Tag: پنجاب کی خبریں

  • لاہور میں شہباز شریف کی مبینہ جعلی کمپنیوں کا نیٹ ورک بے نقاب

    لاہور میں شہباز شریف کی مبینہ جعلی کمپنیوں کا نیٹ ورک بے نقاب

    لاہور: شہباز شریف کی مبینہ جعلی کمپنیوں کا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا ہے، لیگی رہنما کا کیمپ آفس منی لانڈرنگ کا گڑھ بنا رہا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی لینڈ کروزر کا منی لانڈرنگ میں استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، شہباز شریف نے جعلی کمپنیوں کا نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا اور ان کا کیمپ آفس منی لانڈرنگ کا گڑھ بنا ریا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں شہباز شریف کی جعلی کمپنیوں سے متعلق چشم کشا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک کمپنی میں 7 ارب روپے کا لین دین ہو رہا تھا، شہباز شریف کی 6 فرنٹ کمپنیاں بھی ہیں جو کسی اور کے نام پر چل رہی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزم نثار گل نے سلمان شہباز کی ہدایت پر رقوم منتقلی کا اعتراف کیا، نثار نے اپنے ہی بینک اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی ٹی ٹیاں وصول کیں، رقم شہباز شریف کی ہرے رنگ کی بلٹ پروف گاڑی میں منتقل کی جاتی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیف الیکشن کمشنرکا تقرر ، شہباز شریف نے 3 نام وزیراعظم کو بھجوا دیے

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق ڈائریکٹر اسٹریٹجک پلاننگ علی احمد اور ڈائریکٹر پولیٹکل نثار گِل، شہباز شریف کی فرنٹ کمپنیوں کے مالک اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

    سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب راجہ عامر عباس نے کہا کہ جس سیاست دان کے بارے میں پروگرام میں کرپشن کے اتنے ثبوت دکھائے گئے، وہ چیف الیکشن کمشنر جیسے اہم ترین عہدے کی نامزدگی میں بہ طور لیڈر آف اپوزیشن شامل ہوں گے۔

  • حکومت نے ملک کی سمت درست کرنے کے لیے بے پناہ محنت کی: عثمان بزدار

    حکومت نے ملک کی سمت درست کرنے کے لیے بے پناہ محنت کی: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت نے بے پناہ محنت سے ملک درست سمت میں گامزن کر دیا ہے، عدم استحکام کی سازشیں کرنے والوں کے عزائم پورے نہیں ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، لیکن کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو، عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عدم استحکام کی سازشیں کرنے والوں کے عزائم پورے نہیں ہوں گے، اداروں میں تصادم کی خواہش رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے کرپشن کر کے اداروں کو کنگال کیا، وزیر اعظم عمران خان نے بڑے بڑے کرپٹ عناصر کو بے نقاب کر دیا ہے، ہم نے عزم کیا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو کرپشن سے پاک کریں گے۔

    تازہ ترین:  آج دنیا بھر میں ایڈز سے بچاؤ اور آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایچ آئی وی ایڈز سے بچاؤ کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈز ایک مہلک مرض ہے، اس سے بچاؤ کے لیے احتیاط لازم ہے، ایڈز سے متعلق مؤثر آگاہی مہم سے نتیجہ خیز نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، روک تھام کے لیے سب کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، مشترکہ کاوشوں سے ایڈز کے مرض کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

  • گوجرانوالہ: پیشی پر جانے والے باپ بیٹے سمیت 4 افراد قتل

    گوجرانوالہ: پیشی پر جانے والے باپ بیٹے سمیت 4 افراد قتل

    گوجرانوالہ: پنجاب کی ایک تحصیل نوشہرہ ورکاں میں باپ بیٹے سمیت 4 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں ملزمان نے کار پر فائرنگ کر کے باپ بیٹے سمیت چار افراد کو قتل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں اعظم، بیٹا توقیر اور 2 گن مین شامل ہیں، جنھیں پیشی پر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کرنے والے موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

    پولیس کے مطابق قتل ہونے والے افراد کی اپنے رشتہ دار اقبال اور دیگر کے ساتھ مقدمے بازی کے معاملے پر دشمنی چل رہی تھی، مقتول اعظم کچھ روز قبل ہی قتل کے مقدمے سے ضمانت پر رہا ہوا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  گوجرانوالہ میں 8 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوشہرہ ورکاں میں 4 افراد کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، انھوں نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتار ی کا حکم بھی جاری کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل گوجرانوالہ میں 8 سالہ معصوم بچی مریم کو مبینہ زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا، پولیس نے شک کی بنیاد پر ہمسائے عبد الغنی کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے قتل کا اعتراف کیا اور اس کی نشان دہی پر کھیتوں سے تین دن پرانی لاش برآمد کی۔

  • وزیر اعلیٰ ہاؤس میں 500 سے زائد پولیس افسران کے تبادلوں کی فہرست تیار

    وزیر اعلیٰ ہاؤس میں 500 سے زائد پولیس افسران کے تبادلوں کی فہرست تیار

    لاہور: آئی جی پنجاب کی تعیناتی کے بعد صوبے میں مزید تبادلوں کا امکان ہے، وزیر اعلیٰ ہاؤس میں 500 سے زائد پولیس افسران کے تبادلوں کی فہرست تیار ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس پنجاب میں 500 سے زائد پولیس افسران کے تبادلوں کی فہرست تیار کی گئی ہے جس میں ایڈیشنل آئی جی ڈی آئی، ایس ایس پی ،ایس پی، ڈی ایس پی اور انسپکٹرز شامل ہیں، یہ تبادلے آیندہ 48 گھنٹوں میں ہونے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق طویل عرصے سے لاہور میں پرکشش سیٹوں پر تعینات انسپکٹرز کو ضلع بدر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ کرائم کنٹرول نہ ہونے پر سی سی پی او اور دیگر افسران کے تبادلوں پر غور کیا گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ بلال صدیق کمیانہ سی سی پی او لاہور کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

    تازہ ترین:  حکومت نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو تبدیل کردیا

    واضح رہے کہ پنجاب پولیس کا سربراہ پانچویں بار تبدیل کیا گیا ہے، حکومت نے 14 ماہ کے دوران بار بار آئی جی کی تعیناتی کا ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔

    نگراں حکومت نے عارف نواز کو تبدیل کر کے کلیم امام کو آئی جی تعینات کیا تھا، موجودہ حکومت نے کلیم امام کے بعد امجد جاوید کی بطور آئی جی تعیناتی کی، چن دماہ بعد ہی امجد جاوید سلیمی کی جگہ محمد طاہر کو آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا، محمد طاہر کے بعد پنجاب پولیس کے سر کا تاج عارف نواز کو پہنایا گیا، لیکن اس کے بعد حکومت نے عارف نواز کے بعد شعیب دستگیر کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کر دیا۔

  • منچن آباد: 9 سال کی بچی کو اغوا اور زیادتی کا نشانہ بنانے والا بھکاری گرفتار

    منچن آباد: 9 سال کی بچی کو اغوا اور زیادتی کا نشانہ بنانے والا بھکاری گرفتار

    منچن آباد: پنجاب کے ضلع بہاول نگر کے شہر منچن آباد میں 9 سال کی بچی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منچن آباد کے علاقے گھمنڈ پور میں 45 سالہ بھکاری نے 9 سالہ بچی کو اغوا کرنے کے بعد اس کے ساتھ زیادتی کی تھی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    گھمنڈ پور پولیس کا کہنا ہے کہ بہاولنگر کے رہایشی ملزم مشتاق ڈھڈی نے اعتراف جرم کر لیا ہے، میڈیکل رپورٹ میں بھی بچی کے ساتھ زیادتی ثابت ہو گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق مشتاق ڈھڈی پیشہ ور گداگر ہے اور بھیک مانگنے کے لیے مختلف شہروں کا رخ کرتا رہتا ہے، ملزم نے گھمنڈ پور کے رہایشی محنت کش بارش علی سے راہ و رسم نکالی، اور وقتاً فوقتاً مالی امداد کر کے اپنا اعتماد بنایا۔

    تازہ ترین:  باپ کی اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کی کوشش، 2 افراد جاں بحق

    مشتاق ڈھڈی 3 نومبر کو بارش علی کی دوسری جماعت کی طالبہ 9 سالہ بیٹی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھیوں کی مدد سے اغوا کر کے فیصل آباد لے آیا۔ اس کے بعد بھکاری بچی کو اپنے گینگ کے ہمراہ لے کر مختلف شہروں میں پھرتا رہا اور بچی کو زیادتی کا نشانہ بھی بناتا رہا۔

    گھمنڈ پور پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں 5 نومبر کو ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور کال ڈیٹا کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا جانے لگا، بار بار جگہیں تبدیل کرنے کے باعث پولیس ملزم کو پکڑنے میں ناکام ہوتی رہی تاہم آخر کار ملزم کو لالہ موسیٰ کے ایک ویران علاقے سے گرفتار کرنے میں کا میاب ہو گئی۔

    چھاپے کے دوران ملزم کی جھونپڑی سے بچی کو بھی بازیاب کرا لیا گیا، ملزم نے دوران تفتیش بچی کو اغوا اور زیادتی کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس کا ارادہ تھا کہ وہ بچی کو ہمیشہ اپنے پاس رکھے گا اور بھیک منگوائے گا۔

  • 7 سال کی معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، ملزم گھر کا فرد نکلا

    7 سال کی معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، ملزم گھر کا فرد نکلا

    راولپنڈی: معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے، 7 سال کی ایک اور معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی، ملزم گھر کا فرد نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں 7 سال کی بچی سدرہ مبینہ زیادتی کے بعد قتل ہو گئی، پولیس نے بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی۔

    سی پی او راولپنڈی کا کہنا تھا ملزم بچی کا قریبی رشتہ دار ہے، ملزم نے بچی کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، پولیس کی بر وقت کارروائی سے ملزم کو فرار ہونے کا موقع نہیں مل سکا۔

    راولپنڈی میں رونما ہونے والے اس افسوس ناک واقعے کے سلسلے میں بچی سدرہ کے والد نوراللہ نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ کام سے واپس گھر آیا تو گھر کا دروازہ کھلا ہوا تھا، بیوی سوئی ہوئی تھی، میں نے دیکھا کہ بچی مردہ حالت میں کمرے کے باہر پڑی ہوئی ہے۔

    گھر میں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بننے کے بعد قتل ہونے والی معصوم بچی کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ بچی کی ناک اور منہ سے خون نکل رہا تھا اور گھٹنے پر چوٹ کا نشان ہے۔

    پولیس نے سات سال کی معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے الزام میں بچی کے چچا کو حراست میں لے لیا تھا۔

    ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی میں مبینہ زیادتی کے بعد بچی کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، وزیر اعلیٰ نے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر کے افسوس ناک واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔ عثمان بزدار نے کہا متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

  • عثمان بزدار کا سستے داموں سبزیاں فراہم کرنے کے لیے انوکھا قدم

    عثمان بزدار کا سستے داموں سبزیاں فراہم کرنے کے لیے انوکھا قدم

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کا ایک اور بڑا قدم اٹھا لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے مختلف شہروں میں 32 ماڈل بازاروں میں کسان پلیٹ فارم قائم کر دیے جہاں کاشت کار اپنی اجناس براہ راست فروخت کر سکیں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے ماڈل بازاروں میں کسان پلیٹ فارمز قائم کرنے کی ہدایت جاری کی تھی تاکہ کسان پلیٹ فارم پر کاشت کار اپنی اجناس براہ راست فروخت کر سکیں۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے حکومتی اقدام کے بعد کہا ہے کہ کاشت کاروں کواپنی اجناس فروخت کرنے کے لیے جگہ بلا معاوضہ دی گئی ہے، لاہور ڈویژن میں 12 ماڈل بازاروں میں کسان پلیٹ فارمز قائم کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈیرہ غازی خان کےعوام کے لیے تحفہ

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا تدارک بھی اس قدم سے ممکن ہو سکے گا، کسان پلیٹ فارم کے ذریعے عوام کو سستے داموں سبزیاں دستیاب ہوں گی، ہم عوام کو ریلیف دینے کے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کو بجلی فراہم کرنے کی بڑی نوید سنا دی تھی، انھوں نے اعلان کیا تھا کہ قبائلی علاقوں کے لیے 132 کے وی کا علیحدہ گرڈ اسٹیشن بنے گا، اس منصوبے پرتقریباً ایک ارب روپے لاگت آئے گی۔

  • پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کر دیا

    پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کر دیا

    جڑانوالہ: پولیس کی پھرتیوں کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا ہے، فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں تھانہ سٹی پولیس نے مردہ شخص پر مقدمہ درج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو مقدمے میں نامزد کر دیا ہے جو کئی برس قبل دنیا سے گزر چکا ہے، عبدالعزیر عرف گلو کو آتش بازی کے مقدمے میں نامزد کیا گیا جس کا انتقال 8 سال قبل ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ جڑانوالہ میں مہندی کی ایک تقریب میں آتش بازی اور فائرنگ کی گئی تھی لیکن پولیس سوتی رہی، تاہم اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی، اور مہندی کی تقریب میں آتش بازی و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق نامزد ملزم نے 15 نومبر کی شب آتش بازی اور ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کی، تھانہ سٹی میں درج مقدمے میں دلہا، باپ، دادا اور تین چچاؤں کو نامزد کیا گیا ہے، تاہم ان میں سے عبد العزیز عرف گلو آٹھ سال قبل دنیا سے گزر چکا ہے۔

    ادھر ضلع شیخوپورہ کے علاقے فیروز والا کے گاؤں دندیاں میں بھی مہندی کی تقریب میں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔

  • راولپنڈی: بوائز ہاسٹل میں دھماکا، 5 افراد زخمی

    راولپنڈی: بوائز ہاسٹل میں دھماکا، 5 افراد زخمی

    راولپنڈی: غوثیہ چوک کے قریب بوائز ہاسٹل میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں غوثیہ چوک کے قریب واقع بوائز ہاسٹل میں دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں، دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے جہاں انھیں ایمرجنسی طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں جس سے دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ : سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا، تین اہل کار شہید

    گزشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک بائی پاس روڈ پر بھی سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تھا جس میں 3 اہل کار شہید جب کہ متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق 9 کلو دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے میں فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمی ہونے والے اہل کاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا، سیکورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن بھی کیا۔

  • اڈیالہ جیل کے 85 سے زائد قیدی اسپتال منتقلی کے منتظر

    اڈیالہ جیل کے 85 سے زائد قیدی اسپتال منتقلی کے منتظر

    راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں 85 سے زائد قیدی اور حوالاتی شدید بیمار ہو گئے ہیں، جیل ذرایع کا کہنا ہے کہ بیمار قیدی جیل سے باہر اسپتال منتقلی کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل ذرایع نے کہا ہے کہ متعدد مریض قیدی اور حوالاتی جیل سے باہر اسپتال منتقلی کے منتظر ہیں، یہ قیدی دل، گردوں، یرقان اور سانس کی تکالیف میں مبتلا ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اگر قیدیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل نہ کیا گیا تو ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ تین دن قبل پنجاب کی جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں نے طبی بنیاد پر لاہور ہائی کورٹ میں رہائی کی درخواست دائر کی تھی، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پر ضمانت دی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں کی طبی بنیاد پر رہائی کی درخواست

    کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے کی، عدالت نے ضمانت پر رہائی کی درخواست چیف سیکریٹری پنجاب کو بھجواتے ہوئے فیصلے کی ہدایت کی۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ جیلوں میں 10 ہزارسے زائد قیدی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، جیلوں میں قیدیوں کو علاج کی مناسب سہولتیں میسر نہیں ہیں جس پر استدعا کی جاتی ہے کہ نواز شریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پرضمانت دی جائے۔