Tag: پنجاب کی خبریں

  • شہباز شریف کا ایل او سی پر شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت

    شہباز شریف کا ایل او سی پر شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول پر دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مادرِ وطن پر قربان ہونے والے شہدا قوم کا فخر ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ فوجی جوانوں کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، پاک وطن کے شہدا نے ہر مرحلے پر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

    لیگی رہنما نے کہا ہم شہیدوں کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، اور قوم و وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا، 5 جوان شہید

    خیال رہے کہ آج لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا ہوا جس میں پاک فوج کے پانچ جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جب کہ ایک فوجی اہل کار زخمی ہو گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دھماکے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نتیجہ ہے، اور واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    دھماکے میں شہید ہونے والوں میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، سپاہی زوہیب، سپاہی غلام قاسم اور شیر زمان شامل تھے۔

  • شبہ ہے والد کے قتل کی منصوبہ بندی رانا ثنا اللہ نے کی: سارہ تاثیر

    شبہ ہے والد کے قتل کی منصوبہ بندی رانا ثنا اللہ نے کی: سارہ تاثیر

    اسلام آباد: سابق گورنر پنجاب مقتول سلمان تاثیر کی صاحب زادی سارہ تاثیر نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ والد کے قتل کی منصوبہ بندی رانا ثنا اللہ نے کی۔

    تفصیلات کے مطابق مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی صاحب زادی سارہ تاثیر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میں اپنے والد کے قتل کے ماسٹر ماینڈ ہونے کا کسی پر شبہ کر سکتی ہوں تو وہ صرف رانا ثنا اللہ ہے۔

    سارہ تاثیر نے لکھا کہ رانا ثنا اللہ سے زیادہ پست آدمی کوئی نہیں، وہ دھوکے بازی سے لے کر قتل تک میں قانون سے بچتا رہا ہے۔

    سلمان تاثیر کی بیٹی کا کہنا تھا کہ شبہ ہے والد کے قتل کی منصوبہ بندی رانا ثنا اللہ نے کی، ان کی گرفتاری پر انتہائی خوشی ہے۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ رانا ثنا کے خلاف کارروائی پر عمران خان حکومت پر خدا کی رحمت ہو، دھوکے باز اور قاتل رانا ثنا کئی دہائیوں تک قانون کو چکما دیتا رہا۔

    خیال رہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے دو دن قبل ایم این اے رانا ثنا کو منشیات اسمگلنگ میں گرفتار کیا تھا، ایف آئی آر میں کہا گیا رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی، بعد ازاں عدالت نے انھیں 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

  • پوری پارٹی رانا ثنا اللہ اور ان کی فیملی کے ساتھ ہے: شہباز شریف

    پوری پارٹی رانا ثنا اللہ اور ان کی فیملی کے ساتھ ہے: شہباز شریف

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس بے بنیاد ہے، پوری پارٹی ان کے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ نیب پوری کوشش کے باوجود رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس نہ بنا سکا، ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ رانا ثنا اللہ کو پانی نہ کھانا دیا جا رہا ہے، ان کی اہلیہ جیل کے باہر کھڑی رہیں اور انھیں ملنے نہ دیا گیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا صرف اینٹی ن لیگ ہے، روزانہ کوئی کیس بنا کر ن لیگیوں کو جیل میں ڈالا جاتا ہے، اے پی سی ہونے جا رہی ہے، مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے، حمزہ کے لیے نہیں عوام کے دکھ درد کے لیے اپوزیشن مل کر کام کرے گی۔

    انھوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ بھی اپنے خلاف بے بنیاد کیسز کا ذکر کر چکے ہیں، عمران خان کی سوچ سامنے آ چکی ہے، انھوں نے اس وقت کے ڈپٹی چیئرمین نیب کو ہدایت کی تھی کہ رانا ثنا کے خلاف کیسز بنائیں۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ایم این اے کی زندگی کے ساتھ نہ کھیلیں خدا معاف نہیں کرے گا، میں مطالبہ کرتا ہوں رانا ثنا اللہ کو فی الفور ادویات دی جائیں، ملزم کو انسانی تقاضوں کے مطابق سہولتوں سے محروم نہیں کیا جاتا۔

    ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی کہانی 4 سال سے چل رہی ہے، نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ اور دیگر پر کیا الزامات لگے ہیں، آج تک کرپشن کا ایک الزام بھی مسلم لیگ پر ثابت نہ ہو سکا، کرپشن کے الزامات کا پہلے بھی مقابلہ کیا آیندہ بھی کریں گے۔

    شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا ہر شخص کہہ رہا ہے موجودہ حکومتی جھوٹی ہے، کرپشن کی حقیقت عوام کے سامنے آ چکی ہے، ٹی وی پر ہر شخص کہہ رہا ہے یہ کیس جھوٹا ہے، آج پاکستان کا ہر شخص پریشان ہے۔

  • رانا ثنا کے خلاف کالعدم تنظیموں تک پیسے پہنچانے کے ثبوت ہیں: صمصام بخاری

    رانا ثنا کے خلاف کالعدم تنظیموں تک پیسے پہنچانے کے ثبوت ہیں: صمصام بخاری

    گوجرانوالہ: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف کالعدم تنظیموں تک پیسے پہنچانے کے ثبوت ہیں، انھیں ماڈل ٹاؤن شہدا کو قتل کرانے پر پہلے گرفتار ہونا چاہیے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری اے این ایف نے کی، ان پر منشیات کے کاروبار سے پیسے کمانے کا الزام ہے۔

    صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں قبضے اور لوگوں پر ظلم کیے۔

    انھوں نے پلی بارگین کے حوالے سے کہا کہ یہ نیب کا قانون ہے، پلی بارگین ڈیل یا این آر او نہیں ہے، نواز شریف کو مرسی سے ملانا بڑی زیادتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا گیا: شہباز شریف

    وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ نواز شریف نے گھر کا کھانا بند کرنے کا واویلا مچا رکھا ہے، وہ بڑے آدمی ہیں انھیں دال روٹی کیسے کھلائی جا سکتی ہے، جو ڈاکٹر کہیں یا میاں صاحب کی خواہش ہوگی، وہ جیل کا کک بنا کر دے گا۔

    واضح رہے کہ آج اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ پر سراسر جھوٹا الزام لگایا گیا ہے، جہاں منشیات بکتی اور استعمال ہوتی تھیں، وہاں کارروائی کی جائے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا گیا۔

  • رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی، پولیس کا سیکورٹی پلان تیار

    رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی، پولیس کا سیکورٹی پلان تیار

    لاہور: ایم این اے رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر پولیس کا سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا، پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے 400 سے زائد اہل کار سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر قانون رانا ثنا کو ضلع کچہری میں پیش کیا جائے گا، جس کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے، ایس پی سیکورٹی کا کہنا ہے کہ اس موقع پر چار سو سے زائد سیکورٹی اہل کار نگرانی کریں گے۔

    ایس پی سیکورٹی فیصل شہزاد نے بتایا کہ اینٹی رائٹ فورس کی 6 ریزورز مکمل تیاری کے ساتھ تعینات ہوں گی، اینٹی رائٹ فورس کے ساتھ مقامی پولیس بھی تعینات ہوگی، پولیس کی واٹر کینن بھی کچہری کے باہر موجود ہوگی۔

    ایس پی سیکورٹی کے مطابق سادہ لباس میں پولیس انٹیلی جنس کے اہل کار بھی ڈیوٹی دیں گے، قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، سیکورٹی پلان میں رد و بدل اے این ایف کی مشاورت سے کیا جا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    انھوں نے کہا کہ رانا ثنا کی پیشی کے وقت کچہری جانے والے راستے عارضی طور پر بند کیے جائیں گے، شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک وارڈن تعینات ہوں گے۔

    خیال رہے کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وزیر قانون پنجاب اور ایم این اے رانا ثنا کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں منشیات کے اسمگلروں سے تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

  • حکومت کا رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں: شہباز گل

    حکومت کا رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں: شہباز گل

    لاہور: ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے اپوزیشن رہنماؤں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت رانا ثنا اللہ کی گرفتاری میں ملوث نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سابق وزیر قانون پنجاب کی اے این ایف کے ہاتھوں گرفتاری پر کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی ہمارے پاس کوئی اطلاع نہیں تھی، پی ٹی آئی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔

    سابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی ایسا جرم نہیں جو رانا ثنا نے نہ کیا ہو، رانا ثنا کے کالعدم تنظیموں سے بھی تعلقات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ایم این اے رانا ثنا کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے قانون کو اپنی باندی بنایا ہوا تھا، لیکن ہم احتساب کے عمل سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں گروپ بندی ہے، یہ ایک دوسرے کو خود گرفتار کرا رہے ہیں، محمد زبیر رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر بہت خوش ہیں کیوں کہ وہ مریم نواز گروپ کے ہیں۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  اپوزیشن رہنماؤں نے رانا ثنا کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے دیا

    خیال رہے کہ اپوزیشن رہنماؤں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے اے این ایف کے ہاتھوں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے دیا ہے۔

    واضح ہو کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وزیر قانون پنجاب اور ایم این اے رانا ثنا کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں منشیات کے اسمگلروں سے روابط کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

  • اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے حراست میں لے لیا ہے، اے این ایف کے ترجمان نے حراست میں لیے جانے کی تصدیق کر دی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو سکھیکی کے قریب سے حراست میں لیا، اینٹی نارکوٹکس فورس نے یہ کارروائی منشیات فروشوں کے خلاف حالیہ آپریشن کے بعد کی ہے۔

    رانا ثنا اللہ کے اہل خانہ نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے، اہلیہ، بیٹی، داماد اور بچے 3 گاڑیوں پر گھر سے روانہ ہوئے، داماد احمد شہریار کو رانا ثنا کا سیاسی جانشین سمجھا جاتا ہے، رانا ثنا کے خاندان کی گھر سے روانگی کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

    ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ پنجاب نے موٹر وے سے حراست میں لیا، گرفتاری سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

    رانا ثنا اللہ کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ لاہور یا پنڈی منتقل کیے جانے کا امکان ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما کا منشیات کے اسمگلروں کے ساتھ تعلقات کا انکشاف ہوا ہے، اسمگلرز فیصل آباد میں رانا ثنا کے ڈیرے پر بھی پناہ لیتے تھے، رانا ثنا و دیگر افراد کی تفتیش بریگیڈیئر خالد محمود کریں گے۔

    ذرایع نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری منشیات اسمگلر کے تفتیش میں نام اگلنے کے بعد عمل میں آئی ہے، اے این ایف شام تک تفتیشی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوائے گی، منشیات اسمگلرز کو گرین سگنل دینے سے لاہور سے اہم گرفتاریاں متوقع ہیں، رانا ثنا کے قریبی ساتھیوں کو بھی اے این ایف گرفتار کرے گی۔

  • انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دیں

    انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دیں

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دیں، سی ٹی ڈی لاہور کا کہنا ہے کہ ملزمان کو قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ لاہور کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دی ہیں، 4 ملزمان کو 2 سال قید، جرمانہ اور آٹھ ملزمان کو 5 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

    ملزمان پر کالعدم تنظیموں کے لیے چندہ جمع کرنے کا الزام تھا، ملزمان کے خلاف 2 کالعدم جماعتوں کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کے مقدمات درج تھے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو راولپنڈی، گوجرانوالہ، اور رحیم یار خان سے گرفتار کیا گیا تھا، کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سی ٹی ڈی کی گوجرانوالہ میں کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے کہ پانچ روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد برآمد کیا تھا، جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، چندہ اکٹھا کرنے کی پرچیاں اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا تھا، ملزمان نے گوجرانوالہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

    اس سے قبل سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا، دہشت گرد رضوان عرف ڈاکٹر،عمران عرف ساقی کا نام ریڈبک میں شامل تھا۔

  • بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، کل اے پی سی میں وفد کی صورت شرکت کریں گے: شہباز شریف

    بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، کل اے پی سی میں وفد کی صورت شرکت کریں گے: شہباز شریف

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام دشمن بجٹ کو مسترد کر چکے ہیں، انشاء اللہ بجٹ پاس ہونے نہیں دیں گے، نواز شریف کے سپاہی اور شیر بن کر لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن بجٹ کے خلاف عوامی امنگوں کی ترجمانی بنیادی فرض ہے۔

    شہباز شریف نے اجلاس میں پارٹی ارکان کو بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت پر خراج تحسین بھی پیش کیا، ارکان کو مخاطب کر کے کہا ’آپ نے تقاریر سے عوام کے مسائل کی بھرپور ترجمانی کی، عوام کو اچھا پیغام گیا ہے کہ آپ پارلیمان میں ان کی آواز بنے۔‘

    تازہ خبریں پڑھیں:  خدشہ تھا لیکن طیب اردگان نے ملاقات میں نواز شریف پر کوئی بات نہیں کی: وزیر اعظم

    انھوں نے ارکان سے کہا کہ بجٹ اہم مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، کٹوتی کی تحاریک میں حاضری کو یقینی بنائیں اور بھرپور کردار ادا کریں، کل اے پی سی میں بھی وفد کی صورت میں شرکت کریں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے جیل میں ملاقات کی، ان کے جذبے بلند ہیں، ان سے ملاقاتوں پر پابندی قابل مذمت ہے، کارکنان کو نواز شریف سے نہ ملنے دینا فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نواز شریف ملکی حالات پر بے حد پریشان ہیں، وہ چاہتے ہیں عوام کی توقعات کے مطابق کردار ادا کریں گے۔

  • اے پی سی پہلے ہی ناکام ہو چکی: صمصام بخاری

    اے پی سی پہلے ہی ناکام ہو چکی: صمصام بخاری

    لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی اے پی سی پہلے ہی نا کام ہو چکی ہے، ن لیگ میں تخت کے وارث کی جنگ چل رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات نے اپوزیشن کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کو ناکام قرار دے دیا ہے، انھوں نے کہا کہ ایک اپوزیشن جماعت میں تخت کے وارث کی جنگ چل پڑی ہے۔

    صمصام بخاری نے کہا کہ شہباز شریف کی خاموشی اور مریم نواز کی شعلہ بیانی سمجھ میں نہیں آ رہی ہے۔

    صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عوام کے فائدے کے لیے اپوزیشن کی تجاویز پر غور کریں گے، تنقید برائے تعمیر کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اے پی سی: فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن سربراہان کو باقاعدہ دعوت دے دی گئی

    صمصام بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کی ڈکشنری میں ڈیل کا کوئی لفظ نہیں۔ خیال رہے کہ ان دنوں قومی اسمبلی میں پابندی لگائے جانے کے بعد ملک بھر میں لفظ ’سلیکٹڈ‘ کا بھی چرچا ہے۔

    ادھر اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی کے سلسلے میں اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں، مولانا فضل الرحمان کی جانب سے تمام اپوزیشن رہنماؤں کو باقاعدہ دعوت نامے بھی ارسال کر دیے گئے۔

    بتایا گیا ہے کہ اے پی سی میں اپوزیشن اراکین کے اسمبلی سے استعفوں کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔