Tag: پنجاب

  • صحت اور تعلیم کے میدان میں بزدار حکومت انقلاب برپا کرنے جا رہی ہے: فردوس عاشق اعوان

    صحت اور تعلیم کے میدان میں بزدار حکومت انقلاب برپا کرنے جا رہی ہے: فردوس عاشق اعوان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بجٹ میں انسانی ترقی پر خرچ کرنے کے لیے کثیر رقم مختص کی گئی ہے، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے میدان میں بزدار حکومت انقلاب برپا کرنے جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرپٹ اپوزیشن کی تمام تر گیدڑ بھبھکیوں کے باوجود وفاق اور پنجاب کا عوام دوست بجٹ منظور ہوگیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں انسانی ترقی پر خرچ کرنے کے لیے کثیر رقم مختص کی گئی ہے، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے میدان میں بزدار حکومت انقلاب برپا کرنے جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نااہل اپوزیشن کی راہیں جدا جدا ہوچکی، یہ اسمبلی میں بھی متفق نہ ہوسکے۔ ان کو صرف اپنی چوری بچانے کی فکر ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی کا خاتمہ ہو رہا ہے، عثمان بزدار آج پنجاب اسمبلی میں عوامی نمائندوں اور عوام کے سامنے بدلتے، ترقی کرتے اور پھلتے پھولتے پنجاب کا نقشہ، فارمولا اور روڈ میپ پیش کریں گے۔

  • پنجاب کے کئی محکمے بجلی کمپنی کے نادہندہ نکلے

    پنجاب کے کئی محکمے بجلی کمپنی کے نادہندہ نکلے

    ملتان: جنوبی پنجاب کے کئی وفاقی و صوبائی محکمے بجلی کی ترسیل کے ادارے میپکو کے نادہندہ نکلے، محکموں کی طرف کروڑوں روپے کی رقم نکلتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے 45 وفاقی و صوبائی محکمے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے 3 ارب روپے کے نادہندہ نکلے، میپکو نے تمام نادہندگان کو ادائیگیوں کے لیے حتمی نوٹسز جاری کر دیے۔

    ترجمان میپکو کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس میپکو کی 12 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے، موٹر وے پٹرولنگ پولیس 42 لاکھ 90 ہزار اور محکمہ ریلوے 2 کروڑ 65 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے۔

    ترجمان کے مطابق محکمہ فوڈ اینڈ لائیو اسٹاک 8 لاکھ 30 ہزار روپے کا نادہندہ، نادرا 8 لاکھ 10 ہزار روپے اور محکمہ انکم ٹیکس 30 لاکھ 50 ہزار روپے کا میپکو کا نادہندہ ہے۔

  • پنجاب کا بجٹ 22-2021 آج پیش کیا جائے گا

    پنجاب کا بجٹ 22-2021 آج پیش کیا جائے گا

    لاہور: صوبہ پنجاب کا مالی سال 22-2021 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، بجٹ میں کرونا وائرس سے متاثرہ صنعت کے لیے 40 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، صوبائی بجٹ کا حجم 26 سو ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے، ترقياتی بجٹ کے لیے 600 ارب سے زائد، غير ترقياتی پروگرام کے لیے 13 سو 50 ارب جبکہ جنوبی پنجاب کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 80 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    جنوبی پنجاب کی اسکیموں کے فنڈز کسی اور جگہ خرچ نہیں ہو سکیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صحت اور تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں ڈیڑھ گنا اضافہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے، زراعت کے لیے 20 ارب روپے، صحت کارڈ کے لیے خصوصی طور پر 70 ارب روپے جبکہ مواصلات اور سڑکوں کے لیے 35 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    صوبائی منصوبوں کے لیے 300 ارب روپے کی سبسڈی اور کرونا وائرس سے متاثرہ صنعت کے لیے 40 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی تجویز دی گئی ہے، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پی آر اے کی 9 سروسز پر ٹیکس کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، گندم کی خريداری کے لیے 400 ارب روپے مختص کيے جائيں گے۔ پنجاب کو وفاق سے 16 سو 80 ارب روپے سے زائد رقم حاصل ہو گی، 300 ارب پنجاب کے ٹيکس جبکہ 73 ارب نان ٹيکس سے حاصل ہوں گے۔

    ذرئع کے مطابق انصاف اسکول اپ گریڈیشن پروگرام کے لیے 7 ارب روپے مختص کرنے، اقلیتوں، اوقاف اور سیاحت کے منصوبوں کے لیے بھی بھاری رقم جبکہ گرین انفراسٹرکچر فنڈ میں ڈھائی ارب روپے تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • 8 اولادوں کے بزرگ والدین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور

    8 اولادوں کے بزرگ والدین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور

    لاہور: پنجاب کے شہر چوک اعظم میں بزرگ والدین اولادوں کی سفاکی کا نشانہ بن کر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

    چوک اعظم سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ محمد اسلم نے ساری زندگی ٹرک چلا کر اپنا گھر چلایا، انہوں نے اپنی 8 اولادوں کو چھوٹے سے بڑا کیا، انہیں تعلیم دلوائی، لیکن ایک حادثے میں جب محمد اسلم کی بینائی جانے لگی تو بزرگ والدین اولاد کو بوجھ لگنے لگے۔

    محمد اسلم اور ان کی اہلیہ کے مطابق معمولی تلخ کلامی پر ان کی اولادوں نے انہیں دھکے دے کر گھر سے نکال دیا۔

    70 سالہ محمد اسلم کا کہنا ہے کہ انہوں نے ساری زندگی ٹرک چلا کر بچوں کو جوان کیا، اب کوئی 5، 6 سال سے انہوں نے مجھے چھوڑ رکھا ہے۔

    ان کی اہلیہ بچوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن وہ کوئی جواب نہیں دیتے۔

    محمد اسلم کے سر سے جب چھت چھنی تو وہ اہلیہ کو لے کر ایک دوست کے گھر آگیا جہاں اسے رہنے کی جگہ مل گئی۔

    3 ٹرکوں اور 1 ٹریکٹر کا مالک محمد اسلم آج ایک وقت کے کھانے کے لیے بھی دوسروں کا محتاج ہے اور 8 جوان اولادوں کے ہوتے ہوئے کھلے آسمان تلے زندگی بسر کر رہا ہے۔

  • تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار بند

    تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار بند

    لاہور: تربیلا ڈیم میں سلٹ آنے سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی، سلٹ سے مشینری کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پہلے ہی بڑھ چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم میں سلٹ آنے سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ سلٹ سے مشینری کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، تربیلا سے 3 ہزار میگا واٹ پیداوار میں کمی کا سامنا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مجموعی شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے زائد ہوگیا جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے۔ تربیلا سے پیداوار آنے میں 2 دن کا وقت لگے گا۔

    لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ لیسکو میں بجلی کی طلب 5 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گئی، بجلی کی سپلائی 4 ہزار میگا واٹ کے قریب ہے۔

  • بجٹ 22-2021: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجویز

    بجٹ 22-2021: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجویز

    لاہور: صوبہ پنجاب کے آئندہ مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کا آئندہ مالی سال 22-2021 کا بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائے گا، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    بجٹ میں پنجاب میں 4 کھرب 80 ارب رپوے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی ابتدائی تجاویز دی گئی ہیں، لاہور کے لیے 62 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج، 2 کھرب 65 ارب جاری ترقیاتی اسکیموں اور 1 کھرب 30 ارب روپے پنجاب میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کو 1 ارب 90 کروڑ روپے ترقیاتی اسکیموں کےلیے دیے جائیں گے، محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے بھی آئندہ مالی سال میں 78 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مانگ لیے۔

    بجٹ میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے یونیورسل ہیلتھ کوریج منصوبے کے لیے 60 ارب کی تجویز دی گئی ہے۔ گوجرانوالہ میں ڈی ایچ کیو میں سہولت فراہمی کے لیے 1 ارب 23 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے جبکہ نواز شریف میڈیکل کالج، گجرات یونیورسٹی اور ڈی ایچ کیو گجرات کے لیے 35 کروڑ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    بجٹ میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان میں نئے بلاک کی تعمیر کے لیے 70 کروڑ روپے اور پی کے ایل آئی میں محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے 1 ارب کے ترقیاتی فنڈز مانگ لیے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب محروم طالبہ کی آواز بن گئے

    وزیراعلیٰ پنجاب محروم طالبہ کی آواز بن گئے

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نامساعدحالات میں تعلیم حاصل کرنے والی معذور طالبہ کرن اشتیاق کی آواز بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹانگوں اور ہاتھوں سے محروم طالبہ کرن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا اور طالبہ کی فوری طور پر مالی امداد اور بھائی کو ملازمت دینےکاحکم دیا۔

    وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کا نمائندہ کرن اشتیاق کے گھر پہنچا، باہمت طالبہ کو مالی امداد کا چیک فراہم کیا گیا اوراس کے بھائی خان محمد کو سرکاری ملازمت کا تقررنامہ بھی جاری کیا گیا۔

    اپنے بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرن اشتیاق قوم کی باہمت بیٹی ہے،اس کا خیال رکھنا میرا فرض بھی ہے اورریاست کی ذمہ داری بھی،کرن اشتیاق نے مشکل حالات کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا اور اپنی تعلیم جاری رکھی، ایسی قابل مثال بیٹیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، قوم کو کرن اشتیاق پر فخر ہے۔

  • پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کرونا ویکسینیشن

    پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کرونا ویکسینیشن

    لاہور: صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کرونا ویکسینیشن کی گئی، صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 39 لاکھ شہریوں کو کرونا ویکسین لگ چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کرونا ویکسینیشن کی گئی، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ روز 1 لاکھ 80 ہزار شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔

    سیکریٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ این سی اوسی کا ہدف جلد حاصل کرلیں گے، گزشتہ 2 ماہ میں پنجاب میں ویکسینیشن اور سینٹرز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 2 ماہ قبل پنجاب میں صرف 98 ویکسینیشن سینٹرز قائم تھے۔

    محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 39 لاکھ شہریوں کو کرونا ویکسین لگ چکی ہے، 3 لاکھ 55 ہزار 208 ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسین کی پہلی اور 2 لاکھ 18 ہزار 973 ورکرز کو دونوں ڈوزز لگائی جاچکی ہیں۔

    پنجاب میں اب تک 26 لاکھ 47 ہزار 913 افراد کو ویکسین کی پہلی اور 7 لاکھ 15 ہزار 536 افراد کو دونوں ڈوزز دی جاچکی ہیں۔

    سیکریٹری کا کہنا ہے کہ پہلی بار پنجاب کے تعلیمی اداروں، پریس کلبز، عدلیہ، اور میڈیکل کے طلبا کے لیے خصوصی طور پر ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ پہلی بار قیدیوں کی ویکسینیشن کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا۔

    محکمہ صحت کے مطابق شہریوں کی سہولت کی خاطر ہوم ویکسینیشن بھی بڑھا دی گئی ہے، جون اور جولائی میں ویکسینیشن کی تعداد کو دو گنا کر دیا جائے گا۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کیسز اور اموات میں پھر اضافہ

    پنجاب میں کرونا وائرس کیسز اور اموات میں پھر اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس سے اموات اور کیسز کی تعداد میں پھر اضافہ دیکھا گیا، کووڈ 19 سے مزید 89 اموات اور 14 سو سے زائد نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس سے اموات اور کیسز کی تعداد میں پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کووڈ 19 سے مزید 89 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کرونا وائرس کے نئے کیسز 1 ہزار سے بڑھ کر 14 سو 13 ہوگئے۔

    نئے رپورٹ شدہ کیسز میں سے لاہور میں 399، راولپنڈی میں 193، سرگودھا میں 115، بہاولپور میں 102، فیصل آباد میں 90، ملتان میں 67، گوجرانوالہ میں 53، وہاڑی میں 51 اور رحیم یار خان میں 39 اور خوشاب میں 33 سامنے آئے۔

    اسی طرح چکوال میں 28، میانوالی اور جھنگ میں 27، مظفر گڑھ میں 25، سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 21، قصور میں 17، خانیوال میں 16، لودھراں میں 15، ننکانہ صاحب میں 11 اور پاکپتن میں 13 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق اٹک میں 8، منڈی بہاؤ الدین اور ڈیرہ غازی خان میں 6، شیخوپورہ اور ساہیوال میں 5، لیہ اور جہلم میں 3، بھکر، اوکاڑہ، نارووال، گجرات، راجن پور اور چنیوٹ میں 2، 2 جبکہ حافظ آباد اور بہاولنگر میں 1، 1 کیس سامنے آیا۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتحال

    پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتحال

    لاہور: صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 483 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 40 مریض دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 483 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 589 ہوگئی۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس کے 196 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    فیصل آباد میں 107، ملتان میں 36، سرگودھا میں 21، وہاڑی میں 20، بہاولپور میں 18، گوجرانوالہ میں 13، رحیم یار خان میں 9، خانیوال اور قصور میں 8، 8، لودھراں میں 7، راولپنڈی میں 6، مظفر گڑھ اور شیخوپورہ میں 5، 5، چنیوٹ اور بھکر میں 4، 4 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 3 کیسز سامنے آئے۔

    اسی طرح لیہ، میانوالی، بہاولنگر اور ساہیوال میں 2، 2، جبکہ چکوال، سیالکوٹ، ڈیرہ غازی خان، جھنگ اور اوکاڑہ میں 1، 1 کیس رپورٹ ہوا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس سے مزید 40 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں سے 16 افراد کا تعلق لاہور سے تھا، پنجاب میں کرونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 9 ہزار 322 ہوچکی ہے۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 12 ہزار 530 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک کل 48 لاکھ 13 ہزار 940 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔