Tag: پنجاب

  • پنجاب میں 2 ہزار سے زائد کرونا وائرس کیسز رپورٹ

    پنجاب میں 2 ہزار سے زائد کرونا وائرس کیسز رپورٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 25 منزید اموات ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کرونا وائرس کے 2 ہزار 33 نئے کیسز سامنے آگئے۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 95 ہزار 87 ہوگئی۔

    ترجمان کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں 12 سو 62، راجن پور میں 180، فیصل آباد میں 110، سیالکوٹ میں 89 اور گوجرانوالہ میں 79 کرونا وائرس کیسز سامنے آئے۔

    اسی طرح گجرات میں 40، خوشاب میں 32، سرگودھا میں 29، منڈی بہاؤ الدین میں 21، ملتان اور ساہیوال میں 19، چنیوٹ میں 17، حافظ آباد اور شیخو پورہ میں 14، 14، راولپنڈی اور اوکاڑہ میں 13، 13 اور خانیوال میں 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    علاوہ ازیں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 9، بہاولپور، جہلم اور قصور میں 8، نارروال اور ڈیرہ غازی خان میں 7، 7، بھکر میں 6، ننکانہ صاحب میں 4، مظفر گڑھ، وہاڑی اور پاکپتن میں 3، 3، جھنگ اور بہاولنگر میں 2، 2 کیسز سامنے آئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں کووڈ 19 سے مزید 25 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی کل تعداد 5 ہزار 942 ہوچکی ہے۔

    صوبے میں اب تک کووڈ 19 کے 36 لاکھ 14 ہزار 105 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد 1 لاکھ 75 ہزار 265 ہوچکی ہے۔

  • پنجاب کے شہریوں کے لیے ایک اور خوشخبری

    پنجاب کے شہریوں کے لیے ایک اور خوشخبری

    لاہور: پنجاب میں اسٹینڈرڈ نمبر پلیٹس کا اجرا کردیا گیا، نمبر پلیٹس کی بکنگ کے لیے محکمہ ایکسائز پنجاب کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب نے اسٹینڈرڈ نمبر پلیٹس کا اجرا کردیا، آزمائشی نمبر پلیٹس کا اجرا اگلے ہفتے سے ہوگا۔

    صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد کا کہنا ہے کہ مستقل بنیادوں پر نمبر پلیٹس کا اجرا مارچ کے آخری ہفتے سے ہوگا، نمبر پلیٹس کی بکنگ کے لیے آج ہی محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروائیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے رجسٹریشن کروانے والے صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر نمبر پلیٹس کا اجرا کیا جائے گا، جن گاڑیوں کی نمبر پلٹس تیار ہوں گی ان کی وصولی کی تاریخ، وقت اور مقام کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس بھی کی جائے گی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور نیشنل ریڈیو اینڈ کمیونیکیشن کی خصوصی کاوشوں سے نمبر پلیٹس کی فراہمی ممکن بنانے میں کامیاب ہوسکے۔

    انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے صارفین کو نمبر پلیٹس کے لیے انتظار کرنا پڑا، ہم نے دن رات ایک کر کے عوام کو نمبر پلیٹس کی فراہمی کو ممکن بنایا۔

    صوبائی وزیر کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب سب سے زیادہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا محکمہ بن چکا ہے، عوام گھر بیٹھے ایکسائز پنجاب کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسل نمبر پلیٹس کا اجرا تحریک انصاف حکومت کا شاہکار منصوبہ ہے، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق ایکسائز پنجاب میں تبدیلی اور جدت لے کر آئے ہیں۔

  • پاکستان میں ویکسین کی 4 کروڑ سے زائد خوراکیں آرہی ہیں: یاسمین راشد

    پاکستان میں ویکسین کی 4 کروڑ سے زائد خوراکیں آرہی ہیں: یاسمین راشد

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے ویکسین کی 4 کروڑ 40 لاکھ خوراکیں پاکستان آرہی ہیں، پنجاب میں کرونا ویکسی نیشن کے 114 مراکز قائم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا، وزیر صحت نے یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کی۔

    دوران اجلاس صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 55 سال سے زائد عمر کے افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں، کرونا وائرس سے صوبے میں 5 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں، عوام میں ایس او پیز پر عملدر آمد کا شعور بیدار کر رہے ہیں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 22 نئی لیبز قائم کی ہیں، کووڈ ٹیسٹنگ کی تعداد بھی بڑھا دی ہیں۔ پنجاب میں کرونا ویکسی نیشن کے 114 مراکز قائم ہیں۔ سول اسپتال میں ویکسی نیٹرز کی تعداد بھی بڑھا دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے 4 کروڑ 40 لاکھ ویکسین کی خوراکیں پاکستان آرہی ہیں۔

    اپوزیشن کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن آئے اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر الیکشن اصلاحات کرے، اپوزیشن رہنما کے کرونا لاک ڈاؤن پر نامناسب تبصرے پر افسوس ہوا۔

  • پنجاب کے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    پنجاب کے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ساتھ صوبے بھر میں نئی پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں راولپنڈی اور گجرات کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور کے 16، راولپنڈی کے 4 اور گجرات کے 17 علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا جائے گا۔

    محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق علاقہ مکینوں کی نقل و حرکت محدود ہوگی، ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔

    سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پابندیوں اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔

    صوبے میں ہفتہ اور اتوار کو کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا اور 29 مارچ تک نافذ العمل رہے گا۔

    سیکریٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ تمام میڈیکل سروسز، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریاں اور کلیکشن پوائنٹس 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کھلے رہیں گے۔

    گروسری اسٹورز، جنرل اسٹورز، چکیاں، پھل سبزی کی دکانیں، تندور اور پٹرول پمپس کو پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلا رہنے کی اجازت ہو گی۔

    سیکریٹری کا کہنا ہے کہ ٹائر پنکچر شاپس، فلنگ پلانٹس، ورک شاپس، اسپیئر پارٹس شاپس اور زرعی مشینری و آلات کی دکانیں بھی 24 گھنٹے کھلی ہوں گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی دفاتر 50 فیصد اسٹاف کے ہمراہ کام کرنے کی پالیسی پر کاربند ہوں گے۔ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں تمام انڈور اور آؤٹ ڈور میرج ہالز، کمیونٹی سینٹرز اور مرکیز 15 مارچ سے مکمل طور پر بند ہوں گے۔

    لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں ریستوران اور کیفیز میں انڈور ڈائننگ سختی سے منع کردی گئی ہے صرف ٹیک اویز کی اجازت ہوگی۔

    مذکورہ شہروں میں کسی بھی سماجی و مذہبی تقریبات میں صرف 50 افراد کو شامل ہونے کی اجازت ہوگی، زیادہ آبادی والے بڑے 7 شہروں کے علاوہ باقی اضلاع میں 300 سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی ہوگی۔

    نوٹیفیکشن کے اطلاق کے بعد تمام مزارت، درگاہیں اور سنیما ہالز بھی مکمل طور پر بند ہوں گے، تمام تفریحی مقامات اور پارکس شام 6 بجے بند کر دیے جائیں گے۔

    محکمے کے مطابق ضلعی انتظامیہ پابندیوں کو صوبہ بھر میں نافذ کروانے کے لیے پولیس کے ساتھ رابطے میں رہے گی، عوام کو زندگی معمول پر لانے کے لیے حکومت پنجاب کا ساتھ دیتے ہوئے ایس او پیز کو زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

    سیکریٹری کا مزید کہنا ہے کہ فوری طور پر یہ پابندیاں لگانے سے کرونا وائرس کی متوقع تیسری لہر پر بر وقت قابو پالیں گے۔

  • بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی کرونا ٹیسٹنگ کے لیے اہم اقدام

    بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی کرونا ٹیسٹنگ کے لیے اہم اقدام

    لاہور: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف ایئرپورٹس پر کرونا وائرس ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جو بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی آسانی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پنجاب کے مختلف ایئرپورٹس پر کرونا وائرس ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر سختی سے اختیار کرنا ہوں گی۔ تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر تربیت یافتہ عملہ فرائض سر انجام دے رہا ہے۔

    گزشتہ روز یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے شہریوں کی واپسی کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا، لوگوں کی جانب سے بھی احتیاط میں کمی آئی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ صوبے میں بھرپور طریقے سے کرونا ویکسی نیشن شروع کردی ہے، ایکسپو سینٹر ویکسی نیشن کے حوالے سے سب سے بڑا مرکز بنایا گیا ہے۔ 1 لاکھ سے زائد ہیلتھ کیئر ورکرز اور 4 ہزار سے زائد بزرگوں کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

  • پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے لیے خزانوں کے منہ کھول دیے گئے

    پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے لیے خزانوں کے منہ کھول دیے گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خزانوں کے منہ کھول دیے، اربوں روپے کے فنڈز کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مختلف شہروں میں نئے منصوبوں کے لیے اربوں روپے کے فنڈز کا اعلان کردیا۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر نئے منصوبوں کے لیے اربوں کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔

    پنجاب میں رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ کا دائرہ کار کالجوں اور یونیورسٹیز تک بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسکالر شپ کے لیے 477 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔

    اگلے برس مذکورہ اسکالر شپ کے لیے 834 ملین روپے مختص کیے جائیں گے۔

    صوبائی دارالحکومت لاہور کے 10 مقامات پر بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے واٹر اسٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے، پہلے مرحلے میں لاہور کے 3 مقامات پر واٹر ٹینک تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔

    مختلف شہروں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 2 ارب روپے فنڈز کی منظوری دے دی۔

    گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سمن آباد میں بی ایس بلاک کی تعمیر کے لیے 180 ملین روپے کے فنڈز، ایمرسن کالج ملتان کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے اور وہاں مختلف بلاکس کی تعمیر کے لیے 500 ملین کے فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    ڈویژنل پبلک اسکول ڈیرہ غازی خان کے لیے 50 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔

    علاوہ ازیں مظفر گڑھ، لیہ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں پولیس کی سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل کی 565 خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی۔

    بارڈر ملٹری پولیس ڈیرہ غازی خان کے 4 نئے تھانوں اور 4 نئی چیک پوسٹوں کے لیے 68 ملین روپے کے فنڈزی کی بھی منظوری دے دی گئی۔

    پنجاب کے مختلف شہروں میں سیاحتی مقامات ڈویلپ کرنے کے لیے فنڈز بھی جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ قلعہ نندانہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 125 ملین روپے، کہوٹہ، کھیوڑہ اور پتریاٹہ میں 60 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔

    علاوہ ازیں گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کی ڈویلپمنٹ کے لیے فنڈز کے اجرا اور کھرڑ بزدار کے بنیادی مرکز صحت کو اپ گریڈ کر کے دیہی مرکز صحت کا درجہ دینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

  • برطانیہ سے شہریوں کی واپسی کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا: یاسمین راشد

    برطانیہ سے شہریوں کی واپسی کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا: یاسمین راشد

    لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے شہریوں کی واپسی کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا، لوگوں کی جانب سے بھی احتیاط میں کمی آئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں 126 کرونا وائرس وینٹی لیٹر پر ہیں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے شہریوں کی واپسی کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا، لوگوں کی جانب سے بھی احتیاط میں کمی آئی۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں بھرپور طریقے سے کرونا ویکسی نیشن شروع کردی ہے، ایکسپو سینٹر ویکسی نیشن کے حوالے سے سب سے بڑا مرکز بنایا گیا ہے۔ 1 لاکھ سے زائد ہیلتھ کیئر ورکرز اور 4 ہزار سے زائد بزرگوں کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی سائیڈ افکیٹ ہوتا تو اب تک علم ہو چکا ہوتا، ویکسی نیشن سے اگر کوئی موذی بیماری ہو تو بچا جا سکتا ہے۔ ہمارے پاس وافر مقدارمیں ویکسی نیشن موجود ہے، 60 سال سے زائد عمر کے لوگ مکمل ہوجائیں پھر نیچے کی طرف آئیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اب تک صرف حکومت ویکسین منگوا رہی ہے، پرائیویٹ سیکٹرز ویکسین منگوا سکتے ہیں تو امپورٹ کرلیں۔ کوویکس ہمارا سب سے بڑا ڈونر ہے، کوویکس ہماری 20 فیصد آبادی کو ویکسین دے گا۔

    صوبائی وزیر نے بتایا کہ صوبے میں شام 6 بجے کے بعد کسی بھی قسم کا پارک نہیں کھلے گا، ہمارے سامنے سب سے اہم چیلنج کرونا وائرس تھا، اب حالات نے مجبور کر دیا کہ دوبارہ سے پابندیاں لگائی جائیں۔

  • ریٹائرڈ خاتون ٹیچر کی دہائی، پلاٹ پر قبضہ چھڑوانے کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن حرکت میں

    ریٹائرڈ خاتون ٹیچر کی دہائی، پلاٹ پر قبضہ چھڑوانے کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن حرکت میں

    لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون ٹیچر کے پلاٹ کو نہ صرف قبضہ مافیا سے چھڑوا دیا بلکہ قابضین پر مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر جنرل گوہر نفیس نے ریٹائرڈ ٹیچر کی ٹویٹ پر ان کی فریاد سنی اور ان کا پلاٹ ہتھیانے والے قبضہ مافیا پر مقدمہ درج کروا دیا۔

    خاتون ٹیچر کے ملتان آفیسرز کالونی میں پلاٹ پر قبضہ مافیا مسلط تھا، ڈی جی کی ہدایت پر انکوائری کے بعد قابضین ارشد علی اور محمد عثمان سمیت 7 افراد پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مقدمے میں ایس سی او لینڈ ریکارڈ سینٹر ملتان اور رجسٹری برانچ کے جونیئر کلرک کو بھی نامزد کیا گیا ہے، قبضہ مافیا نے ایک کنال پلاٹ پر قبضہ کر کے اس پر اپنا دفتر بنا لیا تھا۔

    گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ چھان بین کے بعد خاتون کی مدعیت میں پرچہ درج کیا گیا۔

    خیال رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن حکام ڈھائی سال میں 1 لاکھ 44 ہزار 439 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کروا چکے ہیں جس کی مالیت 425 ارب روپے سے زائد ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں سے 1 لاکھ 42 ہزار 470 ایکڑ اراضی واگزار کروائی گئی جبکہ شہری علاقوں سے 1 ہزار 969 ایکڑ اراضی واگزار کروائی گئی۔

    علاوہ ازیں عوام کی جانب سے موصول 6 ہزار 474 شکایات میں سے 5 ہزار 196 شکایات پر بھی کارروائی مکمل کی گئی، شکایات کے نتیجے میں بھی 210 کروڑ روپے سے زائد رقم ریکور ہوچکی ہے۔

  • قبضہ چھڑائی گئی زمینیں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں استعمال ہوں گی

    قبضہ چھڑائی گئی زمینیں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں استعمال ہوں گی

    لاہور: حکومت پنجاب نے واگزار کروائی گئی اراضی کو محفوظ بنانے کے لیے زمین کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اور بلین ٹری منصوبے میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے واگزار شدہ اراضی کو محفوظ بنانے کا طریقہ ڈھونڈ لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ ایکڑ واگزار اراضی 2 منصوبوں میں استعمال کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اراضی کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اور بلین ٹری منصوبے میں استعمال کیا جائے گا۔

    محکمہ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق پنجاب حکومت نے ڈھائی سال میں 1 لاکھ 44 ہزار 439 ایکڑ زمین واگزار کروا لی ہے جس کی مالیت 425 ارب روپے سے زائد ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں سے 1 لاکھ 42 ہزار 470 ایکڑ اراضی واگزار کروائی گئی جبکہ شہری علاقوں سے 1 ہزار 969 ایکڑ اراضی واگزار کروائی گئی۔

    ایک رپورٹ کے مطابق 10 سال میں صرف 2 ارب 60 کروڑ روپے کی سرکاری اراضی پر قبضہ واگزار کرایا گیا تھا، موجودہ حکومت نے 27 ماہ میں 181 ارب 1 کروڑ 43 لاکھ 90 ہزار روپے کی اراضی واپس لی۔

    27 ماہ میں قومی خزانے کو 200 ارب 6 کروڑ 80 لاکھ روپے کا فائدہ پہنچایا جا چکا ہے، عوام کی جانب سے موصول 6 ہزار 474 شکایات میں سے 5 ہزار 196 شکایات پر بھی کارروائی مکمل کی گئی۔

    شکایات کے نتیجے میں بھی 210 کروڑ روپے سے زائد رقم ریکور ہوچکی ہے۔

  • لاہور میں جرائم کے خاتمے کے لیے ایک اور اقدام

    لاہور میں جرائم کے خاتمے کے لیے ایک اور اقدام

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کے خاتمے کے لیے ایک اور احسن قدم اٹھا لیا گیا، لاہور میں جرائم کی شرح کم ہونے کی تصدیق عالمی کرائم انڈیکس نے بھی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے جرائم کے خاتمے کے لیے ایک اور احسن اقدام کرلیا، لاہور پولیس نے ہاٹ اسپاٹ ایریاز پیٹرولنگ کے لیے ابابیل فورس تشکیل دے دی۔

    چیف لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے ابابیل فورس کا افتتاح کر دیا، 20 موٹر سائیکلوں کا ابابیل سکواڈ مجرموں کو پکڑے گا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق شہر بھر میں ہاٹ اسپاٹ علاقوں کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی کرائم انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے، انڈیکس میں لاہور 230 ویں نمبر پر ہے۔