Tag: پنجاب کی وزارت اعلیٰ

  • پنجاب کی وزارت اعلیٰ: آج بڑے سیاسی رہنما سپریم کورٹ میں موجود ہوں گے

    پنجاب کی وزارت اعلیٰ: آج بڑے سیاسی رہنما سپریم کورٹ میں موجود ہوں گے

    اسلام آباد: پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے متعلق اہم کیس کی سماعت کے سلسلے میں آج بڑے سیاسی رہنما سپریم کورٹ میں موجود ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سپریم کورٹ میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے متعلق قانونی دنگل سجے گا، کیس کی سماعت آج دوپہر ایک بجے ہوگی۔

    مختلف سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں نے عدالت میں حاضری کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، شیریں مزاری، عمر ایوب، بابر اعوان، پرویز خٹک اور عامر کیانی سپریم کورٹ آئیں گے۔

    ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی، خرم دستگیر، رانا ثنا اللہ کی بھی سپریم کورٹ آمد کا امکان ہے، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، سعد رفیق اور امیر مقام، ایاز صادق، عطا تارڑ، اور ملک احمد خان بھی عدالت آئیں گے۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی رہنما فضل الرحمان، مولانا اسعد، ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر ہوتی بھی عدالت آئیں گے۔

    بی این پی کے اختر مینگل، اسلم بھوتانی کی بھی سپریم کورٹ آمد کا امکان ہے، جب کہ ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ بھی عدالت آئیں گے۔

    چوہدری شجاعت کی سپریم کورٹ آمد کے سلسلے میں سیکیورٹی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، وہ عدالت میں اپنے خط کی تصدیق کریں گے، اس موقع پر سپریم کورٹ کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

    جے یو آئی، چوہدری شجاعت، پی پی پی، اور ایم کیو ایم نے بھی اکھاڑے میں اترنے کا اعلان کیا ہے، تمام جماعتوں کی جانب سے فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا کی جائے گی۔ فیصلہ یہ ہونا ہے کہ پالیسی پارلیمانی پارٹی کی چلے گی یا پارٹی کے سربراہ کی، یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کو ٹرسٹی وزیر اعلیٰ کے طور پر کام کرنے اجازت دی تھی۔

  • ق لیگ نے ایک بار پھر پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا مطالبہ حکومت کے  سامنے رکھ دیا

    ق لیگ نے ایک بار پھر پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا مطالبہ حکومت کے سامنے رکھ دیا

    لاہور : ق لیگ نے ایک بار پھر حکومت کے سامنے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا مطالبہ رکھ دیا اور کہا ہمیں کلئیر بتائیں ہمارے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرا اور ق لیگ قیادت کے درمیان ملاقات کا احوال سامنے آگیا ، ذرائع ق لیگ کا کہنا ہے کہ بات سنی ہے، فیصلے کا اختیارصرف پرویز الٰہی کو ہے، ق لیگ نے ایک بارپھرپنجاب کی وزارت اعلیٰ کا مطالبہ سامنے رکھ دیا۔

    طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ اپنے مطالبات اور حکومت سے متعلق تحفظات سامنے رکھ دیے، پرویز الٰہی سیاہ کریں یا سفید ان کے ساتھ ہیں۔

    پی ٹی ائی وزرا نے کہا کہ ہم وزیراعظم کا مکمل اعتماد لے کر آئے ہیں ، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کا ارادہ رکھتےہیں تاہم تبدیلی کب کرنی ہے،نہیں بتایا۔

    رہنما ق کا کہنا تھا کہ ہمیں کلئیربتائیں ہمارے ساتھ کیا کرنا چاہتےہیں، عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلےکلئیر کریں،بعد میں کوئی فائدہ نہیں ، جس پر وفاقی وزرا نے کہا ہم لگے ہوئے ہیں ، آپ کو طے کرہی بتائیں گے۔

    یادرہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی چوہدری پرویز الہی سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وفاقی وزرا نے وزیر اعظم عمران خان کا پیغام چوہدری برادران تک پہنچایا۔

    دوران ملاقات طارق بشیر چیمہ نے ساڑھے تین سال میں پارٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر پی ٹی آئی وزراء نے کہا وزیراعظم عمران خان کو اس ساری صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

    پرویز الہی کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات سے متعلق چوہدری شجاعت کو اعتماد میں لیں گے اور آئندہ ملاقات اسلام آباد میں ہو گی۔