Tag: پنجاب کی خبریں

  • عید پر بھی نواز شریف کو اہل خانہ سے ملنے نہیں دیا گیا: مریم اورنگزیب

    عید پر بھی نواز شریف کو اہل خانہ سے ملنے نہیں دیا گیا: مریم اورنگزیب

    لاہور: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عید پر بھی نواز شریف کو ان کے اہل خانہ سے ملنے نہیں دیا گیا، نواز شریف نے کھربوں کے پراجیکٹ لگائے اور ایک روپے کی کرپشن نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مریم اورنگ زیب نے ایک بار پھر شکوہ کیا ہے کہ نواز شریف کو عید پر ان کے اہل خانہ سے نہیں ملنے دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی نا اہلی کا بدلہ نواز شریف سے لے رہے ہیں۔

    ترجمان ن لیگ نے کہا کہ نواز شریف سے بدلہ لینے سے ملک کی ترقی کی شرح 5.8 فی صد نہیں ہو سکتی نہ ہی مہنگائی 3 گُنا کم ہو سکتی ہے۔

    مریم اورنگ زیب نے مزید کہا کہ نواز شریف اس لیے جیل میں ہیں کیوں کہ عمران خان ترقی کی شرح 5.8 فی صد پر نہیں لا سکتے، اور مہنگائی کو 3 گنا کم نہیں کر سکتے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اپوزیشن کو عمران خان فوبیا ہوچکا ہے، شوکت یوسفزئی

    ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس لیے جیل میں ہیں کیوں کہ عمران خان 11 ہزار میگا واٹ بجلی نہیں بنا سکتے، نواز شریف اس لیے جیل میں ہیں کیوں کہ آپ نے ملک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھنا تھا۔

    مریم اورنگ زیب نے کہا کہ یاد رکھیں ظلم جب حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے۔

  • جعلی و سیاسی مقدموں میں قید نواز شریف کی صحت کو خطرہ ہے: مریم نواز

    جعلی و سیاسی مقدموں میں قید نواز شریف کی صحت کو خطرہ ہے: مریم نواز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جعلی اور سیاسی مقدموں میں قید نواز شریف کی صحت کو خطرہ لا حق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو جعلی اور سیاسی مقدموں میں قید کیا گیا ہے، ان کی صحت کو خطرہ ہے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایسے میں جو بیٹی کو باپ سے ملنے نہ دیں، ان سے بڑا ظالم کون ہو گا؟

    سابق وزیر اعظم کی صاحب زادی نے کہا کہ ظلم، نفرت، انتقام کی غلیظ سیاست کرنے والوں کو نہیں بھولنا چاہیے کہ اللہ دنوں کو تبدیل کرتا رہتا ہے اور ہمیشہ کی بادشاہی اسی کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف کو تو قید کرسکتے ہو، اس کے نظریے کو نہیں، مریم نواز کا ٹویٹ

    قبل ازیں مریم نواز نے کہا کہ انھوں نے نواز شریف کی طبیعت پوچھنے کے لیے ملاقات کی اجازت مانگی تھی لیکن انھیں ملاقات کی اجازت سے انکار کر دیا گیا۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ جو ہم پر آج بیت رہی ہے کل آپ پر بھی بیتے گی، یاد دہانی ضروری ہے کیوں کہ مکافاتِ عمل اٹل ہے۔

    واضح رہے کہ پچھلی بار نواز شریف سے ملاقات کے بعد مریم نواز نے کہا تھا کہ کئی دنوں سے نواز شریف کی طبیعت خراب ہے اور تین بار انجائنا کا اٹیک بھی ہوا مگر انھوں نے تاکید کی کہ کسی بھی ریلیف کے لیے ان کی بیماری کی تشہیر نہ کی جائے۔

  • ساہیوال کی بڑی سیاسی شخصیات ایف بی آر کی نادہندہ نکلیں

    ساہیوال کی بڑی سیاسی شخصیات ایف بی آر کی نادہندہ نکلیں

    ساہیوال: پنجاب کے ضلعے ساہیوال کی بڑی سیاسی شخصیات ایف بی آر کی نادہندہ نکلی ہیں، ایف بی آر نے محکمہ مال کو نادہندگان کی فہرست ارسال کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ضلع ساہیوال کی نادہندہ نمایاں سیاسی شخصیات کی فہرست تیار کر کے محکمۂ مال کو بھجوا دی ہے۔

    سیاسی شخصیات میں 18-2012 تک کے زرعی انکم ٹیکس نادہندگان کے نام شامل ہیں، سیاست دانوں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف ار پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے۔

    ایف بی آر کی فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے چوہدری نوریز 20 لاکھ 12 ہزار روپے، پی ٹی آئی کے رائے حسن نواز 15 لاکھ 29 ہزار 825 روپے اور پی ٹی آئی کے مظفر شاہ 11 لاکھ 85 ہزار روپے کے ٹیکس نادہندہ ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط

    ن لیگی ایم این اے چوہدری اشرف 13 لاکھ 56 ہزار روپے کے ٹیکس نادہندہ ہیں جب کہ سابق ن لیگی ایم این اے چوہدری زاہد بھی 5 لاکھ 75 ہزار 500 روپے کے نادہندہ نکلے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ریکوری بذریعہ گرفتاری اور قرقی کے آرڈر جاری کر دیے، حکام کا کہنا ہے کہ متعدد یاد دہانیوں کے با وجود زرعی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر ساہیوال کا کہنا ہے کہ نادہندگان کو 40 دن تک حوالات میں رکھا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا جس میں انھوں نے موجودہ ٹیکس نظام کو معیشت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

  • پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا لمحہ فکریہ ہے: حمزہ شہباز

    پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا لمحہ فکریہ ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا سیاست دانوں کو برا کہنا قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، لوگوں کو بد نام کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ نیب چیئرمین کے انٹرویو کے بعد میری ساری باتوں پر مہرِ تصدیق لگ چکی ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے، چیئرمین نیب خود سوال نامہ ترتیب دیتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ آج معروف صحافی بھی گواہی دیتے ہیں، چیئرمین نیب کہتے ہیں حمزہ شہباز بینچ کے پیچھے چھپ رہا ہے، چیئرمین نیب صاحب، قیامت کے دن میرا ہاتھ اور آپ کا گریبان ہوگا۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چیئرمین نیب کوئی ثبوت لے آئے تو میں استعفیٰ دے دوں گا، نیب کچھ ثابت نہ کر سکا تو چیف جسٹس سے درخواست کروں گا چیئرمین نیب کے انٹرویو پر ایک لارجر بینچ بنایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ساہیوال: سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 24 گھنٹے میں 8 بچے جاں بحق

    حمزہ کا کہنا تھا کہ معیشت ڈوب گئی ہے، آنے والا بجٹ قاتل بجٹ ہوگا، کل عبد الحفیظ شیخ کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے تھے، ان کے پاس راستہ دکھانے والا کوئی نہیں، معیشت کا بیڑہ غرق کرانے میں نیب کا نام سر فہرست ہوگا، جی ڈی پی گروتھ 3 فی صد رہ گئی ہے، اسٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5 بہترین ممالک میں ہوتا تھا۔

    دریں اثنا، ساہیوال کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں 8 بچوں کی اموات پر حمزہ شہباز نے حکومت پنجاب کی مذمت کی، کہا نومولود بچوں کی اموات پر حکومتی کارکردگی کا پول کھل گیا ہے، شہباز شریف کی 10 سالہ محنت کا 10 ماہ کی تبدیلی نے بیڑہ غرق کر دیا، ان کے دور میں کسی سرکاری اسپتال میں ایک بھی افسوس ناک واقعہ نہیں ہوا، بچوں کی اموات حکومت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے۔

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یاسمین راشد پنجاب میں صحت کا شعبہ چلانے میں نا کام ہو چکی ہیں، یاسمین راشد کو اخلاقی طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

  • شدید گرمی: رحیم یار خان، دادو میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

    شدید گرمی: رحیم یار خان، دادو میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

    لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی نے شہریوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، رحیم یار خان اور سندھ کے شہر دادو میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، دوسری طرف پنجاب میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شدید گرمی نے ملک کے مختلف شہروں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، رحیم یار خان اور دادو میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، بہاول نگر میں 47، بہاول پور میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بنوں میں موجودہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ڈی جی خان 47، ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ، فیصل آباد 45، گوجرانوالہ میں 43 ڈگری، اسلام آباد میں پارہ 40، جہلم میں موجودہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

    صادق آباد میں بھی شدید گرمی پڑنے لگی ہے، سورج آگ برسانے لگا ہے، صادق آباد میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، دھوپ کی شدت کی وجہ سے سڑکوں پر آمد و رفت کم ہو گئی۔

    نواب شاہ، لاڑکانہ، خانیوال، خان پور میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ، جب کہ ملتان پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھونے لگا ہے۔

    دریں اثنا، گرمی کی بڑھتی شدت کے باعث محکمہ صحت پنجاب نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، ڈی جی ہیلتھ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرمی سے بچے اور بزرگ افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو سکتے ہیں، سردرد، چکر، بلڈ پریشر اور غنودگی ہیٹ اسٹروک کی علامات ہو سکتی ہیں۔

    ڈی جی ہیلتھ نے ہدایت کی ہے کہ دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کیا جائے، دھوپ میں نکلنا ضروری ہو تو سر کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں، اور سکنجبین کا استعمال زیادہ کریں، یہ جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی پوری کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    ادھر خیبر پختون خوا اور سندھ کے بھی کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

  • پنجاب حکومت کا انجینئرز کو بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا ٹیکنیکل الاؤنس دینے کا اعلان

    پنجاب حکومت کا انجینئرز کو بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا ٹیکنیکل الاؤنس دینے کا اعلان

    لاہور: پنجاب حکومت نے مخصوص محکموں کے انجینئرز کو بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا ٹیکنیکل الاؤنس دینے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سعودی عرب میں قیام کے دوران ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ مخصوص محکموں میں انجینئرز کو بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا ٹیکنیکل الاؤنس ملے گا۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ ہم پنجاب میں پروفیشنلز کو بھرپور مواقع فراہم کرنے پرعمل پیرا ہیں، پبلک سیکٹر میں پروفیشنلز کے دیرینہ مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انجینئرز کے لیے ٹیکنیکل الاؤنس کی منظوری ان کی قابلیت کا اعتراف ہے، امید ہے کہ اب انجینئرز پہلے سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان

    خیال رہے کہ عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان اور دیگر وزرا کے ہم راہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں، آج انھوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کے ہم راہ مدینے میں روضۂ رسولﷺ کے متولی اور کلید بردار شیخ نوری محمد احمد علی سے خصوصی ملاقات کی۔

    واضح رہے کہ آج مکے میں وزیر اعظم عمران خان نے اسلامی تعاون کی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا لیبل درست نہیں، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نا گزیر ہے۔

  • لاہور میں وزارت سائنس کی اربوں کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے: فواد چوہدری

    لاہور میں وزارت سائنس کی اربوں کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے: فواد چوہدری

    لاہور: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزارت سائنس کی زمینوں کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا ہے کہ صرف لاہور میں اربوں روپے کی زمین پر قبضہ مافیا کا راج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ آج جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ صرف لاہور میں وزارت سائنس کی اربوں روپے کی زمین پر قبضہ کیا جا چکا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وزارت سائنس کی زمین کو واگزار کرایا جائے گا، سرکاری زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ لاہور میں ایک شان دار سائنس میوزیم بنایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رویت ہلال کمیٹی زبردستی عید نہیں کراسکتی، ان کا کام سفارشات دینا ہے، فواد چوہدری

    خیال رہے کہ ان دنوں وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری چاند دیکھنے کے سلسلے میں بیانات دے کر خبروں میں نمایاں ہیں، اس حوالے سے رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ ان کا تنازع چل رہا ہے۔

    انھوں نے چند دن قبل کہا تھا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ایک مؤقف ہے جو سامنے رکھ دیا ہے، رویت ہلال کمیٹی زبردستی عید نہیں کرا سکتی، ان کا کام سفارشات دینا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ اور وزیراعظم آفس کو قمری کیلنڈر بھیج دیا ہے، حکومت ایکشن نہ لے اور گائیڈ نہ کرے تو قوم تقسیم ہوجائے گی، معاشرے میں تقسیم پر حکومت لوگوں کو اکٹھا نہ کرسکے تو یہ نقصان ہوگا۔

  • حمزہ کی پریس کانفرنس نیب کو بلیک میل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں: پی ٹی آئی کا جواب

    حمزہ کی پریس کانفرنس نیب کو بلیک میل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں: پی ٹی آئی کا جواب

    لاہور: حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس پر تحریک انصاف کا جواب آ گیا، عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پریس کانفرنس رونے دھونے اور نیب کو بلیک میل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں تھی۔

    تفصیلات کے مطابق آج احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے چیئرمین نیب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں کہہ چکی ہیں نیب سیاست زدہ ہو چکی ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کو 26 ملین ڈالر کا حساب دینا ہوگا، وہ نہیں بتا سکے 26 ملین ڈالر اکاؤنٹ میں ٹی ٹی کے ذریعے کیسے آئے، پریس کانفرنسوں میں اداروں کو بلیک میل کرنے سے جان نہیں چھوٹے گی۔

    عمر سرفراز کا کہنا تھا کہ میڈیا کے سامنے بڑھکیں جب کہ عدالت میں پیش کرنے کو کوئی ثبوت نہیں ہیں، پورا ٹبر کبھی نیب، کبھی جے آئی ٹی، کبھی عدالت اور کبھی اداروں پر حملے کر رہا ہے، پاناما لیکس کے بعد سے اب تک خاندان دھونس اور دھمکیوں کا استعمال کرتا آیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہبازکا لاہور ہائی کورٹ بنچ پراچانک عدم اعتماد کا اظہار

    انھوں نے مزید کہا کہ حمزہ کے والد سمیت خاندان کے کلیدی افراد مفرور یا نیب میں زیر تفتیش ہیں، سیاست کی سیڑھی استعمال کر کے یہ خاندان ملک کا کرپٹ ترین خاندان بن چکا ہے، جمہوریت سے حمزہ شہباز کے خاندان کا دور دور تک تعلق نہیں۔

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ میں اپنی ذات کے لیے بات نہیں کر رہا، میں چاہتا ہوں کہ احتساب ہو تو سب کا ہو، میں نے اٹھارہ کروڑ ظاہر کیے، چیئرمین نیب اب پارلیمانی کمیٹی سے بھاگ نہیں سکتے۔

  • چیئرمین نیب کے خلاف منصوبے کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے: پرویز الہیٰ

    چیئرمین نیب کے خلاف منصوبے کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے: پرویز الہیٰ

    لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کے خلاف منصوبے کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نیب کے چیئرمین کے خلاف مہم چلانے والے دراصل ممتاز قومی ادارے اور ملک سے دشمنی کر رہے ہیں۔

    پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب با اصول، ایمان دار، با وقار اور مضبوط شخصیت کے مالک ہیں، ان کے خلاف مہم چلانے والے غلط فہمی میں نہ رہیں۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال قومی احتساب بیورو کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، انھوں نے ہر قومی ذمہ داری میں عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کے واقعے پر خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے: خواجہ آصف

    پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ مادر وطن اور قومی اداروں کے دشمن ماضی کی طرح نا کام ہوں گے اور منہ کی کھائیں گے۔

    خیال رہے کہ چیئرمین نیب کے خلاف ایک آڈیو ویڈیو ریلیز کی گئی تھی، جس کے ذریعے انھیں بلیک میل کیا جا رہا تھا، احتساب عدالت میں ملزمان فاروق نول اور طیبہ گل کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کے واقعے پر خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

  • قینچی ریلوے پھاٹک پر 2 رکشے اور3 موٹر سائیکلیں ٹرین کی زد میں آگئیں، 2 افراد جاں بحق

    قینچی ریلوے پھاٹک پر 2 رکشے اور3 موٹر سائیکلیں ٹرین کی زد میں آگئیں، 2 افراد جاں بحق

    لاہور: قینچی ریلوے پھاٹک پر 2 رکشے اور3 موٹر سائیکلیں ٹرین کی زد میں آ گئیں، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، جب کہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں قینچی ریلوے پھاٹک پر حادثے میں دو افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    دوسری طرف محکمہ ریلویز نے پاک بزنس ایکسپریس ٹرین حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ریلوے انتظامیہ نے ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کر دیا۔

    حادثے سے متعلق ریلوے کے سی ای او نے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پڈ عیدن : پٹریوں کی مرمت، اٹھارہ گھنٹے بعد ریلوے ٹریک کھول دیا گیا، آمد و رفت بحال

    کوٹ لکھپت پھاٹک پر آج صبح ٹرین، دو رکشوں اور تین موٹر سائیکلوں کے حادثے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون سمیت دو زخمیوں کا علاج جنرل اسپتال میں جاری ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ ریلوے پھاٹک کھلا ہونے کی وجہ سے پیش آیا، تاہم ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ پھاٹک کیوں کھلا رہ گیا۔

    یاد رہے گزشتہ ہفتے صوبہ سندھ کے علاقے پڈ عیدن کے قریب مال گاڑی کی 13 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں جس کے باعث ایک کلو میٹر طویل ریلوے ٹریک اکھڑ گیا اور ٹرینوں کی آمد و رفت 18 گھنٹے تک رکی رہی۔

    2 اپریل کو پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں مال گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے باعث ملک بھر میں ریلوے کا نظام درہم برہم ہو گیا، حادثے پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے قوم سے معافی بھی مانگی۔