Tag: پنجاب

  • ملک بھرمیں کریک ڈاؤن، دوغیرملکیوں سمیت 225 ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد

    ملک بھرمیں کریک ڈاؤن، دوغیرملکیوں سمیت 225 ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد

    پشاور/ شیخوپورہ / اٹک : ملک کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والوں کا قانون شکنی کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ غیرملکی انٹیلی جنس ادارے کے دو اہلکاروں سمیت سوا دوسو کے لگ بھگ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردوں اور قانون شکنوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ پشاور میں انسداد دہشت گردی کی کارروائی کے دوران دو غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں کے اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    گرفتار ملزمان عتیق اللہ اور صبور کا تعلق افغانستان سے ہے۔ گرفتار ملزمان سے دستی بم، کمپیوٹر اور دیگر آلات برآمد کیے گئے۔ ملزمان سے پشاور کے حساس مقامات کی فوٹیج بھی ملی ہے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان پشاور میں ایک مکتبہ فکر کے مدرسے کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ دونوں غیرملکی انٹیلی جنس اہلکار لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ لیتے تھے۔

    ادھرشیخوپورہ میں پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران پچیس افراد کو حراست میں لے کرتفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سےاسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

    اٹک کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران دوسو کے لگ بھگ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ڈی پی او زاہد نواز مروت کے مطابق آپریشن کے دوران اکتیس خطرناک اشتہاری ملزمان بھی پکڑے گئے جو دہشت گردی اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

     

  • یوم آزادی پرحملے کا خدشہ، دو خودکش بمبارپنجاب میں داخل

    یوم آزادی پرحملے کا خدشہ، دو خودکش بمبارپنجاب میں داخل

    لاہور: خفیہ اداروں نے پنجاب میں یوم آزادی پر دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کردیا اور سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کیا ہے کہ دو خودکش حملہ آور پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں اس لیے سیکیورٹی سخت کردی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے پنجاب میں دہشت گردی کا خطرہ ظاہر کیا ہے، محکمہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے حکومت کو جاری مراسلے میں کہا ہے کہ دہشت گرد یوم آزادی کے موقع پر تخریب کاری کرنا چاہتے ہیں۔

    مراسلے کے مطابق دو دہشت گرد پنجاب میں پہنچ چکے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے پاس خودکش جیکٹس بھی موجود ہیں۔ خفیہ اداروں کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کا ملا فضل اللہ گروپ کارروائی کرنے کا خواہش مند ہے اور یہ کارروائی تیرہ تا 15اگست کے دوران کسی بھی وقت کی جاسکتی ہے۔

    مراسلے میں رینجرز، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو فول پروف سیکیورٹی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حساس اداروں کی جانب سے یوم آزادی پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے جبکہ شہر میں اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔

     

  • لاہور کے علاقے بند روڈ سے تیرہ سالہ لڑکا اغوا

    لاہور کے علاقے بند روڈ سے تیرہ سالہ لڑکا اغوا

    لاہور : صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے بند روڈ کے قریب سے تیرہ سالہ لڑکا لا پتہ ہوگیا،لواحقین نے احتجاجی مظاہرہ کر کے بند روڈ بلاک کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ بند روڈ پر ازان نوید نامی تیرہ سالہ لڑکا گذشتہ رات گھر سے نکلا لیکن واپس نہیں آیا.لواحقین نے بچے کے لا پتہ ہونے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر بند روڈ کو بلاک کر دیا.

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ لاہور میں لا پتہ ہونے کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے،پولیس ان کے گمشدہ بیٹے کی بازیابی کے لیے کوشش کرے.

    یاد رہے کہ رواں ماہ تین روز قبل لاہور کے علاقےسمن آباد سے تیرہ سالہ بچہ پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیاتھا.اہل خانہ کے مطابق امان موٹر سائیکل پر گھر سےنکلا مگر کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد واپس گھر نہ آیا.

    *لاہور : بچوں کے اغواء کا معاملہ، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں‌ بینچ تشکیل

    گزشتہ ماہ چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کی ہدایت پر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بچوں کے اغوا کیس کی سماعت کے لیے بینچ تشکیل دیا گیا تھا.

    *پنجاب کے مختلف علاقوں سے چھ ماہ میں 652 بچے اغواء سرکاری رپورٹ جاری

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی کے مہینے میں پنچاب پولیس کی جانب سے اغوا کیے گئے بچوں کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ چھ ماہ کے دوران مختلف علاقوں سے 652 بچے اغوا ہوئے۔

     

     

  • ابھی ابتداء ہے، 30 اگست کو فیصلہ کن دھرنا ہوگا، طاہرالقادری

    ابھی ابتداء ہے، 30 اگست کو فیصلہ کن دھرنا ہوگا، طاہرالقادری

    لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری کاکہنا ہے کہ قوم کو پاکستان اورکرپٹ خاندان میں سے کسی ایک کاانتخاب کرناہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی عوامی تحریک کی جانب سے منتعقد کیے گئے تحریکِ قصاص کے دھرنوں میں موجود  احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’ عدلیہ کو مظلوموں کی پکار ہرصورت سننا ہوگی ور نہ اگر عوام کا اعتبار اٹھ گیا تو صورتحال بہت خراب ہوگی‘‘۔

    پڑھیں : تحریک قصاص حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچائے گی، طاہر القادری

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’ریاستی ادارے شریف خاندان کی ذاتی جاگیر بن گئے ہیں جمہوریت کے نام نہاد علمبرداروں نے ملک میں بدترین آمریت مسلط کردی ہے‘‘۔

    عوامی تحریک کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ’’منہاج القرآن کے کارکنان صرف میرے حکم کے منتظر ہیں اگر میں نے اجازت دی تو کارکنان نوازشریف سے لڑ کر اقتدار کا خاتمہ کرسکتے ہیں مگر ہم امن پسند اور جمہوریت کے حامی ہیں‘‘۔

    مزید پڑھیں :  جنرل راحیل شریف فوجی عدالت سے انصاف دلائیں، طاہر القادری کا مطالبہ

    طاہرالقادری کا مزید کہنا تھا کہ ’’ ابھی صرف ابتداء کی تو حکومت گھبرا گئی ہے ، 30 اگست کو فیصلہ کن دھرنا دیں گے اور ملک کو ظالم جابر حکمرانوں سے نجات دلوائیں گے‘‘۔

    واضح رہے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے کارکنان کا قصاص لینے کے لیے عوامی تحریک کی جانب سے آج اسلام آباد سمیت ملک کے 5 بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گیے تھے بعد ازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

     

  • نواز شریف کو نااہل قرار دلانے کیلئے افتخار چوہدری اسپیکر کو ریفرنس بھیجیں‌ گے

    نواز شریف کو نااہل قرار دلانے کیلئے افتخار چوہدری اسپیکر کو ریفرنس بھیجیں‌ گے

    اسلام آباد : سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری نے وزیراعظم نواز شریف کونااہل قرار دینے کے لیے ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کرنے کا اعلان کیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے وہ بطور وزیر اعظم اپنا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

    Former CJ announces to file reference against… by arynews

    وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ ’’میاں محمد نواز شریف نے یہ نہیں بتایا کہ بیرون ملک رقم منتقل کیسے کی گئی یا پھر بیرون ملک میں سرمایہ کاری کیسے کی گئی جبکہ شریف برادران نے دبئی میں موجود فیکٹری 2005 میں فروخت کردی تھی‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نوازشریف کا پاناما لیکس اور بیرونِ ملک اثاثوں کے متعلق بیان اعتراف جرم کی مترادف ہے اور عدالت اسے اعترافِ جرم اور قانونِ شہادت کے طور پر تسلیم کرسکتی ہے‘‘۔

    خبر پڑھیں :   جو لوگ الیکشن کمیشن گئے ہیں اب وہیں سے انصاف لیں، سردار ایاز صادق

    افتخار محمد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’’اگر حکمران جماعت نے بیرونِ ملک سرمایہ کاری قانونی طریقے سے کی ہے تو اسے چھپانے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق ریفرنس اسپیکر ایاز صادق کو بھجوایا جارہا ہے۔

    پڑھیں :     پانامہ لیکس پرحکومت سےکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آصف زرداری

    واضح رہے کہ پاناما لیکس میں حکمران خاندان کا نام سامنے آنے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ٹی او آرز کی تشکیل کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی جو تاحال ڈیڈ لاک کا شکار ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس ڈیڈ لاک کو ختم کروانے کے لیے دونوں فریقین کے درمیان ایک اور نشست بٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

    مزید پڑھیں :     حکمراں جماعت نے عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

    اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کی نااہلی سے متعلق پہلے ہی الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کروادی گئی ہیں جو تاحال التوا کا شکار ہیں جبکہ حکومتی اراکین نے بھی تحریک انصاف کے لیے چیئرمین عمران خان کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس نااہلی سے متعلق ریفرنس دائر کردیا ہے۔

  • چنیوٹ،پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک

    چنیوٹ،پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک

    چنیوٹ : پولیس مقابلہ کے دوران دو ڈاکو ہلاک ہو گئے ڈاکوؤں کے لواحقین نے شک کی بناء پر مخالفین کے دو افراد کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ جانی شاہ کے قریب تھانہ رجوعہ پولیس ڈکیتی کی مقدمات میں ملوث ادریس اور دیوان کو ریمانڈ پر لے جارہی تھی کہ موٹرسائیکل سوار چار ساتھیوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ شروع کردی اور سرکاری اسلحہ سمیت اپنے ساتھیوں کو چھڑا کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے ملزمان تعاقب کرتے ہوئے تھانہ لالیاں کے علاقہ چک بہادر میں انہیں گھیر لیا جہاں مسلسل دو گھنٹے مقابلہ میں ادریس اور دیوان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جب کہ باقی ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    ہلاک ہونے والے ڈاکو ادریس کے اہل خانہ کو جب اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے اپنے مخالفین شوکت کے گھر پر دھاوا بول دیا جہاں فائرنگ کرتے ہوئے انہوں نے شوکت اور شفیع نامی دوا فراد کو قتل کردیا ادریس کے لواحقین کو شک تھا کہ شوکت وغیرہ نے پولیس کے ساتھ ملی بھگت کرکے ان کے دو افراد کو پولیس مقابلہ میں ہلاک کروایا ہے۔

  • حکمراں جماعت نے عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

    حکمراں جماعت نے عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

    اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی  نااہلی سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں ریفرنس دائر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے ریفرنس مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز اور طلال چوہدری کی جانب سے دائر کیا گیا، جس میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ ’’عمران خان کی جانب سے جمع کیے گئے گوشواروں میں ٹیکس چوری کے اعتراف اور آف شور کمپنی بنانے کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا گیا‘‘۔

    پڑھیں :   تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم کے اہل خانہ کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

    ریفرنس میں عمران خان کی پاکستان میں موجود جائیداد پر ٹیکس ادا نہ کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے درخواست موصول ہونے کے بعد قانونی مشاورت کے لیے اسے اسمبلی سیکریٹریٹ بھجوا دیا ہے۔

    یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ حاصل کرنے کے حوالے سے پہلے ہی الیکشن کمیشن میں زیرالتواء ہے، جبکہ پانامہ لیکس کے منظر عام پر آنے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی، تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں میاں محمد نوازشریف  درخواست دائر کی گئی ہے، جس کے حوالے سے ابھی تک الیکشن کمیشن کی جانب سے سماعت ہونے یا نہ ہونے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

  • سرگودھا،اسکول ٹیچر طالب علم کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار

    سرگودھا،اسکول ٹیچر طالب علم کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار

    سرگودھا : سرگودھا کے نجی اسکول میں سمر کیمپ کے دوران بچوں سے جنسی زیادتی کے انکشاف پراسکول پرنسپل سمیت 4 اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایک ٹیچر کو حراست میں لے لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سرگودھا کے علاقہ اقبال کالونی کے رہائشی حیدر علی نامی شخص نے تھانہ اربن ایریا میں مقدمہ درج کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ واٹر سپلائی روڈ پر واقع نجی اسکول میں دینی تعلیم دینے والے استاد نے اس کے 10سالہ بھانجے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا یا ہے۔

    درخواست گزار نے اپنی درخواست میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میرے بھانجے کو اسکول میں جاری سمر کیمپ کے دوران زیادتی کا نشانہ بنایا گیااور اُس نجی اسکول میں دیگر اساتذہ نے بھی بچوں کو زیادتی کانشانہ بنایا ہے لیکن لوگ بدنامی کے ڈر سے سامنے آنے سے کترا رہے ہیں۔

    درخواست گذار نے شکوہ کیا کہ شکایات کے باوجود اسکول کے پرنسپل نے کوئی کارروائی نہیں کی جس پر اسکول کے پرنسپل سمیت 4اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے کہ بچے سے زیادتی کے الزام میں ایک استاد کو حراست میں لے لیا ہے اور بچے کا میڈیکل کروانے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے اسکول کے طلبہ سے زیادتی کا یہ پہلا واقعہ سامنے آیا ہے اس سے قبل کسی والدین نے اس حوالے سےکوئی شکایت نہیں کی تھی تاہم اب شکایت ملنے پر قانونی کارروائی شروع کر کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا تہیہ کر لیا گیا ہے۔

  • تحریک قصاص حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچائے گی، طاہر القادری

    تحریک قصاص حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچائے گی، طاہر القادری

    لاہور : سربراہ پاکستان عوامی تحریک علامہ طاہرالقادری نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک قصاص کا پہلا مرحلہ چھ اگست سے شروع ہوگا۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ’’ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف مجوزہ قوانین میں تبدیلی کرکے عدالتی اختیارات ایس ایچ او کو دینا چاہتے ہیں، جس کے لئے مسودہ قانون تیار کرلیا گیا ہے۔

    انہوں نے پنجاب کے ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ ظلم کا حصہ نہ بنیں اور اس کے خلاف اپنی آواز بلند کریں، انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ ’’وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے عملے میں اُن کے عقیدت مند موجود ہیں اسی لیے یہ خبر پہلے سے علم میں آگئی‘‘۔

    سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ ’’دوسری بار شریف برادران کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے اور حکمران دوسری بار انصاف کا قتل عام کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، قوانین میں ترامیم کر کے پرائیوٹ استغاثہ کے اختیارات میں کمی کی جارہی ہے اور اس کے اختیارات پولیس کو دئیے جا رہے ہیں۔

    علامہ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ’’مجوزہ ترامیم کے بارے میں ریاستی اداروں اور بار ایسوسی ایشنز کو آگاہ کردیا ہے اور اس ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ جانے کی تیاری کررہے ہیں، اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’6 اگست سے شروع ہونے والی تحریک حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچائی گی ، فائنل راؤنڈ کب ہوگا یہ کہنا قبل ازوقت ہے تاہم امید ہے کہ تین کے بعد چوتھے راؤنڈ کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

    قادری صاحب نے مزید کہا کہ ’’اکیلے راؤنڈ کھیلنے نہیں جارہا جو بھی فیصلہ کروں گا اپوزیشن سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

  • ملتان کے رہائشی نے خاتون انسداد ڈینگی ورکر پر کتا چھوڑ دیا

    ملتان کے رہائشی نے خاتون انسداد ڈینگی ورکر پر کتا چھوڑ دیا

    ملتان : ہائیکورٹ چوک کے قریب ایک شخص نے انسداد ڈینگی کی خاتون ٹیم پر کتے چھوڑ دیے جس کے نتیجے میں محکمہ صحت کی ایک خاتون اہلکار زخمی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلعی حکومت کی جانب سے انسداد ڈینگی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن کے ذمے گھر گھر جا کر ڈینگی لاروا چیک کرنا تھا۔ ہائیکورٹ چوک کے قریب جب انسداد ڈینگی ٹیم ایک گھر میں گئی تو مالک مکان نے ٹیم پر کتے چھوڑ دیے جس کے باعث ٹیم کی خاتون رکن فوزیہ شدید زخمی ہوگئی جسے نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری طرف مالک مکان کا کہنا ہے کہ پالتو کتا برقع پوش خاتون کو دیکھ کر اس کے پیچھے بھاگا جب کہ واقعہ کے خلاف اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کتے چھوڑنے والے شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    واقعہ کی اطلاع ملنے بعد ڈی سی او ملتان نے انسداد ڈینگی ٹیم پر کتے چھوڑنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم دے دیا ہے جس کے بعد مقامی پولیس نے متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا ہے۔

    واضح رہے اس سے انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر بھی کئی علاقوں میں حملے ہو چکے ہیں جن میں ہلاک اور زخمی ہونے والی زیادہ تر خواتین ہی ہوتی ہیں اور آج انسداد ڈینگی مہم میں شامل خاتون رضاکار پر کتے چھوڑنا باعثِ تشویش ہے جس کے سدباب کے لیے حکومت کو اہم اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔