Tag: پنجاب کی خبریں

  • نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی قرار، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ جاری

    نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی قرار، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ جاری

    لاہور: ہائی کورٹ نے سرسبز پاکستان کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا ہے، جسٹس جواد حسن نے 78 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ درخت نہ لگانے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نقشے منظور نہ کیے جائیں، عدالت نے درخت کاٹنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔

    اپنے تفصیلی حکم نامے میں عدالت نے کہا کہ درخت نہ لگانے والی فیکٹریوں کے این او سی منسوخ کیے جائیں، تمام محکموں کے افسران درخت لگانے سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کریں۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں، اسپتالوں، پارکنگ سمیت عوامی مقامات پر درخت لگائے جائیں، درخت لگانے اور کاٹنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع لازمی ہوگا، پنجاب حکومت زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے۔

    عدالت نے کہا کہ پنجاب حکومت درختوں کے حوالے سے متعلقہ قوانین پر نظر ثانی کرے، محکمہ جنگلات، پی ایچ اے (پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی) متعلقہ اداروں کو درختوں پر سہولت فراہم کریں، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے، زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ دریں اثنا، لاہور ہائی کورٹ نے درخت لگانے کے حوالے سے حکومتی پالیسی کو سراہا۔

  • اسلام آباد: تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں فائرنگ، 2 اہل کار شہید

    اسلام آباد: تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں فائرنگ، 2 اہل کار شہید

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہل کار شہید ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سبزی منڈی تھانے کی حدود میں پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کے واقعے میں 2 پولیس اہل کار شہید ہو گئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ناکے پر فائرنگ سے دو پولیس اہل کار شدید زخمی ہو گئے تھے، جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

    آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار نے تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ایک ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی سی ٹی ڈی جب کہ دوسری ٹیم کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  شکارپور: ڈاکوؤں سے مقابلہ ڈی ایس پی فائرنگ سے جاں بحق، دو ڈاکو زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے شہر شکارپور میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران ڈی ایس پی راؤ شفیع اللہ شہید جب کہ ایک پولیس اہل کار زخمی ہو گیا تھا، شکار پور میں فوک گلوکار جگر جلال سمیت 5 فن کاروں کی بازیابی کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا تھا۔

    گڑھی تیغوں میں آپریشن کے دوران ڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، مقابلے میں دو ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات تھیں، جگر جلال کو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے لاڑکانہ سے شکارپور جاتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا۔

  • جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ

    جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کی جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، اب عام قیدی بھی اسپیشلسٹ سے علاج کرا سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے عام قیدیوں کو بیمار ہونے کی صورت میں اسپیشلسٹ سے علاج کرانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکومتی ہدایت پر آئی جی جیل شاہد سلیم نے بھی تمام جیل سپرٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دیے۔

    آئی جی جیل نے ہدایت کی ہے کہ عام قیدیوں کو جیل میں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، عام قیدیوں کے جیل میں رہنے کے انتظامات میں بھی بہتری لائی جائے۔

    آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے صوبے کی جیلوں میں عام قیدیوں کو مطالعے کے لیے کتابیں فراہم کرنے سے متعلق بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری اورفریال تالپور کوجیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد

    واضح رہے کہ پنجاب کی جیلوں میں سیاسی رہنماؤں کے لیے قید کے دوران اے کلاس کی سہولتوں سے متعلق بحث اور کشمکش چلتی رہی ہے، اس سلسلے میں سیاسی رہنماؤں کی جانب سے عدالتوں کے دروازے بھی کھٹکھٹائے جاتے ہیں۔

    گزشتہ روز احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں اور اضافی سہولتیں دینے کی منظوری دیتے ہوئے ہفتے میں 2 مرتبہ اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لیے بھی کوٹ لکھپت جیل میں طبی سہولتیں بڑھائی جا چکی ہیں، انھیں جیل میں وی آئی پی سہولتیں فراہم کی گئیں، خوراک اور آرام کے سلسلے میں بھی انھیں خصوصی سہولتیں دی گئیں۔

    سیاسی قیدیوں کے لیے سہولتوں کی خبروں کے بعد عام قیدیوں کے لیے بھی سہولتوں کی آواز اٹھائی جانے لگی تھی۔

  • راوی اور ستلج میں سیلابی ریلے کا خدشہ، پنجاب کے 7 اضلاع میں ڈاکٹرز کی ٹیمیں روانہ

    راوی اور ستلج میں سیلابی ریلے کا خدشہ، پنجاب کے 7 اضلاع میں ڈاکٹرز کی ٹیمیں روانہ

    لاہور: راوی اور ستلج میں سیلابی ریلے کے خدشے کے پیشِ نظر ڈی جی ہیلتھ آفس نے پنجاب کے 7 اضلاع میں ڈاکٹرز کی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج بھارت نے دریائے ستلج میں بغیر اطلاع پانی چھوڑ دیا ہے جس کے نتیجے میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، ادھر راوی میں بھی سیلابی ریلے کا خدشہ ہے۔

    پنجاب کے ہیلتھ آفس کی جانب سے صوبے کے سات اضلاع میں طبی ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں، جن میں قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، ویہاڑی، بہاولنگر، لودھراں اور بہاولپور کے اضلاع شامل ہیں۔

    طبی ٹیمیں شہریوں کو وبائی امراض سے بچاؤ اور طبی امداد کی سہولیات فراہم کریں گی، یہ ٹیمیں 23 اگست تک اضلاع میں رہ کر سیلابی صورت حال میں کام کریں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا، سیلاب کا خطرہ

    ڈی جی ہیلتھ نے ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ اضلاع میں پیش آمدہ صورت حال کی تصویریں محکمے کو بھجوائی جائیں۔

    واضح رہے کہ دریائے ستلج میں بھارتی پنجاب سے آنے والے ریلے سے سیلاب کا خطرہ ہے، این ڈی ایم اے نے اس سلسلے میں وارننگ بھی جاری کی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق پانی گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پاکستان میں داخل ہوگا، ڈیڑھ سے 2 لاکھ کیوسک پانی پاکستانی حدود میں داخل ہوسکتا ہے، بھارت نے لداخ ڈیم کے 5 میں سے 3 اسپل ویز کھول دیے تھے، جس کے بعد پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے قصور اور دریائے سندھ کے اطراف انتظامیہ کو الرٹ کیا گیا۔

    یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے جہلم میں بھی پانی چھوڑا جا رہا ہے، مظفر آباد آزاد کشمیر کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں الرٹ جاری کر دیا ہے، گزشتہ روز بھارت نے آبی دہشت گردی کرتے ہوئے دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا تھا، جس کے باعث دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب آیا۔

  • حفاظتی ٹیکہ جات، لاہور کی ناقص کارکردگی کا انکشاف

    حفاظتی ٹیکہ جات، لاہور کی ناقص کارکردگی کا انکشاف

    لاہور: محکمہ صحت کی جون کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ میں حفاظتی ٹیکہ جات کے سلسلے میں لاہور کی ناقص کارکردگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حفاظتی ٹیکہ جات میں لاہور کی کارکردگی ناقص نکلی ہے، محکمہ صحت نے جون کے مہینے کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    رپورٹ میں محکمہ صحت کی جانب سے تمام اضلاع کے حفاظتی ٹیکہ جات کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، لاہور حفاظتی ٹیکہ جات میں پنجاب کے تمام اضلاع میں سب سے نچلے نمبر پر ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ اور راولپنڈی ایک سو چار فی صد کوریج کے ساتھ سر فہرست ہیں، لاہور حفاظتی ٹیکہ جات میں 65 فی صد کوریج کے ساتھ سب سے آخر میں ہے۔

    محکمہ صحت کے چارٹ کے مطابق لاہور 10 حفاظتی ٹیکہ جات میں سے 8 میں سب سے نیچے ہیں، جن میں روٹا، پینٹا، آئی پی وی اور خسرہ کے حفاظتی ٹیکہ جات شامل ہیں۔

    ویکسین ضایع کرنے کے حوالے سے بھی لاہور 14 فی صد کے ساتھ تمام اضلاع میں دوسرے نمبر پر ہے۔

    ڈائریکٹر ای پی آئی کا کہنا ہے کہ لاہور کی کارکردگی پر تشویش ہے جلد ہی لاہور ٹاپ ٹین اضلاع میں شامل ہو جائے گا، ڈاکٹر سعید گھمن نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ اور کریش پروگرام کے ذریعے لاہور کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا۔

  • چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    لاہور: سابق سزا یافتہ وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز کو کل چوہدری شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری شوگر ملز کیس میں ایک ملزم یوسف عباس کو گرفتار کیا جا چکا ہے، کل احتساب عدالت میں یوسف عباس کو مریم نواز کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

    چوہدری شوگر ملز کیس میں چند دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان آفتاب محمود اور شاہد شفیق نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دے دی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ان ملزمان کو کل بیان کے لیے چیئرمین نیب کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ادھر نیب نے احتساب عدالت سے ملزمان کا راہ داری ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کرنے کا ایک گڑھ رہا، جس کے بنانے کے لیے 15 ملین ڈالر قرض لیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کرنے کا ایک گڑھ رہا: شہزاد اکبر

    شہزاد اکبر نے کہا کہ 1991 میں چوہدری شوگر ملز بنانے کے لیے 15 ملین ڈالر قرض لیا گیا لیکن قرض لینے سے قبل ہی شوگر مل کھل گئی اور مشینیں بھی لگ گئیں، اسٹیٹ بینک کو بتایا گیا کہ قرض بیرون ملک سے آ رہا ہے لہٰذا رقم اکاؤنٹ میں ڈالی جائے، لیکن اسٹیٹ بینک کے ریکارڈ سے پتا چلا کہ کمپنی کا قرض پاکستان پہنچا ہی نہیں، یہ قرض ایل سی کھولنے اور مشینری خریدنے کے لیے لیا گیا تھا۔

    معاون خصوصی کے مطابق مریم نواز کو 2008 میں ساڑھے 7 ملین سے زاید شیئر ٹرانسفر کیے گئے تھے، انھوں نے 2010 میں یہ شیئرز یوسف عباس کو ٹرانسفر کر دیے۔

    شہزاد اکبر نے کہا کہ اس کیس سے جڑے کردار ناصر لوتھا کے نام پر بریک تھرو ہوا ہے، یہ کیس ابھی انویسٹی گیشن انکوائری پر ہے، ناصر لوتھا گواہ کے طور پر تحقیقات میں شامل ہوئے کہ فراڈ ہوا ہے۔

  • لاہور ریجن کے فضائی روٹس میں طیاروں کی بلندی کی حد میں اضافہ

    لاہور ریجن کے فضائی روٹس میں طیاروں کی بلندی کی حد میں اضافہ

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لاہور ریجن میں فضائی روٹس میں تبدیلی کر دی ہے، لاہور ریجن کے فضائی روٹس میں طیاروں کی بلندی کی حد میں اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے ایک نوٹم جاری کرتے ہوئے لاہور ریجن میں فضائی روٹس میں تبدیلی کر دی، نوٹم میں کہا گیا ہے کہ لاہور ریجن میں غیر ملکی طیاروں کو 46 ہزار فٹ کی بلندی سے نیچے پرواز کی اجازت نہیں ہوگی۔

    نوٹم میں افغانستان سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے اور جانے والے طیاروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ سی اے اے کے نوٹم پر فوری اطلاق ہوگا، یہ پابندی 5 ستمبر تک لاگو رہے گی، نوٹم کے مطابق پابندی پر صبح 7 بج کر 45 منٹ سے شام 4 بجے تک عمل ہوگا۔

    روٹس میں تبدیلی کے سلسلے میں نوٹم کے ذریعے تمام ایئر لائنز کو آگاہ کر دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی فضائی حدود کھلنے کے بعد ائیرٹریفک میں اضافہ

    واضح رہے کہ پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی کے بعد 27 فروری سے تمام پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کر دی تھیں، جسے بعد ازاں 16 جولائی کو کھول دیا گیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کھلنے کی اجازت دینے کے بعد ائیر ٹریفک میں اضافہ ہوا۔

    دنیا بھر کی فلائٹس پر نظر رکھنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق اجازت ملنے کے بعد 17 گھنٹوں کے دوران 533 پروازوں نے پاکستانی فضائی حدود کو استعمال کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت سے آنے والی 51 سے زائد پروازوں نے پاکستان کی فضائی حدود کو استعمال کیا۔

    فروری میں ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان نےاپنی فضائی حدود بھارت کے لیے بند کر دی تھی جس کے بعد انڈیا کو کافی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

  • آئس نشے کی سر عام فروخت کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع

    آئس نشے کی سر عام فروخت کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں سر عام آئس نشہ فروخت ہونے کے خلاف تحریک التوا جمع کرائی گئی ہے، جس میں لاہور میں آئس نشہ کھلے عام فروخت ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں آئس نشہ سر عام فروخت ہونے کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ اور مخدوم عثمان محمود نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی۔

    تحریک التوا کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں آئس نشے کی فروخت عروج پر ہے، جس سے تعلیمی ادارے بھی محفوظ نہیں رہے۔

    متن میں کہا گیا ہے کہ شہر میں آئس کا نشہ تیار کرنے والی کئی لیبارٹریاں بھی قائم ہو چکی ہیں، جس پر حکومت اور انتظامیہ کی غفلت سے عوام میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

    دریں اثنا، فیصل آباد ایئر پورٹ پر مسافر سے ایک کلو 850 گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی گئی ہے، ملزم عمران کروڑوں روپے کی ہیروئن لے کر مدینہ جا رہا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    ملزم نے بریف کیس کے خفیہ خانے میں آئس چھپا رکھی تھی، ملزم کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آئے دن مختلف شہروں میں ایئر پورٹس پر آئس سمیت دیگر نشوں کی اسمگلنگ کے واقعات ناکام بنائے جاتے ہیں، لیکن حیرت کی بات ہے کہ اسمگلنگ میں تا حال کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

    جمعے کے دن بھی اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے 2 بڑی کارروائیوں میں بیرون ملک منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش نا کام بنا دی تھی، اور مسافر اللہ یار سے 3 کلو 600 گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کی تھی۔

    مسافر اللہ یار نجی ایئر لائن سے ابوظبی جانا چاہتا تھا، پکڑی گئی ہیروئن کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت کروڑوں روپے بتائی گئی تھی۔

    دوسری کارروائی میں نجی ایئر لائن کی پرواز سے شارجہ جانے والے مسافر سے 1400 گرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی تھی، اے ایس ایف نے دونوں ملزمان کو اے این ایف کے حوالے کر دیا تھا۔

  • پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کا فیصلہ

    پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں موت کے سوداگروں کے خلاف سخت ترین آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ منشیات کی روک تھام کے لیے خصوصی میٹنگ کی۔

    میٹنگ میں انسداد منشیات کے ادارے اے این ایف پنجاب کے سربراہ اور آئی جی پنجاب محمد عارف بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن میں منشیات فروشوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کی جائے گی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اے این ایف اور پنجاب پولیس جلد مشترکہ آپریشن شروع کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  افغانستان سے پاکستان آئس منشیات اسمگلنگ کرنے والا عالمی نیٹ ورک پکڑا گیا

    آپریشن کے دوران اسکولوں اور کالجز پر خاص توجہ دی جائے گی جہاں منشیات سپلائی کو کنٹرول کیا جائے گا۔

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نشے کےعادی افراد کو بحالی سینٹر میں داخل کرایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ملک میں منشیات کا کاروبار، تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال اور اس کی بین الاقوامی اسمگلنگ میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، آئے دن لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی کے ایئر پورٹس پر منشیات پکڑی جاتی ہیں لیکن ان واقعات میں کمی نہیں آئی۔

    16 جولائی کو خیبر پختون خوا پولیس نے پشاور میں منشیات کا عالمی نیٹ ورک پکڑا تھا جو افغانستان سے پاکستان میں آئس منشیات کا دھندا کرتا تھا۔

  • جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں: پنجاب حکومت کا خط

    جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں: پنجاب حکومت کا خط

    لاہور: پنجاب حکومت نے ایک خط کے ذریعے صوبے کی جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات دینے کا سلسلہ روک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں۔

    جیلوں میں خصوصی مراعات روکنے کے لیے17 جولائی کو آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کیا نوازشریف سے اے سی اور ٹی وی کی سہولیات واپس لے لی گئیں؟

    خط میں پنجاب حکومت نے منی لانڈرنگ کے مجرموں سے ترجیحی سلوک ممنوع قرار دیا، لکھا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت ہے مجرموں، منی لانڈرنگ کرنے والوں کو رعایت نہ دی جائے۔

    واضح رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیر اعظم میاں‌ نواز شریف سے اے سی اور ٹی وی کی سہولت واپس لے لی گئی ہے، نواز شریف سے بی کلاس کی دیگرسہولتیں بھی واپس لی جائیں گی۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق اس ضمن میں محکمہ داخلہ، پنجاب کا ایک اجلاس بھی ہوا تھا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن کے الزام میں قید تمام افرد سے بی کلاس کی سہولیات واپس لی جائیں گی۔