Tag: پنجاب کی خبریں

  • لاہور ہائی کورٹ کا رانا ثناء اللہ کی کام یابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

    لاہور ہائی کورٹ کا رانا ثناء اللہ کی کام یابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

    لاہور: ہائی کورٹ نے فیصل آباد کے حلقے این اے 106 پر رانا ثناء اللہ کی کام یابی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ان کی کام یابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں این اے 106 پر رانا ثناء اللہ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جج نے ن لیگی رہنما کی کام یابی کا نوٹیفکیشن رکوا دیا ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو بھی نوٹس جاری کر دیا، رانا ثناء اللہ کے خلاف درخواست این اے 106 سے ناکام ہونے والے امیدوار نثار احمد نے دائر کی۔

    درخواست گزار نے عدالت میں کہا کہ رانا ثناء اللہ نے نواز شریف کے استقبال کو حج سے بڑا کام قرار دیا، اس لیے وہ آئین کے آرٹیکل 63،62 پر پورا نہیں اترتے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ن لیگی رہنما اسلامی شعائر کے خلاف بیانات دیتے ہیں، رانا ثناء اللہ کو نا اہل قرار دے کر کام یابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔

    نوازشریف کے استقبال کو رانا ثنا اللہ نے حج سے بڑا قرار دے دیا

    عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا کہ وہ ن لیگی رہنما کی بہ طورِ ایم این اے فیصل آباد کے حلقے میں کام یابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرے۔

    واضح رہے کہ انتخابات سے قبل 13 جولائی کو مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ نے نواز شریف سے وفاداری دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ لندن سے وطن واپس آنے والے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے استقبال کے لیے ایئر پورٹ جانا حج سے بڑا کام ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو  زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لاہور: بادامی باغ میں بچی سے زیادتی کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    لاہور: بادامی باغ میں بچی سے زیادتی کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    لاہور: بادامی باغ میں بچی سے زیادتی کی کوشش ناکام ہوگئی، واقعے کے خلاف بچی کے رشتہ داروں اور اہل محلہ کے احتجاج پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے بادامی باغ میں آٹھ سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والا پکڑا گیا، متاثرہ بچی کے والدین نے چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل کردی۔

    اعظم نامی ملزم نے بچی کو چاکلیٹ دلانے کے بہانے زیادتی کی کوشش کی لیکن اس کی چیخ و پکار پر بھاگ کھڑا ہوا، متاثرہ بچی کے عزیز کا کہنا ہے کہ ملزم عادی مجرم ہے، گھر والے ہمیشہ پیسے دے کر معاملہ دبا دیتے ہیں۔

    واقعے کے بعد بچی کے رشتہ دار اور اہلِ محلہ نے مل کر تھانے کے باہر احتجاج کیا، پولیس نے احتجاج کے بعد مقدمہ درج کیا اور ملزم اعظم کو گرفتار کرلیا۔

    کراچی: 6 سالہ بچی ’کائنات‘ زیادتی کے بعد قتل، چوتھا ملزم بھی گرفتار

    بچی کو لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، ٹی شرٹ پہنے ملزم متاثرہ بچی کو لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    مذکورہ ملزم کے کردار سے اہلِ محلہ تنگ آئے ہوئے ہیں، بچی کے والدین نے چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل کر دی، ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف حقیقی کارروائی کی جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کہا تھا ایک لہر آئے گی جو عمران خان کو کام یاب کر دے گی، شیخ رشید

    کہا تھا ایک لہر آئے گی جو عمران خان کو کام یاب کر دے گی، شیخ رشید

    لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وہ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ ایک ایسی لہر آئے گی جو عمران خان کو انتخابات میں کام یاب بنا دے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان فیصلہ کر چکے ہوں گے کہ کس کس کو وزارتیں دینی ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے وسطی پنجاب سے نام سامنے آیا ہے، تاہم یہ نام اب تبدیل ہو گیا ہو تو مجھے علم نہیں، عمران خان فیصلہ کر چکے ہوں گے کہ کس کو وزارت دینی ہے۔

    انھوں نے پروگرام میں دل چسپ باتیں بھی کیں، کہا ’میں انتخابات والے دن اپنے کسی پولنگ اسٹیشن کا دورہ نہیں کرتا اور ہمیشہ ووٹ ڈالنے کے بعد آ کر سو جاتا ہوں۔‘

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کوعمران خان کی جیت ہضم نہیں ہو رہی، انھوں نے سوچا ہی نہ تھا کہ عوام کا سمندر عمران خان کو ووٹ دے دے گا، ان کے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری آ گئی ہے، اپنی اکثریت بنانے کے لیے دیگر جماعتوں سے بات کرنی ہی پڑتی ہے۔

    عمران خان کے حلف اٹھاتے ہی ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن جائے گا: شیخ رشید

    انھوں نے ماضی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے بھی چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت نے چار حلقے کھولنے میں چار سال لگا دیے تھے، پاکستانی سیاست دان وہ نہیں جو سامنے نظر آتے ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا ’ن لیگ میں فارورڈ بلاک سے پی ٹی آئی کو فائدہ ہوگا، لیکن فارورڈ بلاک تو بنتے ہیں اور بنتے رہیں گے، 30 اگست سے پہلے گرد و غبار ختم ہو جائے گا۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تحریکِ انصاف کا پنجاب اسمبلی میں 186 ارکان کی حمایت کا دعویٰ

    تحریکِ انصاف کا پنجاب اسمبلی میں 186 ارکان کی حمایت کا دعویٰ

    لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف نے پنجاب اسمبلی میں 186 ارکان کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا، تاہم پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے نام فائنل نہیں کیا جا سکا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ارکان پر مشتمل ہے، پی ٹی آئی کے دعوے کے مطابق اسے 186 ارکان کی حمایت مل گئی ہے تاہم عمران خان نے ابھی تک وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے نام فائنل نہیں کیا۔

    راجن پور سے رکن اسمبلی طارق دریشک کی موت سے پی ٹی آئی کی ایک نشست کم ہوگئی ہے، دوسری طرف مسلم لیگ ن ابھی تک کسی آزاد رکن کو اپنے ساتھ شامل کرنے میں ناکام ہے، مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کے 6 ارکان کی حمایت بھی حاصل نہیں کر سکی۔

    66 خواتین اور 8 اقلیتی نشستوں پر نوٹیفکیشن 8 اگست کو جاری ہونے کا امکان ہے، دوسری طرف پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق علیم خان، میاں اسلم اور یاسمین راشد وزارتِ اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

    پنجاب اسمبلی: 285 ارکان حلف اٹھائیں گے


    دریں اثنا پنجاب اسمبلی میں منتخب اراکین کے حلف اٹھانے کا معاملہ بھی سامنے آگیا ہے، 6 حلقوں کے نمائندوں کو قومی اسمبلی کی نشست رکھ کر صوبائی نشست چھوڑنی پڑے گی۔

    عمران خان نے ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس پیرکو طلب کر لیا، اہم فیصلے متوقع

    پنجاب اسمبلی میں براہ راست منتخب ہونے والے 297 ارکان میں سے 285 حلف اٹھائیں گے، پنجاب اسمبلی کے لیے 6 حلقوں میں ابھی انتخابات ہی نہیں ہو سکے ہیں، جب کہ پی پی 35،78،87،88،93 اور پی پی 103 میں انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

    پی پی 168 سے خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی کا ضمنی انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے، دوسری طرف طاہر صادق، فواد احمد، حمزہ شہباز اور شہباز شریف نشستیں خالی کریں گے، شہباز شریف پنجاب اسمبلی کی 2 نشستیں چھوڑیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے خان صاحب کی طرف سے دیے جانے والے نام کو سب قبول کریں گے، جہانگیر ترین

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے خان صاحب کی طرف سے دیے جانے والے نام کو سب قبول کریں گے، جہانگیر ترین

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے خان صاحب کی طرف سے دیے جانے والے نام کو سب قبول کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں ںے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا ’کے پی اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کے لیے عمران خان کو مکمل اختیار ہے، تحریکِ انصاف تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔‘

    جہانگیر ترین نے پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق پی ٹی آئی کے نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے 18 آزاد ارکان اب تک پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں، جب کہ قومی اسمبلی کے 11 منتخب آزاد ارکان جلد پی ٹی آئی میں شامل ہو جائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ اب تک تحریکِ انصاف میں 5 سے 6 آزاد رکن قومی اسمبلی شامل ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کل تک پنجاب سے پارٹی اسکور کے مزید بڑھنے کا بھی دعویٰ کیا۔

    جہانگیر ترین نے آزاد ارکان اجمل چیمہ اور ملک عمر فاروق کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد امیدوار ہمارے پاس نظریے کی بنیاد پر آ رہے ہیں۔

    پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے نیا نام سامنے آ گیا


    دوسری طرف پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے نیا نام سامنے آ گیا ہے، میڈیا میں گردش کرتی پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کی خبروں کے درمیان اس نام نے سب کو چونکا دیا ہے۔

    پنجاب میں ایسا وزیر اعلیٰ لے کر آئیں گے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے: شاہ محمود

    آج بنی گالہ میں پارٹی کے چیئرمین عمران خان سے رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال نے وَن آن وَن ملاقات کی، میاں اسلم کا نام پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے سلسلے میں لیا جانے لگا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں عمران خان نے میاں اسلم سے تفصیلی مشاورت کی اور پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق معاملات پر تبادلۂ خیال کیا۔

    واضح رہے کہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے پی ٹی آئی قیادت تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر سکی ہے، اس سلسلے میں شاہ محمود قریشی عبوری وزیرِ اعلیٰ لانے کی تجویز بھی دے چکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی امراضِ قلب کے مرکز میں نواز شریف کی عیادت

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی امراضِ قلب کے مرکز میں نواز شریف کی عیادت

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پمز اسپتال کے امراضِ قلب کے مرکز میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی عیادت کی۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے قیدی نواز شریف کی عیادت کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف پمز اسپتال گئے جہاں انھوں نے بڑے بھائی کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے کارڈیک سینٹر میں نواز شریف کی عیادت کی، وہ عقبی دروازے سے کارڈیک سینٹر میں داخل ہوئے۔

    ذرائع نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کی عیادت کے لیے گئے تو وہ صرف 15 منٹ تک نواز شریف کے ہم راہ کمرے میں موجود رہے۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل اڈیالہ جیل میں اچانک طبیعت کی خرابی کے باعث قیدی نواز شریف کو پمز اسپتال کے خصوصی وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔

    نواز شریف کی صحت بہتر ہونے لگی، رپورٹس تسلی بخش قرار

    پمز اسپتال اسلام آباد کے پانچ ڈاکٹرز پر مبنی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی صحت کا تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف ٹیسٹ کروائے جن کے نتائج تسلی بخش نکلے ہیں۔

    یاد رہے کہ نواز شریف کو پمز اسپتال کے امراض قلب کے پرائیویٹ وارڈ میں رکھا گیا ہے، جسے عارضی طور پر سب جیل قرار دیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی پی کے بعد ن لیگ نے بھی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا

    پی پی کے بعد ن لیگ نے بھی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا

    لاہور: پیپلز پارٹی کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں حلف اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم ن لیگی ارکان نے حتمی فیصلہ شہباز شریف پر چھوڑ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ قومی اور صوبائی دونوں اسمبلیوں میں بیٹھے گی، اس سلسلے میں حلف لینے یا نہ لینے کا فیصلہ ن لیگی ارکان نے شہباز شریف پر چھوڑ دیا۔

    اسمبلیوں میں بیٹھنے سے متعلق ن لیگ کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حلف اٹھاتے وقت سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا جائے گا۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک نے کہا کہ حلف اٹھانے سے متعلق باقاعدہ اعلان کل کے اجلاس میں ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی رکن فارورڈ بلاک کی جانب نہیں جائے گا۔

    پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے رہنماؤں کی ملاقات: پی پی کا اسمبلی میں بیٹھنے کا فیصلہ

    خیال رہے کہ کل آل پارٹیز کانفرنس ہو رہی ہے جس میں شہباز شریف بھی شریک ہوں گے، ن لیگ اس کانفرنس کے بعد اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

     قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی اسمبلیوں میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پی پی نے الیکشن میں شکست کا معاملہ پارلیمنٹ کے فلور پر اٹھانے پر زور دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پنجاب میں حکومت سازی، ق لیگ نے ن لیگ کو انکار کر دیا، تحریکِ انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ

    پنجاب میں حکومت سازی، ق لیگ نے ن لیگ کو انکار کر دیا، تحریکِ انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب میں حکومت سازی کے سلسلے میں مسلم ن لیگ کے رابطہ کرنے پر ق لیگ نے صاف انکار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ق لیگ کی طرف سے حکومت سازی میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کے فیصلے کے بعد ن لیگی رہنما مایوس ہو گئے ہیں۔

    پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا فیصلہ چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں کیا گیا، مشاورت میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی سے اتحاد مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کا ساتھ دے گی، ق لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت نے ہمیشہ مفادات کے لیے رابطہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق قومی اسمبلی اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارٹی کے فیصلے کے بعد ق لیگی قیادت سے رابطہ کیا تھا۔

    پنجاب میں حکومت کا حق ہمارا ہے، اپوزیشن بننے کے بارے میں سوچا بھی نہیں، خواجہ سعد رفیق

    ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے ق لیگ کو پنجاب میں ان کی مرضی کا عہدہ دینے کی پیش کش کی گئی تھی تاہم اسے مسترد کیا گیا۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تحریکِ انصاف نے حتمی فیصلہ کرلیا ہے، پی ٹی آئی حکومت سازی کی پوزیشن میں آ چکی ہے، صوبے میں حکومت بنانے کے لیے ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان مقابلہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پنجاب میں حکومت کا حق ہمارا ہے، اپوزیشن بننے کے بارے میں سوچا بھی نہیں، خواجہ سعد رفیق

    پنجاب میں حکومت کا حق ہمارا ہے، اپوزیشن بننے کے بارے میں سوچا بھی نہیں، خواجہ سعد رفیق

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم سے پنجاب میں حکومت بنانے کا حق چھینا جا رہا ہے، اب تک سوچا بھی نہیں کہ پنجاب میں اپوزیشن کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ متنازع انتخابی نتائج سے سیاسی قوتوں میں تلخی بڑھ گئی ہے، ملک میں بد اعتمادی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

    خواجہ سعد رفیق نے ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن کمیشن سے اپنے حلقے کے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق کا حلقہ کھولا گیا، ان کا حلقہ کیوں نہیں کھولا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا ’آر او اور الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے میرے حلقے میں ری کاؤنٹنگ کرائے، بغیر حلقہ کھولے دوبارہ گنتی پر آنے والے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن 2018 میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم رہا، ہزاروں کی تعداد میں لوگ گھروں کو واپس گئے، ووٹروں نے جو ووٹ ڈالے ہیں وہی ڈبوں سے نکلنے چاہئیں۔

    این اے 73 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی‘ خواجہ آصف کی جیت برقرار

    خواجہ سعد رفیق نے کہا ’میں ہار گیا لیکن میرے حلقے کے ایم پی اے جیت گئے، یہ کیسے ممکن ہے؟ جہاں جہاں تحفظات ہیں وہاں دوبارہ گنتی کرائیں گے، الیکشن کمیشن میری بات مان کر اپنی غیرجانب داری کا ثبوت دے۔‘

    انھوں نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے کہ نواز شریف کی طبیعت بہت خراب ہے، ہم جیل جائیں یا نہیں، اس کا ہمیں کوئی خوف نہیں، پہلےبھی جیل گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ این اے 131 میں تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی خواجہ سعد رفیق کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے، اس سے قبل مسترد شدہ ووٹوں کی گنتی کے بعد بھی 603 ووٹوں سے عمران خان کی جیت برقرار رہی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پنجاب میں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ جاری، شہباز شریف کی پیپلز پارٹی رہنما سے ملاقات

    پنجاب میں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ جاری، شہباز شریف کی پیپلز پارٹی رہنما سے ملاقات

    لاہور: پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کی جوڑ توڑ جاری ہے، ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود سے ملاقات کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور سابق گورنر مخدوم احمد محمود کی ملاقات اسلام آباد میں ہوئی، ملاقات میں شہباز شریف نے پی پی کو مل کر حکومت بنانے کی پیش کش کی۔

    دوسری طرف ن لیگی صدر نے پی پی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، شہباز شریف نے پی پی کی قیادت سے ملاقات کی ہامی بھرلی۔

    دونوں رہنماؤں نے متحدہ مجلس عمل سے رابطوں پر اتفاق کیا، پی پی اور ن لیگ کے رہنما آج ملاقات کریں گے، اسفندیار ولی، آفتاب شیرپاؤ سے بھی رابطوں کا فیصلہ کیا گیا، خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کمیٹی تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف اور خورشید شاہ کے درمیان آج اسلام آباد میں ملاقات متوقع ہے، ملاقات میں مشترکہ حکومت یا اپوزیشن بننے پر تبادلہ خیال کیاجائےگا۔

    ن لیگ کا ق لیگ سے بھی رابطہ


    دریں اثنا تختِ لاہورکی حکمرانی کے لیے جاری جوڑ توڑ میں ن لیگ نے ق لیگ سے بھی رابطہ کر لیا ہے، ن لیگ نے ق لیگ سے پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے تعاون کی درخواست کر لی۔

    ن لیگ نے تختِ لاہور کو قبضے میں کرنے کے لیے آخری کوشش بھی کرلی، ذرائع کے مطابق ن لیگی رہنما سردار ایاز صادق نے چوہدری پرویزالٰہی سے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔

    پی ٹی آئی وفاق کے بعد پنجاب میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے اور حلف اٹھانے پر قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی طرف سے بھی پنجاب میں حکومت سازی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں پنجاب بھر کے آزاد امیدواروں سے رابطے بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔