپے اضافی ملے، پچھلے سال محکمہ جیل خانہ جات کے پاس ساڑھے 8 ارب کا بجٹ تھا۔

    پولیس لائنز اور دفاتر کے لیے 2 نئی اسکیمیں شروع کی جائیں گی، دفاتر، پولیس لائنز و دیگر منصوبوں کے لیے 1 ارب 91 لاکھ مختص کیے گئے ہیں، رہایش گاہوں کی نئی اسکیم کے لیے صرف ایک کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    پنجاب پولیس ملازمین کی رہایش کے لیے صرف ایک نئی سکیم شروع ہوگی، جس کے لیے 11 کروڑ 84 لاکھ روپے مختص کیے گئے، جب کہ دفاتر اور پولیس لائنز کی 2 نئی اسکیموں کے لیے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    پنجاب پولیس کا مجموعی ترقیاتی بجٹ 2 ارب 6 کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔

  • نیب نے پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا

    نیب نے پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا، سبطین خان پر غیر قانونی ٹھیکوں کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے 2007 میں نجی کمپنی کو ٹھیکا دینے کے لیے غیر قانونی احکامات جاری کرنے کے الزام میں پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    صوبائی وزیر جنگلات کو کل احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا، سبطین خان وزیر اعظم کے آبائی حلقے میانوالی سے ایم پی اے منتخب ہوئے۔

    سبطین خان 2007 میں مسلم لیگ ق کی حکومت میں صوبائی وزیر معدنیات تھے، ان پر چنیوٹ میں اربوں روپے کے ٹھیکے میں من پسند کمپنی کو نوازنے کا الزام ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریاض فتیانہ پر اپنے حلقے کے کارکنوں کو بھرتی کرانے کے لیے سفارش کا الزام

    نیب کے مطابق صوبائی وزیر نے اربوں روپے مالیت کے معدنی وسائل 25 لاکھ مالیت کی کمپنی کو فراہم کیے۔ سبطین خان میانوالی 4 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ 6 فروری کو پی ٹی آئی کے سینئر وزیر علیم خان کو پاکستان اور بیرون ملک آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر نیب نے گرفتار کر لیا تھا، علیم خان بہ طور سیکریٹری سوسائٹی کرپشن اور کرپٹ پریکٹس میں ملوث پائے گئے تھے، گرفتاری کے بعد انھوں نے استعفیٰ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھجوایا۔

  • ریاض فتیانہ کا حلقے کے کارکنوں کی بھرتی کے لیے سفارشی خط منظر عام پر آ گیا

    ریاض فتیانہ کا حلقے کے کارکنوں کی بھرتی کے لیے سفارشی خط منظر عام پر آ گیا

    ٹوبہ ٹیک سنگھ: چیئرمین قائمہ کمیٹی قانون و انصاف ریاض فتیانہ نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں، 13 کارکنوں کی بھرتی کے لیے سفارشی خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قانون و انصاف کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ریاض فتیانہ نے 13 کارکنوں کی بھرتی کے لیے سفارشی خط لکھ کر قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔

    پی ٹی آئی رہنما ریاض فتیانہ نے سفارشی خط سی ای او پنجاب ہیلتھ فسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کو لکھا، عرفان نواز میمن ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بہ طور ڈپٹی کمشنر تعینات رہ چکے ہیں۔

    ریاض فتیانہ نے سفارشی خط میں لکھا کہ فہرست میں شامل افراد کو انسانی بنیاد پر ملازمت فراہم کی جائے، یہ تمام افراد میرے حلقے این اے 113 سے تعلق رکھتے ہیں۔

    خط میں 2 خواتین ظرافت اقبال اور منہا عدین کو بھی ملازمت دینے کی سفارش کی گئی ہے، 5 کارکنوں کو آیا، ڈریسر، فزیو تھراپسٹ، ایڈمنسٹریٹر، فارماسسٹ بھرتی کرنے کی فرمایش کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  زرتاج گل نے اپنی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی سے متعلق خط واپس لے لیا

    ریاض فتیانہ نے سفارشی خط میں 8 کارکنوں کو ڈسپنسر، کمپیوٹر آپریٹر، نائب قاصد کی ملازمت دینے کی درخواست کی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کے اپنی بہن شبنم گل کی نیکٹا میں تعیناتی کے سلسلے میں لکھے گئے سفارشی خط کا معاملہ بھی شہ سرخیوں کی زینت بنا تھا، جس پر وزیر اعظم عمران خان نے سخت رد عمل ظاہر کیا۔

    بعد ازاں 2 جون کو زرتاج گل نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اپنی بہن کی نیکٹا میں بہ طور ڈائریکٹر تعیناتی سے متعلق خط واپس لے لیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ایسے اقدامات سے حکومت اور پارٹی کو نقصان پہنچتا ہے، ماضی کی حکومتوں کے کام نہیں دہرائے جائیں گے۔