Tag: پنجاب

  • پنجاب میں 6 ارب ڈالر فنڈنگ سے 24 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری

    پنجاب میں 6 ارب ڈالر فنڈنگ سے 24 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب میں 6.7 ارب ڈالر فنڈنگ سے 24 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، وفاقی وزیر عمر ایوب کی زیر صدارت اجلاس میں 24 میں سے 17 منصوبوں پر کام کی رفتار پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب کی زیر صدارت بیرونی فنڈنگ منصوبوں پر اجلاس منعقد ہوا، عمر ایوب نے پنجاب میں بیرونی امداد سے جاری منصوبے بر وقت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

    اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 6.7 ارب ڈالر فنڈنگ سے 24 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، چین، جاپان اور برطانیہ سمیت دیگر ادارے و ممالک فنڈز فراہم کر رہے ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق اجلاس میں 24 میں سے 17 منصوبوں پر کام کی رفتار پر اظہار اطمینان کیا گیا، 4 منصوبوں پر جزوی اطمینان جبکہ 3 پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ لاہور واٹر میٹرنگ منصوبے کی بڈنگ کے بعد رواں ماہ معاہدے پر دستخط ہوں گے، ملتان وہاڑی منصوبے کے لیے اظہار دلچسپی طلب کی جارہی ہیں۔

    اجلاس میں فیصل آباد کے آبی وسائل منصوبے کی پیشرفت پر شدید اظہار تشویش کیا گیا، اقتصادی ترقی کے لیے پنجاب سیاحتی منصوبے میں سست پیشرفت پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

  • پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف اہم اقدام

    پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف اہم اقدام

    لاہور: پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزی پر گوداموں کے قواعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے گوداموں کے نئے قواعد پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ذخیرہ اندوزی پر گوداموں کے قواعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے گوداموں کے نئے قواعد پر غور کیا گیا۔

    وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نئے قواعد میں اشیا کے ذخیرے کی مقدار کا لازمی تعین کیا جائے، ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔

    صوبائی کابینہ کمیٹی نے نئے قواعد میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مائننگ بورڈ کی تشکیل کی منظور بھی دے دی گئی۔

    علاوہ ازیں محکمہ ماحولیات کے کنسلٹنٹس کی رجسٹریشن کے قواعد میں ترمیم اور پنجاب کرسچن میرج رولز 2021 کی توثیق کی بھی منظوری دے دی گئی۔

  • پنجاب میں غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے، لاکھوں کے جرمانے

    پنجاب میں غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے، لاکھوں کے جرمانے

    لاہور: صوبہ پنجاب میں 270 غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے مارے گئے، منافع خوری کرنے والے اور غیر رجسٹرڈ شدہ ہوٹلز کو لاکھوں کے جرمانے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں غیر قانونی ہوٹلز کے خلاف محکمہ سیاحت کی کارروائیاں جاری ہیں، سیکریٹری محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ منافع خوری کرنے والے اور غیر رجسٹرڈ شدہ ہوٹلز کو لاکھوں کے جرمانے کیے گئے۔

    سیکریٹری کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے تقریباً 270 غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے مارے گئے، چھاپہ مار کارروائی میں کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ نے معاونت کی۔

    محکمہ سیاحت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی زونز میں 70 ہوٹلز کو جرمانے کیے گئے، رجسٹریشن کے بغیر تمام ہوٹلز کو 1، 1 لاکھ کا جرمانہ کیا گیا جبکہ 200 سے زائد ہوٹلز کو وارننگز جاری کی گئیں۔

  • پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا

    پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا، پولیس نے احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے شہری غلام حسین کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کے مؤکل غلام حسین نے پہلی بیوی نیلم امتیاز کی اجازت کے بغیر کلثوم بی بی سے شادی کی، جس پر پہلی بیوی نے مقدمہ درج کروا دیا۔

    بعد ازاں سول کورٹ نے 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ سیشن کورٹ نے اپیل خارج کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا، ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت خارج کردی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تھانہ پرانی انار کلی منتقل کر دیا۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ

    پنجاب میں کرونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آگئے، سیکریٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ تمام ویکسی نیشن مراکز پر ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے سیکریٹری ہیلتھ عمران سکندر کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن اور احتیاط سے ہی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں، 12 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کی کوشش کر رہے ہیں۔

    عمران سکندر کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں پنجاب بھر سے کرونا وائرس کے 2 ہزار 212 کیسز سامنے آئے جبکہ اس دوران 12 مریضوں کا انتقال ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام ویکسی نیشن مراکز پر ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث 29 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 29 ہزار 248 ہوگئی۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 7 ہزار 978 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 14 لاکھ 17 ہزار 991 ہوچکی ہے۔

  • پنجاب میں اومیکرون کا پھیلاؤ: جہلم میں 7 کیسز رپورٹ

    پنجاب میں اومیکرون کا پھیلاؤ: جہلم میں 7 کیسز رپورٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا پھیلاؤ جاری ہے، لاہور میں اومیکرون کے 23 اور جہلم میں 7 کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 20.3 فیصد ہوچکی ہے۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر سے کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 30 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں اومیکرون کیسز کی تعداد 11 سو 85 ہوگئی۔

    محکمہ صحت کے مطابق صرف لاہور میں اومیکرون کے 23 کیسز رپورٹ ہوئے، علاوہ ازیں جہلم میں بھی اومیکرون کے7 نئے کیسز سامنے آئے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کی پانچویں لہر کی ہلاکت خیزی میں اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کووڈ 19 سے مزید 30 اموات ہوئی ہیں۔

    اس عرصے کے دوران ملک بھر میں مزید 8 ہزار 183 نئے کووڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 11.92 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

  • پنجاب کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    پنجاب کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، پنجاب پولیو پروگرام کی سربراہ سندس ارشاد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 14 ماہ سے پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم کا انعقاد صوبائی دارالحکومت لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور میانوالی میں کیا جارہا ہے۔

    مہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلارہی ہیں۔ مہم میں 60 ہزار سے زائد پولیو ورکرز تعینات کیے گئے ہیں۔

    پنجاب پولیو پروگرام کی سربراہ سندس ارشاد کا کہنا ہے کہ ٹیمیں 70 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف پورا کریں گی، مہم کے لیے پولیو ورکرز کو کووِڈ 19 ایس او پیز پر خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

    سندس ارشاد کا کہنا تھا کہ 14 ماہ سے پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، پنجاب کے تمام ماحولیاتی نمونے منفی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کی ضرورت ہے، توجہ اعلیٰ معیار کی مہمات پر مرکوز رکھی جائے گی۔

    انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا یقینی بنائیں۔

  • خوش و خرم زندگی بسر کرتا 3 فٹ کا جوڑا

    خوش و خرم زندگی بسر کرتا 3 فٹ کا جوڑا

    صوبہ پنجاب کے شہر خان پور میں 3 فٹ کا فقیر حسین اپنے ہی جیسے جیون ساتھی کے ساتھ نہایت خوش و خرم زندگی بسر کر رہا ہے، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور کے رہائشی فقیر حسین کا قد 3 فٹ ہے تاہم اسے اپنے قد کا کوئی احساس محرومی نہیں۔

    سنہ 2015 میں اسے اپنے ہی جیسا جیون ساتھی بھی مل گیا جس کے بعد اب یہ جوڑا خوش و خرم زندگی گزار رہا ہے۔ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    فقیر حسین سبزیوں کا ٹھیلا لگاتا ہے اور اس سے اپنی زندگی کی گاڑی چلاتا ہے۔

    کم مالی وسائل، مہنگائی اور مشکل زندگی کے باوجود دونوں ایک دوسرے کی خدمت، پیار اور توجہ سے سادہ اور بھرپور زندگی گزار رہے ہیں۔

  • لاہور میں اومیکرون کیسز میں ہوش ربا اضافہ

    لاہور میں اومیکرون کیسز میں ہوش ربا اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے کیسز میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا، اومیکرون کے مزید 28 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اومیکرون کے 28 نبئے کیسز سامنے آگئے۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد 432 ہوگئی ہے، جبکہ پورے پنجاب میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد 462 ہے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ شیخو پورہ میں بھی اومیکرون کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے، لاہور کے ساتھ دیگر شہروں میں بھی اومیکرون کے کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوچکا ہے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ کو روکنا ایک چیلنج بن چکا ہے، لاہور میں مجموعی طور پر کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8.3 فیصد ہوچکی ہے۔