Tag: پنجاب

  • جنگلات میں آتش زدگی، محکمہ جنگلات کے 6 افسران معطل

    جنگلات میں آتش زدگی، محکمہ جنگلات کے 6 افسران معطل

    لاہور: صوبہ پنجاب میں جنگلات میں آتش زدگی کے واقعات کے بعد محکمہ جنگلات کے 6 افسران کو معطل کردیا گیا، افسران نے غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر کمالیہ میں جنگلات میں آگ لگنے کے معاملے پر سیکریٹری جنگلات نے فیصل آباد کے 6 افسران کو معطل کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران کو محکمانہ امور میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا، افسران کو کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں معطل کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق افسران کی نااہلی اور لاپرواہی جنگل و جنگلی حیات کے زیادہ نقصان کا باعث بنی، افسران کو پیڈا ایکٹ کے سیکشن 6 کے تحت 3 ماہ کے لیے معطل کیا گیا۔

    سیکریٹری جنگلات کا کہنا ہے کہ معطل ہونے والے افسران میں ایس ڈی ایف او، 2 بلاک آفیسر اور 3 فاریسٹ گارڈز شامل ہیں۔

  • پنجاب میں مزدور کی نئی اجرت مقرر

    پنجاب میں مزدور کی نئی اجرت مقرر

    لاہور: صوبہ پنجاب میں مزدور کی کم از کم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کردی گئی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے کر دی۔

    اس حوالے سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق دیہاڑی دار مزدور کو روزانہ کی بنیاد پر 961 روپے اجرت دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری لیبر لیاقت علی چٹھہ نے منیمم ویج بورڈ کی سفارشات پر نوٹیفکیشن جاری کیا، کم از کم اجرت میں اضافے کا اطلاق رواں سال یکم جولائی سے ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالنے کے بعد مزدور کی کم از کم اجرت 25 ہزار روپے ماہانہ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں اس اعلان پر عملدر آمد نہیں کیا گیا۔

  • پنجاب میں جان بچانے والی ادویات مارکیٹ سے غائب

    پنجاب میں جان بچانے والی ادویات مارکیٹ سے غائب

    لاہور: صوبہ پنجاب کی مختلف مارکیٹس میں 40 سے زائد دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی جن میں سے زیادہ تر جان بچانے والی دوائیں ہیں، دواؤں کی قلت سے مریض شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں درجنوں جان بچانے والی ادویات کی قلت پیدا ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بخار اور درد کے لیے استعمال ہونے والی پیناڈول مارکیٹ سے غائب ہے، ذہنی تناو، جوڑوں کے درد، دمہ اور کینسر کی ادویات بھی مارکیٹ میں نہیں۔

    دل کا دورہ روکنے والی، پھیپھڑوں کے انفیکشن، خون پتلا کرنے والی، ذیابیطس، دل میں جلن، بلڈ پریشر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات بھی دستیاب نہیں۔

    صوبے بھر میں 40 سے زائد ادویات کی قلت سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    پاکستان فارما سیوٹیکل مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے سیلز ٹیکس کی وجہ سے خام مال کی امپورٹ رک گئی ہے، سیلز ٹیکس کے باعث ادویات کی پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    ایسوسی ایشن کے مطابق سیلز ٹیکس ختم ہونے پر ہی ادویات کی مینو فیکچرنگ ممکن ہے۔

  • لاہور میں کرونا وائرس کے بعد ڈینگی کا خطرہ

    لاہور میں کرونا وائرس کے بعد ڈینگی کا خطرہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بارشوں کے بعد ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا، شہر میں پہلے ہی کرونا وائرس کیسز میں اضافہ ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں کرونا وائرس کے بعد ڈینگی کا بھی خطرہ منڈلانے لگا، حکام نے بارشوں کے بعد شہر میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

    چیف سیکریٹری نے 10 ٹاؤنز میں ہائی رسک الرٹ جاری کردیا اور مذکورہ ٹاؤنز میں سیکریٹریز تعینات کردیے گئے۔

    سیکریٹریز اپنی رپورٹ سیکریٹری برائے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کو ارسال کریں گے۔

    یاد رہے کہ صوبہ پنجاب میں بھی کرونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، لاہور میں کرونا وائرس کے مژبت کیسز کی شرح 2.82 فیصد ہوگئی ہے۔

  • کراچی میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ

    کراچی میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ

    اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ رہی، متعدد شہروں میں اب بھی یومیہ کیسز کی شرح صفر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی بلند ترین شرح 21.71 فیصد ریکارڈ کی گئی، حیدر آباد میں یہ شرح 8.51 فیصد رہی۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مردان میں مثبت کیسز کی شرح 8.77 فیصد، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3.45 فیصد، پشاور میں 3 فیصد، لاہور میں 2.82 فیصد، گجرات میں 1.82 فیصد اور راولپنڈی میں 1.64 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں گلگت میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.91 فیصد، سوات میں 0.78 فیصد، گوجرانوالہ میں 0.69 فیصد، فیصل آباد میں 0.46 فیصد اور ملتان میں 0.22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    مظفر آباد، میرپور، کوئٹہ، دیامر، اسکردو، ایبٹ آباد، بنوں، نوشہرہ، صوابی، بہاولپور، جہلم اور سرگودھا میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح صفر ریکارڈ کی گئی۔

  • صرف ہراساں کیا گیا: پولیس 9 سالہ بچی سے زیادتی کا مقدمہ درج کرنے سے انکاری

    صرف ہراساں کیا گیا: پولیس 9 سالہ بچی سے زیادتی کا مقدمہ درج کرنے سے انکاری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے روجھان میں 9 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچی کو صرف ہراساں کیا گیا زیادتی کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے علاقے روجھان میں تھانہ شاہوالی کی حدود میں بااثر شخص نے 9 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    بچی اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بچی کو زیادتی کے بعد جھاڑیوں میں پھینک دیا گیا، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو بچی کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے۔

    اہل خانہ کے مطابق پولیس بااثر افراد سے ملی ہوئی ہے، بچی کا میڈیکل بھی نہیں ہونے دیا گیا، شاہوالی پولیس نے تاحال ملزم کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا۔

    اہل خانہ نے ڈی آئی جی، آر پی او ڈی جی خان اور ڈی پی او راجن پور سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو ہراساں کیا گیا ہے لیکن زیادتی کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔

  • مظفر گڑھ میں جنسی زیادتی کے واقعات میں ہولناک اضافہ

    مظفر گڑھ میں جنسی زیادتی کے واقعات میں ہولناک اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں جنسی زیادتی کے واقعات میں ہولناک اضافہ ہوگیا، 8 سالہ بچی سے مبینہ اجتماعی زیادتی سمیت ریپ کے کئی واقعات سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا جس کی تفصیلات مقامی پولیس نے جاری کی ہیں۔

    مظفر گڑھ کے علاقے ٹبہ کریم آباد میں 8 سالہ بچی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد 3 میں سے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں مبارک پور میں رکشے میں لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    ایک اور واقعے میں شہر کے وسط میں کار سوار ملزم نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا، واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

    اس سے 2 روز قبل خان گڑھ میں دوران ڈکیتی خاتون سے زیادتی کی گئی تھی جس کے ملزم تاحال نہ گرفتار ہوسکے۔

  • شدید گرمی کے دوران پاک فوج کے میڈیکل کیمپس قائم

    شدید گرمی کے دوران پاک فوج کے میڈیکل کیمپس قائم

    لاہور: صوبہ پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے دوران پاک فوج نے ہیٹ اسٹروک سینٹر اور فری میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں، کیمپ میں سینکڑوں افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کے دوران پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، پاک فوج نے صوبہ پنجاب کے شہروں لودھراں اور بہاولپور میں ہیٹ اسٹروک سینٹر اور فری میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں۔

    میڈیکل کیمپس میں مقامی لوگوں کے لیے تمام طبی سہولیات میسر کی گئی ہیں، تربیت یافتہ ڈاکٹرزا ور طبی عملہ میڈیکل کیمپس میں متاثرین کا علاج کر رہا ہے۔

    ڈاکٹرز اور طبی عملے نے ریلیف سینٹرز میں بچوں کے لیے گڈی بیگز بھی تقسیم کیے۔

    او پی ڈی میں 444 بڑوں اور 151 بچوں سمیت کل 15 سو 78 افراد کا علاج کیا گیا، خواتین کی او پی ڈی میں 686 خواتین مریضوں اور 297 بچوں کا علاج کیا گیا۔

    پاک فوج کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بھی فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔ اہل علاقہ نے پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے قیام کو سراہا۔

  • پنجاب میں درجنوں آپریشنز، 9 دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں درجنوں آپریشنز، 9 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے درجنوں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 دہشت گرد اور 70 مشتبہ افراد گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی نے صوبہ پنجاب میں 38 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے مبینہ 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    مختلف اضلاع کی مقامی پولیس کی مدد سے 452 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، آپریشنز کے دوران 15 ہزار 55 افراد کو چیک کیا گیا اور 70 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ 40 مشتبہ افراد سے تفتیش کی گئی، 2 ملزمان کو دھماکہ خیز مواد کی چوری پر گرفتار کیا گیا، آپریشن میں ریکوریز کے 7 مقدمات درج کیے گئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان سے 5 کلو دھماکہ خیز مواد، 40 ڈیٹو نیٹرز، 30 فیوز، 5 ہینڈ گرنیڈ، اسلحہ، گولیاں، ممنوعہ مواد اور نقدی برآمد کی گئی۔

  • پنجاب کا بجٹ کون پیش کرے گا؟ اتحادی حکومت کشمکش کا شکار

    پنجاب کا بجٹ کون پیش کرے گا؟ اتحادی حکومت کشمکش کا شکار

    لاہور: پنجاب کا بجٹ کون پیش کرے گا؟ معاملے پر اتحادیوں کے درمیان سرد مہری پیدا ہوگئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب تاحال وزیر خزانہ کی خدمات سے محروم ہے جبکہ رواں ماہ صوبے کا بجٹ بھی پیش کیا جائے گا، وزیر خزانہ کون ہوگا؟ فیصلہ تاحال نہیں کیا جاسکا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان کا نام بطور وزیرخزانہ سامنےآیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے مخدوم عثمان محمود کا نام زیر گردش ہے، دونوں جماعتوں کی جانب سے وزیر خزانہ نامزد کرنے پر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کا وزیر خزانہ نہ ہونے کے باعث صوبائی حکومت کو بجٹ تیاری میں مشکلات کاسامنا ہے، امکان ہے کہ رواں ہفتےاتحادیوں پرمشتمل12سےزائد ارکان اسمبلی کاحلف اٹھائےجانےکا امکان ہے۔