Tag: پنجاب کی خبریں

  • بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

    بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی، لیگی رکن حنا پرویز بٹ نے قرارداد میں جنوبی پنجاب کے ساتھ بہاولپور صوبے کا بھی مطالبہ کیا۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ حکومت نئے صوبوں کے قیام میں سنجیدہ ہے تو بہاولپور صوبہ بھی تسلیم کرے، نئے صوبوں کے قیام سے وسائل اور اختیارات برابری کی سطح پر تقسیم ہوں گے۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت آئین میں ترمیم کے ذریعے جنوبی پنجاب صوبہ بنانا چاہتی ہے، یہ نیا صوبہ ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع پر مشتمل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

    تاہم پاکستان مسلم لیگ ن کا مؤقف ہے کہ بہاولپور کو ایک الگ صوبہ ہونا چاہیے، اس سلسلے میں ن لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیمی بل بھی جمع کروایا گیا تھا۔

    مذکورہ بل میں کہا گیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل ایک میں ترمیم سے بہاولپور، جنوبی پنجاب کے صوبوں کی تشکیل کے الفاظ شامل کیے جائیں۔

    دوسری طرف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صرف ملتان تین ضلعوں کا صوبہ بنانا ممکن نہیں ہے، ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کے لیے دیگر جماعتوں کا تعاون درکار ہے۔

  • ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

    ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ایم ایل این میں بہت سے لوگ صوبہ جنوبی پنجاب کے حق میں ہیں، ن لیگ سے صوبے پر منطقی بات کریں گے، ملتان 3 ضلعوں کا صوبہ ممکن نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار شاہ محمود نے ملتان میں پریس کانفرنس میں کیا، انھوں نے کہا کہ ہم منطقی بات کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کی کاوش پروان چڑھانے میں ہماری مدد کریں۔

    وزیر خارجہ نے کہا ’شاہد خاقان کو کہوں گا بل قوانین کے مطابق پیش ہوا ہے، بل پر ووٹنگ ہوئی اور خصوصی کمیٹی میں بھیج دیا گیا، ن لیگ کا بل بھی موجود ہے ہم اس سے بھی انکار نہیں کرتے۔‘

    شاہ محمود نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ تشخص دینے کا وعدہ وفا کریں گے، آئین میں ترمیم سے جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے، نیا صوبہ ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع پر مشتمل ہوگا، صوبے کی 120 نشستیں ہوں گی، اپناہائی کورٹ ہوگا، چیف جسٹس ملتان میں بیٹھے گا، بہاولپور بینچ ہائی کورٹ ملتان کا حصہ بن جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی مخالفت کر دی

    ان کا کہنا تھا کہ ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کے لیے دیگر جماعتوں کا تعاون درکار ہے، پیپلز پارٹی سے بل پر تبادلۂ خیال ہوا، پی پی نے مثبت جواب دیا، تجویز دی کہ جنوبی پنجاب پر بل کی تجویز مشترکہ لے کر چلیں۔

    یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی منظوری پر مسلم لیگ ن کے ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا تھا، ان کا مطالبہ تھا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب 2 صوبے بننے چاہئیں۔

  • چنیوٹ: 5 روپے نہ دینے پر نا معلوم افراد نے بچے کی آنکھ فائر کر کے ضائع کر دی

    چنیوٹ: 5 روپے نہ دینے پر نا معلوم افراد نے بچے کی آنکھ فائر کر کے ضائع کر دی

    چنیوٹ: پنجاب کے شہر چنیوٹ میں 5 روپے نہ دینے پر نا معلوم افراد نے بے رحمی سے بچے کی آنکھ فائر کر کے ضائع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں نا معلوم افراد نے 8 سالہ بچے نعیم کی آنکھ پر چھرے والی بندوق سے فائر کیا، بچے نے پانچ روپے دینے سے انکار کیا تھا۔

    مقامی اسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ چھرے لگنے سے 8 سالہ نعیم کی بائیں آنکھ ضائع ہو گئی ہے۔

    بچے کی حالت نازک ہونے کے پیش نظر اسے الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بچے کے والد کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا 5 روپے جیب خرچ لے کر مدرسے جا رہا تھا، 2 افراد نے بچے سے پیسے مانگے، بچے کے انکار پر انھوں نے اس کی آنکھ پر فائر کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور: رشتہ نہ دینے پر لڑکی کے بال مونڈ دیے، مقدمہ درج

    والد نے مطالبہ کیا کہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرے، جنھوں نے اس کے بیٹے کو ایک آنکھ سے محروم کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ آج لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں رشتہ نہ دینے پر لڑکے نے سیکنڈ ائیر کی طالبہ پر تشدد کر کے اس کے بال مونڈ دیے، مبینہ تشدد سے لڑکی کا بازو بھی ٹوٹ گیا۔

    پولیس نے لڑکی پر تشدد کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے۔

  • لاہور: رشتہ نہ دینے پر لڑکی کے بال مونڈ دیے، مقدمہ درج

    لاہور: رشتہ نہ دینے پر لڑکی کے بال مونڈ دیے، مقدمہ درج

    لاہور: فیکٹری ایریا میں رشتہ نہ دینے پر لڑکے نے سیکنڈ ائیر کی طالبہ پر تشدد کر کے اس کے بال مونڈ دیے، مبینہ تشدد سے لڑکی کا بازو بھی ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں لڑکے نے مبینہ طور پر رشتہ نہ دینے پر لڑکی کے بال کاٹ دیے، اور تشدد کر کے اس کا بازو توڑ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے لڑکی پر تشدد کا مقدمہ درج کر لیا۔

    متاثرہ لڑکی کی والدہ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ لڑکے نے رشتہ نہ دینے کی رنجش پر میری بیٹی کے بال کاٹ دیے، تشدد کر کے بازو توڑا۔

    والدہ نے کہا کہ میری بیٹی آج پرچے کی تیاری کر رہی تھی، ون فائیو پر کالیں کرنے کے باوجود پولیس نہیں آئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  فیصل آباد : سفاک شوہر نے بیوی کی زبان کاٹ دی، ملزم گرفتار، مقدمہ درج

    خیال رہے کہ اے آر وائی نیوز نے فیکٹری ایریا میں لڑکی پر مبینہ تشدد کی خبر نشر کی تھی، مقدمہ فیکٹری ایریا تھانے میں درج کیا گیا، پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے۔

    یاد رہے کہ مارچ میں فیصل آباد میں گھریلو جھگڑے کے بعد مشتعل شوہر نے بیوی کی زبان کاٹ دی تھی، تشدد کے باعث بیوی کی حالت خراب ہو گئی اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    بتایا گیا کہ شوہر نے جھگڑے کے بعد پہلے بیوی کو طلاق دی اور پھر قتل کرنے کی کوشش کی، اس کے بعد تیز دھار آلے سے زبان کاٹ دی۔

  • مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی مخالفت کر دی

    مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی مخالفت کر دی

    اسلام آباد: جنوبی پنجاب صوبہ بنانے پر اپوزیشن تقسیم ہو گئی، مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی مخالفت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے آئینی ترمیمی بل کی تحریک پیش کی گئی، تاہم ن لیگ نے تحریک کی مخالفت کر دی۔

    پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی حمایت کی، تاہم ن لیگ کی مخالفت سے اپوزیشن تقسیم ہو گئی۔

    قبل ازیں، مخدوم سید سمیع الحس گیلانی نے قومی اسمبلی میں جنوبی صوبہ پنجاب بنانے کی تحریک پیش کی، ن لیگ کی مخالفت کے با وجود آئینی ترمیمی بل کی تحریک قومی اسمبلی میں کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئی۔

    تحریک کی منظوری پر مسلم لیگ ن کے ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا، ان کا مطالبہ تھا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب 2 صوبے بننے چاہئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا بل پیش

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے سو روزہ انقلابی پروگرام میں سو روز کے اندر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

    23 اپریل کو قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا بل پیش کیا گیا تھا جس کی مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق سمیت ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے بھی بھرپور حمایت کی تھی۔

    رواں برس کے آغاز پر مسلم لیگ ن نے بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیمی بل بھی جمع کروایا تھا۔ مذکورہ بل میں کہا گیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل ایک میں ترمیم سے بہاولپور، جنوبی پنجاب کے صوبوں کی تشکیل کے الفاظ شامل کیے جائیں۔

    بل میں کہا گیا تھا کہ بہاولپور صوبہ وہاں کے موجودہ انتظامی ڈویژن پر مشتمل ہوگا جب کہ جنوبی پنجاب صوبہ موجودہ ڈیرہ غازی خان اور ملتان ڈویژنز پر مشتمل ہوگا اور ترمیم کے بعد ڈیرہ غازی خان اور ملتان ڈویژنز صوبہ پنجاب کا حصہ نہیں رہیں گے۔

    یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے بھی پنجاب میں دو صوبے بنانے کی حمایت کی تھی۔

  • وزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا

    وزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے استقبال کیا

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا، وزیر اعظم ایوان وزیر اعلیٰ میں ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچ گئے، لاہور دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیں گے اور ان کو صوبائی وزیر خزانہ مجوزہ بجٹ پر بریفنگ دیں گے۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت کچھ دیر میں صوبائی کابینہ ارکان کا مشاورتی اجلاس ہوگا۔

    اجلاس میں داتا دربار دھماکے، سیکورٹی صورت حال اور ڈاکٹرز کے احتجاج کا جائزہ لیا جائے گا، اجلا س میں بعض وزارتوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    رمضان میں مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی سمیت حکومتی امور پر بات ہوگی، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 6 بجے شوکت خانم افطار ڈنر میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے۔

    ذرایع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زمان پارک میں اہم ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم نے دواؤں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ تک رکھنے کی ہدایت کر دی

    واضح کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس میں مؤثر ڈرگ پرائسنگ پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں لائی جائیں۔

    آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں حکومت 70برس کی خرابیوں کو ٹھیک کر رہی ہے، مشکل وقت ہے، جو جلد ختم ہو جائے گا، لوٹ مار کی سیاست کا دورگزرچکا ہے، انشاء اللہ عوام کی امیدیں پوری کریں گے۔

  • جیل میں میاں صاحب سے ملاقات کی، نواز شریف نے مہنگائی پر اظہار تشویش کیا: مریم نواز کا ٹویٹ

    جیل میں میاں صاحب سے ملاقات کی، نواز شریف نے مہنگائی پر اظہار تشویش کیا: مریم نواز کا ٹویٹ

    لاہور: مریم نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انھوں نے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم کی صاحب زادی مریم نواز نے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ انھوں نے کوٹ لکھپت جیل میں میاں صاحب سے ملاقات کی، نواز شریف نے مہنگائی اور عوام کی مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف سانحہ داتا دربار میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھی ہیں۔

    مریم نواز نے ٹویٹ میں لکھا کہ عوامی حکومتیں عوام کی خواہشات پر چلتی ہیں، نالائقوں کی حکومتیں دوسروں کی شرائط پر چلتی ہیں، 9 مہینے سے پاکستان کے حوالے سے ایک بھی اچھی خبر نہیں آئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ٹی آئی نے مریم نواز کو ن لیگ کا نائب صدر بنانے کا فیصلہ چیلنج کردیا

    مریم نواز نے کہا کہ حکمران اپنے محلوں سے نکل کر عوام میں جا کر دیکھیں، وہ کیسے سسک رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت ان کو عوامی عہدے کے لیے نا اہل قرار دے چکی ہے۔

    چند دن قبل شاہ محمود قریشی نے بھی کہا تھا کہ سزا یافتہ کو پارٹی عہدہ نہیں دیا جا سکتا، مریم نواز کو سزا معطلی کا عارضی ریلیف ملا ہے، سزا برقرار ہے۔

  • لاہور: لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے خلاف حکم امتناع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    لاہور: لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے خلاف حکم امتناع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    لاہور: لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے خلاف ہائی کورٹ نے حکم امتناع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، کیس کی سماعت جسٹس مامون الرشید نے کی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے لیے ایکٹ کی منظوری کے خلاف لاہور ہائی كورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

    جسٹس مامون الرشید شیخ نے میئر لاہور کی درخواست پر سماعت کی، وکیل احسن بھون نے عدالت میں کہا کہ مدت مکمل کیے بغیر پرانا سسٹم ختم نہیں کیا جا سکتا۔

    وکیل مئیر لاہور کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی منظوری صرف چہرے بدلنے کے لیے کی گئی ہے۔

    سرکاری وکیل نے عدالت میں کہا کہ قانون تبدیل کرنا حکومت کا اختیار ہے، ایکٹ کے خلاف درخواست نا قابل سماعت ہے، اسے مسترد کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب بھر میں نیا بلدیاتی نظام نافذ، ایڈمنسٹریٹر تعینات، نوٹی فکیشن جاری

    عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عوامی نمائندوں کی مدت پوری کرنا قانونی معاملہ ہے یا سیاسی؟ وکیل میئر لاہور نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن ہوئے جسے حکومت ختم کر رہی ہے۔

    درخواست گزار نے کہا کہ عدالت لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے خلاف حکم امتناعی جاری کرے، کیس کے فیصلے تک پرانے نظام کو بحال رکھنے کا حکم دیا جائے۔

    دریں اثنا، عدالت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے خلاف حکم امتناع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  • لاہور دھماکا: ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

    لاہور دھماکا: ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

    لاہور: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور دھماکا خود کش ہے، ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے لاہور دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹس شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا اور اس حملے میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا۔

    وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، جس طرح کڑیاں ملتی جائیں گی تحقیقات میں پیش رفت ملے گی۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ دوبارہ ایسے واقعات کا ہونا بد قسمتی ہے، ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی، سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی کو بہتر بنانے کی گنجایش ہمیشہ رہتی ہے، سیکورٹی معاملات میں لوپ ہولز بند کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کے بعد سے تحقیقاتی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

    واضح رہے کہ آج لاہور میں داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 5 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔

    ایلیٹ فورس کی گاڑی داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر کھڑی تھی، خود کش حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

  • عثمان بزدار نے پنجاب میں سرکاری خرچ والی افطاریوں پر پابندی لگا دی

    عثمان بزدار نے پنجاب میں سرکاری خرچ والی افطاریوں پر پابندی لگا دی

    لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں سرکاری خرچ پر افطاریوں پر پابندی لگا دی، انھوں نے کہا کہ ہم قومی وسائل کے امین ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں سرکاری خرچ پر دی جانے والی افطاریوں کا سلسلہ ختم کر دیا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کفایت شعاری ہماری پالیسی کا بنیادی عنصر ہے اور ہم قومی وسائل کے امین ہیں، عوام کو یہ احساس دلانا ہے کہ ان کا پیسا صرف عوام پر ہی خرچ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے لیے بھی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، میں خود بھی رمضان بازاروں کے دورے کر کے جائزہ لے رہا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  رمضان ریلیف پیکج کی منظوری، صارفین کو 2 ارب روپے کا ریلیف ملے گا

    قبل ازیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے صادق آباد میں رمضان بازاروں کا دورہ کیا، انھوں نے رمضان پیکج کے تحت ریلیف کی فراہمی کے لیے کیےجانے والے اقدامات کا جائزہ لیا اور اشیائے ضروریہ، سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں اور کوالٹی کو چیک کیا۔

    اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ رمضان پیکج کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے، عوام کو ہر سطح پر ریلیف کی فراہمی جاری رہے گی، آج پہلا روزہ ہے اور میں خود دورے پر نکلا ہوں۔