Tag: پنجاب یونیورسٹی

  • پنجاب یونیورسٹی کے 12 اساتذہ کروڑوں کی اسکالر شپس لے کر فرار

    پنجاب یونیورسٹی کے 12 اساتذہ کروڑوں کی اسکالر شپس لے کر فرار

    لاہور : کروڑوں کی اسکالرشپس لے کر فرار ہونے والے بارہ اساتذہ کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کروڑوں کی اسکالر شپس لیکر فرار ہونے والے پنجاب یونیورسٹی کے 12 اساتذہ کو برخاست کردیا گیا۔

    مفرور اساتذہ سے رقوم کی ریکوری کیلئے پنجاب یونیورسٹی ایف آئی اے کو خط لکھے گی جبکہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کیلئے وزارت خارجہ کو خط لکھا جائے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی کے 56 اساتذہ کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کیلئےگرانٹ ملی ، پنجاب یونیورسٹی کے 7 اساتذہ ایچ ای سی کی اسکالرشپ اور 5 اساتذہ یونیورسٹی کی اسکالر شپ لے کر مفرور ہے۔

    اساتذہ کو پی ایچ ڈی کرنے کے بعد 5 سال یونیورسٹی میں سروسز دینی تھی ، 56 میں سے 12 اساتذہ نے اسکالرشپ حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی جوائن نہ کی، ڈیوٹی جوائن نہ کرنے پر اساتذہ کو یونیورسٹی کو کروڑوں روپے ادا کرنے تھے۔

    پنجاب یونیورسٹی جی آئی ایس سینٹر کی فرح ستار 70 لاکھ ، جی آئی ایس سینٹر کے سید محسن علی ایک کروڑ 40 لاکھ ، انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کی کرن عائشہ ایک کروڑ ادا کیے بغیر مفرور ہیں۔

    اس کے علاوہ شعبہ ایم ایم جی کی رابعہ عباد 90 لاکھ روپے، آئی کیو ٹی ایم کے خواجہ خرم خورشید 84 لاکھ روپے، طہیلی کالج آف کامرس کی شمائلہ اسحاق ایک کروڑ 61 لاکھ ، سینٹرفارکول ٹیکنالوجی کے عثمان رحیم 72 لاکھ روپے دیے بغیر مفرور ہیں۔

    لاہور:کالج آف انجینئرنگ کے سلمان عزیز 90 لاکھ ، جی آئی ایس کے محمد نواز 72 لاکھ روپے ، پی یو سی آئی ٹی کی جویریہ اقبال 60 لاکھ ، ایڈمنسٹریٹو سائنسز کی سیماب آرا کو ایک کروڑ اور سامعہ محمودایک کروڑ 16 لاکھ ادا کرنے ہیں۔

  • پنجاب یونیورسٹی میں طالبعلم کے قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

    پنجاب یونیورسٹی میں طالبعلم کے قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

    لاہور: پولیس نے پنجاب یونیورسٹی میں طالبعلم رانا عمار کے قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر کے گاڑی اور پستول برآمد کر لیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزمان میں دلاور، عبداللہ اور حذیفہ شامل ہیں، مقتول رانا عمار اپنے دوستوں کے ساتھ پنجاب یونیورسٹی میں گاڑی میں موجود تھا، ملزمان عبداللہ اور حذیفہ نے گاڑی میں دلاور سے پستول لیا۔

    ایس پی اقبال ٹاؤن بلال احمد نے بتایا کہ عبداللہ اور حذیفہ نے چیمبر مارا تو اچانک برسٹ کی شکل میں گولیاں چلیں، گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر ہونے کی وجہ سے رانا عمار کو 3 گولیاں لگیں۔

    5 دسمبر کو پنجاب یونیورسٹی میں رانا عمار نامی طالبعلم کے جاں بحق ہونے کی خبر سامنے آئی تھی تاہم انتظامیہ نے جامعہ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آنے کی تردید کی تھی۔

    انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، سی سی ٹی وی چیک کیے لیکن فائرنگ کا کوئی عینی شاہد نہیں ملا، کسی بھی جگہ سے گولی کا شیل یا خون نہیں ملا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ طالبعلم یونیورسٹی کے ایڈمن افسر کا بھانجا ہے، کچھ طلبہ انتظامیہ پر جان بوجھ کر الزام تراشی کر رہے ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا تھا کہ طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے ایڈمن بلاک پر حملہ کیا اور شیشے توڑے، انہوں نے کنٹین پر بھی حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی، انتظامیہ کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی۔

    محمد عمار کے جاں بحق ہونے کی خبر کے بعد ترجمان پولیس نے بھی فائرنگ کا واقعہ رپورٹ نہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جامعہ میں فائرنگ کا کوئی واقعہ اب تک رپورٹ نہیں ہوا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مخصوص گروہ جھوٹی خبر پھیلا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، یونیورسٹی کی سکیورٹی نے مذکورہ مقام پر جا کر ابتدائی تحقیق کی ہے، مبینہ جگہ پر فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

  • ہونہار اسکالر شپ پروگرام :  میڈیکل کالجز کی طلبا کے لیے بڑی خوشخبری

    ہونہار اسکالر شپ پروگرام : میڈیکل کالجز کی طلبا کے لیے بڑی خوشخبری

    لاہور : وزیر برائے اعلی تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب یونیورسٹی میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے میڈیکل کالجز کی طلبا کو بڑی خوشخبری سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہونہار طلبا کی مالی امداد کیلئے ہونہار اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔

    وزیر برائے اعلی تعلیم نے پنجاب یونیورسٹی میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کا افتتاح کیا، رانا سکندر حیات نے کہا کہ 30 ہزار ہونہار طلبا و طالبات کو ہر سال اسکالر شپ دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرکاری میڈیکل کالجز کے طلبا کو بھی پروگرام میں شامل کریں گے ساتھ ہی پنجاب کے طلبا میں جلد 40 ہزار لیپ ٹاپس بھی تقسیم کریں گے۔

    خیال رہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ہونہاراسکالر شپ پروگرام کی رجسٹریشن شروع کردی گئی، پروگرام کے تحت 68 ڈسپلنز میں سالانہ 30 ہزار طلبہ کو اسکالر شپ دیا جائے گا۔

    پروگرام کے تحت 50 پبلک سیکٹریونیورسٹیز، 16میڈیکل کالجز ،131گریجوایٹ کالجز کے طلبہ کو اسکالر شپ دی جائے گی اور 4سال میں 130ارب روپے کےوظائف فراہم کئے جائیں گے اور آئندہ 4سالو ں میں ایک لاکھ 20ہزار طلبہ مستفید ہوں گے۔

  • وائس چانسلر لگنے کیلئے وزیرتعلیم کو رشوت کی پیشکش کا انکشاف

    وائس چانسلر لگنے کیلئے وزیرتعلیم کو رشوت کی پیشکش کا انکشاف

    پنجاب کی جامعات میں وائس چانسلرز کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے امیدواروں کی جانب سے ویزر تعلیم کو رشوت دینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    وائس چانسلر کے امیدواروں نے وزیرتعلیم پنجاب کو رشوت کی پیشکش کی، رانا سکندر حیات نے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر نے وی سی لگنے کیلئے 2 کروڑ کی آفر کی، روفیسر نے ایک ذریعے سے میرے ڈرائیور سے رابطہ کیا۔

    وزیرتعلیم پنجاب راناسکند رحیات نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے ڈرائیور کو سی وی اور 2 کروڑ روپے ایک بیگ میں دیے گئے۔

    رانا سکندر حیات نے بتایا کہ مذکورہ واقعے کے بعد میرے ڈرائیور نے فوری طور پر معاملے سے آگاہ کیا، میں نے ڈرائیور سے پروفیسر کو شٹ اپ کال دینے کا کہا۔

    انھوں نے کہا کہ پنجاب کی جامعات میں وائس چانسلرز میرٹ پر تعینات ہوں گے، مزید مختلف امیدوار مجھے رشوت کی پیشکش کرچکے ہیں۔

    وزیرتعلیم پنجاب رانا سکند حیات کا کہنا تھا کہ 2 ہفتوں میں 14 جامعات کے وی سیز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن متوقع ہے، جی سی یونیورسٹی کا اشتہار دوبارہ دینا پڑ سکتا ہے۔

  • پنجاب یونیورسٹی کی کینٹین میں طلبا گروپوں میں شدید جھگڑا، 27 طالبعلم گرفتار

    پنجاب یونیورسٹی کی کینٹین میں طلبا گروپوں میں شدید جھگڑا، 27 طالبعلم گرفتار

    لاہور: پنجاب یونیورسٹی کی کینٹین میں 2 طلبا گروپوں میں جھگڑا ہوگیا، پولیس نے25 سے زائد طلبا کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کی کینٹین میں طلبا کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑے۔ دیکھتے ہی دیکھتے لڑائی شدت اختیار کرگئی جس میں کئی طلبا زخمی ہوگئے۔ پولیس نے جھگڑے میں ملو ث 27 طلبا کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کے آنے پر متعدد طلبا فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جھگڑے کے دوران فائرنگ بھی کی گئی جبکہ ڈنڈوں اور پتھروں سے بھی ایک دوسرے پر حملہ کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب ہونیورسٹی میں ہونے والے جھگڑے کے دوران 5 طلبا زخمی ہوئے ہیں، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    مقدمے میں دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ جھگڑے میں ملوث 27 طلبا کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ متعدد فرار ہوگئے ہیں۔

    پولیس نے طلبا گروپوں میں جھگڑے کے حوالے سے مزید بتایا کہ ان کے تصادم میں کینٹین اور یونیورسٹی کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

  • پنجاب یونیورسٹی میں 6 ارب کرپشن اسکینڈل، اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر درج

    پنجاب یونیورسٹی میں 6 ارب کرپشن اسکینڈل، اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر درج

    لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں 6 ارب کی کرپشن کے اسکینڈل میں اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گئی، اینٹی کرپشن نے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی ٹاؤن 3 ہاؤسنگ اسکیم میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں اینٹی کرپشن نے 9 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے 2 کو گرفتار کر لیا ہے، ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ٹاؤن تھری میں کرپشن کے واضح شواہد پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    یونیورسٹی انتظامیہ اور سینڈیکیٹ کی اجازت کے بغیر ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی گئی تھی، ہاؤسنگ کالونی کے لیے محکمہ ایل ڈی اے و دیگر اداروں سے این او سی نہیں لیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کمالیہ یونیورسٹی کے قائمقام وی سی ڈاکٹر ساجد رشید، پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اظہر نعیم، پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ کے چیئرمین ڈاکٹر محبوب حسین، ڈاکٹر فخرالحق نوری، سابق ایڈیشنل کنٹرولر محمد جمیل، وقار نعیم، اور فرنٹ مین میاں جاوید نامزد کیے گئے ہیں۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ٹاؤن تھری کے آغاز کے بعد ملزمان اساتذہ کے اثاثہ جات میں اضافہ ہوا، ملزمان نے سینڈیکیٹ اور ایل ڈی اے کی منظوری کے بغیر اسکیم شروع کی، اور ڈاکٹر اظہر نعیم نے بغیر شفاف طریقہ اپنائے بھائی کی کمپنی کو اربوں کا ٹھیکہ دیا۔

  • طوفانی بارش، پنجاب یونیورسٹی گیٹ کی دیوارکا حصہ گر گیا

    طوفانی بارش، پنجاب یونیورسٹی گیٹ کی دیوارکا حصہ گر گیا

    لاہور: تیز ہوا اور بارش سے پنجاب یونیورسٹی گیٹ کی دیوارکا حصہ گر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تیز ہوا اور بارش کے باعث پنجاب یونیورسٹی گیٹ کی دیوار کا حصہ گرگیا جس سے ٹریفک متاثر ہوگئی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دیوار گرنے سے جناح اسپتال سے گارڈن ٹاؤن جانیوالی سڑک پر ٹریفک متاثر ہوگئی تاہم ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ دیوار گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سڑک سے دیوار کا ملبہ ہٹاکر سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیاجائیگا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہوا چلنے کی وجہ سے اکھڑنے سے دیوار گری ہے۔

  • کورونا کی تیسری لہر ، یونیورسٹی کے  طلبا کو فیسوں میں بڑا ریلیف مل گیا

    کورونا کی تیسری لہر ، یونیورسٹی کے طلبا کو فیسوں میں بڑا ریلیف مل گیا

    لاہور : پنجاب یونیورسٹی نے طلبا کو فیس میں 20 فیصد رعایت دے دی اور کہا 5مئی سے طلبہ سے ہاسٹل خالی کرائے جائیں گے، صرف بین الاقوامی طلباکو ہاسٹلز میں رہنے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر پنجاب یونیورسٹی نے طلباکو ریلیف دیتے ہوئے فیس میں 20 فیصد رعایت دے دی، ترجمان کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں کے باعث 6 مئی سے آن لائن کلاسز نہیں ہوں گی اور 5مئی سے طلبہ سے ہاسٹل خالی کرائے جائیں گے، صرف بین الاقوامی طلباکو ہاسٹلز میں رہنے کی اجازت ہوگی۔

    گذشتہ روز کورونا کی تیسری لہر میں وزارت تعلیم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد کےنجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا تھا ۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ اپریل اور مئی کے فیسوں میں 20فیصد کمی کی جائے اور فیسوں میں کمی کا اطلاق 8ہزار زائدفیسوں والےاداروں پرہوگا۔

  • معروف پاکستانی مصوّر اینا مولکا کی برسی

    معروف پاکستانی مصوّر اینا مولکا کی برسی

    پاکستان میں فائن آرٹ کے شعبے میں تعلیم و تربیت اور فنِ مصوّری کے فروغ کے لیے اینا مولکا احمد کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آج اس نام ور مصوّرہ کی برسی ہے۔ وہ 20 اپریل 2005ء کو اس جہانِ فانی سے رخصت ہوگئی تھیں۔

    اینا مولکا نے 1917ء میں ایک یہودی جوڑے کے گھر میں آنکھ کھولی جو ان دنوں لندن میں مقیم تھا۔ ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد جب انھوں نے رائل کالج آف آرٹس، لندن میں داخلہ لیا تو وہاں ان کی ملاقات شیخ احمد سے ہوئی جو خود بھی ایک اچھے مصوّر تھے۔ یہ 1935ء کی بات ہے۔ شیخ احمد سے دوستی محبت میں بدل گئی اور انھوں نے عمر بھر کے لیے ایک دوسرے کی رفاقت قبول کرلی۔ اینا مولکا نے اسلام قبول کیا اور 1939ء میں شیخ احمد سے شادی کے بعد تمام عمر پاکستان میں گزرا دی۔

    یہاں لاہور میں قیام کے دوران اینا مولکا نے پنجاب یونیورسٹی میں شعبہ فنونِ لطیفہ کی بنیاد رکھی۔ اینا مولکا 1940ء سے 1972ء تک اس شعبے کی چیئرپرسن رہیں۔

    فن کی دنیا میں اس وقت کے ناقدین اور باذوق شخصیات نے اینا مولکا کے فن پاروں اور مصوّری کے شعبے میں ان کی‌ خدمات کو بہت سراہا اور ان کی شہرت ایک ایسی فن کار کے طور پر ہوئی جو یورپی طرزِ مصوّری میں ماہر تھیں، اس میں برش کے چھوٹے چھوٹے اسٹروکس سے تصویر مکمل کی جاتی ہے۔

    حکومتِ پاکستان نے اینا مولکا کو مصوّری کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز اور صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔ اینا مولکا لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔

  • پنجاب یونیورسٹی کیلئے ایک اور بڑا عالمی اعزاز

    پنجاب یونیورسٹی کیلئے ایک اور بڑا عالمی اعزاز

    لاہور : پنجاب یونیورسٹی کے تین پروفیسرز کو دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل کر لیا گیا، شاندار بین الاقوامی کامیابی پر وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے اساتذہ کو مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کو ایک اور بڑا عالمی اعزاز مل گیا، تین پروفیسرز کو دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل کر لیا گیا۔

    اسٹینفورڈ یونیورسٹی کیلفورنیا کی جاری کر دہ فہرست کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر محمد شریف اور شعبہ میتھمیٹکس کے ڈاکٹر محمد اکرم دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل ہو گئے۔

    بہترین محققین کی عالمی درجہ بندی میں تمام شعبوں سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار محققین کو شامل کیا گیا، پنجاب یونیورسٹی کے محققین کو اپنے تحقیقی مقالات کی بین الاقوامی جانچ پڑتال کی بنیاد پر منتخب کیا گیا۔

    شاندار بین الاقوامی کامیابی پر وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا یونیورسٹی انتظامیہ کے بین الاقوامی رینکنگ بہتر بنانے کے لئے اقدامات کے ثمرات ملنا شروع ہو چکے ہیں۔

    ڈاکٹر نیاز احمد کا مزید کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ 2 سال میں بہتر ہوئی ہے۔