Tag: پنجاب کی خبریں

  • حمزہ شہباز نیب پر برس پڑے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا

    حمزہ شہباز نیب پر برس پڑے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نیب پر برس پڑے، کہا کل تین گھنٹے نیب دفتر میں بیٹھ کر آیا ہوں، اب پھر بلایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’کل تین گھنٹے نیب میں بیٹھ کر آیا ہوں، اب پھر بلایا جا رہا ہے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا گیا، کیا مہذب معاشرے میں ماں بیٹیوں کو نوٹس بھیجے جاتے ہیں۔‘

    حمزہ شہباز نے کہا ’نیب نے عدالت میں کہا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری اتنی ضروری نہیں، وہ تعاون کر رہے ہیں۔‘

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک کال اپ نوٹس کی سیاہی خشک نہیں ہوئی اور اب ان کی بہنوں رابعہ اور جویریہ کو بھی نوٹس بھیج دیا گیا ہے، شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور گرفتار آشیانہ اسکینڈل میں کیا گیا، کہتے تھے شہباز شریف کرپٹ ہیں، کہاں گئیں وہ 56 کمپنیاں، ان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوا، اثاثوں سے زائد آمدن کا کیس پرانا ہے، اچانک اتنی تیزی کیوں آئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اثاثہ جات کیس : نیب نے شہباز شریف کے پورے خاندان کو بیان کیلئے طلب کر لیا

    حمزہ شہباز نے کہا ’ڈی جی نیب لاہور نے کہا آپ نے ضمانت کی درخواست کیوں دی، ہم تو آپ کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے، آپ حکومت سیٹلمنٹ کرلیں، آپ کو بار بار بلانا اچھا نہیں لگتا، حکومت سے ڈیل کیوں نہیں کر لیتے۔‘

    انھوں نے کہا کہ مجھ پر85 ارب کی کرپشن کا الزام لگایا گیا، میں نےایک ایک پائی کا حساب دیا، سب کچھ ڈکلیئر کیا، نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑایا جاتا ہے، عدالتوں سے گزارش ہے کہ مجھے اور نیب کو ایک ساتھ بلائیں، ہمارے ساتھ بد سلوکی ہو رہی ہے۔

    واضح رہے کہ نیب اہل کار نوٹس وصولی کے لیے شہباز شریف کی بیٹی کے گھر گئے، جس پر نون لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے غلط بیانی کرتے ہوئے میڈیا کو گمراہ کیا، انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بیٹی کے گھر پر چھاپا مارا گیا اور پولیس نے محاصرہ کر لیا ہے، جب کہ حقیقت اس کے برعکس نکلی۔

  • لاہور: پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، رواں سال 858 ملزمان گرفتار

    لاہور: پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، رواں سال 858 ملزمان گرفتار

    لاہور: پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅ ن جاری ہے، رواں سال کے دوران شہر بھر سے 1858 ملزمان گرفتار کیا گیا، ملزموں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایک ہزار 833 مقدمات درج کیے گئے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 کلو گرام آئس، 22 کلو گرام ہیروئن، 756 کلو گرام چرس، 80 کلو گرام افیون بر آمد کیا گیا۔

    ملزمان سے 60 کلو گرام بھنگ، 19 ہزار 149 بوتلیں شراب، 1300 نشہ آور گولیاں بھی برآمد کی گئیں، گرفتار ملزموں میں تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے بھی شامل ہیں۔

    پولیس نے تعلیمی اداروں میں بھی نوجوان نسل کو آئس نشے کا شکار بنانے والے مختلف عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران 138 ملزم گرفتار کیے۔

    رواں سال 8 ملزمان کے قبضے سے 4 کلو گرام سے زائد آئس برآمد کی گئی، ترجمان لاہور پولیس کے مطابق آئس فروخت کرنے والے ملزمان سے 17 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی : آن لائن منشیات فروشی میں ملوث ملزم گرفتار، مقدمہ درج

    تعلیمی اداروں میں منشیات کا دھندہ کرنے والے مجموعی طور پر 138 منشیات فروش گرفتار کیے گئے، جن کے خلاف 136 مقدمات درج کیے گئے۔

    بین الاقوامی منشیات فروش گروہ کا سرغنہ نائجیرین باشندہ مکاوا، فیمی اور پال کو دورانِ کارروائی رنگے ہاتھوں گرفتارکیا گیا۔ تیار شدہ کرسٹل (میتھ ایمفیٹامین) فروخت کرنے والے غیر ملکی منشیات فروش روجر، مارٹن اور اس کی مقامی بیوی کو بھی گرفتار کیا گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد وقاص نذیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور اقدامات عمل میں لا رہے ہیں، نئی نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا لاہور پولیس سمیت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

  • حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل حدیبیہ کیس کی طرح لگتا ہے: فواد چوہدری

    حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل حدیبیہ کیس کی طرح لگتا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل اگر دیکھیں تو یہ حدیبیہ کیس کی طرح لگتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل حدیبیہ کیس لگتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملازموں کے ناموں پر رقم باہر بھجواتے اور پھر منگوائے جاتے تھے، فرنٹ مین کے ذریعے رقم باہر بھجوائی گئی اور پھر منگوائی گئی، ثبوت دیکھیں تو پتا لگتا ہے بلین ڈالرز سے شریف فیملی نے فائدہ اٹھایا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز جیسے بڑے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے، یہ نہیں ہو سکتا کہ امیر کے لیے الگ اور غریب کے لیے الگ قانون ہو، ہم چاہتے ہیں ایسے مقدمات جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے ثبوت حاصل کر لیا

    خیال رہے کہ نیب نے دعویٰ کیا تھا کہ حدیبیہ پیپز ملز کیس میں بھی اسی طرح اکاؤنٹس کھولے گئے تھے جن کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی، تاہم نیب سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ ثابت نہیں کر سکی تھی۔

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے اس کے ثبوت حاصل کر لیے ہیں، حمزہ شہباز کو نا معلوم افراد کی جانب سے لاکھوں ڈالرز کی رقم بھیجی گئی۔

    آج احتساب عدالت کے حکم پر نیب پولیس اور رینجرز اہل کاروں کے ساتھ پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو پھر گرفتار کرنے ان کے گھر پہنچی تو وہ گھر سے باہر نہ نکلے، بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے پیر تک حمزہ شہباز کی گرفتاری روک دی۔

  • حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے ثبوت حاصل کر لیے

    حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے ثبوت حاصل کر لیے

    لاہور: قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شبہاز کی منی لانڈرنگ کے طریقے کے حوالے سے ثبوت حاصل کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے اس کے ثبوت حاصل کر لیے ہیں، حمزہ شہباز کو نا معلوم افراد کی جانب سے لاکھوں ڈالرز کی رقم بھیجی گئی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ 26 جون 2007 کو 1 لاکھ 65 ہزار 980 ڈالرز کی رقم سرکلر روڈ لاہور بھیجی گئی، رقم محبوب علی نامی شخص کی ہدایت پر ٹی ٹی ٹرانسفر کے ذریعے بھیجی گئی، محبوب علی نامی شخص نے رقم سرمایہ کاری کی غرض سے بھیجی تھی۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ محبوب علی نامی شخص کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے، محبوب علی نے کبھی برطانیہ کا سفر بھی نہیں کیا، اس نے آج تک کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز کی گرفتاری روکنے کا عدالتی حکم، نیب ٹیم واپس روانہ

    ذرایع نے مزید بتایا کہ 25 جولائی 2007 کو ایک لاکھ 67 ہزار 980 ڈالرز کی رقم لاہور میں سرکلر روڈ پر نجی بینک کی برانچ میں بھیجی گئی، دستاویز کے مطابق رقم منظور احمد نامی شخص کی ہدایت پر ایچ ایس بی سی کے ذریعے کے ایس منی ٹرانسفر سے بھیجی گئی۔

    دستاویز کے مطاق منظور احمد نے رقم سرمایہ کاری کی غرض سے بھیجی، منظور احمد کے پاس بھی پاسپورٹ نہیں ہے، کبھی برطانیہ کا سفر بھی نہیں کیا، آج تک کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں کل احتساب عدالت کے حکم پر ان کی گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپا مارا گیا لیکن نیب کو ناکامی ہوئی، آج پھر ان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا لیکن وہ گھر سے باہر نہ نکلے، بعد ازاں، لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو پیر تک حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا اور کہا حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کیا جائے، حفاظتی ضمانت کی درخواست پر پیر کو سماعت ہوگی۔

  • ہر 10 مر لے کے گھر میں ایک درخت لازمی قرار دینے کی منصوبہ بندی

    ہر 10 مر لے کے گھر میں ایک درخت لازمی قرار دینے کی منصوبہ بندی

    لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وائس چیئرمین پی ایچ اے لاہور حافظ ذیشان رشید نے کہا ہے کہ ہر 10 مرلہ کے گھر میں ایک درخت لازمی قرار دینے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز علامہ اقبال ٹاﺅن میں ہرا بھرا پاکستان مہم کے تحت پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ ذیشان نے کہا کہ دس مرلے کے مکان میں ایک درخت لازمی قرار دینے کے سلسلے میں وزیر ہاﺅسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے بھی جلد قانون سازی کا عندیہ دے دیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہر شہری کو چاہیے کہ قومی فریضہ سمجھ کر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے، اپنے نام کا پودا لگا کر اس کی مکمل دیکھ بھال کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  یونیورسٹی سائنس اینڈٹیکنالوجی بنوں میں ڈگری درخت لگانے سے مشروط

    وائس چیئرمین پی ایچ اے کا کہنا تھا کہ دس مرلہ گھر میں درخت لگانا لازمی قرار دینے کا مقصد ایک صحت معاشرے کی تشکیل ہے۔

    حافظ ذیشان نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی اور اسے مالی طور پر مستحکم بنانے کی بات کی ہے، ہم بھی یہی وژن لے کر چل رہے ہیں۔

    گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پارکوں کے باہر پارکنگ فیس ختم کر کے ادارے کو خسارے کی طرف دھکیلا گیا، کوشش ہے شہریوں کی گاڑیوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ پیسا پی ایچ اے کو ملے جو اس کا حق ہے۔

  • بھکر: ٹریفک حادثے میں زخمی طالبہ کی خواہش پوری، اسپتال کمرہ امتحان میں تبدیل

    بھکر: ٹریفک حادثے میں زخمی طالبہ کی خواہش پوری، اسپتال کمرہ امتحان میں تبدیل

    بھکر: امتحانات کے دنوں میں پنجاب کے ضلع بھکر میں ایک طالبہ ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال پہنچ گئی، جہاں اس کی خواہش پر اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثے میں زخمی نویں جماعت کی طالبہ ثانیہ کی خواہش پوری کر دی گئی، اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کر دیا گیا، سرگودھا بورڈ نے اسپتال کے کمرے کو امتحانی سینٹر کا درجہ دینے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

    اسپتال کا کمرہ امتحانی سینٹر بنائے جانے کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر کی سفارش پر جاری کیا گیا، حادثے میں زخمی نویں جماعت کی طالبہ نے آخری 2 پرچے اسپتال میں دیے۔

    امتحانی سینٹر پر خواتین اساتذہ پر مشتمل سپرنٹنڈنٹ اور نگران عملہ بھی تعینات کیا گیا، سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ طالبہ ثانیہ کو لکھنے کے لیے ایک معاون کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھکرمیں رکشہ بس کی زد میں آگیا‘ 7 افراد جاں بحق

    نویں جماعت کی طالبہ پیپر دینے کے لیے جاتے ہوئے جھنگ روڈ حادثے میں زخمی ہو گئی تھی۔

    خیال رہے کہ 30 مارچ کو صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں رکشہ بس کی زد میں آ گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور شامل تھے، طالبات نویں جماعت کا پرچہ دینے کے بعد گھر جا رہی تھیں۔

  • لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی سے نعیم الحق کی اہم ملاقات

    لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی سے نعیم الحق کی اہم ملاقات

    لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی سے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے ملاقات کی، جس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ پنجاب میں مشاورت سے معاملات دیکھے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر پرویز الہٰی سے خصوصی ملاقات کی۔

    ملاقات میں پنجاب کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مشاورت سے چلنے پر اتفاق ہوا، پرویز الہٰی کی وزیرِ اعظم سے گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات بھی اہم قرار دی گئی۔

    ق لیگی رہنما اور نعیم الحق ملاقات میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، انھوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    یاد رہے کہ دو دن قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، جس میں‌ پنجاب میں قانون سازی، ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بات چیت ہوئی اور پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق میں رابطوں‌ کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ترقیاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے رابطے بڑھائیں، وزیر اعظم نے قانون سازی میں پنجاب اسمبلی کے کردار اور کارکردگی کو سراہا۔

  • چابی گم ہونے پر پولیس کو ہتھکڑی کھلوانے کے لیے ملزم کو لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا

    چابی گم ہونے پر پولیس کو ہتھکڑی کھلوانے کے لیے ملزم کو لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا

    رائیونڈ: ریلوے پولیس سے ملزم کو لگائی گئی ہتھکڑی کی چابی گم ہو گئی، ہتھکڑی کھلوانے کے لیے لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی عوام ایکسپریس جب ساہیوال ریلوے اسٹیشن پہنچی تو ٹرین میں موجود مسافر جبرائیل اور محمد عرفان کے مابین سیٹ پر بیٹھنے پر جھگڑا ہوگیا جس پر ٹرین گشت پر مامور لاہور ریلوے پولیس نے جبرائیل نامی مسافر کو ہتھکڑی لگا دی۔

    پولیس کے مطابق جبرائیل کا تعلق کرم ایجنسی جب کہ محمد عرفان کا بہاول پور سے تعلق ہے۔

    رائیونڈ پہنچنے پر فریقین میں صلح ہوئی تو ریلوے پولیس کے اہل کار نے ملزم کی ہتھکڑی کھولنے کے لیے جیب سے چابی نکالنی چاہی تو معلوم ہوا کہ چابی کھو چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار، اسحلہ اور مسروقہ سامان برآمد

    بعد ازاں ملزم کو رائے ونڈ کے مختلف تھانوں میں لے جایا گیا مگر ہتھکڑ ی نہ کھل سکی جس پر ریلوے پولیس اہل کار مسافر کو مین بازار میں موجود لاک ماسٹر کے پاس لے گئے جہاں ملزم کو ہتھکڑی کاٹ کر رہائی نصیب ہوئی۔

    ریلوے پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرین گشت پارٹی کے پاس موجود ہتھکڑی سرکاری نہیں ہے، سرکاری ہتھکڑی مضبوط اور دیسی ساخت کی ہوتی ہے جب کہ ٹرین گشت پارٹی کے پاس چائنا ساخت کی ہتھکڑی تھی جس کی چابی کسی بھی تھانے کے پاس نہیں ہوتی۔

  • نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی، نیب کی ضمانت دینے کی مخالفت

    نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی، نیب کی ضمانت دینے کی مخالفت

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل کے قیدی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی، نیب نے نواز شریف کو ضمانت دینے کی مخالفت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی ضمانت کی درخواست پر آج سماعت ہوگی، قومی احتساب بیورو کا مؤقف ہے کہ نواز شریف کو ایسا کوئی عارضہ لا حق نہیں ہے جس سے ان کی جان کو خطرہ ہو۔

    نیب کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف بیماری کے بہانے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، نیب ٹیم نے عدالت میں پیش کرنے کے لیے جواب تیار کر لیا ہے۔

    دوسری طرف وزیر صحت پنجاب نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کہا کہ گردوں سے متعلق نواز شریف کی رپورٹ نارمل ہے، رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تاہم رہنما ن لیگ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جیل میں بیٹھا شخص لیب رپورٹ کیسے تبدیل کر سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    دوسری طرف نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے کہا ہے کہ آج نواز شریف کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ہے، سابق وزیر اعظم کے سپورٹرز اور چاہنے والوں سے دعا کی اپیل ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دل سے نکلی دعا کو کم تر نہیں سمجھنا چاہیے، دعا کر کے ہی نواز شریف کے لیے کچھ کیا جا سکتا ہے، جب نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل لایا گیا تو ان سے ملنے گئی، والد سے کہا آپ کی طبیعت اڈیالہ جیل سے بہتر لگ رہی ہے۔

    مریم نواز نے کہا ’والد نے کہا کہ ہاں یہاں تم نہیں جس کی فکر کرتا رہوں، نواز شریف نے کہا وہ خود اذیت میں رہ سکتے ہیں پر مجھے اذیت میں نہیں دیکھ سکتے۔‘

  • نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے، ان کی خرابیٔ صحت پر ہم سب اللہ سے دعا گو ہیں کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اسپیشل بچوں کی پینٹنگ نمائش دیکھنے کے لیے الحمرا آمد کے موقع پر انھوں نے کہا کہ نواز شریف کیس کی کل سماعت ہے، ہم دعا گو ہیں اللہ بہتر کرے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں زندگی میں ہمت نہیں ہارنی چاہیے، حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں مقابلہ کرنا چاہیے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، میری بیٹی عائشہ آٹزم سے متاثرہ بچوں کا اسکول چلا رہی ہے، اتنا اچھا کام کرنے پر بیٹی عائشہ پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نوازشریف کی رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، ڈاکٹر یاسمین راشد

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیلنجز کا مقابلہ بہادری کے ساتھ کرنا چاہیے، خیال رہے کہ اس وقت خود شریف برادران کو نیب کی جانب سے مختلف کرپشن کیسز میں مقدمات کا سامنا ہے اور دونوں کو قید بھی بھگتنی پڑ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی عائشہ ہارون اسپیشل بچوں کے اسکول کی بانی ہیں۔

    خیال رہے کہ آج وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے، گردوں سے متعلق ان کی رپورٹس نارمل ہیں، کوئی خطرے کی بات نہیں۔