Tag: پنجاب

  • پنجاب میں تخریب کاری کا منصوبہ بنانے والے 5 دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں تخریب کاری کا منصوبہ بنانے والے 5 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں 5 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے، دہشت گردوں نے پنجاب میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب نے صوبے بھر میں 19 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے جس میں 5 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے ڈیٹو نیٹر، دھماکہ خیز مواد، بینڈ گرینیڈ، سیفٹی فیوز، کیش، آئی ای ڈی و دیگر مواد برآمد ہوا ہے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، دہشت گردوں نے پنجاب میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

  • عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا: عثمان بزدار

    عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا، وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، اصل چیز پارٹی اور عوام سے کمٹمنٹ ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو استعفیٰ پیش کر دیا ہے، وزارت اعلیٰ کا منصب عمران خان اور عوام کی امانت ہے۔ ملک و قوم اور پارٹی کے مفاد میں استعفیٰ دیا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ استعفے کی منظوری کے بعد وزارت اعلیٰ چھوڑ دوں گا، وزیر اعظم عمران خان کا سپاہی ہوں اور سپاہی رہوں گا۔ عمران خان میرے قائد ہیں، ان کے ہر حکم پر لبیک کہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا، وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، اصل چیز پارٹی اور عوام سے کمٹمنٹ ہوتی ہے۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ محض عوام کی خدمت کے لیے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا، عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل کی خاطر عمران خان کا ساتھ نبھائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سردار عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردیا ہے، وزیر اعظم نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • رمضان میں آٹے اور چینی سمیت متعدد اشیا کم قیمت پر دستیاب ہوں گی

    رمضان میں آٹے اور چینی سمیت متعدد اشیا کم قیمت پر دستیاب ہوں گی

    لاہور: صوبہ پنجاب میں رمضان کے لیے 8 ارب روپے کے ریلیف کا اعلان کردیا گیا، رمضان بازاروں میں آٹے اور چینی سمیت 13 اشیائے خور و نوش کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے 8 ارب روپے رمضان پیکج کی منظوری دی ہے، صوبائی کابینہ رمضان پیکج 2022 کی منظوری دے چکی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوگا، حکومت پنجاب عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر 4 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو کم نرخ پر فراہم کی جائے گی، رمضان بازاروں میں 13 اشیائے خور و نوش، سنہ 2021 کے ریٹ پر ملیں گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 317 رمضان بازار قائم کیے جا رہے ہیں، زرعی فیئر پرائس شاپس قائم ہوں گی، سبزیاں اور پھل مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ رمضان پیکج پر عملدر آمد کی خود نگرانی کروں گا، پیکج کے تحت حقداروں کو ان کا حق پہنچائیں گے۔

  • عوام کے ریلیف کے لیے رمضان پیکج کا اعلان

    عوام کے ریلیف کے لیے رمضان پیکج کا اعلان

    لاہور: صوبہ پنجاب میں عوام کے ریلیف کے لیے رمضان پیکج کا اعلان کردیا گیا، رمضان بازاروں میں اشیا 2021 کی قیمتوں کے مطابق دستیاب ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عوام کے لیے رمضان پیکج کا اعلان کردیا گیا، پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ رمضان بازاروں میں اشیا 2021 کی قیمتوں کے مطابق دستیاب ہوں گی، 10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے کا ملے گا، آلو، پیاز اور ٹماٹر سمیت 13 اشیا مارکیٹ سے کم نرخوں پر ملیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ سستے داموں فراہمی پر 1 ارب 25 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی، صوبے میں 317 رمضان بازار 25 شعبان سے فنکشنل ہوجائیں گے۔ بازاروں کے اوقات کار صبح 9 بجے سے افطار تک ہوں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لیے خصوصی ریلیف پیکج دیا ہے، پیکج کی خود نگرانی کروں گا۔

  • پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں دیپالپور، پیر محل اور چیچہ وطنی میں علیٰ الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے جھٹکے صبح 7 بج کر 54 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر قرآنی آیات کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 210 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز ہندو کش ریجن افغانستان تھا۔

    زلزلے کی شدت اور مرکز کے باعث افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔

  • لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ

    لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ ہوگیا، شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 282 فیصد جبکہ شاہراؤں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں 123 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، پولیس رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں 405 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 282 فیصد اضافہ ہوگیا جبکہ شاہراؤں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں 123 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    اس سے قبل پولیس کی جانب سے 2 ماہ 10 دن میں ہونے والے جرائم کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ مذکورہ عرصے میں 36 ہزار 993 مقدمات درج کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں 4 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے، ڈکیتی کی 5 ہزار کے لگ بھگ وارداتیں ہوئیں جن میں 21 گھروں میں وارداتیں کر کے کروڑوں لوٹ لیے گئے۔

    علاوہ ازیں مختلف واقعات میں 63 افراد قتل ہوئے، موٹر سائیکل و وہیکل چوری کے 4 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے جبکہ دکانوں میں ہونے والی ڈکیتیوں میں ڈاکوؤں نے متعدد تاجروں کی جمع پونجی لوٹ لی۔

  • پنجاب میں محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ

    پنجاب میں محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بزدار حکومت نے تاریخ ساز اقدام کرتے ہوئے محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کردیا گیا، ساڑھے 3 سال میں اسپورٹس فیسیلٹیز کی تعداد 618 تک بڑھا دی گئی۔

    اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بجٹ 2 ارب سے بڑھا کر 7 ارب 34 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے، ساڑھے 3 سال کے دوران 318 نئی اسپورٹس فیسیلٹیز بنائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 70 سال میں پنجاب میں صرف 300 اسپورٹس فیسیلٹیز بنیں، ہماری حکومت نے مختصر مدت میں ان اسپورٹس فیسیلٹیز کو دگنا کیا، پنجاب کے دیہات میں 14 سو نئے گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں۔

  • لاہور الیکٹرک کا کروڑوں روپے کا بل بھیجنے کا میگا اسکینڈل

    لاہور الیکٹرک کا کروڑوں روپے کا بل بھیجنے کا میگا اسکینڈل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بجلی کے تقسیم کار ادارے لیسکو کی اوور بلنگ کا میگا اسکینڈل سامنے آیا ہے، نجی فوڈ انڈسٹری کو لاکھوں یونٹس چارج کر کے کروڑوں روپے کا بل دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کا میگا اسکینڈل منظر عام پر آگیا، واپڈا کی ایم اینڈ ایس ٹیم نے اوور بلنگ پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی فوڈ انڈسٹری کو کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کی گئی، انڈسٹری کو 4 لاکھ یونٹس کی اوور بلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق 3 سال قبل انڈسٹری کے میٹرز کو تبدیل کیا گیا مگر ایم سی او فیڈ نہ ہوا، ایم سی او فیڈ نہ کر کے انڈسٹری کو اضافی یونٹس چارج ہوتے رہے۔ 3 سال بعد ایم سی او فیڈ کر کے میٹرز کے یونٹس بھی چارج کر لیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈسٹری کو لاکھوں یونٹس چارج کر کے کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کی گئی۔

    ایم اینڈ ایس واپڈا ہاؤس نے سابق اور موجودہ افسران و ملازمین کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ علی رضا آباد سب ڈویژن میں میٹر ریڈر کی ملی بھگت سے چارجنگ کی گئی، میٹر ریڈر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے ریڈنگ کی۔

  • پنجاب میں اجتماعی زیادتی سمیت خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں ہولناک اضافہ

    پنجاب میں اجتماعی زیادتی سمیت خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں ہولناک اضافہ

    لاہور: پنجاب پولیس نے گزشتہ 3 برسوں میں خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کے اعداد و شمار جاری کردیے، سنہ 2021 میں گزشتہ 2 سالوں کے مقابلے میں زیادتی کے واقعات میں ہولناک اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں 3 سال کے دوران خواتین کے قتل، ریپ اور اغوا کے 87 ہزار واقعات ہوئے، پولیس ریکارڈ کے مطابق صرف سنہ 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم کے 20 ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے۔

    پنجاب پولیس کے ریکارڈ کے مطابق سنہ 2019 میں گھریلو تشدد میں 413، اور غیرت کے نام پر 197 خواتین کو قتل کیا گیا۔

    اس سال 3 ہزار 881 خواتین زیادتی کا نشانہ بنیں جبکہ 190 خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے ہولناک واقعات پیش آئے۔

    صوبے میں سنہ 2020 میں گھریلو تشدد میں 376، اور غیرت کے نام پر 237 خواتین کو قتل کیا گیا، دیگر واقعات میں 502 خواتین قتل ہوئیں۔

    اس سال زیادتی کے 3 ہزار 773 اور اجتماعی زیادتی کے 219 واقعات رونما ہوئے۔

    سنہ 2021 میں گھریلو تشدد میں 444 اور غیرت کے نام پر 197 خواتین قتل ہوئیں، دیگر واقعات میں 451 خواتین کو قتل کیا گیا۔

    پولیس ریکارڈ کے مطابق خواتین سے زیادتی کے 4 ہزار 329 اور اجتماعی زیادتی کے 269 واقعات پی شاائے۔

  • سی ٹی ڈی کے پنجاب میں 37 مقامات پر آپریشنز

    سی ٹی ڈی کے پنجاب میں 37 مقامات پر آپریشنز

    لاہور: صوبہ پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے متعدد کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد گرفتار کرلیے، ملزمان سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب میں 37 مقامات پر آپریشنز کر کے 4 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

    چھاپوں کے دوران 39 افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی شناخت یوسف، اشرف، سعید اور حبیب کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان سے ڈھائی کلو دھماکہ خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے، ملزم سعید کالعدم تنظیم کے لیے چندہ اکٹھا کرتا تھا، اس کے پاس سے بھاری رقم برآمد ہوئی ہے۔