Tag: پنجاب کی خبریں

  • جو پاکستان کے مفاد میں بات نہیں  کرے گا اس کی کوئی سیاست نہیں: صمصام بخاری

    جو پاکستان کے مفاد میں بات نہیں کرے گا اس کی کوئی سیاست نہیں: صمصام بخاری

    لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ جو پاکستان کے مفاد میں بات نہیں کرے گا اس کی کوئی سیاست نہیں، بلاول اور مریم کا ایجنڈا ایک ہی ہے،عوام کا نام لے کر اپنی کرپشن بچائی جائے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ پریس کانفرنس میں کر رہے تھے، وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز کے ٹویٹ کو دیکھیں تو یہ حملہ کرنے والوں کے حق میں تھا، ملک دشمنی اور سیاست میں فرق کو سمجھنا چاہیے، سیاست کی ہر شخص کو اجازت ہے لیکن پاکستان دشمنی پر مبنی سیاست نہ کی جائے۔

    صمصام بخاری نے کہا کہ پختون پاکستان کے شہری ہیں، وہ ہم سے بڑے محب وطن ہیں، اور ہم سے زیادہ پاکستانی اور عزت دار ہیں، معصوم بھائیوں کا نام استعمال کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

    انھوں نے اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے سے کہتے آ رہے ہیں کہ بلاول اور مریم کا اتحاد ہے، ان کا مقصد ہے پاکستان جس طرف بھی جائے لیکن ان کی کرپشن بچ جائے، بلاول بھٹو فرماتے ہیں محسن داوڑ نے تو حملہ نہیں کیا ہوگا، بات ایڈز کی ہو رہی ہے وہ محسن داوڑ کی بات کر رہے ہیں۔ خیال رہے گزشتہ روز بلاول بھٹو نے صحافی کے سوال پر کہا تھا کہ محسن داوڑ منتخب رکن ہے، وہ حملہ کیسے کر سکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مریم نواز کو پارٹی عہدہ دینے کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے منظور

    صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جو بیان بلاول بھٹو اور مریم نواز نے دیا وہ قابل اعتراض ہے، جو بھی نفاق کو ہوا دیتا ہے وہ ملک کی خدمت نہیں کر رہا۔

    صمصام بخاری نے چیک پوسٹ پر حملہ بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرشتہ اور گلالئی اسماعیل والے واقعے کو استعمال کیا گیا، سیکورٹی فورسز کو ایکشن لینا چاہیے۔

    وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ہم چین کے نائب صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، چین سے ہمارے تعلقات عوام سے عوام کی سطح پر ہیں، جعلی شادی اسکینڈل میں پاکستانی اور چینی شہری دونوں شامل ہیں، اس معاملے پر چینی سفیر ہمارے ساتھ ایک صٖفحے پر ہیں۔

  • پاکستانی معیشت آئی ایم ایف کی یرغمال بن چکی ہے: حمزہ شہباز

    پاکستانی معیشت آئی ایم ایف کی یرغمال بن چکی ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈوبتی معیشت کے پیچھے نیب کا بڑا ہاتھ ہے، دوسری طرف پاکستانی معیشت آئی ایم ایف کی یرغمال بن چکی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، حمزہ شہباز نے کہا کہ اس ملک کو نیب نے یرغمال بنا لیا ہے، غریب آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگئی ہے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر چڑھ کر سہانے خواب دکھائے گئے تھے، آج قوم پوچھتی ہے کہاں ہے وہ نیا پاکستان۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ میٹرو بس کے پی کا تخمینہ ایک کھرب سے تجاوز کر چکا ہے، نیب خسرو بختیار سے کیسز سے متعلق نہیں پوچھتی، لیکن نواز شریف، شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی نظر آتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  عوام کو بتایا جائے کہ ان کا حق کہاں کہاں چھینا جا رہا ہے: بلاول بھٹو

    ان کا کہنا تھا کہ احتساب تو مشرف نے 10 سال شریف خاندان کا کیا تھا، ہم دوغلے احتساب اور گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، اللہ نالائقوں کے شر سے پاکستان کو بچائے، نئے بجٹ میں 700 ارب کے نئے ٹیکس لگنے والے ہیں۔

    خیال رہے کہ حکومت پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے مسلسل تنقید جاری ہے، آج لاڑکانہ میں بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو پتا ہونا چاہیے کہ ان کا حق کہاں کہاں چھینا جا رہا ہے، عوام کو اس بارے بتایا جائے، اسلام آباد میں بیٹھ کر فیصلے کٹھ پتلی کر رہا ہے جسے ہم برداشت نہیں کر سکتے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید کی ملاقات

    وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید کی ملاقات

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں فلاح عامہ کے منصوبوں اور سیاسی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج عثمان بزدار اور شیخ رشید نے ملاقات کی جس میں صوبے میں فلاح عامہ کے منصوبوں اور سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں صوبے میں میرٹ کے نام پر اقربا پروری کے کلچر کو فروغ دیا گیا، سابق ادوار کی غلط پالیسیوں سے ہی قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کا بے دریغ ضیاع کیا، کرپشن کے ناسور نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا، ملک کو مقروض بنانے والے کس منہ سے رہنمائی کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  یوم شہادت حضرت علیؓ پرجلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے،عثمان بزدار

    عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کرپشن فری پاکستان کا نعرہ قوم کے دل کی آواز بن گیا ہے۔

    خیال رہے کہ آج یوم شہادت حضرت علیؓ پر صوبے میں نکلنے والے جلوسوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے سخت سیکورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کی ہے، انھوں نے کہا کہ جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور طے شدہ سیکورٹی پلان پرعمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

  • مسلم لیگ ن کا ملک احمد خان کی پریس کانفرنس سے لا تعلقی کا اعلان

    مسلم لیگ ن کا ملک احمد خان کی پریس کانفرنس سے لا تعلقی کا اعلان

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک احمد خان کی پریس کانفرنس سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا، ملک احمد خان نے پریس کانفرنس میں چیئرمین نیب کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نے چیئرمین نیب کے استعفے سے متعلق ملک احمد خان کے مطالبے کے حوالے سے پریس کانفرنس سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

    مریم اورنگزیب نے ملک احمد خان کی گفتگو کو ذاتی رائے قرار دے دیا، کہا کہ ملک احمد خان کی رائے پارٹی کا مؤقف نہیں۔

    ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی پارٹی مؤقف دے چکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا: ملک احمد خان

    خیال رہے کہ ملک احمد خان نے پریس کانفرنس میں مختلف مطالبے کیے، ان کا مرکزی مطالبہ تھا کہ چیئرمین نیب استعفا دیں۔

    ملک احمد خان کی پریس کانفرنس کی باقاعدہ تردید سے چیئرمین نیب کے معاملے پر ن لیگ تقسیم ہوتی نظر آ رہی ہے، ن لیگ میں دھڑے بندی اور اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

    ملک احمد خان نے کہا تھا کہ نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا، نیب کیا کوئی ماورائے قانون ادارہ ہے، کیا نیب والے یہ سمجھتے ہیں کہ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔

  • نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا: ملک احمد خان

    نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا: ملک احمد خان

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا۔

    ان خیالات کا اظہار وہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، ملک احمد خان نے کہا کہ شہباز شریف کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر گرفتار کیا گیا، کیا رمضان شوگر ملز کے پیسے شہباز شریف نے بیرون ملک بھیجے؟

    انھوں نے کہا کہ اگر پیسے بھیجے بھی گئے تو بتایا جائے کہ کس کے پیسے بھیجے گئے، کیا صاف پانی کمپنی کے پیسے باہر بھیجے گئے؟

    ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ کالم نگار اور چیئرمین نیب کے خلاف کیس فائل کریں گے، نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا، نیب کیا کوئی ماورائے قانون ادارہ ہے، کیا نیب والے یہ سمجھتے ہیں کہ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔

    رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نیب سے گرفتاری کی وجوہ پر جواب نہیں دیا جاتا، کہا جاتا ہے کہ یہ خفیہ دستاویزات ہیں نہیں بتا سکتے، کس قانون میں اس طرح کسی کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیئرمین نیب کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وہ اچھا کام کررہے ہیں، فروغ نسیم

    ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ میں ویسی ہرزہ سرائی نہیں کر سکتے جس طرح چیئرمین نیب نے کی، چیئرمین نیب اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ قانون میں کہاں لکھا ہے کہ چیئرمین نیب خود سوال نامہ ترتیب دیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ میں خود سوال نامہ ترتیب دیتا ہوں، نیب قانون کا غلط استعمال کر رہا ہے۔

    ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نیب کا کہنا ہے کہ جن پر الزام لگیں وہ مناصب جلیلہ پر فائز نہ ہوں، قانون پر کس کی تشریح مانی جائے، عدالت کی یا نیب کی، ایف بی آر کے چھاپوں سے لوگوں نے بینکوں سے پیسے نکال لیے، کاروباری کمیونٹی نے کاروبار ختم کر دیے۔

  • احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، ہم رکاوٹ نہیں ڈالیں گے: گورنر پنجاب

    احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، ہم رکاوٹ نہیں ڈالیں گے: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، ہم اپوزیشن کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کے فیصلے پر کہا ہے کہ اپوزیشن والے خود تقسیم ہیں اور عوام ان کے ساتھ نہیں، انھیں احتجاج کا حق ہے، رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا یہ اتحاد نظریاتی نہیں بلکہ مفاداتی ہے، یہ سب اپنے مفاد کے لیے جمع ہو رہے ہیں، اگر اپوزیشن سچ مچ متحد ہوتی تو الگ الگ احتجاج کی بات نہ کرتی۔

    گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ عمران خان عوام کے ووٹوں سے آئے ہیں، اور 5 سال حکومت کریں گے، عوام نے تحر یک انصاف کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اپوزیشن جماعتوں کا عید کے بعد علیحدہ علیحدہ احتجاج کا فیصلہ

    انھوں نے سعودی عرب کی جانب سے مؤخرادائیگی پر تیل کی فراہمی کے اعلان پر کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاکستان کو تیل دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی عرب تین سال تک پاکستان کو سالانہ 3 ارب 20 کروڑ ڈالرکا تیل ادھار دے گا

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گام زن ہے، اپوزیشن احتجاج کرتی رہے عوام ان کے ساتھ نہیں۔

    خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ عید الفطر کے بعد اپوزیشن جماعتیں ایوان کے اندر اور باہر حکومت کے خلاف علیحدہ علیحدہ احتجاج کریں گی۔

  • مریم نواز نے تعزیت کے لیے بیٹھی محفل کو سیاسی جلسے میں بدل ڈالا

    مریم نواز نے تعزیت کے لیے بیٹھی محفل کو سیاسی جلسے میں بدل ڈالا

    بہاولپور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میاں بلیغ الرحمان کے گھر جا کر ان کی اہلیہ اور بیٹے کے لیے تعزیت کی، تاہم اس دوران تعزیت کے لیے بیٹھی محفل کو انھوں نے سیاسی جلسہ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی کیپٹن صفدر، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، پرویز رشید اور مائزہ حمید گجر کے ہم راہ سابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمن کے گھر آمد ہوئی۔

    مریم نواز نے بلیغ الرحمان کی اہلیہ اور بیٹے کی ناگہانی موت پر ان سے تعزیت کی، اس دوران انھوں نے کارکنوں سے خطاب بھی کر ڈالا۔

    مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا، تعزیت کے لیے بیٹھے افراد مریم نواز کے حق میں سیاسی نعرے بھی لگانے لگے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس حکومت میں ادویات کی قیمتیں عروج پر پہنچ گئیں، بجلی کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے اور لیموں چار سو روپے کلو ہوگیا۔

    انھوں نے کہا کہ بلیغ الرحمان اور ان کے اہل خانہ کو اللہ صبر عطا کرے، میاں صاحب اگر یہاں آ سکتے تو ضرور آتے، بلیغ الرحمان سے فون پر بات کر کے میاں صاحب رنجیدہ ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سابق وفاقی وزیربلیغ الرحمٰن کی فیملی کی گاڑی کو حادثہ، اہلیہ اور بیٹا جاں بحق

    مریم نواز نے کہا کہ ملک میں لا قانونیت کا راج ہے، فرشتہ کے ورثا کو انصاف کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہیں، اپوزیشن کی ایک افطاری نے ان پر بوکھلاہٹ سوار کر دی ہے، ہم ان کی حکومت نہیں گرانا چاہتے ہم تو چاہتے ہیں کہ یہ چند ماہ اور عوام کے سامنے کھل کر آئیں۔

    اس موقع پر لیگی کارکنوں نے مریم نواز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور وزیر اعظم مریم نواز اور چاروں صوبوں کی زنجیر مریم نواز کے نعرے لگائے۔

  • عید پر پنجاب میں قیدیوں کے لیے 2 ماہ کی معافی کا اعلان

    عید پر پنجاب میں قیدیوں کے لیے 2 ماہ کی معافی کا اعلان

    لاہور: عید کے موقع پر پنجاب میں قیدیوں کے لیے 2 ماہ کی معافی کا اعلان کر دیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا دورہ کر کے سہولتوں کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی آمد کی خوشی میں پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا دورہ کر کے قیدیوں سے ان کے مسائل سنے اور صورت حال دریافت کی۔

    جیل میں کم عمر بچے کو قتل کیس میں قید دیکھ کر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے از سر نو تفتیش کی ہدایت کی اور کہا کہ جیل حکام بچوں کے لیے ٹی وی فراہم کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  عیدالفطر 5 جون کو ہوگی، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

    وزیر اعلیٰ نے ملاقاتی شیڈ پہنچ کر قیدیوں اور ان کے ملاقاتیوں سے بات چیت کی، عثمان بزدار نے ان سے رشوت لیے جانے کے بارے میں بھی استفسار کیا۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات کی ہدایت کی۔

    خیال رہے کہ آج محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شوال کا چاند 29 رمضان کو نظر آنے کا قوی امکان ہے اور عید الفطر 5 جون کو ہوگی، پورے ملک میں 4 جون کو چاند کی رویت ممکن ہے۔

  • اتحاد بنتے رہتے ہیں، سنجیدہ نہیں لیتے: گورنر پنجاب چوہدری سرور

    اتحاد بنتے رہتے ہیں، سنجیدہ نہیں لیتے: گورنر پنجاب چوہدری سرور

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے اتحاد بنتے رہتے ہیں انھیں ہم سنجیدہ نہیں لیتے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی میٹنگ کے بعد بیانات میں کہا گیا کہ وہ الگ الگ احتجاج کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ اتحاد بنتے رہتے ہیں، اپوزیشن کو سنجیدہ نہیں لیتے، یہ ٹھیک ہے کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا اور دیگر چیلنجز کا سامنا بھی ہے، لیکن جتنے چیلنجز کا سامنا ہے وہ ہماری نہیں گزشتہ حکومتوں کے باعث ہیں۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ گیلپ سروے سے ظاہر ہے عوام عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں، عمران خان 5 سال حکومت کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی وزیر سردارعلی محمدمہر حرکت قلب بند ہونے پر انتقال کرگئے

    دریں اثنا گورنر پنجاب نے وفاقی وزیر سردار علی محمد مہر کے اچانک انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور دعا کہ اللہ تعالیٰ انھیں جنت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر دے۔

    پریس کانفرنس کے موقع پر چوہدری محمد سرور کے ہم راہ معروف شاعر امجد اسلام امجد اور سکھ رہنما بھی موجود تھے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے بڑی انڈسٹری سیاحت کی ہے، سکھ برادری کو ویزے سے متعلق سہولتیں دینی ہیں، وزیر اعظم نے کرتارپور راہداری کھولنے کا ایک بڑا فیصلہ کیا، راہداری کو کھولنے پر دنیا بھر کے سکھوں نے سراہا۔

  • حکومت کے پاس وسائل کم ہوں تو بھی اچھے پروجیکٹ کم نہ کیے جائیں: وزیر خزانہ پنجاب

    حکومت کے پاس وسائل کم ہوں تو بھی اچھے پروجیکٹ کم نہ کیے جائیں: وزیر خزانہ پنجاب

    لاہور: وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے پنجاب حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ اگر حکومت کے پاس وسائل کم بھی ہوں تو اچھے منصوبے کم نہ کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں وزیر خزانہ پنجاب نے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ سلمان شاہ کے ہم راہ پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا کہ حکومت کو اچھے پروگرام ختم نہیں کرنے چاہئیں۔

    ہاشم جواں بخت کا مؤقف تھا کہ وسائل کم بھی ہوں تو حکومت اچھے پروجیکٹ کم نہ کرے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ہمارا ماڈل سب سے بہتر ہوگا۔

    اس موقع پر مشیر خزانہ وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ صوبے میں مائیکرو لیول پر بہتری لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پنجاب کے شہروں میں ترقیاتی کام شروع کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں، اور ترقیاتی کام تیز کرنے پر تبادلہ خیال جاری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پنجاب میں معیشت کو بہتر بنایا جائے گا، چیزیں بڑی تیزی سے آگے لے کر جائیں گے، پنجاب بڑا صوبہ اور بہت بڑی مارکیٹ ہے، یہاں ترقی ہوگی تو پورا ملک ترقی کرے گا، اس لیے پنجاب میں مائیکرو لیول پر ترقی ہونی چاہیے۔

    ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ صوبے میں انفرا اسٹرکچر بن رہا ہے، کوشش ہے روز گار کے مواقع پیدا کر سکیں، پنجاب میں ہمارے 500 پروجیکٹ انڈسٹری سے متعلق ہیں، ٹرانسپورٹ سمیت صحت کے بھی پروجیکٹ ہیں۔