Tag: پنجاب کی جیلیں

  • قیدیوں نے حکومت کو کروڑوں روپے کما کر دے دیے

    قیدیوں نے حکومت کو کروڑوں روپے کما کر دے دیے

    لاہور: پنجاب کی جیلوں میں موجود قیدیوں نے کروڑوں روپے کما کر حکومت کے حوالے کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی کمائی کے حوالے سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں نے لگ بھگ پونے 9 کروڑ روپے کا منافع کمایا۔

    رپورٹ کے مطابق 5 سال میں پنجاب بھر سے 21 ہزار سے زائد قیدیوں نے 8 کروڑ 76 لاکھ روپے منافع کمایا، یہ منافع مختلف اشیا کی فروخت سے حاصل ہوا۔

    جیل میں قیدیوں کی تیار کردہ 18 مختلف اشیا مارکیٹ میں فروخت کی گئی تھیں، ان اشیا میں قالین، کمبل، کٹ باکس، سائیڈ لاکرز، فرنیچر سمیت کئی دیگر اشیا شامل تھیں، یہ اشیا قیدیوں نے مہارت کے ساتھ بنائیں۔

    ملتان جیل میں قتل کا قیدی ٹک ٹاکر بن گیا

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں نے ٹیکسٹائل میں سب سے زیادہ 2 کروڑ سے زیادہ کا منافع کمایا، قیدیوں کی جانب سے کمائی گئی رقم چالان کی صورت میں قومی خزانے میں جمع کرا دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس وزارت انسانی حقوق نے کرونا وبا پر اقدامات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کراتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ملک بھر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پنجاب کی 41 جیلوں میں گنجائش 32 ہزار 477 قیدیوں کی ہے لیکن وہاں پر 45 ہزار 324 قیدی موجود ہیں۔

  • اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی تعداد سے متعلق حیرت انگیز انکشاف

    اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی تعداد سے متعلق حیرت انگیز انکشاف

    اسلام آباد: اڈیالہ جیل کے قیدی خادم حسین کی طبی سہولتوں کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران جیل میں قیدیوں کی تعداد کے حوالے سے حیرت انگیز انکشاف ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں قیدی خادم حسین کیس کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ 1500 قیدیوں کی گنجایش والی اڈیالہ جیل میں 4800 قیدی موجود ہیں۔

    سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے ہائی کورٹ میں پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ جیل پندرہ سو قیدیوں کے لیے بنائی گئی تھی، لیکن اس وقت جیل میں چار ہزار آٹھ سو قیدی موجود ہیں۔

    کیس کی سماعت کے لیے وزارتِ صحت اور وزارتِ انسانی حقوق سے نمایندہ پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، چیف جسٹس ہوئی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ میں خود اڈیالہ کا مہمان بنا تھا، وہاں کے حالات کا پتا ہے، جیل حکام کو اپنے اختیارات کا علم ہی نہیں، قیدی صرف جیل کی نہیں ریاست کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اڈیالہ جیل کے 85 سے زائد قیدی اسپتال منتقلی کے منتظر

    دریں اثنا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت انسانی حقوق اور وزارت صحت کو دوبارہ نوٹس جاری کیے اور قیدی خادم حسین کی درخواست کل ہفتے کے روز سننے کا فیصلہ کر کے مذکورہ وزارتوں سے کل 10 بجے جواب طلب کر لیا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ انکشاف ہوا تھا کہ اڈیالہ جیل میں 85 سے زائد قیدی اور حوالاتی شدید بیمار ہو گئے ہیں، جیل ذرایع کا کہنا تھا کہ بیمار قیدی جیل سے باہر اسپتال منتقلی کے منتظر ہیں، یہ قیدی دل، گردوں، یرقان اور سانس کی تکالیف میں مبتلا ہیں، بتایا گیا تھا کہ اگر قیدیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل نہ کیا گیا تو ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    دوسری طرف پنجاب کی جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں نے طبی بنیاد پر لاہور ہائی کورٹ میں بھی رہائی کی درخواست دائر کی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پر ضمانت دی جائے۔

  • اڈیالہ جیل کے 85 سے زائد قیدی اسپتال منتقلی کے منتظر

    اڈیالہ جیل کے 85 سے زائد قیدی اسپتال منتقلی کے منتظر

    راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں 85 سے زائد قیدی اور حوالاتی شدید بیمار ہو گئے ہیں، جیل ذرایع کا کہنا ہے کہ بیمار قیدی جیل سے باہر اسپتال منتقلی کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل ذرایع نے کہا ہے کہ متعدد مریض قیدی اور حوالاتی جیل سے باہر اسپتال منتقلی کے منتظر ہیں، یہ قیدی دل، گردوں، یرقان اور سانس کی تکالیف میں مبتلا ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اگر قیدیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل نہ کیا گیا تو ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ تین دن قبل پنجاب کی جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں نے طبی بنیاد پر لاہور ہائی کورٹ میں رہائی کی درخواست دائر کی تھی، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پر ضمانت دی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں کی طبی بنیاد پر رہائی کی درخواست

    کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے کی، عدالت نے ضمانت پر رہائی کی درخواست چیف سیکریٹری پنجاب کو بھجواتے ہوئے فیصلے کی ہدایت کی۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ جیلوں میں 10 ہزارسے زائد قیدی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، جیلوں میں قیدیوں کو علاج کی مناسب سہولتیں میسر نہیں ہیں جس پر استدعا کی جاتی ہے کہ نواز شریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پرضمانت دی جائے۔

  • جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ

    جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کی جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، اب عام قیدی بھی اسپیشلسٹ سے علاج کرا سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے عام قیدیوں کو بیمار ہونے کی صورت میں اسپیشلسٹ سے علاج کرانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکومتی ہدایت پر آئی جی جیل شاہد سلیم نے بھی تمام جیل سپرٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دیے۔

    آئی جی جیل نے ہدایت کی ہے کہ عام قیدیوں کو جیل میں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، عام قیدیوں کے جیل میں رہنے کے انتظامات میں بھی بہتری لائی جائے۔

    آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے صوبے کی جیلوں میں عام قیدیوں کو مطالعے کے لیے کتابیں فراہم کرنے سے متعلق بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری اورفریال تالپور کوجیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد

    واضح رہے کہ پنجاب کی جیلوں میں سیاسی رہنماؤں کے لیے قید کے دوران اے کلاس کی سہولتوں سے متعلق بحث اور کشمکش چلتی رہی ہے، اس سلسلے میں سیاسی رہنماؤں کی جانب سے عدالتوں کے دروازے بھی کھٹکھٹائے جاتے ہیں۔

    گزشتہ روز احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں اور اضافی سہولتیں دینے کی منظوری دیتے ہوئے ہفتے میں 2 مرتبہ اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لیے بھی کوٹ لکھپت جیل میں طبی سہولتیں بڑھائی جا چکی ہیں، انھیں جیل میں وی آئی پی سہولتیں فراہم کی گئیں، خوراک اور آرام کے سلسلے میں بھی انھیں خصوصی سہولتیں دی گئیں۔

    سیاسی قیدیوں کے لیے سہولتوں کی خبروں کے بعد عام قیدیوں کے لیے بھی سہولتوں کی آواز اٹھائی جانے لگی تھی۔

  • جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں: پنجاب حکومت کا خط

    جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں: پنجاب حکومت کا خط

    لاہور: پنجاب حکومت نے ایک خط کے ذریعے صوبے کی جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات دینے کا سلسلہ روک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں۔

    جیلوں میں خصوصی مراعات روکنے کے لیے17 جولائی کو آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کیا نوازشریف سے اے سی اور ٹی وی کی سہولیات واپس لے لی گئیں؟

    خط میں پنجاب حکومت نے منی لانڈرنگ کے مجرموں سے ترجیحی سلوک ممنوع قرار دیا، لکھا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت ہے مجرموں، منی لانڈرنگ کرنے والوں کو رعایت نہ دی جائے۔

    واضح رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیر اعظم میاں‌ نواز شریف سے اے سی اور ٹی وی کی سہولت واپس لے لی گئی ہے، نواز شریف سے بی کلاس کی دیگرسہولتیں بھی واپس لی جائیں گی۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق اس ضمن میں محکمہ داخلہ، پنجاب کا ایک اجلاس بھی ہوا تھا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن کے الزام میں قید تمام افرد سے بی کلاس کی سہولیات واپس لی جائیں گی۔

  • عید پر پنجاب میں قیدیوں کے لیے 2 ماہ کی معافی کا اعلان

    عید پر پنجاب میں قیدیوں کے لیے 2 ماہ کی معافی کا اعلان

    لاہور: عید کے موقع پر پنجاب میں قیدیوں کے لیے 2 ماہ کی معافی کا اعلان کر دیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا دورہ کر کے سہولتوں کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی آمد کی خوشی میں پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا دورہ کر کے قیدیوں سے ان کے مسائل سنے اور صورت حال دریافت کی۔

    جیل میں کم عمر بچے کو قتل کیس میں قید دیکھ کر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے از سر نو تفتیش کی ہدایت کی اور کہا کہ جیل حکام بچوں کے لیے ٹی وی فراہم کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  عیدالفطر 5 جون کو ہوگی، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

    وزیر اعلیٰ نے ملاقاتی شیڈ پہنچ کر قیدیوں اور ان کے ملاقاتیوں سے بات چیت کی، عثمان بزدار نے ان سے رشوت لیے جانے کے بارے میں بھی استفسار کیا۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات کی ہدایت کی۔

    خیال رہے کہ آج محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شوال کا چاند 29 رمضان کو نظر آنے کا قوی امکان ہے اور عید الفطر 5 جون کو ہوگی، پورے ملک میں 4 جون کو چاند کی رویت ممکن ہے۔