Tag: پنجاب کی خبریں

  • سانحہ چونیاں کے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا

    سانحہ چونیاں کے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا

    لاہور: چونیاں میں 4 بچوں سے زیادتی اور قتل کرنے والے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا بھی اعتراف کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ چونیاں سے متعلق تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، ملزم سہیل سے ایک اور قتل کی کڑیاں جا ملیں، ملزم نے اعتراف کیا کہ ایک اور بچے کا قتل بھی کیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ 6 جون 2016 کو رانا ٹاؤن میں 8 سالہ عبدالحمید کی لاش نالے سے ملی تھی، بچے کے والد کی درخواست پر مقدمہ بھی درج ہوا تاہم ملزم گرفتار نہ ہو سکے تھے، اب سہیل شہزاد نے عبدالحمید کو اغوا کرنے اور زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چونیاں کیس: ملزم نے والدین کے سامنے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بیان کر دیں

    ملزم نے تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس نے قتل کرنے کے بعد عبدالحمید کی لاش نالے میں پھینک دی تھی، ایس پی انویسٹی گیشن قصور کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش ابھی جاری ہے، میڈیا کو نتائج سے آگاہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو ملزم سہیل کو بچوں کے والدین کے سامنے الگ الگ پیش کیا گیا تھا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بچوں کے والدین کے سامنے بیان کیں، اس نے بتایا کہ اس نے اکیلے سارے قتل کیے، بچوں کو زیادتی اور قتل کے بعد گڑھے میں پھینک دیا کرتا تھا، جس کے بعد آوارہ جانور بچوں کے جسموں کو کھا لیتے تھے، حیوانیت جاگنے پر جو بچہ سامنے آتا تھا اسے نشانہ بنا لیتا تھا۔

  • مولانا کے مارچ میں متشدد گروہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے: اسد عباس نقوی

    مولانا کے مارچ میں متشدد گروہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے: اسد عباس نقوی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن برائے مذہبی ہم آہنگی اسد عباس نے کہا ہے کہ مولانا کے آزادی مارچ میں متشدد گروہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے، وہ مذہب کے نام پر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فوکل پرسن اسد عباس نقوی نے آج لاہور میں پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا مولانا فضل الرحمان مذہب کے نام پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، خدشہ ہے کہ متشدد گروہ پیدا ہو جائے گا، مولانا کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے۔

    انھوں نے کہا احتجاج سب کا حق ہے لیکن مذہب کارڈ کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے، مولانا کشمیر کمیٹی کے چیئرمین تھے لیکن انھوں نے کشمیر کے لیے کچھ نہیں کیا۔

    اسد عباس نقوی کا کہنا تھا مولانا احتجاجی مارچ کر کے دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، ملک میں اس وقت مذہبی ہم آہنگی فروغ پا رہی ہے، لیکن آزادی مارچ سے اس ہم آہنگی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فضل الرحمان کشمیرکاز سے توجہ ہٹانے کیلئے لانگ مارچ کررہے ہیں: میاں اسلم

    فوکل پرسن برائے وزیر اعلیٰ پنجاب اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان جن جماعتوں پر انحصار کر کے اسلام آباد لاک ڈاؤن کرنا چاہتے ہیں وہ درحیققت مولانا کو دھکیل کر اسلام آباد لانا چاہتی ہیں۔

    قبل ازیں، وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے بھی ساہیوال سے اے آر وائی نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا تھا کہ فضل الرحمان کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور آزادی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے لانگ مارچ کر رہے ہیں۔

  • چونیاں کیس: ملزم نے والدین کے سامنے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بیان کر دیں

    چونیاں کیس: ملزم نے والدین کے سامنے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بیان کر دیں

    لاہور: چونیاں میں 4 بچوں سے زیادتی اور قتل کرنے والے ملزم سہیل کو بچوں کے والدین کے سامنے الگ الگ پیش کیا گیا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بچوں کے والدین کے سامنے بیان کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ پولیس نے چونیاں کیس کے ملزم کو بچوں کے والدین کے سامنے پیش کیا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز واردات سے پردہ اٹھایا، اس نے والدین کے سامنے بچوں کے قتل کی روداد بیان کرتے ہوئے کہا قتل کرنے کے تمام واقعات میں اکیلا تھا۔

    ملزم نے بتایا کہ بچوں کو زیادتی اور قتل کے بعد گڑھے میں پھینک دیتا تھا، جس کے بعد آوارہ جانور بچوں کے جسموں کو کھا لیتے تھے، حیوانیت جاگنے پر جو بچہ سامنے آتا تھا اسے نشانہ بنا لیتا تھا۔

    ذرایع کے مطابق ملزم سے ملاقات آر پی او شیخوپورہ کے آفس میں کرائی گئی، جے آئی ٹی ممبر ایس پی انویسٹی گیشن اور بچوں کے وکیل بھی موجود تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چونیاں‌ کیس، ملزم 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    بتایا گیا کہ ملزم سہیل نے پہلے بھی جیل کاٹی، سزا کے خوف سے بچوں کو قتل کرتا رہا، اس ملاقات کا مقصد بچوں کے والدین کا ابہام دور کرنا تھا، پولیس کے مطابق چالان پیش کرنے میں تاخیر کی وجہ ڈی این اے ٹیسٹ کی تفصیلی رپورٹ ہے، ابتدائی ڈی این اے رپورٹ میں ہڈیاں میچ کر گئیں، تفصیلی رپورٹ کے بعد چالان عدالت میں پیش کر دیں گے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کی 64 ہڈیاں ملیں، ملزم سے رکشہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    واضح رہے گزشتہ ماہ ستمبر میں قصور کے ضلع پتوکی کے علاقے چونیاں میں ویران جگہ سے لاپتا بچوں‌ کی مسخ شدہ اور نامکمل لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جس کے بعد واقعے پر وزیر اعظم نے بھی نوٹس لیا۔

  • ملتان: ماں کو کمرے میں قید کر کے تشدد کرنے کا انکشاف

    ملتان: ماں کو کمرے میں قید کر کے تشدد کرنے کا انکشاف

    شجاع آباد: ملتان کے ایک نواحی علاقے میں بیٹوں نے ماں کو کمرے میں قید کر دیا، بد بخت اولاد نے ماں کو بد ترین تشدد کر کے شدید زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں بیٹوں نے ماں کو کمرے میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بنایا، ایک بھائی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بھائی ماں پر تشدد کر رہے ہیں۔

    بھائی کا کہنا ہے کہ وہ روزگار کے سلسلے میں راولپنڈی میں ہیں، انھیں محلے والوں نے فون پر اطلاع دی کہ بھائی ماں کے ساتھ بد سلوکی کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا بھائیوں کے تشدد سے والدہ کے دونوں ٹانگوں پر زخم پڑ چکے ہیں، جس کے باعث ماں نذیراں بی بی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور، سنگ دل بیٹے نے کلہاڑی کے وار سے ماں‌ کو زخمی کردیا

    ادھر میاں چنوں کے علاقے شمس پورہ میں خرچہ مانگنے پر شوہر نے بیوی پر تشدد کر کے زخمی کر دیا، خاوند کے تشدد سے خاتون کے منہ اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے نشانات بن گئے۔

    متاثرہ خاتون نے تھانہ سٹی میں شوہر کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دے دی، پولیس کا کہنا ہے کہ مدعیہ کی درخواست اور میڈیکل رپورٹ کے بعد کارروائی ہوگی۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر شراب پیتا ہے، جوا کھیلتا ہے اور مجھ پر تشدد کرتا ہے، 7 سال پہلے شادی ہوئی، مجبور ہو کر انصاف کے لیے تھانے پہنچی ہوں۔

    یاد رہے جولائی میں پنجاب کے دارالحکومت میں واقع علاقے شاہدرہ میں ناخلف بیٹے نے ماں کو کلہاڑیوں کے وار سے زخمی کر دیا تھا، ماں کی چیخ پکار سُن کر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر ڈولفن پولیس کے اہل کاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ماں کو بیٹے کے تشدد سے بچایا۔

  • نواز شریف کو چوہدری شوگر مل کیس میں گرفتار کیے جانے کا امکان

    نواز شریف کو چوہدری شوگر مل کیس میں گرفتار کیے جانے کا امکان

    لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کو چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کیے جانے کا امکان ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ چئیرمین نیب سے گرفتاری کی منظوری مانگ لی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب چوہدری شوگر ملز کیس میں میاں نواز شریف سے تفتیش کرنا چاہتی ہے، نیب جوائنٹ انوسٹی گیشن نے شکوہ کیا ہے کہ نواز شریف جیل میں تفتیش کے دوران بالکل تعاون نہیں کرتے۔

    نواز شریف کو گرفتاری کے بعد جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، نواز شریف کی گرفتاری کل ڈالے جانے کا امکان ہے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چوہدری شوگر مل کیس میں نیب ٹیم آیندہ ہفتے جیل میں نواز شریف سے تحقیقات کے لیے جائے گی، نیب کو کیس میں نواز شریف سے تحقیقات کی اجازت مل گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کیخلاف نیب نے عدالت سے رجوع کرلیا

    اس کیس میں شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور یوسف عباس کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، نیب کو نواز شریف کے کیس میں بینیفشیری ہونے کے شواہد ملے تھے۔

    یاد رہے کہ آج نواز شریف نے جیل سے مولانا فضل الرحمان کو خط لکھر کر آزادی مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہر قسم کا تعاون کریں گے، اور ن لیگ کی پوری قیادت آپ کے مارچ کی حمایت کرتی ہے۔

    آج نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا ہے، نیب نے استدعا کی ہے کہ ٹرائل کورٹ میں پیش کی گئی دستاویزات ہائی کورٹ میں جمع کرانے کی اجازت دی جائے، دستاویزات میں نواز شریف کے ٹیکس ریکارڈ اور پراپرٹی کی تفصیلات شامل ہیں۔

  • عثمان بزدار کا نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اسپل وے کھولنے کا افتتاح

    عثمان بزدار کا نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اسپل وے کھولنے کا افتتاح

    میرپور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اسپل وے کھولنے کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے میرپور آزاد کشمیر بھونگ میں نہر اپر جہلم کے ہیڈ ریگولیٹر کا دورہ کیا جہاں انھوں نے اسپل وے کھولنے کا افتتاح کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے ہیڈ ریگولیٹر پر پانی کی فراہمی کے عمل کا بھی جائزہ لیا، محکمہ آب پاشی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو زلزلے سے پہلے اور بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ زلزلے سے نہر اپر جہلم کا ایک پل مکمل تباہ ہوا تھا جب کہ پانچ پلوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا، دو سائفن بھی زلزلے سے شدید متاثر ہوئے تھے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ نہر اپر جہلم سے 8 اضلاع کو آب پاشی کے لیے فراہمی کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے، اس نہر سے 18 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  زلزلے کے باعث آزاد کشمیر میں شدید تباہی، سڑکوں پر گہرے شگاف

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا آزاد کشمیر میں زلزلہ آیا تو سب سے پہلے میں یہاں آیا، میں نے زلزلے سے تباہ ہونے والی نہر بھی دیکھی تھی، اور محکمہ آب پاشی کو فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کی ہدایت کی تھی۔

    انھوں نے کہا نہر اپر جہلم کی بحالی کے کام میں حصہ لینے والی ٹیم شاباش کی مستحق ہے جس نے 2 ہفتوں میں نہر میں پانی کی فراہمی کو بحال کیا۔

    یاد رہے کہ 24 ستمبر کو ملک کے بیش تر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیلی۔

    زلزلے سے میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے تھے اور سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئی تھیں، بتایا گیا تھا کہ نہر کو نقصان نہیں پہنچا۔

  • ن لیگی مرکزی قیادت نے آزادی مارچ میں شرکت کی مخالفت کر دی

    ن لیگی مرکزی قیادت نے آزادی مارچ میں شرکت کی مخالفت کر دی

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، ذرائع نے کہا ہے کہ ن لیگ کی مرکزی قیادت نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کی مخالفت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج آزادی مارچ میں شرکت کے سلسلے میں پی ایم ایل این کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی قیادت نے مارچ میں شرکت کی مخالفت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے شہباز شریف، احسن اقبال اور ظفر الحق بھی مولانا کے مارچ میں شرکت کے حامی نہیں ہیں، دوسرے درجے کے رہنماؤں نے مولانا کے مارچ میں شرکت کی تجویز دی ہے۔

    بتایا گیا کہ پارٹی کے بڑے رہنما آزادی مارچ کے حق میں نہیں ہیں، دوسری طرف چھوٹے رہنما مارچ میں شرکت کی تجویز دے رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  فضل الرحمان بلاول بھٹو ملاقات بے نتیجہ، پی پی چیئرمین میڈیا سے بات کیے بغیر روانہ

    ذرائع کے مطابق جاوید لطیف، امیر مقام اور سینیٹر پرویز رشید مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں شرکت کے حامی ہیں۔

    اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ نواز شریف کے سامنے یہ تجاویز رکھی جائیں گی، خدشات بھی پیش کیے جائیں گے، جس کے بعد آخری فیصلہ وہی کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی تاحال آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ نہیں کیا ہے، گزشتہ دنوں مولانا فضل الرحمان کی بلاول بھٹو کے ساتھ اہم بیٹھک ہوئی تھی، تاہم یہ ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی تھی۔

    اس ملاقات میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف کے درمیان کوئی فارمولا طے نہیں ہو سکا تھا، بلاول بھٹو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کیے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے تھے۔

  • پنجاب پولیس کے جوانوں پر 2 دنوں میں 3 حملے، سب انسپکٹر سمیت 2 اہل کار جاں بحق

    پنجاب پولیس کے جوانوں پر 2 دنوں میں 3 حملے، سب انسپکٹر سمیت 2 اہل کار جاں بحق

    لاہور: گزشتہ دو دنوں کے دوران پنجاب پولیس کے اہل کاروں پر تین حملے ہوئے، جس میں ایک انسپکٹر سمیت 2 اہل کار جاں بحق ہو گئے جب کہ ایک ٹریفک وارڈن زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج تھانہ سول لائن راولپنڈی کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر راجہ ارشد جاں بحق ہو گیا، پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر ارشد تھانہ صدر بیرونی میں تعینات تھا۔

    مقتول سب انسپکٹر کے بیٹے شاہ زیب نے بتایا کہ ان کی فیملی کار میں جا رہی تھی، کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سی پی او نے ایس پی پوٹھوہار اور ایس پی صدر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    آئی جی پنجاب نے حملوں کے واقعات پر کہا ہے کہ اس سے پولیس کا مورال کم نہیں ہوگا، پولیس کے جوان عوام کے جان و مال کی حفاظت کریں گے۔

    دریں اثنا، سب انسپکٹر کی شہادت کی رپورٹ سی پی او راولپنڈی نے طلب کر لی ہے۔

    یاد رہے گزشتہ روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہل کار ساجد جاں بحق ہو گیا تھا، ساجد دیگر اہل کاروں کے ہم راہ گشت پر تھا، انھوں نے موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔

    ادھر آج امین پارک، لاہور کے علاقے میں اسلحہ بردار پیدل ڈکیت نے دیدہ دلیری کے ساتھ ایک شہری سے موٹر سائیکل چھینی اور فرار ہو گیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔

    موٹر سائیکل سوار بچے کو اسکول لے جا رہا تھا کہ ڈاکو نے روک کر موٹر سائیکل چھین لی۔ واردات کے خلاف درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کرا دی گئی۔

  • نارووال: 15 دن قبل قتل ہونے والی 15 سالہ عائشہ کے قاتل تا حال آزاد

    نارووال: 15 دن قبل قتل ہونے والی 15 سالہ عائشہ کے قاتل تا حال آزاد

    نارووال: پنجاب کے شہر نارووال میں 15 دن قبل قتل ہونے والی 15 سالہ عائشہ کے قاتل تا حال آزاد گھوم رہے ہیں، عائشہ کے والد کا کہنا ہے کہ پولیس پندرہ دن بعد بھی قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پندرہ دن قبل نارووال میں تھانہ صدر کی حدود میں کھیتوں سے ایک لڑکی کی تشدد زدہ لاش ملی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ 15 سال کی لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق دسویں جماعت کی طالبہ عائشہ سیالکوٹ نواپنڈ سے 1 ماہ قبل اغوا ہوئی تھی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ عائشہ نے گھر سے بھاگ کر عدنان سے پسند کی شادی کی، لڑکی 7 ستمبر کو عدالت میں پیش ہوئی اور اپنے اغوا کی تردید کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نارووال، ڈمپر اسکول رکشے پر الٹ گیا، رکشہ ڈرائیورسمیت 8 بچے جاں بحق

    عائشہ کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روز تھانے کے چکر لگاتے ہیں، پولیس کہتی ہے قاتلوں کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

    میٹرک کی طالبہ 15 سالہ عائشہ کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، عائشہ کی لاش نارووال کے علاقے جمن چندووال کے کھیتوں سے ملی تھی۔

    یاد رہے کہ 4 ستمبر کو نارووال میں سسرالیوں کے ہاتھوں مبینہ طور پر جھلسنے کے بعد خاتون دم توڑ گئی تھی، یہ واقعہ گاؤں جھگیاں میں پیش آیا تھا، اہل خانہ کا کہنا تھا متاثرہ لڑکی لاہور کے اسپتال میں زیر علاج تھی، لڑکی نے مرنے سے قبل بیان دیا کہ مجھ پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی اور تشدد کیا گیا تھا۔

  • کھیت میں مارٹر گولہ پھٹنے سے کسان جاں بحق

    کھیت میں مارٹر گولہ پھٹنے سے کسان جاں بحق

    بہاولپور: پنجاب کے شہر بہاولپور کے علاقے مروٹ میں مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک کسان جاں بحق جب کہ ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے شہر مروٹ میں ایک کھیت میں کام کے دوران اچانک مارٹر گولہ پھٹ گیا، جس سے کسان مبشر جاں بحق جب کہ اللہ دتہ زخمی ہو گیا۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کسان مبشر اور اللہ دتہ فصل کے لیے زمین تیار کر رہے تھے، مارٹر گولہ زمین میں دفن تھا، چوٹ لگنے سے پھٹ گیا۔

    پولیس نے کہا کہ اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ مارٹر گولہ کس نے کھیت میں دبایا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بہاولپور گورنمنٹ اسکول کا استاد جلاد بن گیا، تشدد کے خوف سے طالب علم جاں بحق

    موصولہ اطلاعات کے مطابق کسان کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جب کہ زخمی کا علاج جاری ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں میں بھی ایک مارٹر شیل پھٹنے سے ایک خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، ضلعی پولیس کا کہنا تھا کہ مارٹر گولہ گھر کے ایک کمرے میں رکھا ہوا تھا۔ جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور چار بچے شامل تھے۔

    رواں برس اپریل میں بھی پشاور کے ایک علاقے لنڈی سڑک کے ایک گودام میں مارٹر گولہ پھٹنے سے دو افراد زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں میں گودام کا مالک اور اس کا دس سالہ بیٹا شامل تھے۔