Tag: پنجاب

  • پنجاب میں اومیکرون سمیت کرونا وائرس کیسز میں اضافہ

    پنجاب میں اومیکرون سمیت کرونا وائرس کیسز میں اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 445 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 19 اومیکرون کیسز بھی شامل ہیں، صوبے میں کووڈ 19 کے مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے صوبے میں مزید 2 اموات ہوئیں۔

    اس عرصے میں پنجاب میں 18 اومیکرون کیسز سمیت 445 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، ساہیوال میں اومیکرون کے 5 اور اوکاڑہ میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اس وقت کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 6 ہزار 152 ہے، صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 6.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں 1 ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے، دوسرے مرحلے میں 2 کروڑ 67 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

    خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز میں ہوش ربا اضافہ دیکھا جارہا ہے، این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 2 ہزار 74 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، اس دوران مزید 13 اموات بھی ہوئیں۔

  • ساہیوال میں اومیکرون کا کیس رپورٹ

    ساہیوال میں اومیکرون کا کیس رپورٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 17 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ ساہیوال سے بھی ایک کیس سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک ہی روز میں اومیکرون کے 17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور میں اومی کرون کے کیسز کی تعداد 288 تک پہنچ گئی۔

    ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اومیکرون کا ایک کیس ساہیوال میں بھی سامنے آگیا، پنجاب بھر میں اومیکرون کے 298 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ کو روکنا ایک چیلنج بن چکا ہے۔

    علاوہ ازیں لاہور میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح بھی 5.8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

  • لاہور میں ایک روز میں اومیکرون کے 31 نئے کیسز رپورٹ

    لاہور میں ایک روز میں اومیکرون کے 31 نئے کیسز رپورٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 31 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے، محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ کو روکنا ایک چیلنج بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 31 نئے کیسز سامنے آگئے۔

    ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لاہور میں اومیکرون کیسز کی مجموعی تعداد 243 تک پہنچ گئی جبکہ صوبے بھر میں اومیکرون کے 251 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ کو روکنا ایک چیلنج بن چکا ہے، لاہور میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح بھی 5.7 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

    پنجاب سمیت ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 12 سو 93 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

  • پنجاب میں کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے حوالے سے پالیسی جاری

    پنجاب میں کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے حوالے سے پالیسی جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے حوالے سے پالیسی جاری کردی گئی، ہیلتھ پروفیشنلز، کمزور قوت مدافعت والے اور حال ہی میں کرونا وائرس سے صحت یاب افراد بوسٹر ڈوز لگا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے بوسٹر ویکسین پر پالیسی جاری کردی، پنجاب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی بوسٹر ڈوز 3 گروپس کو لگے گی۔

    پالیسی کے مطابق 30 سال سے زائد عمر کے لوگ بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں، اسپتالوں میں کام کرنے والے ہیلتھ پروفیشنلز بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں، کم قوت مدافعت والے مریض بھی بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔

    محکمہ صحت کی پالیسی کے مطابق بوسٹر ڈوز کے لیے پہلی ویکسی نیشن کو 6 ماہ ہونا ضروری ہے، حالیہ دنوں میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریض 28 دن بعد ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

    بوسٹر ڈوز میں سائنو فارم، سائنو ویک، فائزر اور موڈرنا کی بوسٹر ڈوز لگے گی۔

    اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

  • اس سال محکمہ صحت 25 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان کرے گا: یاسمین راشد

    اس سال محکمہ صحت 25 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان کرے گا: یاسمین راشد

    لاہور: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اس سال محکمہ صحت 25 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان کرے گا، بہت جلد پاکستان بھی پولیو فری ممالک میں شامل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ اس شخص کو ملے گا جس کے پاس شناختی کارڈ ہوگا، اگر کسی کا شناختی کارڈ نہیں بنا تو وہ لازمی بنوالیں۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ جس کے بچے ہیں وہ اپنے بچوں کا بے فارم ضرور بنوائیں، جو نادرا کی لسٹ میں نہیں ہوگا اسے اس کارڈ سے فائدہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اس تمام سہولت کے لیے ہم نے ایپ بھی بنائی ہے، ایپ کا نام نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ہے، ایپ کے ذریعے تمام معلومات مل سکیں گی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ امیر و غریب ہر شہری کے لیے ضروری ہے، لاہور میں 133 اسپتالوں کو صحت کارڈ لسٹ میں شامل کیا ہے۔ وہ لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں جنہوں نے پرائیوٹ اسپتال جانے کا بھی نہیں سوچا۔

    انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ پر کارڈ بنانے کا طریقہ کار بھی دیا ہوا ہے، مریض کے داخل ہونے کے بعد صحت کارڈ کی سہولت ہوگی، کارڈ گھر کے سربراہ کو ملے گا ہر شخص کو نہیں ملے گا۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ہر ضلع میں صحت کارڈ کے لیے ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا ہے، بیوی بچوں کی رجسٹری کروانا لازمی ہے، ہیلپ لائن نمبر سے بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس سال محکمہ صحت 25 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان کرے گا، گزشتہ سال پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، بہت جلد پاکستان بھی پولیو فری ممالک میں شامل ہوجائے گا۔

  • وزیراعظم کا دورہ لاہور، پنجاب کے عوام کے لئے تاریخی اعلان متوقع

    وزیراعظم کا دورہ لاہور، پنجاب کے عوام کے لئے تاریخی اعلان متوقع

    اسلام آباد: صحت کی بنیادی سہولیات ہر گھر تک پہنچانے کا عزم، وزیراعظم عمران خان آج پنجاب میں تاریخی اعلان کرنے جارہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، فواد چوہدری، شہباز گل اور عامر محمود کیانی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، جہاں وہ پنجاب میں مفت صحت پیکج کا اعلان کریں گے۔

    صحت کارڈ پر پنجاب کے آٹھ سو سرکاری و نجی اسپتالوں میں آج سے مفت علاج ہوگا، پنجاب حکومت 3 سال میں تین سو تیس ارب روپے قومی صحت کارڈ اسکیم پر خرچ کرے گی، ہر کارڈ پر ہر خاندان کو دس لاکھ کا علاج اسپتال داخل ہونے کی صورت میں ملے گا، خاندان کے سربراہ قومی شناختی کارڈزپر بھی مفت علاج کراسکیں گے، اس سلسلے میں پنجاب کی ساتوں ڈویژن اور اسلام آباد کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی سات ڈویژن میں یکم جنوری سے31مارچ تک مرحلہ وار سہولتیں ہونگی، ساتوں ڈویژن میں ہیلتھ کارڈز اسکیم کا الگ اجراہوگا اور ہر ڈویژن میں اس کی تقاریب ہونگی۔

    یکم جنوری2022کوسب سےپہلےلاہور کو مفت سہولتیں ملنا شروع ہونگی، جس سے لاہور سمیت قصور، شیخوپورہ اور ضلع ننکانہ صاحب کے شہری مستفید ہوں گے، اسلام آبادمیں بھی یکم جنوری2022سےقومی صحت کارڈ پر مفت سہولت ملےگی جبکہ باقاعدہ لانچنگ تقریب15جنوری کو ہونےکا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں20جنوری سےلانچنگ ہوگی، جہلم، چکوال اور اٹک مستفید ہونگے اسی طرح 9 فروری سے فیصل آباد، 22فروری کو ملتان میں صحت کارڈاسکیم کا اجرا ہوگا، دو مارچ سے بہاولپور،21مارچ کو گوجرانوالہ میں صحت کارڈ کا اجرا ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق انشورنس کمپنی کو ہر خاندان کی 4ہزار350روپے سالانہ انشورنس اداکی جائے گی، اسلام آباد،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے وفاقی حکومت خود سے رقم ادا کرےگی۔

  • پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت

    پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزید فیڈر بسیں چلانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو ایکو فرینڈلی اربن بس پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔

    عثمان بزدار نے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت کی جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزید فیڈر بسیں چلانے کا حکم دیا۔

    اجلاس میں لاہور میں پہلے مرحلے میں 100 فیڈر بسیں چلانے کے فیصلے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنا اہم ضرورت ہے، ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے بس پراجیکٹ لا رہے ہیں، ایکو فرینڈلی اربن بسیں چلنے سے اسموگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ شہروں میں عوام کو بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔

    اجلاس میں ٹھوکر نیاز بیگ پر انٹرنیشنل لیول بس اسٹینڈ منصوبے پر رپورٹ طلب کرلی گئی، وزیر اعلیٰ نے ٹھوکر نیاز بیگ بس ٹرمنل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرمنل سے شہر میں ٹریفک اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔

  • گوجرانوالہ میں نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش برآمد

    گوجرانوالہ میں نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش برآمد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش ملی، لاش کی شناخت نہ ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے وزیر آباد میں نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش ملی، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش ایک زمیندار کے ڈیرے پر ملی۔

    ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) میں کہا گیا کہ مقتول کو قتل کرنے کے بعد لاش کو پھندا دیا گی۔ نامعلوم لاش کی شناخت نہ ہو سکی۔

    پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کردی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل پنجاب کے شہر فیصل آباد میں قتل کی ایک اور لرزہ خیز واردات ہوئی تھی جس میں لڑکی کو قتل کرنے کے بعد نہر میں پھینک دیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی تھی جس کے کچھ روز بعد تالاب سے لڑکی کی لاش برآمد ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو کچھ افراد نے ملازمت دلانے کے بہانے بلایا اور مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر کے لاش تالاب میں پھینک دی۔

  • لاہور کی فورٹ فوڈ اسٹریٹ کی رونقیں بحال

    لاہور کی فورٹ فوڈ اسٹریٹ کی رونقیں بحال

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی فورٹ فوڈ اسٹریٹ کی رونقیں بحال ہوگئیں، شہریوں نے مزیدار کھانوں کا لطف اٹھانے کے لیے بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں شاہی قلعہ کے قریب 21 جنوری 2012 کو فورٹ فوڈ اسٹریٹ بنائی گئی تھی تاہم کافی عرصے سے یہ فوڈ اسٹریٹ بند تھی۔

    اب 9 سال بعد تعمیر نو اور رنگ و روغن کے بعد دوبارہ اسے کھول دیا گیا ہے، فوڈ اسٹریٹ کی دیواروں پر فنکاروں کی پینٹنگز بھی بنائی گئی ہیں۔

    اس موقع پر والڈ سٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے فوڈ اسٹریٹ کا افتتاح کیا۔

    کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ ابھی صرف فوڈ اسٹریٹ بحال کی گئی ہے، یہاں قوالی، داستان گوئی، ٹکسالی کا دورہ اور صوفی میوزک وغیرہ بھی دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور اپنے میلوں، تفریحات اور ثقافت کے لیے مشہور ہے اور ہم دوبارہ اس کی اس حیثیت کو بحال کریں گے۔

    دوسری جانب وہاں آنے والے شہری بھی لطف اندوز ہورہے ہیں اور فیملی کے لیے ایک اور پبلک پلیس کے اضافے پر خوش ہیں۔

  • سرگودھا: بھتہ نہ دینے پر خاتون کو آگ لگا دی گئی

    سرگودھا: بھتہ نہ دینے پر خاتون کو آگ لگا دی گئی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں منگل بازار میں اسٹال لگانے والی خاتون سے بھتہ طلب کیا گیا اور ان کے انکار پر انہیں آگ لگا دی گئی، خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں بھتہ نہ دینے پر خاتون کو جلا دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون منگل بازار میں اسٹال لگاتی تھیں جہاں بااثر افراد نے ان سے بھتہ طلب کیا۔

    خاتون کے انکار کرنے پر ملزمان نے انہیں آگ لگا دی، خاتون کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بااثر افراد منگل بازار میں اسٹال لگانے کے زبردستی پیسے لیتے ہیں۔ ان کے انکار کرنے پر انہیں آگ لگائی گئی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ہی فیصل آباد میں دکانداروں کی جانب سے 4 گاہک خواتین پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    ایک دکاندار نے خواتین پر چوری کا الزام لگا کر دیگر دکانداروں کے ساتھ مل کر ان پر بہیمانہ تشدد کیا، بعد ازاں خواتین کو برہنہ کر کے ان کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔

    واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مزید کی تلاش جاری ہے۔