Tag: پنجاب

  • خواتین کی سائبر ہراسمنٹ کے خلاف ہیلپ لائن قائم

    خواتین کی سائبر ہراسمنٹ کے خلاف ہیلپ لائن قائم

    لاہور: صوبہ پنجاب میں سائبر ہراسمنٹ کا نشانہ بننے والی خواتین کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی گئی، خواتین انٹرنیٹ کے ذریعے ہراساں کیے جانے کی شکایت 1043 پر درج کروا سکتی ہیں۔

    پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کے تحت قائم کی جانے والی ہیلپ لائن پر سائبر ہراسمنٹ کی شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔ خواتین کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ بشمول فیس بک، ٹویٹر، واٹس ایپ اور انسٹا گرام پر ہراساں کرنے والوں کے خلاف فوری قدم اٹھایا جائے گا۔

    کمیشن کا کہنا ہے کہ خواتین کو بذریعہ ویب سائٹ ہراسیت، نجی ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے اور بذریعہ اکاؤنٹ شناخت کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کارروائی کرے گی۔

    ہراساں کرنے والے کو 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں یو این ویمن کے اشتراک سے خواتین کے تحفظ کے لیے اس سے پہلے بھی کئی اقدامات اٹھائے جاچکے ہیں۔

    اس سے قبل پنجاب سیف سٹی انتظامیہ نے ایسی موبائل ایپ بنائی تھی جس کے تحت خواتین اپنے ساتھ ہونے والے ناخوشگوار واقعے کو فوری رپورٹ کر سکیں گی۔

    اس ایپ کے تحت اسے استعمال کرنے والی خاتون جیسے ہی وارننگ سگنل پریس کریں گی، فوراً ہی ڈولفن فورس کے قریبی دستے کو واقعہ اور جائے وقوع کی اطلاع موصول ہوجائے گی اور وہ حرکت میں آجائے گی۔

    ڈولفن فورس کے علاوہ قریبی پولیس اسٹیشن میں اسی کام کے لیے متعین اہلکار اور پولیس رسپانس یونٹ کے اہلکار بھی ان شکایات پر ایکشن لینے کے ذمے دار ہوں گے۔

  • پنجاب : مختلف شہروں سے ہنگامہ آرائی اورجلاؤ گھیراؤ میں ملوث201افراد گرفتار

    پنجاب : مختلف شہروں سے ہنگامہ آرائی اورجلاؤ گھیراؤ میں ملوث201افراد گرفتار

    لاہور /گوجرانوالہ / قصور : پولیس نے گزشتہ دنوں ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے لاہور، قصور اور گوجرانوالہ سے201افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے دھرنوں اور مظاہروں میں مشتعل افراد کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کی گئی، جس کے باعث شہریوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    ان ہنگاموں میں درجنوں گاڑیاں اور دکانیں جلا کر خوف و ہراس پھیلایا گیا، بعد ازاں مظاہرین کے قائدین سے مذاکرات اور حکومت کی واضح ہدایات کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کردیا۔

    لاہور پولیس نے مختلف علاقوں سے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث52 شر پسندوں کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق دس افراد نے قبل ازگرفتاری ضمانت لے لی ہے۔

    مزید پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے و مظاہرے، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اس کے علاوہ گوجرانوالہ ریجن سے49افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ قصور سے30 افراد حراست میں لیے گئے، اس کے علاوہ شیخوپورہ کے مختلف مقامات سے بھی 70افراد ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیہراؤ کے الزام میں پکڑے گئے ہیں، گرفتارملزمان پر توڑپھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر11مقدمات درج ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو تصاویر اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سےگرفتار کیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ: پنجاب کے 5 شہروں میں سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ

    نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ: پنجاب کے 5 شہروں میں سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے 5 شہروں میں وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں سے 2 شہروں میں اگلے ہی ماہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو وسعت دیتے ہوئے صوبہ پنجاب کے مزید 5 شہروں میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ان شہروں میں فیصل آباد، سیالکوٹ، چشتیاں، چنیوٹ اور لودھراں شامل ہیں۔

    فیصل آباد اور سیالکوٹ میں دسمبر میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا جبکہ بقیہ 3 شہروں لودھراں، چشتیاں اور چنیوٹ میں منصوبے کا سنگ بنیاد جنوری میں رکھا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان فیصل آباد اور سیالکوٹ میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ منصوبے کے سنگ بنیاد کے لیے تیزی سے کام جاری ہے، منصوبے کے تحت 50 فیصد جگہ پر 3 مرلہ کے گھر بنائے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر کے مطابق منصوبے کے تحت 25 فیصد جگہ پر 5 مرلہ گھر اور بقیہ 25 فیصد جگہ پر فلیٹ بنیں گے۔ منصوبے کے تحت پانچوں اضلاع میں 10 ہزار کے قریب گھر تعمیر ہوں گے۔

    میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹر منصوبے کے مقامات پر اسکول، ڈسپنسری اور مسجد تعمیر کرنے کا بھی پابند ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ملک بھر میں 50 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے جن کا مقصد غریب طبقے کے عوام کو کم قیمت میں گھر فراہم کرنا ہے۔

  • مرید کے: تھانہ رنگ محل لاہور کے ایس ایچ او فائرنگ سے جاں بحق

    مرید کے: تھانہ رنگ محل لاہور کے ایس ایچ او فائرنگ سے جاں بحق

    شیخوپورہ: صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں تھانہ رنگ محل لاہور کے ایس ایچ او پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا جس سے ایس ایچ او زاہد محمود، ان کا ڈرائیور اور گن مین جاں بحق ہوگئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق شیخو پورہ کے شہر مرید کے میں واقع تھانہ رنگ محل لاہور کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) زاہد محمود پر کار سوار افراد نے فائرنگ کردی۔

    فائرنگ سے انسپکٹر زاہد کا ڈرائیور اور گن مین موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ایس ایچ او کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انسپکٹر زاہد رہائشگاہ سے نکلے ہی تھے کہ کار سوار افراد نے فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے، آئی جی پنجاب واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر رپورٹ دیں۔

  • لاہور: پنجاب بھر میں بیوروکریٹس کے بڑے پیمانے پر تقرری و تبادلے

    لاہور: پنجاب بھر میں بیوروکریٹس کے بڑے پیمانے پر تقرری و تبادلے

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے صوبے بھر میں بیورو کریٹس کے بڑے پیمانے پر تقرری و تبادلوں کے احکامات جاری کردیئے۔

    جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈی سی لاہور انوارالحق کی خدمات وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے سپرد کی گئیں ہیں، تقرری کی منتظر صالحہ سعید ڈی سی لاہور تعینات کردی گئیں۔

    ڈی سی حافظ آباد عدنان ارشد ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ داخلہ تعینات کیے گئئے ہیں، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نوید شہزاد ڈی سی حافظ آباد جبکہ سہیل خواجہ ڈی سی جہلم تعینات کیے گئے ہیں، عمران قریشی کی خدمات رنگ روڈ اتھارٹی کے سپرد کی گئیں۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری انفارمیشن اینڈ کلچر ڈی سی اٹک تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ڈی سی میانوالی زاہداقبال کا تبادلہ کرکے ڈائریکٹرمحکمہ بلدیات فیصل آباد تعینات کردیا گیاہے۔

    شعیب جدون ڈی سی میانوالی تعینات اور ڈی سی چکوال غلام صغیر کا بھی تبادلہ کردیا گیا، عبدالستارڈی سی چکوال اورارشد منظور ڈی سی خوشاب تعینات کیے گئے ہیں، ڈی سی ساہیوال زمان وٹو کو تبدیل کرکے سید اللہ ڈوگر کو تعینات کیا گیا ہے۔

    ڈی سی لودھراں ثاقب علی کا بھی تبادلہ کردیا گیا، راؤامتیاز ڈی سی لودھراں تعینات کیے گئے ہیں، ڈی سی بہاولپور ایوب خان کو تبدیل کرکے ایڈیشنل سیکریٹری یوتھ افیئرز تعینات کیاگیا ہے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ کے اسٹاف آفیسر شوزب سعید ڈی سی بہاولپور تعینات، احتشام انور ڈی سی مظفر گڑھ اور بابر بشیر ڈی سی لیہ تعینات کیے گئے ہیں، الطاف بلوچ ڈی سی راجن پور، امان انورڈی سی چنیوٹ تعینات کیے گئے ہیں۔

    ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ داخلہ مریم خان ڈی سی قصور تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن احمد کمال کو ڈی سی پاکپتن تعینات کیا گیا ہے۔

  • پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات

    پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد کے لیے مربوط کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزرائے اعلیٰ نے نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد کے لیے مربوط کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں، ہم اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم نے قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے۔ صوبوں میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے کردار جاری رکھیں گے۔

  • پنجاب اسمبلی میں جعلی اسپیکر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے: حمزہ شہباز

    پنجاب اسمبلی میں جعلی اسپیکر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے: حمزہ شہباز

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں جعلی اسپیکر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ تحریک عدم اعتماد کی ہمیں ابھی کوئی جلدی نہیں، ان کی حکومت چلنے دیں تاکہ ان کی اصلیت عوام کے سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کل سعودی عرب میں خطاب سنا۔ لگتا ہے وزیر اعظم عمران خان ابھی کنٹینر سے نیچے نہیں اترے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب جانے سے پہلے بھی عمران خان نے ایک انٹرویو دیا۔ نعیم الحق نے کہا وہ غیر رسمی گفتگو تھی، غیر ملکی صحافی نے کہا کہ انٹرویو تھا۔

    انہوں نے کہا کل سپریم کورٹ کے 2 ججز نےایک بیان دیا۔ وہ ججز کہتے ہیں کہ نیب نے عوام کا کروڑوں روپے خرچ کیا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے نیب سیاست زدہ ہو چکا ہے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیب بعض کیسز پر عقاب سے زیادہ تیزی سے کام کر رہا ہے۔ شہباز شریف کو بلاتے صاف پانی کیس میں ہیں اور گرفتار آشیانہ میں کرتے ہیں۔ ’نیب کو بتانا چاہتا ہوں پنجاب بینک میں ڈاکہ ڈالنے والے یہاں بھی بیٹھے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی روزانہ بغض پر مبنی رولنگ دیتے ہیں انہیں گرفتار کریں۔ کل عمران خان سرمایہ کاروں کے سامنے دکھڑے رو رہے تھے۔ گھر کے مسائل پر گھر میں ہی بات ہوتی ہے۔

    حمزہ شہاز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ایک جعلی تصویر شائع کی گئی۔ مطالبہ کرتے ہیں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف کارروائی ہو۔ ہم اپنا آئینی حق ادا کریں گے، ہم نے مشرف دور کی جیلیں بھی دیکھی ہیں۔ 6 ارکان کو معطل کرنے کی رولنگ بالکل غلط ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سنا ہے ارکان کی معطلی پر ایک کمیٹی بنائی گئی جس میں 10 ارکان حکومتی ہیں، پنجاب اسمبلی واقعے کی تحقیقاتی کمیٹی میں صرف 2 ارکان اپوزیشن سے ہیں۔ انتخابات میں دھاندلی سے متعلق کمیٹی کے ٹی او آرز طے کیے جانے چاہئیں۔ ٹی او آرز اپوزیشن کی مشاورت سے طے ہونے ہیں۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جعلی اسپیکر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ تحریک عدم اعتماد کی ہمیں ابھی کوئی جلدی نہیں، ان کی حکومت چلنے دیں تاکہ ان کی اصلیت عوام کے سامنے آئے۔ فیاض الحسن چوہان کو جواب دینا بھی ہتک عزت سمجھتا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی کی جعلی کمیٹی کو مسترد کرتا ہوں، ہمارا کوئی ممبر نہیں جائے گا۔ جعلی تصویر شائع کرتے ہیں اور 6 ارکان کو معطل کرتے ہیں۔ ’کیا آپ کو خواب آیا تھا کہ یہ 6 ارکان واقعے میں ملوث ہیں‘۔

  • اساتذہ کی تربیت کے لیے عالمی اسکالرز کو پاکستان بلائیں گے: صوبائی وزیر تعلیم

    اساتذہ کی تربیت کے لیے عالمی اسکالرز کو پاکستان بلائیں گے: صوبائی وزیر تعلیم

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر برائے تعلیم و سیاحت راجہ یاسر سرفراز کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی تربیت کے لیے عالمی اسکالرز کو پاکستان بلائیں گے۔ لیپ ٹاپ اسکیم پر 20 ملین خرچ کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اور سیاحت راجہ یاسر سرفراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 20 بلین لیپ ٹاپ پر خرچ کر دیے گئے، اعلیٰ تعلیم میں بہتری کا 100 روزہ منصوبہ تیار کر لیا۔

    انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے پالیسی پر مسودہ تیار کیا جا رہا ہے، طے کر رہے ہیں کہ یونیورسٹی کہنا کسے ہے۔ ہر ڈویژن میں عالمی معیار کی یونیورسٹی ہوگی۔ کچھ کالج کمیونٹی کالجوں میں تبدیل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کالجوں کا الحاق صرف ڈویژن کی یونیورسٹی سے ہو سکے گا۔ اساتذہ کی تربیت کے لیے تربیتی ادارے قائم کر رہے ہیں۔ ’ان کی تربیت کے لیے عالمی اسکالرز کو پاکستان بلائیں گے‘۔

    یاسر سرفراز کا کہنا تھا کہ میٹرک، انٹر میڈیٹ سسٹم کو او لیول اور اے لیول سے بہتر کریں گے۔ تبادلے اور تقرریوں کا کام آن لائن کریں گے۔ ہر سطح پر تقرری کا معیار 100 فیصد میرٹ پر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ سیاحت کے لیے بھی پالیسی بنا رہے ہیں۔

  • لاہور : سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث116پولیس اہلکاروں کوعہدوں سے ہٹا دیا گیا

    لاہور : سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث116پولیس اہلکاروں کوعہدوں سے ہٹا دیا گیا

    لاہور : سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث116پولیس اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا، ڈی ایس پی،انسپکٹر،انچارج انویسٹی گیشن رینک کے اہلکارشامل ہیں مذکورہ اہلکاروں کو پولیس لائن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں ملوث116پولیس اہلکاروں ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے، جن میں ڈی ایس پی، انسپکٹرز، انچار ج انویسٹی گیشنزاور کانسٹیبل رینک کے اہلکار شامل ہیں۔

    تمام اہلکاروں کو پولیس لائن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ہٹائے گئے اہلکاروں میں میاں شفقت، میاں یونس اور رضوان قادر، عامر سلیم جبکہ احسان اشرف بٹ اور عبد اللہ جان کو بھی ایس ایچ اوز کے عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس ، سابق آئی جی مشتاق سکھیرا پر فرد جرم عائد

    واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث چار ایس پیز کو پہلے ہی فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا دیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق سابق آئی جی محمد طاہر نے وزیراعظم کے احکامات کے باوجود مذکورہ اہلکاروں کو نہیں ہٹایا تھا، سابق آئی جی کی تبدیلی کی بڑی وجہ اہلکاروں کا نہ ہٹایا جانا بھی بتایا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: حکومت نے اے ٹی سی میں سانحہ ماڈل ٹاؤن پراسیکیوشن ٹیم کو تبدیل کردیا

  • پنجاب میں تجاوزات کیخلاف آپریشن: ن لیگ کا سٹی میئر قبضہ مافیا کا کارندہ نکلا

    پنجاب میں تجاوزات کیخلاف آپریشن: ن لیگ کا سٹی میئر قبضہ مافیا کا کارندہ نکلا

    فیصل آباد / ملتان / گوجرانوالہ : پنجاب کے مختلف شہروں میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے، ن لیگ کے سٹی میئر خود قبضہ مافیا نکلا، آپریشنز میں کروڑوں روپے کی سرکاری زمین واگزار کرالی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے کے مختلف شہروں فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس دوران قبضہ مافیا نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی، پولیس نے کار سرکار میں مداخلت پر دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ فیصل آباد میں ن لیگ کے سٹی میئر ملک رزاق کی زیر قبضہ سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق سٹی میئر نے نڑوالا روڈ پر سترہ کنال اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا، گوجرانوالہ میں انتظامیہ سرکاری اسکول کی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے پہنچی تو اسے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

    مزید پڑھیں: تجاوزات کے خلاف آپریشن کی خود مانیٹرنگ کررہا ہوں‘عثمان بزدار

    بااثر افراد نے پچاس سال سے زائد عرصے سے سرکاری اسکول کی اراضی پرقبضہ کررکھا تھا، ملتان کے علاقے گلگشت گول باغ چوک پر غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی، مارکیٹ مسمار کردی گئی۔

    مزید پڑھیں: انسداد تجاوزات مہم، خرم دستگیر کا غیرقانونی پیٹرول پمپ گرادیا گیا

    اراضی کی مالیت کروڑوں روپے بتائی گئی ہے موجودہ پنجاب حکومت اب تک قبضہ مافیا سے اربوں روپے کی زمین واپس لے چکی ہے۔