Tag: پنجاب کی خبریں

  • وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، وزیر اعظم لاہور میں اہم اجلاسوں میں خصوصی شرکت کریں گے۔

    وزیر اعظم اس دوران لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمایندگان سے ملاقات کریں گے اور صنعتی شعبے کے فروغ کے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ عمران خان صحت، زراعت اور صنعتی زون کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایک سال میں جتنا ٹیکس اکٹھا کیا اس کا آدھا سود میں چلا گیا: وزیر اعظم

    دورے کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے انھیں حکومتی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جب کہ وزیر اعظم وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے مئی میں لاہور کا دورہ کیا تھا۔ ایک روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم نے ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیا تھا جب کہ صوبائی کابینہ کے ارکان کے مشاورتی اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔

    آج گوجرانوالہ میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ پچھلے ایک سال میں جتنا ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے اس کا آدھا قرضوں کے سود میں چلا گیا، ملک اس طرح نہیں چل سکتا، لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے خصوصی ایپلی کیشن تیار کریں گے۔

  • ایک سال میں جتنا ٹیکس اکٹھا کیا اس کا آدھا سود میں چلا گیا: وزیر اعظم

    ایک سال میں جتنا ٹیکس اکٹھا کیا اس کا آدھا سود میں چلا گیا: وزیر اعظم

    گوجرانوالہ: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پچھلے ایک سال میں جتنا ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے اس کا آدھا قرضوں کے سود میں چلا گیا، ملک اس طرح نہیں چل سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ قرضوں کے سود پر ٹیکس کا پیسا چلا جائے تو ملک نہیں چل پاتا، 70 فی صد ٹیکس صرف 300 کمپنیاں دیتی ہیں، پاکستان کو جس طرح چلایا جا رہا تھا اب ویسے نہیں چلے گا۔

    انھوں نے کہا کہ آپ آج کا دن یاد رکھیں گے کہ ہم نے خود کو کس طرح بدلا، ہم نے کوشش کی ہے کہ سب ٹیکس نیٹ میں آ جائیں، لیکن ڈیمانڈ آ رہی ہے کہ ہم سے پیسے لے لیں اور ٹیکس نیٹ میں نہ ڈالیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے خصوصی ایپلی کیشن تیار کریں گے، اس سلسلے میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، سابق وزیر خزانہ نے خود کہا ایف بی آر میں 700 ارب کی چوری ہوتی ہے، 22 کروڑ میں سے صرف 15 لاکھ لوگ ٹیکس دیتے ہیں، یہ سب تھوڑا ٹیکس بھی دیں تو قرضوں کے دلدل سے نکل سکتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ کریک ڈاؤن کر رہے ہیں، اس کی روک تھام کے لیے جنرل باجوہ سے بھی بات کی ہے، افغانستان سے اسمگلنگ ہو رہی ہے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں اسمگلنگ پر بھی افغانستان سے بات کر رہے ہیں، اسمگلنگ کو نہ روکا تو یہ انڈسٹری آگے نہیں بڑھ سکتی۔

    انھوں نے کہا کہ چھوٹی انڈسٹریز کو فروغ دینے کے لیے گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کا گولڈن ٹرائی اینگل بنا رہے ہیں، قوم کی ریڑھ کی ہڈی درمیانی اور چھوٹی انڈسٹریاں ہوتی ہیں، لیکن یہاں پیسے والا صنعت کار تو پیسے دے کر اپنا کام نکلوا لیتا ہے، چھوٹے کاروبار کرنے والے جگہ جگہ رشوت دینے پر مجبور ہوتے ہیں۔

  • لاہور میں شدید بارش، وزیر اعلیٰ کی پانی میں پھنسی خواتین کی مدد، ویڈیو وائرل

    لاہور میں شدید بارش، وزیر اعلیٰ کی پانی میں پھنسی خواتین کی مدد، ویڈیو وائرل

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں شدید بارش کے بعد سیف سٹیز اتھارٹی کا ہنگامی دورہ کیا، انھوں نے بارش میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق بارش کے بعد وزیر اعلی عثمان بزدار لاہور کے دورے پر نکل پڑے، انھوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا جائزہ لیا اور ایک مقام پر بارش کے جمع پانی میں پھنسے افراد کو اپنی گاڑی میں بٹھا لیا۔

    بارش میں پھنسے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب گاڑی خود ڈرائیو کر رہے تھے۔

    وزیر اعلی نے شہر میں موسلا دھار بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا، عثمان بزدار نے خود گاڑی چلا کر شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، اور بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں لفٹ دی۔

    [bs-quote quote=”لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نکاسیٔ آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    دریں اثنا، ایم ڈی علی عامر ملک اور چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے نکاسی آب کا جائزہ لیا۔

    عثمان بزدار نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کو شہر سے فوری پانی نکالنے کی ہدایت کی، خیال رہے کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نکاسیٔ آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔

    ادھر لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، شہریوں کی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں خراب ہو کر بند ہو گئیں، فلائٹ شیڈول متاثر اور 100 فیڈر ٹرپ کر گئے۔

    ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ٹرپ 86 میں سے 50 فیڈرز بحال کیے جا چکے ہیں، متاثرہ دیگر فیڈرز کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لکشمی چوک پر 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، پانی والا تالاب پر 213 ملی میٹر، فرخ آباد میں 203 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سمن آباد میں 166، ایئر پورٹ پر 136، واسا ہیڈ آفس کے اطراف 144 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    ادھر وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیر قانون پنجاب نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا، اس موقع پر انھوں نے عملے کو ہدایت کی کہ پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک افسران اور عملہ فیلڈ میں رہیں۔

  • وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ

    وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورۂ امریکا افغانستان میں امن کے قیام کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی اہم ضرورت قرار دے دیا۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا سے دونوں ملکوں میں تعلقات بہتر ہوں گے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا، روس اور چین نے افغان امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغانستان میں امن کے لیے طاقت نہیں مذاکرات کرنا ہوں گے، افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں امن ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کردی

    ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کا حالیہ دورۂ برطانیہ نہایت کام یاب رہا تھا۔

    وزیر خارجہ نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے 4 سال تک وزیر خارجہ کا تقرر نہ کر کے ملک دشمنی کی، ملک میں معاشی بحران کی ذمہ دار بھی سابقہ حکومت ہے، سابق حکمرانوں نے معیشت کا جنازہ نکال دیا۔

    شاہ محمود نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے، ماضی میں لٹیروں کو این آر آو دیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کا بجٹ مختص ہوا ہے، اور یہ پی ٹی آئی حکومت میں مختص ہوا۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: سندھ بینک کے گرفتار افسران اسلام آباد منتقل

    جعلی اکاؤنٹس کیس: سندھ بینک کے گرفتار افسران اسلام آباد منتقل

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سندھ بینک کے صدر، ڈائریکٹر اور سینئر افسر کو آج اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں ڈائریکٹر سندھ بینک بلال شیخ، بینک کے صدر طارق احسن اور ندیم الطاف کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔

    تینوں ملزمان کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں نیب عدالت سے تینوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گا۔

    نیب نے ملزمان کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کر رکھا ہے، ذرایع نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اومنی گروپ کی کمپنیوں کو ایک ارب 80 کروڑ کے غیر قانونی قرضے دلوائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس : نیب نے کراچی اور لاہور سے تین بینکرز کو گرفتار کرلیا

    نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ بلال شیخ جعلی بینک اکاؤنٹس کو رقوم کی فراہمی کا اہم کردار ہے، مذکورہ ملزم اس وقت سندھ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل ہے۔

    ملزمان کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، نیب راولپنڈی نے تینوں بینکرز کو کراچی اور لاہور میں چھاپے مار کر 10 جولائی کو گرفتار کیا تھا۔

    خیال رہے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری کو بلاول ہاؤس سے گرفتار کر لیا تھا۔

  • ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں آگ، بالائی منزل منہدم

    ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں آگ، بالائی منزل منہدم

    لاہور: ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں لگی آگ پر 3 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا، متاثرہ فیکٹری میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں کی فیکٹری میں لگی آگ بجھا دی گئی ہے، آگ بجھانے کے لیے 12 فائر ٹینڈرز طلب کی گئی تھیں۔

    فیکٹری میں لگی آگ کی شدت کے باعث فیکٹری کی بالائی منزل گر چکی ہے، تاہم ریسکیو عملے نے فیکٹری میں موجود 25 کے قریب ملازمین کو بہ حفاظت نکال لیا تھا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں سلوشن اور ریگزین وافر مقدار میں موجود تھا جس کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مزید تاخیر ہوئی۔

    ریسکیو ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ فیکٹری میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ پر فوراً قابو نہیں پایا جا سکا اور وہ شدت اختیار کر گئی، جس کی وجہ سے 3 منزلہ فیکٹری کی بالائی چھت منہدم ہو گئی، چھت گرنے کے باعث اطراف کی عمارتوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ جوتوں کی فیکٹری میں موجود کیمیکل کے باعث آتش زدگی پر قابو پانا شدید مشکل ہو جاتا ہے، دو سال قبل کراچی کی جوتوں کی ایک فیکٹری میں لگی آگ تیسرے درجے میں چلی گئی تھی جس کے باعث پوری فیکٹری ہی منہدم ہو گئی تھی۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب نے موبائل پولیس خدمت مراکز پروگرام کا افتتاح کر دیا

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے موبائل پولیس خدمت مراکز پروگرام کا افتتاح کر دیا

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے موبائل پولیس خدمت مراکز پروگرام کا افتتاح کر دیا، پروگرام کے تحت پنجاب کے 36 اضلاع میں موبائل پولیس خدمت مراکز کے ذریعے عوام کو سہولت فراہم کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج ہفتے کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گریٹر اقبال پارک میں پنجاب کے 36 اضلاع کے لیے موبائل پولیس خدمت مراکز کے پروگرام کا افتتاح کیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے گریٹر اقبال پارک میں پولیس خدمت مرکز کا بھی افتتاح کیا، انھوں نے پولیس خدمت مرکز اور موبائل پولیس خدمت مراکز کا معائنہ کیا اور خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

    عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ ان خدمت مراکز میں بینک آف پنجاب کے کاؤنٹر بھی قائم کیے جائیں، مراکز کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولتیں مہیا ہوں گی، پولیس مراکز کو پورے صوبے میں پھیلا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو دہلیز پر خدمات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے، آج کے دن پنجاب کے لوگوں کے لیے آسانی کا افتتاح کر رہے ہیں، شہریوں کو سفر کی زحمت سے نجات ملے گی۔

    انھوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ اسٹامپ پیپرز کی فراہمی خدمت مراکز پر ہونی چاہیے، مراکز میں شہریوں کو بار بار چکر لگانے کی زحمت نہ دی جائے۔ علاوہ ازیں انھوں نے کہا کہ مراکز سے ایف آئی آر کی کاپی اور دیگر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پنجاب شہدا کے تمام کیسز حل کر کے حق ان تک پہنچایا۔

  • اینٹی نارکوٹکس فورس کی رانا ثنا اللہ کیس میں اہم پیش رفت

    اینٹی نارکوٹکس فورس کی رانا ثنا اللہ کیس میں اہم پیش رفت

    لاہور: اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کیس میں اہم پیش رفت کی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ایس پی یو ملک خالد و دیگر زیر حراست افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے، ذرایع نے کہا ہے کہ اے این ایف پنجاب نے مزید اہم شواہد اکھٹے کر لیے۔

    ذرایع نے بتایا کہ اے این ایف نے اسمگلر بخاری کی نشان دہی پر رانا ثنا اللہ کی ریکی کی تھی، رانا ثنا کے نمبرز اور ان کے ساتھیوں کی نقل و حرکت کو بھی دیکھا گیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑیاں منشیات اسمگلنگ میں استعمال کی گئیں، اے این ایف نے رانا ثنا کیس کی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

    ذرایع نے بھی بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کے قریبی ساتھیوں کو تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا، رانا ثنا کے قریبی پولیس افسران کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رانا ثنااللہ کی گھر کا کھانا نہ دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    خیال رہے کہ آج لاہور کی سیشن عدالت میں منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کو گھر کا کھانہ نہ دینے کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

    جیل حکام کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کو ان کی طبیعت کے مطابق کھانا دیا جا رہا ہے اور ان کا روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل چیک اپ بھی کیا جا رہا ہے، ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔

    رانا ثنا کے وکیل کا مؤقف تھا کہ وہ بیمار ہیں، جیل قوانین کے مطابق زیر ٹرائل ملزم کو گھر کا کھانا دیا جا سکتا ہے۔

  • پاکستان اور غریب عوام کی ترقی ہمارا وِژن ہے: قائم مقام گورنر پنجاب

    پاکستان اور غریب عوام کی ترقی ہمارا وِژن ہے: قائم مقام گورنر پنجاب

    گجرات: قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پاکستان اور غریب عوام کی ترقی ہمارا وِژن ہے، اس پر عمل کر کے ہی پاکستان ترقی کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں شیف انٹرنیشنل کے زیر اہتمام چودھری سجاد حیدر میموریل اسپتال کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان غریبوں کا درد رکھتے ہیں، ہماری سوچ ایک ہے۔

    قائم مقام گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی ہی ہم سب کی ترقی ہے، تاجر برادری عمران خان کے وژن میں تعاون کرے۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پورا ملک اجاڑ دیا، یہ اب اور کیا چاہتے ہیں، شریف خاندان ملکی معیشت کو دیوالیہ کرنے کے بعد اب اپنی مظلومیت کا رونا رو رہا ہے، آج عوام ان سے حساب مانگ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر آباد کارڈیالوجی اسپتال شروع نہ کرنے پر جو قیمتی جانیں ضایع ہوئیں، آج انھی کے لواحقین کی بد دعائیں شہباز شریف کا پیچھا کر رہی ہیں، اب وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسپتال کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    قائم مقام گورنر پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ چیئرمین ایف بی آر نے تاجروں کے مسائل پر غور کا یقین دلایا ہے۔

    قبل ازیں، پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے شیف انٹرنیشنل کے زیر اہتمام چودھری سجاد حیدر میموریل اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔

  • رانا ثنا کی گرفتاری کے بعد پہلی تصویر سامنے آ گئی

    رانا ثنا کی گرفتاری کے بعد پہلی تصویر سامنے آ گئی

    لاہور: سابق وزیر قانون پنجاب اور اے این ایف کے ہاتھوں منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار ایم این اے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد پہلی تصویر منظر عام پر آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کی اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد سلاخوں کے پیچھے پہلی تصویر سامنے آ گئی۔

    تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رانا ثنا کیمپ جیل لاہور میں سلاخوں کے پیچھے کھڑے ہیں۔

    خیال رہے کہ رانا ثنا منشیات کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، دو دن قبل رانا ثنا کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔

    عدالت نے رانا ثنا اللہ سمیت 6 ملزمان کو 16 جولائی کو پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  منشیات برآمدگی کا الزام :عدالت نے رانا ثنا اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

    اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے رانا ثنا اللہ کے خلاف درج مقدمے میں کہا گیا ہے رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی، برآمد منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ہے، روکنے پر رانا ثنا اللہ نے اہل کاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔

    اے این ایف ذرایع کے مطابق گرفتار اسمگلر نے دوران تفتیش رانا ثنا اللہ کا منشیات اسمگلنگ میں معاونت کا انکشاف کیا تھا۔