Tag: پنجاب

  • پاکستان کے خلاف متنازعہ بیان، مودی اور براہمداغ کے خلاف درخواست دائر

    پاکستان کے خلاف متنازعہ بیان، مودی اور براہمداغ کے خلاف درخواست دائر

    لاہور: جسٹس پارٹی نے پاکستان سے متعلق شرانگیز تقریر کرنے پر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور براہمداغ بگٹی کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست جمع کروادی۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس پارٹی نے گزشتہ دنوں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی  کی جانب سے بلوچستان اور گلگت  بلتستان کے حوالے سے متنازعہ بیان کے خلاف لاہور تھانہ انار کلی میں درخواست جمع کروادی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’’نریندر مودی نے ٹیلی ویژن پر بلوچستان کے متعلق شرانگیز تقریر کی جبکہ براہمداغ بگٹی نے اس بیان کی تائید کی جس پر انہوں نے غداری کا ارتکاب کیا ہے‘‘۔

    پڑھیں:     مودی کے یاروں کوبِلوں سے گھسیٹ کرنکالیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

    جسٹس پارٹی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ’’پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازش کرنے پر براہمداغ بگٹی اور بھارتی وزیر اعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے‘‘۔

    دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان ورکر پارٹی کی جانب سے بلوچستان تھانہ سٹی پولیس میں براہمداغ بگٹی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں انہوں نے ’’براہمداغ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں: براہمداغ بگٹی کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست

    یاد رہے نوابزادہ براہمداغ بگٹی نے 17 اگست کو بھارتی وزیر اعظم کے بلوچستان کے حوالے سے متنازعہ بیان کا خیر مقدم کیا تھا، اس عمل کے خلاف بلوچستان کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے گئے جس میں مظاہرین نے براہمداغ بگٹی اور نریندر موودی کے پتلے بھی نذر آتش کیے تھے۔

  • ایڈز کے مریضوں میں تشویش ناک اضافہ، رجسٹرڈ مریض 16 ہزار ہوگئے

    ایڈز کے مریضوں میں تشویش ناک اضافہ، رجسٹرڈ مریض 16 ہزار ہوگئے

    اسلام آباد: وزارتِ صحت نے پاکستان میں ایڈز  کے وائرس سے متاثرہ افراد کے اعداد و شمار جاری کردئیے جس میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 16 ہزار بتائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ قومی صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ایڈز کے وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 16 ہزار جب کے غیر رجسٹرڈ افراد کی تعداد 90 ہزار سے زائد تک جاپہنچی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’پنجاب میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 8 ہزار 300 سے زائد، سندھ میں 5 ہزار 54، بلوچستان میں 441 ، خیبرپختونخوا میں 1591، اسلام آباد میں 186 اور آزاد جموں و کشمیر میں 177 افراد ایڈز کے خطرناک مرض میں مبتلاء ہیں‘‘۔

    وزارتِ صحت کی دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ملک میں سب سے کم ایڈز کے مریض گلگت بلتستان میں ہیں جن کی تعداد 8 ہے جبکہ قبائلی علاقوں میں 458 افراد ایڈز کے وائرس کا شکار ہیں‘‘۔

    حکام وزاتِ صحت نے کہا ہے کہ ’’پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی رجسٹرڈ تعداد میں سے 7 ہزار سے زائد قابل علاج ہیں جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں ایڈیز 20 سے زائد سینٹرز موجود ہیں تاہم رواں سال مزید 10 سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا‘‘۔

  • اورنج لائن منصوبہ: لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارتوں کے قریب تعمیرات سے روک دیا

    اورنج لائن منصوبہ: لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارتوں کے قریب تعمیرات سے روک دیا

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے اورنج ٹرین منصوبے کے راستے میں آنے والی گیارہ تاریخی عمارتوں کی 200 فٹ کی حدود میں تعمیراتی کام کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام این او سی کالعدم قرار دے دیے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تاریخی عمارتوں کے ارد گرد جاری منصوبے سے متعلق عالمی شہرت یافتہ ماہرین مشتمل پر کمیٹی تشکیل دی جائے۔ ماہرین کی رپورٹ اور یونیسکو کی سفارشات کی روشنی میں منصوبہ مکمل کیا جائے۔

    اورنج لائن منصوبے کی دیوار گرنے 7 مزدور جاں بحق *

    عدالت نے شالا مار باغ، چوبرجی، گلابی باغ، ایوان اوقاف، جی پی او بلڈنگ، بدھو کا آوہ، مزار دائی انگہ، سپریم کورٹ، ہائیکورٹ سمیت 11 تاریخی عمارتوں کی 200 فٹ کی حدود میں اورنج لائن ٹرین منصوبے پر جاری تعمیراتی کام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام این او سی کالعدم قرار دے دیے۔

    عدالت نے منصوبے سے ہونے والی ممکنہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف دائر تمام درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔ عدالت نے فیصلہ میں کہا ہے کہ منصوبے سے ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا جائے۔

    کیس میں عدالتی معاونت کے لیے پندرہ ہزار کے قریب دستاویزات عدالت میں پیش کی گئیں۔ عدالت نے 11 ماہ تک اورنج لائن ٹرین منصوبے کے خلاف آنے والی درخواستوں کی سماعت کے بعد 13جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    فیصلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار کے صدر اور اورنج لائن کیس کے عدالتی معاون علی ظفر نے کہا کہ امریکی، بھارتی اور برطانوی عدالتوں کے تاریخی عمارتوں کی حیثیت سے متعلق فیصلے موجود تھے تاہم پاکستانی عدلیہ نے تاریخی عمارتوں کی حیثیت سے متعلق تاریخی فیصلہ دیا۔ اس فیصلے سے ہماری تاریخ بھی بچ جائے گی اور شہر کی تاریخی اور ثقافتی حیثیت بھی تبدیل نہیں ہوگی۔

    شہنشاہ ہند جلال الدین اکبر کا حکم نامہ اورنج لائن ٹرین کے آڑے آگیا *

    انہوں نے بھارتی عدلیہ کے جنتر منتر، تاج محل، مقبرہ ہمایوں کے مقدمات کے فیصلوں کے حوالے دیے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی عدلیہ کے فیصلے موجود ہیں کہ تاریخی عمارتوں کی حیثیت کو نہ ہی چھینا جا سکتا ہے نہ ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔ تاریخی عمارتوں کے اردگرد کثیر المنزلہ عمارتیں قائم نہیں کی جا سکتیں جبکہ غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کے عدالتی فیصلے بھی موجود ہیں۔

    عدالتی معاون علی ظفر کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر میں کیا جا سکے گا اور حکومت آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں اس فیصلے پر عمل درآمد کی پابند ہوگی۔

    واضح رہے کہ اورنج لائن منصوبے کے خلاف درخواستیں سول سوسائٹی نیٹ ورک سمیت مختلف درخواست گزاروں کی جانب سے دائر کی گئیں تھیں جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اورنج ٹرین منصوبے کے راستے میں آنے والے شالا مار باغ سمیت بارہ تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچے گا جبکہ اس منصوبے سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو گا۔

    درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ محکمہ ماحولیات اور آثار قدیمہ نے قانونی ضابطوں کے بغیر اورنج ٹرین منصوبے کے لیے این او سی جاری کیے۔

  • لاہور میں سرچ آپریشن،12افرادگرفتار

    لاہور میں سرچ آپریشن،12افرادگرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقوں جوہر ٹاؤن اورسول لائنز میں پولیس سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف نہ ہونے پر 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا.

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے لاہور کے علاقوں جوہر ٹاؤن اور سول لائن کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور اس دوران شہریوں کے شناختی کوائف چیک کیے گئے،سرچ آپریشن کے دوران شہریوں کے کوائف کی بائیو میٹرک سے تصد یق بھی کی گئی.

    پولیس کے مطابق شناختی کوائف نہ ہونے پر مختلف علاقوں سے 12 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا، زیر حراست افراد کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کردیا گیا ہے.

    *لاہور میں‌ کومبنگ آپریشن: دو اہم کمانڈر سمیت 11 گرفتار

    یاد ریے کہ گزشتہ ہفتے لاہورکے علاقے شاہدرہ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سےکومبنگ آپریشن کے بعد کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت گیارہ شدت پسندوں‌ کو گرفتار کیا گیا تھا.

  • یونیورسٹی ٹاؤن سے لاپتہ بچے کا سراغ نہ مل سکا، سی پی او کی اہل خانہ سے ملاقات

    یونیورسٹی ٹاؤن سے لاپتہ بچے کا سراغ نہ مل سکا، سی پی او کی اہل خانہ سے ملاقات

    فیصل آباد : یونیورسٹی ٹاؤن سے گزشتہ روز مبینہ طور پر اغواء ہونے والے بچے ابراہیم کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا۔

    تفصیلات کے مطابق  ملت روڈ پر واقع یونیورسٹی ٹاؤن کے رہائشی سافٹ وئیر انجینئر محمد مشتاق کا 13 سالہ صاحبزادہ ابرہیم عبدالعزیز پیر کی صبح گھر سے نکلا اور تاحال واپس نہ آیا، تھانہ ملت ٹاؤن نے متوفی کے اغواء کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کر کے ساتویں جماعت کے طالب علم کی تلاش شروع کردی ہے۔

    خبر پڑھیں : بچوں کا اغوا جاری، لاہور میں ماں سمیت دو بچیاں‌ لاپتا

    دو روز گزرنے کے باوجود ابرہیم کا سراغ نہیں مل سکا جس کے بعد تھانہ ملت ٹاؤن کے سی پی او افضال احمد آج مغوی کی رہائش گاہ گئے اور اُن کے والد سے ملاقات کر کے بچے کی باحفاظت بازیابی کی یقین دہانی کروائی۔

    یہ بھی پڑھیں :  اغوا کی وارداتوں میں اضافہ، اپنے بچوں کو محفوظ رکھیں

    اہل خانہ سے ملاقات کے بعد سی پی او افضال احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ابرہیم کی بازیابی کے لیے 5 پولیس افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی مدینہ ٹاؤن کے ایس پی کررہے ہیں، سی پی او افضال احمد نے ایس پی مدینہ ٹاؤن کو بچے کی جلد بازیابی کے لیے ہر سطح پر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    پڑھیں :   پنجاب کے مختلف علاقوں سے چھ ماہ میں 652 بچے اغواء سرکاری رپورٹ جاری

    یاد رہے پنجاب پولیس کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں رواں سال اغواء یا لاپتہ ہونے والے بچوں کی گمشدگی کی تعداد کے حوالے سے حیران کُن انکشاف کیا گیا تھا کہ رواں سال کے 6 ماہ میں پنجاب کے مختلف علاقوں سے 652 بچے اغواء کیے گئے ہیں جن میں سب سے زیادہ 352 بچوں کو لاہور سے اغواء کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں :    لاہور: بچوں کی بازیابی پہلی ترجیح ہے،جسٹس ثاقب نثار

    رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ رجسٹری میں بچوں کے اغواء کے متعلق خصوصی بینچ تشکیل دی تھی، خصوصی بینچ نے سماعت کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے بچوں کی جلد بازیابی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔

  • پنجاب : پانچ اضلاع کے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کا فیصلہ

    پنجاب : پانچ اضلاع کے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کا فیصلہ

    لاہور: محکمہ صحت پنجاب نے اسپتال چلانے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے پانچ اضلاع کے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔ محکمہ صحت پنجاب عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا۔

    محکمہ صحت پنجاب نے ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے ایک بار پھر پانچ اضلاع کے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا۔

    محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا صوبے کے کم کارکردگی والے پانچ اضلاع کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے فیصلے کے مطابق بی ایچ یو،آرایچ سی،ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو اسپتالوں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔ محکمے نے اس حوالے سے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کرلیں۔

    واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ سال 2015ء میں بھی دس اضلاع کی نجکاری کا تجربہ کیا تھا جو ناکام رہا، ناکام تجربے کے باوجود پنجاب حکومت نے 5 اضلاع کی دوبارہ نجکاری کا فیصلہ کیا ہے۔

    منصوبے کےتحت چکوال، جھنگ، لودھراں، خانیوال اورپاکپتن کا ضلع شامل ہے۔ فیصلے کے مطابق پنجاب حکومت کے فنڈز پر تما م سنٹرز کا انتظامی نظام نجی شعبے کےحوالے ہوگا۔

     

  • موسم گرماکی چھٹیاں ختم،پنجاب میں سرکاری اسکول کھل گئے

    موسم گرماکی چھٹیاں ختم،پنجاب میں سرکاری اسکول کھل گئے

    لاہور: پنجاب کے تمام سرکاری اسکول موسم گرما کی طویل چھٹیوں کے بعد کھل گئے.جشن آزادی مناکربچےوطن کی تعمیرکاجذبہ لیے آج اسکول پہنچ گئے.

    تفصیلات کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تمام سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں.طالب علم کہتے ہیں چھٹیاں خوب مزے میں گزاریں اب باری ہے پڑھائی کی اور وہ ہم دل لگاکر پڑھیں گے.

    محکمہ تعلیم کی ہدایت پر تمام سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ ہوگیا جبکہ چند نجی اسکول ابھی بھی بند ہیں .

    پہلے روز اسکولوں میں عام دن کی مناسبت سے حاضری کم رہی تاہم تدریسی سلسلے کے آغاز پر اسکولوں کی رونقیں پھر بحال ہوگئی.

    ادھرموسم گرما کی تعطیلات کے بعد وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں کئی نجی تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں.

  • عمران خان پاکستان کے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں،رانا ثناءاللہ

    عمران خان پاکستان کے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں،رانا ثناءاللہ

    فیصل آباد : وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کئی حوالوں سے مماثلت رکھتے ہیں اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ عمران خان پاکستان کے ڈونلڈ ٹرمپ اورٹرمپ امریکا کےعمران خان ہیں۔

    فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ڈونلڈ ٹرمپ اورعمران خان 2 ایسے سیاست دان ہیں جنہوں نے سیاست کے نام پر تماشے لگارکھے ہیں اور دونوں ہی اپنے اپنے ممالک میں حکومت کے جانے کے دن گنتے رہتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی الزام تراشی کی سیاست اور دھرنوں کے ذریعے ملک میں نفرت اور انتشار پھیلانے کی عادت کے باعث یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ عمران خان پاکستان کے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے عمران خان ہیں۔

    رانا ثناءاللہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اگرعمران خان نے اپنی طرزِ سیاست کو تبدیل نہیں کیا تو عوام انہیں مسترد کردیں گے،دھرنے دینے والے جان لیں کہ 2018 کے الیکشن تحریک انصاف کے سیاسی سفر کے اختتام کا سال ہو گا اورعمران خان کی انتشار اور دشنام طرازی کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں صوبائی حکومت عدالت کے فیصلے کو قبول کرے گی تا ہم پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف ایک جانب عدالتوں سے رجوع کرنے کی بات کرتے ہیں اوردوسری جانب سڑکوں پر تماشے بھی کرتے ہیں۔

    پنجاب میں بچوں کے اغوا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ بچوں کے اغوا اور ان کی بازیابی کے حوالے سے تمام تفصیلات میڈیا کو بتائی ہیں گھر سے غائب ہونے والے زیادہ تر بچے گھریلو مسائل کا شکار ہوتے ہیں یا پھر گھر والوں کی سختی سے دلبرداشتہ ہوکر گھر سے بھاگ جاتے ہیں۔

  • ملتان میں فائرنگ دوافراد جاں بحق،حملہ آور نے خودکشی کرلی

    ملتان میں فائرنگ دوافراد جاں بحق،حملہ آور نے خودکشی کرلی

    ملتان : یوم پاکستان کے سلسلے میں منعقد تقریب میں فائرنگ سے بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ فائرنگ کرنے والے شخص نے بھی خودکشی کر لی.

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں یہ واقعہ بستی ملوک میں پیش آیا جہاں یونین کونسل نمبر 384 کے دفتر میں یوم پاکستان کے سلسلے میں کیک کاٹا جا رہا تھا کہ ندیم نامی شخص تقریب میں داخل ہوا اور فائرنگ کر دی.

    فائرنگ سے پاکستان مسلم لیگ نواز کے کارکن سلیم رجب اعوان اور ان کے بیٹے زخمی ہو گئے اور فائرنگ کرنے والا شخص ندیم موقع سے فرار ہوگیا.

    ریسکیو 1122 نے سلیم رجب اعوان کو نشتر اسپتال جبکہ بچوں کو ایک نجی اسپتال میں منتقل کر دیا جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق سلیم رجب اعوان اور ان کا بیٹا عرفان دم توڑ گئے ہیں.

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص ندیم نے بعد میں خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی ہے. پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے تاہم ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے .

  • ملک کی حفاظت آزادی کے حصول سے زیادہ مشکل ہے، نوازشریف

    ملک کی حفاظت آزادی کے حصول سے زیادہ مشکل ہے، نوازشریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ 14 اگست کا دن روایتی مسرت کے ساتھ گہرے دکھ کو بھی اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔

    یومِ آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ یومِ آزادی کا دن اس عزم کے ساتھ طلوع ہورہا ہے کہ اللہ کے فضل سے پاکستان سرزمین پر ہمیشہ قائم رہے گا کیونکہ 1965 کا جذبہ آج بھی پوری قوم میں آب و تاب کے ساتھ زندہ ہے۔

    وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا  کہ’’کوئٹہ کے شہداء کا غم ابھی تازہ ہے آج ہم اُن کو یاد کررہے ہیں کہ جنہوں نے وطن کی خطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘‘۔

    میاں محمد نوازشریف کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان کی عوام اور افواج نے ہمیشہ ایک ساتھ دشمن کا سامنا کیا اور اُسے شرمناک شکست سے دوچار کیا،اُنہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا  کہ ’’یہ یومِ آزادی اس وجہ سے بھی یادگار ہے کہ اِن دنوں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا جذبہ اپنے عروج پر ہے،کشمیریوں کی نئی نسل نے ایک نئے جذبے کے ساتھ بھارتی تسلط سے آزادی کا علم بلند کرلیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’’ اس یومِ آزادی کو آزادیِ کشمیریوں کے نام کرتا ہوں،جو بھارتی ریاستی تشدد کے آگے ڈٹے رہے اور آزادی کے لیے آج بھی آواز بلند کررہے ہیں،آزادی کا حصول جتنا مشکل ہے ملک کی حفاظت اس سے زیادہ مشکل کام ہے‘‘۔

    میاں محمد نوازشریف نے مزید کہا کہ آج کے پرمسرت موقع پر ہم جہاں قائد اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو یاد رکھتے ہیں وہاں اُن شہداء کو بھی یاد رکھیں جنہوں نے ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا اور امر ہوگئے۔پاکستان وہ واحد ریاست ہے جہاں  ہرشعبے،ہرسیاسی جماعت،ہر طبقہ زندگی ہر مسلک اور ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش اور اُن کی روحوں کو سلام پیش کرتے ہیں کیونکہ پہلے ہم پاکستانی ہیں۔

    آئی ایس پی آر

    دوسری جانب پاک فوج کے تعلقات عامہ کی جانب سے بھی قوم کو یومِ آزادی کے موقع پر مبارک باد کا پیغام دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ’’کل صبح کا آغاز وفاقی دارالحکومت اور صوبوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی جبکہ آرمی چیف آف اسٹاف کل اسلام آباد کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد

    علاوہ ازیں دیگر سیاسی جماعت کے رہنماؤں اور سماجی شخصیات کی جانب سے بھی قوم کو جشن آزادی کے موقع پر مبارک باد دی گئی ہے اور ملک کی سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔