Tag: پنجاب
-
پنجاب میں شدید دھند:ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق
پنجاب کےمختلف شہروں میں شدید دھند کا راج ہے ۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک حادثات میں چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کےڈیرے ہیں ،شدید دھند کے باعث لاہور میں حد نگاہ نوے میٹر سے نیچے آگئی۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کوپروازوں کیلئےبند کرنا پڑا۔ جس کے بعد بیرون ملک آمدو رفت کی آٹھ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شدید دھند کے باعث لاہور میں ٹریفک حادثات میں چھ ا فراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ پندرہ شدید زخمی ہیں۔ لاہور موٹروے کو کئی گھنٹوں بعد چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔شدید دھند کی وجہ سے اب بھی موٹروے پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔۔
دھند کے باعث سالم کے مقام پر آٹھ گاڑیاں آپس ٹکرا گئیں ۔۔ حادثے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ۔۔ ترجمان موٹروے نےمسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور ز دھند میں فوگ لائٹس آن رکھیں اور احتیاط سے ڈرائیونگ کریں۔
-
لاہور:دھند کا راج، درجنوں پروازیں موخر اور تاخیر کا شکار
پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کا راج ہے، لاہور میں درجنوں پروازیں موخر ہونے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، محکمہ موسمیات کے مطابق حد نگاہ پچاس میٹر تھی، شیخوپورہ میں دھند کے باعث اسکول وین الٹنے سے متعدد طلبہ زخمی ہوگئے۔
،صوبائی دارالحکومت لاہور نے رات ہی سے دھند کی چادر اوڑھی ہوئی تھی جس کے باعث لاہور کے ایئرپورٹ کو بند کرنا پڑا، جس کی وجہ سے بیرون ملک روانہ ہونے والی دس پروازیں موخر ہوئی جبکہ اندرون ملک جانے والی دو پروازیں منسوخ اور دو موخر ہوگئیں۔
بیرون ملک سے آنے والی ایک پرواز منسوخ جبکہ نو پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، اسی طرح اندرون ملک سے آنے والی تین پروازیں منسوخ جبکہ تین کی آمد میں تاخیر ہے، اوسلو، لندن، استنبول اور دمام سے لاہور آنے والی پروازوں کو کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت حد نگاہ پچاس میٹر ہے جبکہ دھند کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشن بھی سفر کیلئے بند ہیں، شیخوپورہ میں دھند کے باعث اسکول وین الٹنے سے متعدد بچوں کی معمولی زخمی ہوئے، جنہیں مرہم پٹی کے بعد گھروں کو روانہ کردیا گیا۔
گجرات اور گردونواح میں شدید دھند کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا، جس کے باعث جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔
-
پنجاب اور سندھ میں نئے شیڈول کیلئے مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کی انتخابی عمل منسوخ کر کے نئے شیڈول کیلئے آئندہ ہفتے مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بروقت انتخابات نہیں ہوسکتے، صوبے کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
سندھ اور پنجاب میں انتخابی عمل منسوخ کردیا، جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی کوئی حیثیت نہیں رہی، انتخابی فہرستیں بھی غیر منجمد کردی گئیں، الیکشن کمیشن نے نئے شیڈول کیلئے صوبوں سے رابطہ کرلیا، آئندہ ہفتے پھر مشاورتی بیٹھک ہوگی۔
ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کے ساتھ نیا انتخابی عمل شروع ہوگا، شیرافگن نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات وقت پرنہیں ہوسکتے، حلقہ بندیاں جنوری کے آخر تک ہوں گی، خیبرپختونخوا حکومت کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک نظام کا فیصلہ بھی نہیں ہوسکا، پچاس ہزار بائیومیٹرک مشینوں کی خریداری پر ڈیڑھ ارب روپے خرچ ہوں گے، الیکشن کمیشن کے مطابق قانون سازی نہ ہونے کے باعث اسلام آباد اور کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مزید وقت مانگ لیا گیا ہے۔
-
پنجاب اور سندھ کی انتخا بی فہرستیں غیرمنجمد کر دی گئیں
الیکشن کمیشن نےپنجاب اورسندھ کی انتخابی فہرستیں غیرمنجمد کردیں، اب ووٹ کا اندارج کر ایا جاسکے گا، بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس بھی آج ہورہا ہے۔
پنجاب اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات موخر ہونے کےبعدالیکشن کمیشن نےدونوں صوبوں کی انتخابی فہرستیں غیرمنجمدکردیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی منسوخی کے بعد انتخابی فہرستوں کو منجمند نہیں رکھا جا سکتا۔
نئے شیڈول کے جاری ہونے تک نئے ووٹرز کا اندراج کیا جاسکے گا۔جبکہ ووٹر اپنے ووٹ میں تبدیلی اور منتقلی بھی کر سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے بلدیاتی انتخابات کے نئے شیڈول کے بعد انتخاباتی فہرستیں ایک بار پھر غیر منجمند کر دی جائے گی۔
-
سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے نیا شیڈول بنانے کی اجازت
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا درد سر کم کر دیا، الیکشن کمیشن کو سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تبدیل کرنے کی اجازت مل گئی۔
سندھ اور پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول دوسری بار منسوخ کر دیا گیا، سندھ اور لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے حلقہ بندیاں غیر قانونی قرار دیئے جانے اور پرنٹنگ کارپوریشن کی جانب سے بیلٹ پیپر مقررہ وقت میں چھاپ کر دینے سے معذرت کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
عدالت کو اپنی مشکلات بتائیں اور بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں میں توسیع کی درخواست کر ڈالی، سپریم کورٹ نے درخواست کو باوقار طریقے سے سنا اور الیکشن کمیشن کو اسکی سہولت کے مطابق نیا شیڈول جاری کرنے کی اجازت دے دی۔
درخواست کی سماعت جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی، اب بلدیاتی امیدواروں کو نئے شیڈیول کا انتظار کرنا ہوگا۔
-
قصورمیں فائرنگ،پی ٹی آئی کےمقامی رہنماسمیت 5افرادجاں بحق
قصور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے تحریک انصاف کے مقامی رہنما مسعود احمد بھٹی اوران کے تین محافظوں کو قتل کردیا
قصور میں فیروزپور روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کے تحریک انصاف کے مقامی رہنما مسعود احمد بھٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، فائرنگ کے نتیجے میں مسعود بھٹی کے تین محافظ شدید زخمی ہو گئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔
مسعود بھٹی گذشتہ عام انتخابات میں پی پی ایک سو چھہتر سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔ واقعے کے بعد پولیس موقع پرپہنچی اور شواہد جمع کرنے شروع کردیئے۔
دوسری جانب لاہور میں تحریک انصاف کی سیکرٹری ویمن ونگ نیلم اشرف کے بیٹے نعمان اشرف پراسرار انداز میں ہلاکت ہوئی۔تفصیلات کے مطابق گولی نعمان اشرف کے سر میں لگی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی نعمان اشرف کے اہل خانہ اسپتال پہنچ گئے اگلے مہینے نعمان اشرف کی شادی ہونے والی تھی۔
سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق کہتے ہیں کہ اہل خانہ کی نشان دہی پر تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم بظاہر یہ خودکشی کا واقعہ ہے، مقتول کی گاڑی سے پسٹل اور دیگر اشیا برآمد ہوئی ہیں۔
-
سندھ ،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، سپریم کورٹ نے نئی تاریخیں دے دیں
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے سندھ میں تئیس فروری اور پنجاب میں تیرہ مارچ کی نئی تاریخیں دے دیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عدالتی فیصلوں، اتنظامی تبدیلیوں اور سیکورٹی پرنٹنگ پریس کی جانب سے بیلٹ پیپرز کی بروقت فراہمی سے معذرت کے باعث سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے دی گئی تاریخوں میں مہلت کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں استعمال ہونے والے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لئے تین ہفتے درکارہیں، جس کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات تیئس فروری جبکہ پنجاب میں تیرہ مارچ کو کرا ئے جاسکتے ہیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کا موقف تھا کہ اس مقصد کے لئے سندھ اور پنجاب میں دیئے گئے انتخابی شیڈول کو منسوخ کرنا ہوگا جبکہ نیا شیڈول سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں تیار کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے سندھ میں بلدیاتی انتخابات تیئس فروری اور پنجاب میں تیرہ مارچ کی تاریخ کی منظوری دیتے ہوئے فریقین کو طلب کرلیا ، مقدمے کی سماعت ستائیس جنوری کو ہوگی ۔
-
بلدیاتی انتخابات:سندھ اورپنجاب میں تیاریاں سست روی کا شکار
سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےلئےتیاریاں غیریقینی صورتحال کے سبب سست روی کا شکار ہوگئیں۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں صرف سولہ دن باقی رہ گئے ہیں، ہائی کورٹ کے حکم کے بعد تیاریاں سست روی کا شکار ہوگئیں، نامزدگی فارم جمع ہونے کے بعد کراچی مین کاغذات کی جانچ کا کام مکمل طورپر شروع نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق ریٹرننگ افسران کو تاحال متعقلہ دستاویزات موصول نہیں ہوئیں، جس کے ذریعے کاغذات کی جانچ کی جاتی ہے، ضلع سینٹرل میں کاغذات کی جانچ کا کام ایک دن تاخیرکے بعد شروع ہوگیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق سندھ میں اسکروٹنی کا عمل پانچ جنوری تک مکمل کرنا ہے، جس کے بعد منظور یا مسترد کاغذات کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گئی۔
تیرہ جنوری کو حتمی فہرست جاری کرنے کے بعد اٹھارہ جنوری کو بلدیاتی دنگل سجے گا، پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر عمل در آمد ممکن نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات کے التواء کی درخواست دی گئی تو حلقہ بندیوں کے لئے درکار وقت کا جائزہ لیا جائے گا۔
-
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر عمل درآمد ممکن نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات کے التواء کی درخواست دی گئی تو حلقہ بندیوں کے لئے درکار وقت کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی پنجاب حکومت نے انتخابات کے التوا کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے مشاورت شروع کردی ہے، صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔