Tag: پنجاب کے اسکول

  • جنوبی پنجاب کے 10 ہزار سے زاید اسکول سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

    جنوبی پنجاب کے 10 ہزار سے زاید اسکول سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے 10 ہزار 800 اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے دس ہزار سے زاید اسکول شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں گے، یہ فیصلہ بجلی کے مسائل کے حل کے لیے کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا کام دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں ٹرانسمیشن لائنز موجود نہیں ہیں اس لیے وہاں سولر انرجی فراہم کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ راجن پور، چولستان، تھل اور ڈیرہ غازی خان کے علاقوں میں شمسی توانائی مہیا کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اعلان کیا تھا کہ صوبے کے تمام جامعات کو شمسی توانائی پر لے جانے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھی گزشتہ سال ستمبر میں وزرا کو ہدایت کی تھی کہ آبی وسائل، شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

    حال ہی میں پنجاب کا بجٹ پاس کیا گیا ہے جس میں صوبے میں تعلیم کے شعبے پر خرچ کرنے کے لیے 382.9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ کُل بجٹ 2300 بلین روپے کا ہے۔

  • پنجاب کے اسکولوں میں‌ ٹریفک قوانین پڑھانے کا فیصلہ

    پنجاب کے اسکولوں میں‌ ٹریفک قوانین پڑھانے کا فیصلہ

    لاہور: لودھراں حادثے کے بعد اب پنجاب حکومت نے اسکول کے نصاب میں ٹریفک قوانین کا مضمون شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا، اور یہ مضمون اسکولوں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے جس کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ حسن حفیظ کے مطابق حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین سرکاری و نجی اسکولوں میں لازمی طور پر پڑھائے جائیں گے، ٹریفک قوانین پڑھانے کے لیے تمام اسکولوں میں زیرو پریڈ لگائے جائیں گے۔

    اطلاعات کے مطابق زیرو پریڈ تمام اسکولز میں اسمبلی کے اوقات کار میں لگایا جائے گا اس حوالے سے محکمہ تعلیم نے ٹریفک قوانین پڑھانے کے حوالے سے پنجاب بھر کے اسکولوں کو ہدایات جاری کردیں۔

    یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پہلے مرحلے میں اساتذہ کو تربیت دی جائے گی جو بعد میں اپنے طلبا کو یہ تربیت منتقل کریں گے، انہیں سڑک پار کرنے، ٹریفک کے سائن کو جاننے اور دیگر بنیادی قوانین سے آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ حادثات سے بچ سکیں۔

    یہ پڑھیں: لودھراں میں 2 رکشا ٹرین کی زد میں آگئے، 7 طالب علم جاں بحق

    واضح رہے کہ آج صبح لودھراں میں طالب علموں سے بھرے دو چنگ چی رکشا ٹرین کے آگے آگئے جس کے باعث سات طلبا جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، ملک بھرمیں اس واقعے کی گونج نے لوگوں کو افسردہ کردیا۔