Tag: پنجاب کی خبریں

  • وزیر اعلیٰ  پنجاب نے تونسہ شریف میں 8 نئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے تونسہ شریف میں 8 نئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    تونسہ شریف: وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تونسہ شریف کا دورہ کیا جس میں انھوں نے 8 نئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تونسہ شریف میں آٹھ نئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ان ترقیاتی منصوبوں کی کُل لاگت 1 ارب 64 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    ترقیاتی منصوبوں میں 135 ملین روپے کی لاگت سے سٹی تونسہ شریف پولیس اسٹیشن کی تعمیر بھی شامل ہے۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے 106 ملین روپے کے تحصیل کمپلیکس کی تعمیر اور 200 ملین روپے سے بننے والی 8.4 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

    نئے ترقیاتی منصوبوں میں این 55 منگروتھا چوک تونسہ سے بستی بزدار 14.5 کلو میٹر طویل سڑک کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

    قبل ازیں، عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال کے قیام کا اعلان کیا جو 200 بستروں پر مشتمل ہوگا، آئندہ سال میڈیکل کالجوں میں 100 نشستیں بھی بڑھائی جائیں گی۔

    ڈیرہ غازی خان کے اسپتال کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ڈی جی خان میں آئی ٹی ٹاور بھی بنانے کا منصوبہ ہے، راجن پور، لیہ میں بھی 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتال بنایا جائے گا۔

  • روجھان: موٹر سائیکل چوری پر دو گروہوں میں فائرنگ، 7 افراد ہلاک، 11 زخمی

    روجھان: موٹر سائیکل چوری پر دو گروہوں میں فائرنگ، 7 افراد ہلاک، 11 زخمی

    روجھان: پنجاب کے ضلع راجن پور کے شہر روجھان میں دو مسلح گروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جب کہ 11 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور کے شہر روجھان کے ایک علاقے کچہ چک کپڑا میں دو گروہوں میں فائرنگ ہوئی ہے جس میں سات افراد ہلاک جب کہ گیارہ زخمی ہو گئے۔

    پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ مسلح قبیلوں بنوں اور دہانی میں فائرنگ موٹر سائیکل چوری کے تنازعے پر ہوئی، پولیس موقع پر پہنچی تو شدید فائرنگ جاری تھی۔

    جاں بحق افراد کی شناحت شہباز، کریم، عبد الشکور اور نذر وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں روجھان شہر میں ان پڑھ، جاہل وڈیروں سے شادی سے انکار پر دو ڈاکٹر بہنوں کے خلاف مقامی جرگے نے عجیب فیصلہ دے دیا تھا۔

    جرگے نے لڑکیوں کے خلاف فیصلہ دیا کہ یا تو وڈیروں سے شادی کریں یا پھر 123 ایکڑ زمین وڈیروں کو دی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بیٹیوں کے رشتے دو یا 123 ایکڑ زمین، جرگے کا ظالمانہ فیصلہ

    ڈاکٹر بہنوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان پر شادی کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور پولیس بھی ان کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ہے۔

    مزاری بہنوں کا کہنا تھا کہ وہ ایم بی بی ایس فائنل ایئر میں پڑھ رہی ہیں، حضور بخش مزاری کے بیٹوں رفیق مزاری اور علی شیر مزاری نے ان کے بھائیوں پر بھی حملے کیے۔

    تاہم میڈیا پر خبر چلنے کے بعد آئی جی پنجاب نے نوٹس لیا، پولیس کی حرکت میں آجانے کے بعد وڈیرے پیچھے ہٹ گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ فریقین میں صلح کروائی گئی۔

  • سپریم کورٹ میں نواز شریف کی مستقل ضمانت کی درخواست دائر

    سپریم کورٹ میں نواز شریف کی مستقل ضمانت کی درخواست دائر

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی مستقل ضمانت کی درخواست دائر کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف کی جانب سے مستقل ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، متفرق درخواست میں اضافی دستاویزات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ متفرق درخواست میں ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی رائے بھی شامل کی گئی ہے، درخواست کے ساتھ اضافی میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف نے برطانیہ میں علاج کرانے کی خواہش ظاہر کر دی تھی اور سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے استدعا کی کہ پاکستان میں علاج کی پابندی پر نظر ثانی کی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف نے برطانیہ میں علاج کرانے کی خواہش ظاہر کردی

    عدالت نے 26 مارچ کو 6 ہفتے کے لیے مشروط ضمانت دی تھی، جس پر نواز شریف کی درخواست میں کہا گیا کہ حکم نامے میں کہا گیا تھا ملک چھوڑ کر نہیں جا سکتے لیکن علاج اسی ڈاکٹر سے ممکن ہے جس نے برطانیہ میں علاج کیا تھا۔

    مؤقف میں کہا گیا کہ نواز شریف کی مکمل صحت یابی 6 ہفتے میں نا ممکن ہے، طبی ماہرین کے مطابق نواز شریف کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، نواز شریف کو دل اور گردوں کے امراض لاحق ہیں۔

  • گورنر پنجاب کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں: نعیم الحق

    گورنر پنجاب کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں: نعیم الحق

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے سیاسی امور کے مشیر نعیم الحق نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی تبدیلی کے امکان کو مسترد کر دیا۔

    نعیم الحق نے پارٹی میں اختلافات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین پارٹی کا اثاثہ ہیں، وہ مصروفیت کی وجہ سے عشائیے میں نہیں آ سکے تھے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ق لیگ سے بھی تعلقات اچھے ہیں، پرویز الٰہی کے کام کی وزیر اعظم عمران خان نے بھی تعریف کی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے ہیں تاہم عمران خان کی قیادت میں پارٹی متحد ہے، صدارتی نظام کی باتوں میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے، ہم بلدیاتی انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں، اور ہماری توجہ ترقیاتی کاموں پر ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  عثمان بزدار، پرویز الہیٰ ملاقات، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں اختلافات کی تردید

    نعیم الحق نے کہا کہ موجودہ نظام میں بعض قوانین ترقی کی راہ میں حائل ہیں، اس لیے ہم 7 نئے قوانین لے کر آ رہے ہیں، جن کا مسودہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ‌ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ میں اہم ملاقات ہوئی، جس کے بعد ق لیگی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ اور پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔

  • نواز شریف کا اصل مسئلہ علاج نہیں ملک سے فرار ہے: شہباز گل

    نواز شریف کا اصل مسئلہ علاج نہیں ملک سے فرار ہے: شہباز گل

    لاہور: ترجمان وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواز شریف کا اصل مسئلہ علاج نہیں ملک سے فرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے ٹویٹر پر نواز شریف کے بیرون ملک جانے کی خواہش کے اظہار پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے ہی بتا چکے ہیں ان کا اصل مسئلہ علاج نہیں ملک سے فرار ہے۔

    ترجمان شہباز گل نے لکھا ہم نے کسی بھی اسپتال سے علاج کرانے کی پیش کش کی لیکن آج نواز شریف نے بیرون ملک جانے کی درخواست دائر کر دی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک سے معالج کو بلانے کی پیش کش بھی کی تھی، انھوں نے درخواست دائر کر کے ہمارا مؤقف درست ثابت کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف نے برطانیہ میں علاج کرانے کی خواہش ظاہر کردی

    خیال رہے کہ آج سابق وزیر اعظم نواز شریف نے برطانیہ میں علاج کرانے کی خواہش ظاہر کر دی اور سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے استدعا کی کہ پاکستان میں علاج کی پابندی پر نظر ثانی کی جائے۔

    نواز شریف کی نظر ثانی درخواست 15 صفحات پر مشتمل تھی، درخواست میں کہا گیا کہ نواز شریف کو ضمانت طبی بنیادوں پر دی گئی ہے، 26 مارچ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ وہ ملک چھوڑ کر نہیں جا سکتے، جب کہ علاج اسی ڈاکٹر سے ممکن ہے جس نے برطانیہ میں علاج کیا تھا۔

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: نیب نے حمزہ اور عائشہ احد کو طلب کر لیا

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: نیب نے حمزہ اور عائشہ احد کو طلب کر لیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف اور عائشہ احد کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو 30 اپریل کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

    پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز دوپہر 3 بجے نیب لاہور آفس میں پیش ہوں گے۔

    دوسری طرف نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عائشہ احد کو بھی طلب کر لیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ عائشہ احد کو بھی 30 اپریل کی دوپہر 12 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ عائشہ احد لیگی رہنما حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کی دعوے دار رہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع

    یاد رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے اثاثہ جات، صاف پانی انکوائری اور رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی توسیع میں درخواستوں پر سماعت کی، وکیل نے کہا کہ نیب حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا چاہتا ہے مگر وجوہات بیان نہیں کی جا رہی ہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے دستاویزات خفیہ رکھی جا رہی ہیں، منی لانڈرنگ قانون کے تحت تفتیش کرنا فنانشنل ایجنسی کا کام ہے، نیب کو اس حوالےسے تحقیقات اور گرفتار کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔

  • نیب کی وجہ سے کوئی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہے: حمزہ شہباز

    نیب کی وجہ سے کوئی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پلی بار گین بھتہ خوری کا نظام ہے، نیب کی وجہ سے کوئی ملک میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے قومی احتساب بیورو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب اور وزیر اعظم گٹھ جوڑ نے معیشت کو تباہ حال کر دیا ہے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیب اور منشا بم میں کوئی فرق نہیں ہے، اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگا کر قوم کو شرمندہ کیا گیا، ہمارے خلاف تحقیقات کی گئیں لیکن ایک پائی کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوا۔

    انھوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کی وانا میں کی گئی تقریر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، کہا تقریر کے دوران جو زبان استعمال کی گئی وہ پوری قوم کے لیے باعث شرم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع

    بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ دوائیوں کی قیمتیں اور بڑھ رہی ہیں، مہنگائی اور بڑھے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہونے جا رہا ہے لیکن معلوم نہیں آئی ایم ایف کس قسم کی شرائط رکھے گا، اس معاہدے کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے وانا میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ہر سال 100 ارب روپے قبائلی علاقوں پر خرچ ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ وہ قبائلی علاقوں میں فوج بھیجنے کے مخالف تھے، عمران خان نے جنوبی وزیرستان میں دو ڈگری کالجز اور اسپورٹس کمپلیکس بنانے کا بھی اعلان کیا۔

  • راولپنڈی میں ایک ہزار مسیحیوں کو نوکریاں دوں گا: شیخ رشید

    راولپنڈی میں ایک ہزار مسیحیوں کو نوکریاں دوں گا: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مسیحی بھائیوں کو ایسٹر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہم مسیحی بھائیوں کو زیادہ سے زیادہ نوکریاں دینا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایسٹر کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم مسیحی بھائیوں کو زیادہ سے زیادہ نوکریاں دینا چاہتے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری تشدد کی فضا ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرے، کم زور کو طاقت ور بنانا میری زندگی کا مشن ہے، مسیحی بھائیوں کی خدمت کے لیے ہر لمحہ حاضر ہوں۔

    ریلوے وزیر نے کہا کہ محکمہ ریلوے میں بھی 2 سے 300 مسیحی کام کر رہے ہیں، خواہش ہے مسیحی نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ نوکریاں دوں، راولپنڈی میں ایک ہزار مسیحیوں کو نوکریاں دوں گا۔

    قبل ازیں، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سری لنکا میں پیش آنے والے دہشت گردی کے اندوہ ناک واقعات کی بھی مذمت کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکا دھماکے، پاکستان کا لاشوں کی شناخت کے لیے فرانزک ٹیم بھیجنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور چار ہوٹلوں میں یکے بعد دیگرےآٹھ دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد ہلاک جب کہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ سری لنکا دھماکوں میں تین خواتین سمیت 4 پاکستانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

  • چوہدری شجاعت نے شہباز شریف سے مبینہ رابطوں کی تردید کر دی

    چوہدری شجاعت نے شہباز شریف سے مبینہ رابطوں کی تردید کر دی

    لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف سے مبینہ رابطوں کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں موجود ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے میاں شہباز شریف سے رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف سے رابطہ ہوا نہ اس کا امکان ہے۔

    چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان نیک نیتی سے مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہیں۔

    مسلم لیگ ق کے رہنما نے مزید کہا ’شہباز شریف کو میری طرف سے کوئی پیش کش نہیں ہوئی، شریف برادران پہلے میرے مشورے’منافقت سے پرہیز‘ پر عمل کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب کابینہ میں ممکنہ ردوبدل، شہباز شریف اور چوہدری شجاعت کے لندن میں رابطے

    خیال رہے کہ ذرایع نے کہا تھا کہ لندن میں موجود مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت اور شہباز شریف نے مشترکہ دوستوں کی مدد سے ایک دوسرے سے رابطہ کیا ہے اور ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرایع کے مطابق چوہدری برادران پنجاب میں مزید اہم عہدے حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔

    کہا گیا کہ شہباز شریف نے چوہدری شجاعت کو پیغام بھیجا ہے کہ آئیں ایک بار پھر جمہوریت کی خاطر ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے کا سفر شروع کریں۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کسی قاتل کو سزا نہیں ملی: ڈاکٹر طاہر القادری

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کسی قاتل کو سزا نہیں ملی: ڈاکٹر طاہر القادری

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ تا حال سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کسی قاتل کو سزا نہیں ملی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر طاہر القادری نے مرکزی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کسی قاتل کو سزا نہیں ملی، ہم فیصلہ چیلنج کریں گے۔

    طاہر القادری کا کہنا تھا کہ قاتل آزاد ہیں، فیصلہ چیلنج کر کے کارکنوں کو انصاف دلوائیں گے۔

    سربراہ پی اے ٹی کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث افسروں کو محکمانہ انکوائری کی تکلیف سے بھی بچایا گیا، ظلم کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو نظام نے قیدی بنا دیا ہے۔

    ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ شہدا کے ورثا کو 5 سال سے غیر جانب دار تفتیش کا حق نہیں ملا، تا حال کسی قاتل کو سزا نہیں ملی، فیصلہ چیلنج کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  طاقتور آج بھی طاقتور اور انصاف کمزور ہے، طاہر القادری

    یاد رہے کہ طاہر القادری گزشتہ سال ستمبر میں سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد سے کہہ رہے ہیں کہ وہ اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

    26 ستمبر 2018 کو لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نواز شریف اور شہباز شریف سمیت 9 سیاست دانوں اور تین بیورو کریٹس کی طلبی کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ان کے نام ملزمان کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

    واضح رہے کہ 17 جون 2014 میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں جامع منہاج القرآن کے دفاتر اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کی رہایش گاہ کے باہر بیرئیر ہٹانے کے لیے خونی آپریشن کیا گیا، جس میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جب کہ 90 افراد زخمی ہو گئے تھے۔