Tag: پنجاب کی خبریں

  • جیل میں زیادہ لوگ ہوں تو اسپیکر کو جیل کے باہر اسمبلی لگانے کا اختیار ہے: شیخ رشید/فیصل جاوید

    جیل میں زیادہ لوگ ہوں تو اسپیکر کو جیل کے باہر اسمبلی لگانے کا اختیار ہے: شیخ رشید/فیصل جاوید

    اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ فریال تالپور کی گرفتاری کی خبر متوقع تھی، قانون اپنا راستہ خود بناتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ فریال تالپور کی گرفتاری کی خبر متوقع تھی، ملک کا سابق صدر اور سابق وزیر اعظم اب کرپشن پر جیل میں ہیں۔

    انھوں نے کا کہ سابق صدر اور سابق وزیر اعظم ایک دوسرے کے بنائے مقدمات پر جیل میں ہیں، جیل میں زیادہ لوگ ہوں تو اسپیکر کو جیل کے باہر بھی اسمبلی لگانے کا اختیار ہے۔

    سینیٹر فیصل جاوید نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے قرضے 24 ہزار ارب تک پہنچ گئے مگر ملک نیچے چلا گیا، آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف کیس پہلے کے ہیں، حکومت کی نیب یا کسی اور ادارے میں مداخلت نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپورکوگرفتارکرلیا

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا قانون اپنا راستہ خود بناتا ہے، چوری اور کرپشن سے ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ہوگا، آصف زرداری اور نواز شریف نے مک مکا کر کے کیسز چھپائے۔

    فیصل جاوید نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت سنبھل گئی ہے لیکن 10 سال کے قرض کا ملبہ ہٹانے میں کچھ وقت لگے گا۔

  • پنجاب کا بجٹ: 160 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف دیا جائے گا

    پنجاب کا بجٹ: 160 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف دیا جائے گا

    لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے بجٹ کل پیش کیا جائے گا، بجٹ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کو 160 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کل پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے، بجٹ کا مجموعی تخمینہ 2200 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

    بجٹ دستاویز کے مطابق پنجاب کو این ایف سی میں 1494 ارب روپے ملنے کی توقع ہے، صوبائی آمدنی کا حجم 368 ارب روپے ہوگا، پنجاب ترقیاتی بجٹ 350 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجٹ 2020 -2019: تحریک انصاف نے 70 کھرب 22 ارب کا بجٹ پیش کردیا

    گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فی صد اضافے، گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 5 فی صد اضافے کی تجویز ہے جب کہ گریڈ 21 اور 22 کے ملازمین کی تنخواہ نہیں بڑھائی جائے گی، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 10 فی صد اضافے کی تجویز ہے۔

    بجٹ دستاویز کے مطابق 36 فی صد ٹیکس اضافے کے ساتھ ٹیکس تخمینہ 283 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، پنجاب میں بیوٹی پارلرز، ہیئر ڈریسرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجویز، ڈاکٹرز، ٹیلرنگ کے شعبے کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجویز ہے۔

    صوبائی وزرا کی تنخواہوں میں 10 فی صد کمی کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

  • میٹرو نہ بننے، جہاز میں سیر کرنے پر بھی کمیشن بنایا جائے: حمزہ شہباز

    میٹرو نہ بننے، جہاز میں سیر کرنے پر بھی کمیشن بنایا جائے: حمزہ شہباز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ میٹرو نہ بننے، جہاز میں سیر کرنے پر بھی کمیشن بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہم سب جیل میں ہیں اب تو وزیر اعظم کچھ کر کے دکھائیں، جیلوں میں ڈالنے سے کچھ ہوتا تو آمر دور میں بھی معیشت بہتر ہوتی۔

    [bs-quote quote=”میرا نام حمزہ ہے جس کا مطلب شیر ہے، ہم ڈرنے والے نہیں۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”حمزہ شہباز”][/bs-quote]

    انھوں نے کہا کہ معیشت کے لیے عقل اور وژن کی ضرورت ہوتی ہے، ڈالر گر رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ گراوٹ کا شکار ہے، دیکھتے ہیں اب پنجاب حکومت کیا بجٹ لاتی ہے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ زمانہ طالب علمی میں بھی انھوں نے جیل کاٹی، مشرف نے 10 سال قید میں رکھا، انسان کو ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، حالات کا شکوہ کم زور لوگ کرتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری اور حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر

    حمزہ نے کہا کہ میرے دامن پر کوئی داغ نہیں، عزت سے سیاست کی اور کریں گے، جیل کی صعوبتوں کا گلہ کم زور لوگ کرتے ہیں، میرا نام حمزہ ہے جس کا مطلب شیر ہے، ہم ڈرنے والے نہیں۔

    خیال رہے کہ منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں نیب کے ہاتھوں گرفتار حمزہ کی ضمانت پر رہائی کے لیے آج لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کو غیر قانونی گرفتار کیا گیا ہے، عدالت گرفتاری کالعدم قرار دے۔

  • حمزہ شہباز کی گرفتاری کے دوران ہنگامہ آرائی پر لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج

    حمزہ شہباز کی گرفتاری کے دوران ہنگامہ آرائی پر لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز کی گرفتاری کے دوران ہنگامہ آرائی پر لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمہ تھانہ پرانی انار کلی میں درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کی گرفتاری کے موقع پر لیگی کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی پر تھانہ پرانی انار کلی میں ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کے عدالت پہنچتے ہی کارکنوں نے نعرے بازی کی، انھیں احاطۂ عدالت میں نعرے بازی سے روکا گیا تو وہ پُر امن نہ رہے اور مشتعل ہو گئے، لیگی کارکن فرزانہ بٹ نے کانسٹیبل علی رضا کو تھپڑ مارا۔

    ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب ٹیم حمزہ کو لے کر نکلی تو کارکنوں نے نیب کی گاڑی روکنے کی کوشش کی، منع کرنے پر انھوں نے اینٹی رائٹ فورس کے اہل کاروں کو نشانہ بنایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرلیا

    خیال رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر نیب کے ہاتھوں حمزہ شہباز کی گرفتاری کے موقع پر ن لیگی خواتین ارکان کی جانب سے پر تشدد احتجاج کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرزانہ بٹ سمیت دیگر خواتین نے اینٹی رائٹ فورس کے اہل کاروں کو دھکے دیے، سیاسی خواتین کے تشدد کے نتیجے میں اہل کار عمار احمد کا بازو زخمی ہوا، سب انسپکٹر محمد اقبال خواتین کے دھکے دیے جانے سے بے ہوش ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق کانسٹیبل علی رضا اور عبد الرحمان سے بھی ناروا سلوک اور گالم گلوچ کی گئی، اہل کاروں نے قیام امن کے لیے تحمل، برد باری، پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا، پولیس جوانوں نے ناروا رویے کے باوجود خواتین کا احترام ملحوظ خاطر رکھا۔

  • پنجاب کے 11 پولیس افسران کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری

    پنجاب کے 11 پولیس افسران کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری

    لاہور: پنجاب کے 11 پولیس افسران کا تقرر اور تبادلہ کر دیا گیا ہے، آئی جی پنجاب عارف نواز نے افسران کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب عارف نواز نے پنجاب پولیس کے گیارہ افسران کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم مظفر گڑھ ریحان رسول کو اے ڈی آئی جی ڈیرہ غازی خان مقرر کر دیا ہے، جب کہ اے ڈی آئی جی ڈی جی خان فاروق احمد ڈی ایس پی لیگل ڈی جی خان تعینات کر دیا گیا۔

    تقرری کے منتظر ڈی ایس پی منصور ناجی کی خدمات ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے سپرد کر دی گئیں، تقرر کے منتظر ڈی ایس پی سلیم حیدر شاہ ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم شیخو پورہ تعینات کر دیے گئے۔

    تقرری کے منتظر ڈی ایس پی محمد افسر کو ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم راولپنڈی تعینات کر دیا گیا، جب کہ ڈی ایس پی اعجاز حسین شاہ ڈی ایس پی سیکورٹی وی وی آئی پی مقرر کیا گیا۔

    تقرری کے منتظر ڈی ایس پی غضنفر عباس ایس ڈی پی او میاں چنوں خانیوال جب کہ ڈی ایس پی محمد اشرف کی خدمات ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کے سپرد کر دی گئیں۔

    تقرری کے منتظر ڈی ایس پی رضا کار حسین شاہ ڈی ایس پی سیکورٹی گورنر ہاؤس، ڈی ایس پی سیکورٹی گورنر ہاؤس نعیم عزیز ایس ڈی پی او صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ جب کہ ڈی ایس پی کینٹ، سٹی ٹریفک پولیس ندیم بٹ کو سی پی او میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

  • گرفتاری کے بعد حمزہ شہباز کا طبی معائنہ، آصف زرداری کے کلینکل ٹیسٹ بھی مکمل

    گرفتاری کے بعد حمزہ شہباز کا طبی معائنہ، آصف زرداری کے کلینکل ٹیسٹ بھی مکمل

    لاہور/اسلام آباد: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد نیب میں طبی معائنہ کیا گیا، تمام ٹیسٹ نارمل نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز کے شوگر اور بلڈ پریشر کے ٹیسٹ کیے گئے، ڈاکٹرز نے حمزہ شہباز کو صحت مند قرار دیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے کلینکل ٹیسٹ بھی مکمل ہو گئے ہیں، میڈیکل بورڈ کو آصف زرداری کی ٹیسٹ رپورٹس موصول ہو گئیں، تمام ٹیسٹ رپورٹس نارمل ہیں۔

    ٹیسٹ رپورٹس کی کاپیاں آصف زرداری اور نیب کو فراہم کر دی گئیں، ذرایع نے بتایا کہ آصف زرداری کے شوگر لیول میں تیزی سے کمی آ رہی ہے، میڈیکل بورڈ نے ان کے شوگر لیول میں کمی پر اظہار تشویش کیا ہے، بورڈ نے شوگر ادویات میں کمی بیشی پر غور کیا ہے۔

    خیال رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ میں حمزہ شہباز کے وکلا نے ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں تھیں اور کہا تھا عدالت ہمیں سننا ہی نہیں چاہتی تو کیا کریں، جس کے بعد نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری کی گرفتاری کے بعد میڈیکل بورڈ کا طبی معائنہ

    حمزہ شہباز کو ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپا مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں نا کام رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کی وجوہ بتا دیں

    ادھر نیب نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کی وجوہ بھی جاری کر دی ہیں، نیب نے کہا ہے 2003 میں حمزہ شہباز کے اثاثے 18 ملین تھے اور 2017 تک اثاثے 411.630 ملین ہو گئے، جب کہ ملزم نے 181 ملین روپے باہر سے آمدن کا دعویٰ کیا تھا۔

    نیب کا کہنا تھا تفتیش کے دوران حمزہ شہباز کے دعوے جھوٹے نکلے، ملزم نے خاندان سمیت 12 انڈسٹریل یونٹس بنائے، مصنوعی فنڈ اور 244 ملین کا مصنوعی قرض بھی لیا، ملزم نے کمپنی کی تنخواہ، تحائف بھی جعلی طریقے سے ظاہر کیں، ملزم نے 167 ملین کمرشل، رہایشی اور زرعی زمین بھی ظاہر کی۔

  • حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی مدت آج ختم ہو رہی ہے، گرفتاری کا امکان

    حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی مدت آج ختم ہو رہی ہے، گرفتاری کا امکان

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی مدت آج ختم ہو رہی ہے، ضمانت میں توسیع نہ ہوئی تو گرفتاری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف ضمانت میں توسیع کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

    ہائی کورٹ کی جانب سے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع نہیں ہوئی تو انھیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز کی جانب سے عدالتی بینچ پر اعتراض کے بعد آج نیا بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع

    یاد رہے کہ گزشتہ پیشی کے موقع پر فاضل عدالت نے حمزہ شہباز کے وکیل پر واضح کیا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ گرفتاری کے لیے وجوہ بتانے کی ضرورت نہیں، لہٰذا کسی بھی فوج داری کیس میں پولیس گرفتار کر سکتی ہے، تو نیب کے کیسز میں گرفتار کیوں نہیں کیا جا سکتا؟

    حمزہ شہباز کی جانب سے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ پرعدم اعتماد کے اظہار کے بعد جسٹس علی باقر نجفی نے کیس واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا تھا، جس پر چیف جسٹس ہائی کورٹ نے جسٹس مظاہر علی اکبر کی سربراہی میں نیا دو رکنی بنچ تشکیل دیا ہے۔

  • زرداری کے پروڈکشن آرڈر میں تاخیر سے کام نہ لیا جائے: شہباز شریف

    زرداری کے پروڈکشن آرڈر میں تاخیر سے کام نہ لیا جائے: شہباز شریف

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن سے وطن واپس آنے کے بعد اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنے والے اپوزیشن لیڈر نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں اور اس میں تاخیر سے کام نہ لیا جائے۔

    شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آصف زرداری کو گرفتار کرنے کے آرڈر دیے گئے ہیں، اسپیکر ان کے آج ہی پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نیب میں پیش ہوتے اور جواب دیتے رہے ہیں، ان کے پروڈکشن آرڈر فوری طور پر جاری کیے جائیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اسپیکر نے میرے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جس پر شکر گزار ہوں، اسپیکر نے اپنے طرز عمل سے جمہوری روایات کو پروان چڑھایا، آصف زرداری اور سعد رفیق کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کر دیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا

    شہباز شریف نے وفاقی وزیر عمر ایوب کے ٹویٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ توانائی نے دعویٰ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے، یہ صدی کا بڑا جھوٹ ہے جو ایک ٹویٹ کے ذریعے بولا گیا۔ اس پر اسپیکر نے فوراً کہا کہ یہ رمضان ہم نے اچھا گزارا لیکن گزشتہ رمضان ایسا نہیں تھا۔

    انھوں نے کہا کہ وہ اپنےعلاج کے لیے ملک سے باہر گئے لیکن ملک میں باتیں کی گئیں کہ ایسا اسپتال نہ بنا سکا جو اپناعلاج کرا سکے، بیماری کسی پر بھی آ سکتی ہے اس پر مذاق اڑانا غلط بات ہے، امریکا میں میری سرجری لندن میں میرا علاج ہوا، جس ڈاکٹر نے 15 سال علاج کیا اس کو ہی دکھایا جاتا ہے، لیکن کہا گیا کہ این آر او لے کر چلا گیا، ڈیل کر کے چلا گیا، خدا کا خوف کریں۔

    شہباز شریف نے وزیر سائنس فواد چوہدری پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کی لمبی زندگی ہے، وزارت چھین لی گئی اور آج کل ڈپریشن کا شکار ہیں، آج کل سائنس کی دنیا میں ان کا ڈنکا بج رہا ہے، ہم علمائے کرام سے بھی بہت عزت و احترام سے بات کرتے ہیں، لیکن عید کا چاند دیکھنے کے لیے بھی فواد چوہدری نے نسخہ ایجاد کیا۔

    اپوزیشن لیڈر نے فورم پر خطاب میں کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم کا بھی ذکر کیا، کہا وادیٔ کشمیر میں دن رات معصوم بچوں کا خون بہتا ہے، فلسطین میں معصوم بچوں کو مارا جاتا ہے اور اس فورم پر کشمیر کا ذکر نہ ہونا افسوس ناک ہے، جناب اسپیکر ہمیں اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی جس کے بعد قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں انھیں گرفتار کر لیا ہے، نیب کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

  • ن لیگ کے پاس سیاست کے لیے نواز شریف کی صحت کے علاوہ ایشو نہیں بچا: شہباز گل کا ردِ عمل

    ن لیگ کے پاس سیاست کے لیے نواز شریف کی صحت کے علاوہ ایشو نہیں بچا: شہباز گل کا ردِ عمل

    لاہور: مریم اورنگ زیب کے بیان پر ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے پاس سیاست کے لیے نواز شریف کی صحت کے علاوہ ایشو نہیں بچا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ نواز شریف چوری پکڑی جانے اور پھر جرم ثابت ہونے پر جیل میں ہیں۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ جیل میں ہونے پر میاں صاحب نے اس بار عید پاکستان میں گزاری، ن لیگی قیادت ان کی صحت پر مسلسل جھوٹ بول رہی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب اور جیل حکام ایس او پیز کے مطابق کام کر رہے ہیں، عید کی چھٹیوں میں جیل میں بھی چھٹی تھی، نواز شریف کی صحت معمول کے مطابق ٹھیک ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  عید پر بھی نواز شریف کو اہل خانہ سے ملنے نہیں دیا گیا: مریم اورنگزیب

    ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عید سے پہلے نواز شریف نے فیملی اور 225 سے زائد کارکنوں سے ملاقات کی تھی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے کل ان کی فیملی کی ملاقات کروائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ عید پر بھی نواز شریف کو ان کے اہل خانہ سے ملنے نہیں دیا گیا، عمران خان اپنی نا اہلی کا بدلہ نواز شریف سے لے رہے ہیں۔

    ترجمان ن لیگ نے کہا کہ نواز شریف سے بدلہ لینے سے ملک کی ترقی کی شرح 5.8 فی صد نہیں ہو سکتی نہ ہی مہنگائی 3 گُنا کم ہو سکتی ہے، نواز شریف اس لیے جیل میں ہیں کیوں کہ عمران خان ترقی کی شرح 5.8 فی صد پر نہیں لا سکتے، اور مہنگائی کو 3 گنا کم نہیں کر سکتے۔

  • پنجاب کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر ٹورازم سینٹرز بنائیں گے: عثمان بزدار

    پنجاب کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر ٹورازم سینٹرز بنائیں گے: عثمان بزدار

    ڈی جی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر ٹورازم سینٹرز بنائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار بارتھی کے دورے کے بعد ڈی جی خان گئے، جہاں سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں انھوں نے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کو زیر تکمیل اور نئے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، عثمان بزدار کو کوہِ سلیمان میلے کے انتظامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، انھوں نے متعلقہ حکام کو کوہ سلیمان کے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ہدایت کی۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کوہ سلیمان میلہ منعقد کرایا جائے گا، میلے میں فوڈ اسٹریٹ اور لوک موسیقی کا اہتمام کیا جائے گا، 3 روزہ میلے میں کیمپنگ کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی، پیرا گلائیڈنگ کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

    قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے بارتھی میں علاقہ معززین اور عمائدین کی ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ نے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے پنجاب کے پس ماندہ علاقوں کو یکسر نظر انداز کیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی میں دور دراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا، نمایشی حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے شروع کیے، جن سے عوام کو فائدہ نہیں پہنچا بلکہ وسائل ضایع کیے گئے۔

    انھوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں عوام کی بنیادی ضرورتیں پورا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، حکومت ہر علاقے کی یکساں اور متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔