Tag: پنجاب

  • پنجاب میں بھی آپریشن کے لئے رینجرز کوہونا چاہئے،عمران خان

    پنجاب میں بھی آپریشن کے لئے رینجرز کوہونا چاہئے،عمران خان

    لاہور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلام کانام استعمال کرکے دہشت گردی کرنا قابل مذمت ہے وقت آگیا ہے تمام صوبوں میں آپریشن کیا جائے۔

    لاہور کے جناح اسپتال میں عمران خان نے سانحہ لاہور کے زخمیوں کی عیادت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ تمام صوبوں میں بلا امتیاز دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جانا چاہیے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کے پیچھے جاناچاہیئے، دہشت گرد جہاں بھی ہیں ان کا پیچھا کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پولیس کو غیرسیاسی بنایا جائے،تمام صوبوں میں آپریشن کیا جائے، قانون بنانا حکومت اور عملدرآمد کرنا پولیس کا کام ہے، ملک میں سیکیورٹی ہوگی تو سرمایہ کاری اور خوشحالی بھی ہوگی۔

  • جنوبی پنجاب کے لوگ چاہیں گے توصوبہ بنے گا،بلاول بھٹو

    جنوبی پنجاب کے لوگ چاہیں گے توصوبہ بنے گا،بلاول بھٹو

    رحیم یارخان : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تخت لاہور کےحکمرانوسن لو،جنوبی پنجاب کےلوگ میرےساتھ اعلان بغاوت کرتےہیں، عوام چاہتے ہیں تو الگ صوبہ بن سکتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل جب وہ جلسہ گاہ پہنچے تو کارکنان نے ان کا پرجوش طریقے سے استقبال کیا۔

    اپنے خطاب کے دوران پی پی کے نوجوان قائد نے تخت لاہور کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خواہش پر جنوبی پنجاب کا صوبہ بنے گا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اورنج لائن کا بجٹ جنوبی پنجاب کے پورے ترقیاتی بجٹ سے زیادہ ہے۔ یہاں کے لوگوں کو پی پی سے محبت کی سزا دی گئی۔

    ان کا مزید کہنا تھا بھٹو نے نعرہ لگایا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ ۔ شہید بھٹو امیر اور غریب کے لیے الگ الگ پاکستان نہیں چاہتے تھے آج بات کرنے والے بہت لیکن غریب کے لیے جان دینا صرف بھٹو جانتا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا میری محترمہ نے اپنے والد کے علم کو بلند کیا اور محترمہ نے غریبوں کے حقوق کی جنگ جاری رکھی جس کیلئے سسٹم کیخلاف بغاوت کی اور محترمہ شہید عورت ہونے کے باوجود ہر ظالم سے ٹکرائیں۔

    شہید بھٹو کے نواسے نے پھر سے وہ جھنڈا اٹھا لیا ہے اور کبھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے سبزی منگوا کر کسانوں کا استحصال کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میاں صاحب۔۔!! آپ نے کسانوں سے اچھے مستقبل کا خواب چھین لیا ہے، پی پی چیئرمین کا قافلہ جس طرح پنڈال میں داخل ہوا تھا اسی طمطراق سے واپس روانہ ہوا۔

     

  • پنجاب میں زرعی ترقی کیلئے 100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان

    پنجاب میں زرعی ترقی کیلئے 100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان

    لاہور : وزیراعلیٰ شہباز شریف نے صوبے میں زراعت کی ترقی کیلئے 100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان انہوں نے لاہور میں زرعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال کے اختتام تک گیس سے چلنے والے 3600 میگاواٹ کے منصوبے آپریشنل ہو جائیں گے۔

    زرعی کانفرنس 2016 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ 100 ارب روپے کا پیکج زرعی ترقیاتی منصوبوں اور سبسڈی پر مشتمل ہو گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں ساڑھے 3 ہزار ارب روپے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔

    وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون سے زیادہ کسی کا احتساب نہیں ہوا، ہمیں جلاؤ گھیراؤ اور ریلیوں کی سیاست میں الجھایا جا رہا ہے۔

    تقریب سے وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید اور دیگر نے بھی اپنے خطابات میں حکومتی اقدامات کو زرعی شعبے میں ترقی کیلئے اہم قرار دیا۔

     

  • پنجاب میں بارشوں سے سردی بڑھ گئی،موسم خوشگوار

    پنجاب میں بارشوں سے سردی بڑھ گئی،موسم خوشگوار

    لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں سے سردی بڑھ گئی ہے اور موسم نہایت سہانا ہوگیا ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد اورلاہورمیں لوگوں نے موسم انجوائے کرنے کیلئے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے مزید رم جھم کی پیش گوئی کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

    راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ لوگ موسم کو انجوائے کررہے ہیں ۔ دوسرے شہروں سے آئے ہوئے لوگوں نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

    لاہور میں موسم بارش سے رنگین ہوگیا ہے۔ کہیں تیز بارش تو کہیں پھوار پڑ رہی ہے۔ بچوں نے سہانے موسم میں چڑیا گھر کا رخ کرلیا۔

    سیالکوٹ گردونواح اورکالاباغ کے علاقوں میں بارش سےموسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد،راولپنڈی لاہور، بہاولپور،فیصل آباد،ساہیوال،ملتان، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں ، مالاکنڈ، ہزارہ ، پشاور،مردان،کوہاٹ،بنوں میں بھی مزید موسلادھاربارش کاامکان ہے۔

    میٹ آفس کے مطابق بارشوں سے کشمیر، کےپی کے ، فاٹا،ڈی جی خان کے ندی نالوں میں طغیانی کاخدشہ ہے ۔ لاہور،راولپنڈی،گوجرانوالہ کےنشیبی علاقے بھی زیرآب آسکتے ہیں۔

    ادھر کراچی میں آج درجہ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈرہنےکاامکان ہے,جبکہ لاہورمیں 21 اسلام آبادمیں 17پشاور میں اور 16 کوئٹہ میں بھی درضہ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

     

  • پنجاب میں جدید ریڈیو کیب ٹیکسی سروس کا افتتاح

    پنجاب میں جدید ریڈیو کیب ٹیکسی سروس کا افتتاح

    لاہور: وزیر اعلی شہباز شریف اور میئر استنبول ڈاکٹر قادر توپباش نے گاڑی چلا کر جدید ریڈیو کیب ٹیکسی سروس کا افتتاح کر دیا۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی صدیوں پر محیط ہے۔

    وزیر اعلٰی شہباز شریف نے جدید ریڈیو کیب ٹیکسی سروس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہا کہ شہریوں کے لئے جدید ریڈیو کیب ٹیکسی سروس کا آغاز ایک تحفہ ہے، ابتدائی طور پر لاہور میں 100گاڑیاں چلائی جائیں گی جبکہ آئندہ چند برس میں جدید ریڈیو کیب گاڑیوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ جائے گی۔
    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی صدیوں پر محیط ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان اور ترکی کے عوام یکجان دو قالب ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک قیادت رجب طیب اردگان اور وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں پاک ترک دوستی کو نئی جہت ملی اوردونوں ملکوں کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ البراک گروپ نے ہمارے گزشتہ دورحکومت میں پنجاب میں سرمایہ کار ی کا آغازکیا اور آج اس گروپ کی سرمایہ کاری اربوں روپے تک پہنچ چکی ہے۔

    اس موقع پر میئر استنبول ڈاکٹر قادر توپباش کا کہنا تھا کہ وہ ترک عوام کی جانب سے پنجاب کے بھائیوں کے لئے محبت اور خلوص کا پیغام لے کر آئے ہیں، پنجاب حکومت کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون کا فروغ جاری رکھیں گے۔ اس سے پہلے ڈاکٹر قادرتوپباش نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ میٹروبس میں سفر کیا اور سروس کو سراہا۔

    Investors group of Turkey meets the CMA delegation of investors group of Turkey met Punjab Chief Minister Shehbaz Sharif and announced to invest in transport sector in Punjab. Turk investors will make investment in plying modern yellow cab vehicles in Punjab. The Chief Minister also inspected modern yellow cab vehicles. Talking to the Turk investors, Shehbaz Sharif said that Pakistan and Turkey are tied with the everlasting friendship. He said that deep cultural and historical relations exist between both the countries. Shehbaz Sharif said that the historic brotherly relations between Pakistan and Turkey have been changed into useful economic cooperation. Posted by Mian Shehbaz Sharif on Thursday, February 11, 2016

  • پنجاب کے17اضلاع میں رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ

    پنجاب کے17اضلاع میں رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب میں بھی سیکیورٹی رینجرز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، رینجرز نے سترہ اضلاع میں داعش اور دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف بھرپور کارروائی کے لیے حکمت عملی تیار کرلی۔

    پنجاب کے سترہ اضلاع میں رینجرزایکشن کرے گی، کالعدم تنظیموں سے نمٹنے کیلئے پنجاب رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر بہاولپور، بہاولنگر، حاصل پور، رحیم یار خان، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ سمیت دیگر اضلاع میں رینجرز کو لگایا جائے گا بلوچستان سے ملنے والی سرحد بھی رینجرز کی ہی ذمہ داری رہے گی۔

    ذرائع کے مطابق رینجرز داعش اور دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف بھرپور کارروائی کے لئے حکمت عملی ترتیب دے چکی ہے، پنجاب حکومت کی خواہش ہے کہ رینجرز صرف دہشتگردی تک اپنی توجہ مرکوز رکھے۔

    رینجرز کا موقف ہے کہ سہولت کار اور مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، رینجرز کو طلب کرنے کی تاریخ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں طے کی جائے گی، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے رینجرز کو پولیس کی معاونت کے لئے بلایا گیا ہے۔

  • مذاکرات کامیاب، کل سے پنجاب میں اسکول کھول دیئے جائیں گے

    مذاکرات کامیاب، کل سے پنجاب میں اسکول کھول دیئے جائیں گے

    لاہور : پنجاب میں اسکول چھ روز بند رہنے کے بعد پیر سے کھل جائیں گے۔ پنجاب حکومت نے نجی اسکولوں کے مطالبات تسلیم کر لئے.

    تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے چیئرمین کاشف مرزا نے کہا ہے کہ کل سے اسکول کھول دیئے جائیں گے جبکہ بڑے نجی اسکولوں نے یقین دہانی کے باوجود تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے سے فی الحال انکار کر دیا ہے۔

    محکمہ تعلیم پنجاب نے پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن سے مذاکرات کے بعد نجی اسکول مالکان کے مطالبات تسلیم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

    حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسکولوں کیخلاف درج مقدمات واپس لے لئے جائیں گے اور مزید مقدمات درج نہیں کئے جائیں گے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ناقص سکیورٹی پر اسکولوں کو دو بار نوٹس جاری کئے جائیں گے، پھر بھی انتظامات بہتر نہ ہونے پر کارروائی ہو گی۔

    تمام بڑے نجی اسکولوں نے حکومت کے اس نوٹیفیکیشن کے باوجود تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے سے انکار کر دیا ہے اور بچوں کے والدین کو ایس ایم ایس کئے ہیں کہ اگلی اطلاع تک سکول بند رہیں گے۔

    آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے چیئرمین کاشف مرزا نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں اور کل سے اسکول کھول دیئے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ والدین کو بروقت اطلاع نہ ہونے کے باعث شاید کچھ نجی تعلیمی ادارے صبح نہ کھل سکیں، لیکن اگلے دو روز میں پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

    سکیورٹی معاملات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسکولز ایس او پی پر عمل درآمد کرینگے لیکن سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے.

    حکومت پہلے سرکاری اداروں کی دیواریں اونچی کرے تو نجی تعلیمی ادارے بھی کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے فیسیں بڑھانے کے بہانے تلاش نہیں کر رہے، والدین کو یقین دلاتے ہیں کہ بچوں کی فیسیں نہیں بڑھائی جائیں گی۔

  • پنجاب بھرمیں اسکول آج سے ایک ہفتے کیلئے بند

    پنجاب بھرمیں اسکول آج سے ایک ہفتے کیلئے بند

    لاہور : پنجاب حکومت نے سردی کی شدید لہر کے باعث صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکولز آج سے 31 جنوری تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔

    محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق صوبے میں سردی کی شدید لہر کے باعث تمام سرکاری اور نجی سکولز ایک ہفتہ تک بند کر دیئے گئے ہیں۔

    فیصلے کا اطلاق آج سے 31 جنوری تک ہو گا۔ محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں والدین کے پریشانی کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    شدید سردی کی وجہ سے اسکولوں میں بچوں کی حاضری کم ہو چکی تھی جبکہ بڑی تعداد سردی کے باعث بیماریوں کا شکار ہو رہی تھی۔

  • پنجاب میں سوائن فلو بےقابو ، ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی

    پنجاب میں سوائن فلو بےقابو ، ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی

    لاہور / ملتان : پنجاب میں سوائن فلو بےقابو ہوتا جارہا ہے۔ ملتان میں مزید دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد پنجاب میں سوائن فلو سے ہلاکتوں کی کل تعداد اکیس ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوائن فلو کی وباء نے پنجاب میں پنجے گاڑھ لئے ، پنجاب حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود صوبے میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضا فہ ہو تا جا رہا ہے۔

    ملتان میں اس مرض نے ایک اور شخص کو موت کی نیند سلادیا، نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج تصورعلی اور سکینہ میں سوائن فلو کی تصدیق ہوئی۔ جبکہ گزشتہ روز قاسم بیلہ کا رہائشی بیس سالہ سہیل دم توڑ گیا تھا۔

    محکمہ صحت پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبے بھرکے مختلف اسپتالوں میں اس وقت سوائن فلو کےچونسٹھ مریض موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ سوائن فلو کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد راولپنڈی اورملتان میں رپوٹ ہو ئی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہر سال انہی دنوں میں سوائن فلو حملہ آور ہو کر درجنوں افراد کو موت کی وادی میں دھکیل دیتاہے لیکن عوام کی جان و ما ل کے تحفظ کے ذمہ دارحکمران سب ٹھیک ہے کا راگ کیوں الاپ رہے ہیں۔

  • دہشت گردوں نے اسکولوں پرحملے کی منصوبہ بندی کرلی

    دہشت گردوں نے اسکولوں پرحملے کی منصوبہ بندی کرلی

    لاہور : دہشت گردوں نے واہگہ بارڈر کی چیک پوسٹ پر حملے کیلئے دھمکی آمیز خط بھیج دیا جبکہ پنجاب کے تعلیمی اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے دہشت گردوں کی فون کال ٹریس کر لی گئی۔

    ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے واہگہ بارڈر پر فوج، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ کو اڑانے کا دھمکی آمیز خط بذریعہ ڈاک خط موصول ہوا ہے.

    خط کی وصولی کے بعد سکیورٹی میں اضافے کے ساتھ ساتھ گردونواح میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سراغ لگا رہے ہیں کہ خط کس جگہ سے پوسٹ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب حساس اداروں نے دہشت گردوں کی ایک فون کال ٹریس کی ہے، جس کے مطابق دہشت گرد پنجاب کے تعلیمی اداروں خصوصاً اسکول بسوں اور ویگنوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ بندی پاک افغان سرحد کے قریب ایک ہوٹل میں کی گئی ہے۔ کال ٹریس ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تعلیمی اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔