Tag: پنجاب

  • لاہور: مختلف علاقوں میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ

    لاہور: مختلف علاقوں میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 10 سے 13 ستمبر کے دوران موسلا دھار بارشیں ہوئیں، سب سے زیادہ بارش شاہدرہ میں 368 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شاہدرہ میں سب سے زیادہ 368 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کا سلسلہ 10 ستمبر سے 13 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ لکشمی چوک میں مجموعی طور پر 359 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہوئی، اندرون شہر میں مجموعی طور پر 272 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے تاج پورہ کے علاقے میں 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

    خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کے مقدمات کا فیصلہ زیادہ سے زیادہ 6 ماہ میں ہونا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ارکان اسمبلی پروین سرور اور عظمیٰ کاردار کی گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں خواتین پر تشدد اور جنسی ہراسانی کے واقعات کا معاملہ موضوع گفتگو رہا۔

    گورنر پنجاب نے خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مجرموں کے مقدمات کا فیصلہ زیادہ سے زیادہ 6 ماہ میں ہونا چاہیئے۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ مجرموں کو آئین و قانون کے مطابق نشان عبرت بنانا ہوگا، خواتین کا تحفظ حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

  • غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف کارروائی، 42 لاکھ روپے شکایت کنندہ کو دلا دیے گئے

    غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف کارروائی، 42 لاکھ روپے شکایت کنندہ کو دلا دیے گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب میں محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے مختلف کارروائیوں میں تقریباً ڈھائی کروڑ روپے وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروائے، ایک کارروائی میں غیر قانونی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 42 لاکھ روپے وصول کر کے شکایت کنندہ کو دلا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سرکاری محصولات نادہندگان کے خلاف کارروائیاں کی، محکمے نے غیر قانونی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 42 لاکھ روپے وصول کر کے شکایت کنندہ کو دلا دیے۔

    اینٹی کرپشن سرگودھا نے بھی محکمہ اوقاف کی دکانوں کے کرائے کی مد میں 1 کروڑ 51 لاکھ روپے کی وصولی کی۔ سرگودھا جنرل بس اسٹینڈ کے کرائے کی مد میں نادہندگان سے بھی 14 لاکھ 60 ہزار روپے وصول کیے گئے۔

    محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ تقریباً ڈھائی کروڑ روپے وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروائے گئے ہیں۔

    چند روز قبل اینٹی کرپشن حکام نے لاہور میں نمبردار اور سابق سیکریٹری یو سی سمیت چھ افراد کو جعلسازی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، سابق سیکریٹری یوسی دھلہ محمد سجاول نے غلط ڈیتھ سرٹیفکیٹ تیار کیا تھا۔

    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق نمبردار ارشد جاوید سمیت 5 مفاد کنندگان کی ملی بھگت سے دستاویز تیار کی گئیں، ملزمان کی قبل از گرفتار ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کی گئی۔

  • پنجاب میں کرونا کیسز کی شرح اور اموات میں اضافہ

    پنجاب میں کرونا کیسز کی شرح اور اموات میں اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا کیسز کی شرح اور اموات میں اضافہ ہوگیا، گزشتہ روز پنجاب کے تمام شہروں میں کرونا وائرس کی مجموعی مثبت شرح 7.8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا کیسز کی شرح اور اموات میں اضافہ ہو رہا ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 10.4 فیصد تک پہنچ گئی۔

    سیکریٹری کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے تمام شہروں میں کرونا وائرس کی مجموعی مثبت شرح 7.8 فیصد ریکارڈ کی گئی، راولپنڈی میں 7.6 اور ملتان میں 11 فیصد مثبت شرح ریکارڈ کی گئی۔

    صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 1 ہزار 718 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور میں 16 سمیت پورے پنجاب میں گزشتہ روز 54 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    سیکریٹری صحت کے مطابق صوبے میں اموات کی تعداد 11 ہزار 757 ہو گئی۔

    خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 120 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 25 ہزار 535 ہوگئی۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 191 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 11 لاکھ 48 ہزار 572 ہوچکی ہے۔

  • پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ دور دراز علاقوں تک ریسکیو کا دائرہ کار وسیع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدات اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں صوبے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس سے متعلقہ امور جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ایئر ایمبولینس کے آغاز سے ریسکیو سروسز کو نئی شناخت ملے گی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب خطے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا، دور دراز علاقوں تک ریسکیو کا دائرہ کار وسیع ہوگا۔ ایئر ایمبولینس سروس کا اجرا وقت کا تقاضہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر انسانی جان قیمتی ہے اور بر وقت علاج معالجہ ہر فرد کا حق ہے، ایئر ایمبولینس کے اجرا کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں ریسکیو سروسز کی بہتری کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں، ریسکیو 1122 سروسز کی خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔

  • پنجاب میں یومیہ 5 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے: ڈاکٹر یاسمین

    پنجاب میں یومیہ 5 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے: ڈاکٹر یاسمین

    لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب میں یومیہ 5 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے، پنجاب کی 35 فیصد آبادی کو ویکسین لگ چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ انسانی صحت سب سے ضروری ہے، انڈور شادی کی تقریبات پر پابندی ہے۔ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کے تحت کام کی اجازت ہے، ثقافتی اور مذہبی تقریبات پر بھی پابندی ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پوری کوشش کی جارہی ہے لوگ ماسک ضرور پہنیں، ایس او پیز پر عمل زیادہ ضروری ہے۔ اکثریت کو ویکسین لگ جائے تو سب کچھ کھولنے کو تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 35 لاکھ افراد کو ویکسین لگوائی گئی ہے، ہمارے پاس بڑی تعداد میں ویکسین موجود ہے۔ یومیہ 5 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔ محرم کی وجہ سے صرف کل ڈھائی لاکھ کے قریب ویکسین لگی ہیں۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ 9 محرم الحرام کو بھی ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رہیں گے، پنجاب کے 40 سال سے زائد عمر کے 47 فیصد لوگوں کو ویکسین لگ چکی، 60 سال سے زائد 63 فیصد لوگوں کو پنجاب میں ویکسین لگائی گئی۔ پنجاب میں 18 سال سے زائد عمر کے لوگ تقریباً 6 کروڑ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب کی 35 فیصد آبادی کو ویکسین لگ چکی ہے، زیادہ متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جاتا ہے۔ 2 لاکھ 80 ہزار افراد کو گھروں میں جا کر ویکسین لگائی گئی۔

  • جلد سے جلد بڑے شہروں میں 40 فیصد لوگوں کو ویکسین لگانے کی کوشش ہے: یاسمین راشد

    جلد سے جلد بڑے شہروں میں 40 فیصد لوگوں کو ویکسین لگانے کی کوشش ہے: یاسمین راشد

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کوشش ہے 14 اگست تک بڑے شہروں میں 40 فیصد لوگوں کو ویکسی نیٹ کردیں، ہم اپنی 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگا دیں تو کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے 70 فیصد کیسز سامنے آرہے ہیں، ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے کرنے کی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسی نیشن کروائیں اور ایس او پیز پر عملدر آمد کریں، کوشش ہے 14 اگست تک بڑے شہروں میں 40 فیصد لوگوں کو ویکسی نیٹ کردیں۔ ہم اپنی 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگا دیں تو پھیلاؤ میں کمی آسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت فیصل آباد میں 13 لاکھ 24 ہزار لوگوں کو ڈوزز لگ چکی ہیں، صرف گزشتہ 24 گھنٹے میں 31 ہزار لوگوں کو ڈوزز لگی ہیں۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے ساتھ نیا ڈینٹل کالج بنایا جا رہا ہے، پی سی ون تیار کر کے فیصل آباد کو نیا ڈینٹل کالج دیاجائے گا، دسمبر کے آخر تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس صحت کارڈ ہوگا۔

    انہوں نے میزد کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ صحت کے شعبے میں زیادہ سہولیات دیں، ہمارا صرف دوائیوں کا بجٹ 40 ارب روپے سے زیادہ ہے، اسپتالوں سے کہا ہے کہ یقینی بنائیں کہ مریضوں کو مفت دوائیں ملیں۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ

    پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ روز صوبے میں ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 31 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی سیکریٹری صحت سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 1 ہزار 99 کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 62 ہزار 557 ہوگئی۔

    سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں فعال کیسز کی تعداد 16 ہزار 580 ہے جبکہ اب تک صوبے میں 3 لاکھ 34 ہزار 807 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ روز پنجاب بھر میں کرونا وائرس سے 31 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 11 ہزار 170 ہوگئی۔

    سیکریٹری صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 20 ہزار 413 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک مجموعی طور پر 62 لاکھ 96 ہزار 667 کووڈ 19 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صوبے بھر کے تمام شہروں میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 5.4 ریکارڈ کی گئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثبت شرح 7.7 ریکارڈ کی گئی، راولپنڈی میں 27.2، فیصل آباد میں 6.1 اور گجرانوالہ میں 4.5 مثبت کیسز کی شرح ریکارڈ کی گئی۔

  • پنجاب کی جیلوں میں 80 فیصد سے زائد قیدیوں اور عملے کی کرونا ویکسی نیشن

    پنجاب کی جیلوں میں 80 فیصد سے زائد قیدیوں اور عملے کی کرونا ویکسی نیشن

    لاہور: صوبہ پنجاب کی جیلوں میں 80 فیصد سے زائد قیدیوں اور عملے کو کرونا ویکسین لگا دی گئی، 48 ہزار میں سے 38 ہزار قیدیوں کو کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی جیلوں میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل تیز کردیا گیا، 80 فیصد سے زائد قیدیوں اور عملے کو ویکسین لگا دی گئی۔

    جیل حکام کا کہنا ہے کہ 48 ہزار میں سے 38 ہزار قیدیوں کو کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی جبکہ 12 ہزار کے عملے میں سے 9 ہزار 800 افراد کی ویکسی نیشن کرلی گئی۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.8 فیصد ہوچکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں 4 ہزار 119 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

    گزشتہ روز ملک میں کووڈ 19 کے 44 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 133 ہوچکی ہے۔

    ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 7 لاکھ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 54 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگ چکی ہیں۔

  • پنجاب میں ہفتہ ویکسی نیشن منانے کا فیصلہ

    پنجاب میں ہفتہ ویکسی نیشن منانے کا فیصلہ

    لاہور: حکومت پنجاب نے 9 سے 18 جولائی تک ہفتہ کرونا ایس او پیز اور ویکسی نیشن منانے کا فیصلہ کرلیا، حکام کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ پر بے احتیاطی کے باعث کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب حکومت نے 9 تا 18 جولائی ہفتہ کرونا ایس او پیز اور ویکسی نیشن منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مانیٹرنگ کے لیے محکمہ داخلہ کی زیر نگرانی صوبائی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، پبلک مقامات پر ایس او پیز کی چیکنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

    وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہفتہ پابندی ایس او پیز منانے کا مقصد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، ویکسی نیشن کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل ضروری ہے۔ لوگ ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ رکھنے کو اپنی زندگی کا معمول بنا لیں۔

    چیف سیکریٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ پر بے احتیاطی کے باعث کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے، ویکسی نیشن کے ٹارگٹ پورے نہ ہونے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہوگا۔