Tag: پنجاب کی خبریں

  • اسپتال میں وزیر اعلیٰ کے پروٹوکول کے باعث میری بچی جاں بحق ہوئی، ماں کا الزام

    اسپتال میں وزیر اعلیٰ کے پروٹوکول کے باعث میری بچی جاں بحق ہوئی، ماں کا الزام

    میاں چنوں: وزیرِ اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی آمد پر ٹی ایچ کیو اسپتال میں خصوصی پروٹوکول کے باعث ایک سال کی بچی ڈاکٹرز کی توجہ نہ ملنے کے سبب جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی آمد پر ٹی ایچ کیو اسپتال میں شدید رش ہو گیا، جس کے باعث ایمرجنسی میں موجود ایک سال کی بچی جاں سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

    بچی کی والدہ نے الزام لگایا کہ وزیرِ اعلٰی پنجاب کی آمد کے بعد ڈاکٹرز نے بچی پر توجہ نہیں دی، ڈاکٹرز وزیرِ اعلٰی پنجاب کے پروٹوکول میں لگے رہے، بچی کے علاج پر کسی نے توجہ نہیں دی۔

    دوسری طرف ڈاکٹرز نے اپنا مؤقف دیا ہے کہ بچی کو کوئی ایسی ایمرجنسی لاحق نہیں تھی بلکہ وہ تھیلسیمیا کی مریض تھی۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج ٹی ایچ کیواسپتال کا دورہ کیا تھا، میاں چنوں کے دورے کے موقع پر وہ اپنے دوست کے گھر بھی گئے، جہاں انھوں نے دوست کے والد کی وفات پر تعزیت کی۔


    پہلے 100 دن میں صحت کے محکمے میں انقلابی تبدیلی نظر آئے گی: ڈاکٹر یاسمین راشد


    وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پاکپتن کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث بچوں کی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے حکم جاری کیا ہے کہ انھیں میاں چنوں میں جاں بحق ہونے والی ایک سالہ بچی سے متعلق بھی رپورٹ دی جائے۔

    دوسری طرف وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اسپتالوں کی ایمرجنسی کو فعال بنانا ان کی اوّلین ترجیح ہے، گزشتہ روز انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پہلے 100 دن میں صحت کے محکمے میں انقلابی تبدیلی نظر آئے گی۔

  • سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے سرکاری گاڑی لینے سے انکار کر دیا

    سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے سرکاری گاڑی لینے سے انکار کر دیا

    لاہور: سرکاری خزانے کی بچت کے لیے تحریکِ انصاف کے سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سرکاری گاڑی استعمال نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ بلدیات علیم خان نے آج پنجاب کابینہ کے ساتھ حلف اٹھایا، حلف اٹھانے کے بعد انھوں نے ملکی خزانے کی بچت کی خاطر سرکاری گاڑی لینے سے انکار کر دیا۔

    سینئر وزیر علیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’سرکاری کاموں کے لیے بھی میں ذاتی گاڑی استعمال کروں گا، ہم حکومتی وسائل خرچ نہیں کریں گے۔‘

    علیم خان کا کہنا تھا کہ انھیں بہ طور وزیر جتنی تنخواہ ملتی ہے وہ ہر ماہ عمران خان کے قائم کردہ شوکت خانم اسپتال کو عطیہ کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ مہمانوں کی خاطر تواضع اور دیگر اخراجات بھی خود برداشت کریں گے، وزیرِ اعظم کی کفایت شعاری مہم میں وزرا کی جانب سے بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب اور بلوچستان کابینہ نے حلف اٹھا لیا


    واضح رہے کہ وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے ساتھ ہی وزیرِ اعظم عمران خان نے سادگی اختیار کرنا شروع کر دی ہے، اور اپنے وزرا کو بھی تاکید کی ہے کہ وہ سادگی اختیار کرکے قوم کے لیے مثال بنیں۔

    وزیرِ اعظم کے اعلان کے بعد تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے متعدد وزرا نے اپنے محکموں میں سادگی اختیار کرنے اور اخراجات کم کرنے کے لیے اقدامات کرنا شروع کر دیے ہیں۔

  • پنجاب اور بلوچستان کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    پنجاب اور بلوچستان کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    لاہور، کوئٹہ: پنجاب اور بلوچستان کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، پنجاب کابینہ سے قائم مقام گورنر پنجاب پرویز الٰہی جب کہ بلوچستان کابینہ سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں پنجاب کی 23 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا، دوسری طرف گورنر ہاؤس بلوچستان میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں بلوچستان کی 10 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریکِ انصاف نے پنجاب کی تئیس رکنی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے علیم خان کو بلدیات، یاسمین راشد کو صحت، فیاض الحسن چوہان کو وزارتِ اطلاعات کا قلم دان سونپا تھا۔

    کابینہ میں شامل میاں محمود الرشید ہاؤسنگ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر میاں اسلم اقبال انڈسٹری، کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے وزیر، یاسر ہمایوں ہائر ایجوکیشن، تیمور خان یوتھ افیئرز اور کھیلوں کے وزیر ہاشم بخت وزیر خزانہ مقرر کیے گئے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب کی 23 رکنی صوبائی کابینہ کا اعلان

    مزید پڑھیں:  نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل سندھ اسمبلی کی رکنیت سےمستعفی


    دوسری طرف آج عمران اسماعیل صوبائی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہو گئے ہیں، وہ آج سندھ کے 33 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک صوبے کے گورنر ہیں، مخصوص شہر کے نہیں، کوشش کریں گے کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔

    ادھر نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریبِ حلف برداری ملتوی کردی گئی ہے، ان کی حلف برداری کی تقریب 28 اگست کو منعقد ہونا طے تھی۔ ان کی تقریبِ حلف برداری اب صدارتی الیکشن کے بعد ہوگی، چوہدری سرور پہلے بطور سینیٹر صدر کے لیے عارف علوی کو اپنا ووٹ دیں گے۔

  • پاکپتن میں انسانی جانوں سے کھلواڑ: غلط خون چڑھانے سے بچی جاں بحق، اتائی ڈاکٹر گرفتار

    پاکپتن میں انسانی جانوں سے کھلواڑ: غلط خون چڑھانے سے بچی جاں بحق، اتائی ڈاکٹر گرفتار

    پاکپتن: پنجاب کے ضلع پاکپتن میں انسانی جانوں سے کھلواڑ کا سلسلہ جاری ہے، آج ایک اتائی ڈاکٹر نے غلط خون چڑھا کر 8 سالہ بچی کو جان سے مار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں نجی اسپتال میں غلط خون چڑھائے جانے سے ایک بچی کی جان ضائع ہو گئی، اے آر وائی کی خبر پر اتائی ڈاکٹر عمران کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پاکپتن میں دو دن میں صحت کے اداروں کی غفلت کا یہ دوسرا واقعہ ہے، گزشتہ روز بھی دل کی مریضہ علاج نہ ہونے کے باعث دم توڑ گئی تھی۔

    آج ایک نجی اسپتال میں آٹھ سال کی آرزو فاطمہ کو غلط خون چڑھا دیا گیا جس کے باعث وہ اپنی جان سے گئی، اے آر وائی نیوز کی خبر پر وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا۔

    نجی اسپتال کے اتائی ڈاکٹر عمران کو پولیس نے گرفتار کر لیا، پولیس نے بچی کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ چک بیدی میں درج کرلیا۔

    شناختی کارڈ کا تقاضا:  لڑکی نے ویل چیئر پر دم توڑا


    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اٹھارہ سالہ لڑکی ویل چئیر پر تڑپتی رہی، جب کہ اسپتال انتظامیہ پرچی اور شناختی کارڈ کا تقاضا کرتی رہی، دل کی مریضہ کا علاج ایک گھنٹے بعد شروع کیا گیا جس کے باعث وہ دم توڑ گئی۔

    دوسری طرف انتظامیہ ورثا پر مصالحت کے لیے دباؤ ڈالتی رہی، موت کے بعد علاج کے کاغذات پر زبردستی انگوٹھے لگوائے، اے آر وائی نیوز کی رپورٹ پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا۔

    تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے اس واقعے کی وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو رپورٹ بھجوا دی ہے، ڈی سی کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، عملے اور ورثا کے بیانات بھیجوائے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کسی کو بھی ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا، انتظامیہ نےاسپتال عملے کو بچانے کے لیے گول مول رپورٹ بھجوائی، اسٹریچر یا ایمبولینس نہ دینے پر کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کسی اہل کار کے خلا ف کارروائی کی سفارش بھی نہیں کی گئی۔

  • وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی عمران خان کی سادگی کے نقش قدم پر

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی عمران خان کی سادگی کے نقش قدم پر

    اسلام آباد: وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی عمران خان کی سادگی کے نقش قدم پر چل پڑے، سینیٹر فیصل جاوید کی دعوت پر چائے پینے ڈھابہ ہوٹل پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے بھی اپنے قائد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سادگی اختیار کر لی، انھوں نے سینیٹر فیصل جاوید کی دعوت پر ڈھابہ ہوٹل کا رُخ کر لیا۔

    عثمان بزدار نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کے ساتھ سید پور ولیج کے ایک ڈھابہ ہوٹل پر چائے پی، اس موقع پر وزیرِ اعظم کے مشیر افتخار درانی اور فیاض الحسن چوہان بھی موجود تھے۔

    سید پور ولیج میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو دیکھ کر شہری بھی پہنچ گئے، عثمان بزدار بھی عوام میں گھل مل گئے، انھوں نے لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    ایئرپورٹس پر پروٹوکول پر پابندی عائد


    دوسری طرف وزیرِ اعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر پروٹوکول دینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ایف آئی اے حکام کی جانب سے پروٹوکول نہ دینے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا، حکم نامے کے مطابق امیگریشن افسران کسی بھی مسافر کو پروٹوکول فراہم نہیں کریں گے۔


    اسے بھی ملاحظہ کریں:  وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا


    حکام نے تنبیہہ کی ہے کہ سفارشی اور خاص مسافروں کو پروٹوکول دینے والے امیگریشن افسران کے خلاف ضابطے کی کاررائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے آج بھی کابینہ کے اجلاس میں ارکان کو ہدایت کی ہے کہ سادگی کا عمل خود سے شروع کر کے صوبے بھر میں پھیلایا جائے، عوام ہم سے تبدیلی کی امید کر رہی ہے اس لیے تبدیلی لا کر دکھائیں۔

  • پنجاب کابینہ: وزیرِ اعظم عمران خان کے وزرا سے انٹرویوز، وزرا کے ناموں اور قلم دانوں کا فیصلہ

    پنجاب کابینہ: وزیرِ اعظم عمران خان کے وزرا سے انٹرویوز، وزرا کے ناموں اور قلم دانوں کا فیصلہ

    اسلام آباد: پنجاب کابینہ کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان نے وزارتوں کے قلم دان سونپنے سے قبل ممکنہ وزرا کے انٹرویوز کیے، وزیرِ اعظم نے مشاورت کے بعد وزرا کے نام اور قلم دانوں کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق وزارتوں کے قلم دان سونپے جانے سے قبل وزیرِ اعظم نے ممکنہ وزرا سے انفرادی انٹرویوز کیے، انٹرویوز میں شارٹ لسٹ ارکان کو قلم دان دیے جانے کا فیصلہ ہوا ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور متوقع کابینہ کے ارکان نے ملاقات کی، وزیرِ اعظم نے مشاورت کے بعد وزرا کے نام اور قلم دانوں کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کو وزارتِ بلدیات ملنے کا امکان ہے جب کہ محمود الرشید کو وزارتِ ہاؤسنگ، فیاض الحسن کو اطلاعات، ڈاکٹر یاسمین راشد کو صحت، مراد راس کو تعلیم اور ہاشم بخت کو وزارتِ خزانہ کا قلم دان ملنے کا امکان ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ یاسر ہمایوں ہائر ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے، راجا بشارت پارلیمانی امور قانون کے وزیر، حافظ عمار جنگلات اور سبطین خان زراعت و معدنیات کے وزیر ہوں گے۔


    وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا


    ذرائع نے مزید کہا کہ عنصر مجید کو ہیومن ریسورس کا قلم دان دیا جائے گا۔ دوسری طرف ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ صوبائی کابینہ 2 مراحل میں حلف اٹھائے گی۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن: کیس میں طلب پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے، پی اے ٹی کا مطالبہ

    سانحہ ماڈل ٹاؤن: کیس میں طلب پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے، پی اے ٹی کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے وزیرِ اعظم عمران خان کے نام خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں طلب پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پی اے ٹی نے وزیرِ اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اعظم سلیمان چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے کے لیے امیدوار ہیں، جب کہ وہ سانحۂ ماڈل ٹاؤن کے موقع پر ہوم سیکرٹری پنجاب تھے۔

    پاکستان عوامی تحریک نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کےنام بھی خط ارسال کر دیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کی طرف سے طلبی کے لیے دائر رٹ میں اعظم سلیمان کا نام بھی شامل ہے۔

    خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ ماڈل ٹاؤن آپریشن کا فیصلہ کرنے والی میٹنگ میں بھی اعظم سلیمان شریک تھے، انھوں ںے باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کیس میں طلب پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جائے، پاکستان عوامی تحریک کا مؤقف ہے کہ سانحے میں ملوث کسی افسر کو اہم عہدہ ملنے سے ٹرائل متاثر ہوگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ ماڈل ٹاؤن، چار سال بیت گئے، لواحقین انصاف کے منتظر


    خط میں کیس کے حوالے سے پاکستان تحریکِ انصاف کے کردار کا بھی ذکر کیا گیا ہے، لکھا گیا ہے کہ پی ٹی آئی متاثرین کو انصاف دلوانے کی جدوجہد میں شریک رہی ہے، جب کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے سانحے کی غیر جانب دارانہ تحقیق کے بیان کا بھی خیر مقدم کیا جاتا ہے۔

    مذکورہ خط خرم نواز گنڈا پور نے وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو لکھا، خط کی کاپی وفاقی وزیرِ داخلہ اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ جون 2014 میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں جامع منہاج القرآن کے دفاتر اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر بیرئیر ہٹانے کے لیے خونی آپریشن کیا گیا، جس میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جب کہ 90 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

  • اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کے لیے حمزہ شہباز کے کاغذاتِ نامزدگی جمع

    اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کے لیے حمزہ شہباز کے کاغذاتِ نامزدگی جمع

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی طرف سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔

    حمزہ شہباز کے کاغذات سابق صوبائی وزیر عمران نذیر نے سیکریٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے، کاغذات ڈیڑھ سو سے زائد ارکان اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ جمع کرائے گئے۔

    اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، کہا ’اپوزیشن لیڈر کے لیے قانونی کارروائی ضروری تھی، دوست محمد مزاری تحریک انصاف میں نئے آئے ہیں، وہ نہیں جانتے اس جماعت کا کلچر کیا ہے۔‘


    ہمارے ووٹ پر گھات لگائی گئی تو اسمبلی نہیں چلنے دیں گے، حمزہ شہباز


    دوسری طرف ڈی جی پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے سلسلے میں نوٹی فکیشن ایک دن میں جاری کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے بعد مسلم لیگ (ن) دوسری بڑی جماعت ہے، ڈپٹی اسپیکر شپ کے انتخاب کے لیے تحریک انصاف کے دوست محمد مزاری نے 159 ووٹ لینے والے ن لیگ کے وارث کلو کے مقابلے میں 187 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

  • ناجائز اثاثہ جات کیس: عید بعد چوہدری پرویز الہٰی کو نیب میں طلب کرنے کا فیصلہ

    ناجائز اثاثہ جات کیس: عید بعد چوہدری پرویز الہٰی کو نیب میں طلب کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کو عید کی چھٹیوں کے بعد ناجائز اثاثہ جات کیس میں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چوہدری برادران کے خلاف ناجائز اثاثے بنانے کا کیس نیب میں چل رہا ہے، پوچھ گچھ کے لیے نیب کی جانب سے چوہدری پرویز الہٰی کو جلد طلب کیا جائے گا۔

    نیب کی جانب سے چوہدری برادران کو پہلے بھی طلب کیا جا چکا ہے، پرویز الہٰی اسپیکر شپ کے لیے الیکشن کے باعث نیب کے طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوسکے تھے۔

    دوسری جانب ناجائز اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت اورچوہدری پرویز الہٰی قومی احتساب بیورو (نیب) کو مطلوبہ دستاویزات فراہم کر چکے ہیں۔


    اسے بھی پڑھیں:  ناجائز اثاثہ جات کیس: چوہدری برادران نے نیب کو دستاویزات جمع کروا دیں


    یاد رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف مذکورہ کرپشن کیس نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز میں شامل ہیں جنھیں 2015 میں درج کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران پر 2.428 ارب کے غیر قانونی اثاثہ جات، آمدن سے زائد اخراجات اور ناجائر بھرتیوں کے الزامات ہیں۔

  • عثمان بزدار کا انتخاب پنجاب میں نئے دور کا آغاز ہے، عمران خان

    عثمان بزدار کا انتخاب پنجاب میں نئے دور کا آغاز ہے، عمران خان

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے پنجاب کے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو ٹیلی فون کرکے مبارک باد دی، انھوں نے کہا کہ عثمان بزدار کے انتخاب سے پنجاب میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے سردار عثمان بزدار کو ٹیلی فون کے ذریعے وزیرِ اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارک باد دی، وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی پنجاب میں بھی تبدیلی کا آغاز ہو گیا ہے۔

    عمران خان نے کہا ’سردار عثمان بزدار کے انتخاب سے پنجاب میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔‘ خیال رہے کہ وزیرِ اعظم پاکستان نے سیاسی مخالفین کے پروپیگنڈے اور میڈیا ٹرائل کے باوجود عثمان بزدار کو سپورٹ کیا۔

    سردارعثمان بزدار کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد بھی وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کیا، عثمان بزدار تونسہ کے نہایت پس ماندہ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  تحریک انصاف کےعثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب

    اسے بھی ملاحظہ کریں:  میرا نام وزیرِ اعلیٰ کے لیے منتخب ہونا بریکنگ نیوز تھی، عثمان بزدار


    آج قومی اسمبلی میں پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے انتخاب عمل میں لایا گیا، جس میں پی ٹی آئی کے عثمان بزدار نے 189 جب کہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 159 ووٹ حاصل کیے۔